Tag: قصور اسکینڈل

  • قصور اسکینڈل پر بنائی گئی فلم کے لیے ایوارڈ

    قصور اسکینڈل پر بنائی گئی فلم کے لیے ایوارڈ

    صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں 2 سال قبل بچوں سے زیادتی کے سب سے بڑے اسکینڈل پر بنائی گئی دستاویزی فلم کو نیویارک فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    پاکستانی فلم ساز شہزاد حمید کی بنائی گئی فلم ’قصورز لوسٹ چلڈرن‘ کو ہیومن کنسرنز کے زمرے میں ایوارڈ دیا گیا۔

    فلم میں ایک سماجی کارکن کے سفر کو دکھایا گیا ہے جو متاثرین کو انصاف پہنچانے کے لیے سرگرداں ہے۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل اگست 2015 میں قصور کے حسین خان والا دیہات سے بچوں سے زیادتی کا لرزہ خیز اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں انکشاف ہوا کہ با اثر ملزمان سنہ 2009 سے گاؤں کے بچوں کو نہ صرف جنسی زیادتی کا نشانہ بنارہے ہیں بلکہ ان کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل بھی کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا قصور اسکینڈل کا نوٹس

    واقعے میں تقریباً 300 بچوں کو نشانہ بنایا گیا تھا جو اس ظلم کو سہتے سہتے بالغ ہوچکے تھے۔

    نیویارک فلم فیسٹیول میں ایوارڈ ملنے کے بعد فلم ساز شہزاد حمید کا کہنا تھا کہ اس فتح کے ذریعے بچوں سے زیادتی جیسے گھناؤنے جرم کے خلاف آگاہی پیدا ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ فلمیں معاشروں میں ہونے والے خفیہ اور گھناؤنے جرائم کو بے نقاب کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

    قصور اسکینڈل پر بنائی جانے والی یہ فلم شہزاد کی دوسری فلم ہے۔ وہ اس سے قبل اپنی پہلی فلم پر بھی نیویارک فلم فیسٹیول میں ہی گولڈ میڈل بھی حاصل کرچکے ہیں۔

    یہ دستاویزی فلم ’فلائٹ آف دا فیلکنز‘ گوجرانوالہ کی رہائشی سسٹر زیف نامی خاتون کے بارے میں تھی جو بچیوں کو تعلیم دینے کا مقصد لیے مصروف عمل تھی۔

    شہزاد طویل عرصہ سے سنگا پور میں مقیم ہیں مگر ان کا زیادہ تر کام پاکستان سے متعلق ہے۔

    ان کے مطابق ہمارے سماجی کارکنان کی بہادری، ہماری خواتین کا حوصلہ اور مخالف حالات کے خلاف ہم پاکستانیوں کے لڑنے کی طاقت ہم جیسے فلم سازوں کو مجبور کرتی ہے کہ ہم انہیں اپنے کام کا حصہ بنائیں۔

    شہزاد اب افغانستان جانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ داعش کے خلاف لڑی جانے والی جنگ کو اپنی فلم کا موضوع بنائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • قصور اسکینڈل،پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی

    قصور اسکینڈل،پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی

    لاہور: حکومتِ پنجاب کی جانب سے قصور ویڈیو اسکینڈل کے مقدمات میں سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے دائر اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر ملزمان کے حق میں فیصلہ سنایا اور مقدمات میں سے دہشت گردی کی دفعات ختم کر دیں۔

    اپیل میں کہا گیا ہے کہ محض گواہان کے منحرف ہونے پر عدالت نے دفعات ختم کرتے وقت اس پہلو کو نظر انداز کیا گیا کہ ملزمان بااثر ہیں جو گواہوں اور متاثرہ افراد پر دباو ڈال رہے ہیں تاکہ کیس کو کمزور کیا جا سکے۔

    مزید جانیے : قصور ویڈیو اسکینڈل کا مرکزی ملزم تنزیل الرحمن گرفتار

    پنجاب حکومت کے مطابق ملزمان انہتائی سفاک اور غیر انسانی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں جن کی وجہ سے ملک بھر میں دہشت کی فضا قائم ہوئی لہذا ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت قائم کیے گئے مقدمات انصاف اور قانون کے مطابق ہیں ۔ پنجاب حکومت نے اپیل کی کہ ماتحت عدالت کی جانب سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے احکامات کو کالعدم قرار دیا جائے۔