Tag: قطری

  • وزیراعظم نے  قطری شہزادی شیخہ اسماء کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دے دی

    وزیراعظم نے قطری شہزادی شیخہ اسماء کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسماء کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دے دی اور کہا حکومت غیر ملکی کوہ پیماؤں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قطری کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی کی ملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعظم نے نانگا پربت سر کرنے پر شیخہ اسماء کو مبارکباددی۔

    وزیراعظم نے شیخہ اسماء کی ہمت، عزم اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پاکستان کی ماؤنٹینز اینڈ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطری کوہ پیما نے پاکستان کے پہاڑوں کی خوبصورتی کو اجاگر کیا، پاکستان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 5 کا میزبان ہے، شیخہ اسماء کی کامیابی قطر اور پاکستان کی دوستی کی عکاس ہے۔

    مزید پڑھیں : قطری شہزادی پاکستانی کوہساروں اور سیاحت کی برانڈ سفیر مقرر

    ملاقات میں وزیراعظم نے ایڈونچر ٹورازم اور نوجوانوں کی شمولیت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جس پر قطری شہزادی نے کہا کہ کےٹو میری سر کی گئی چوٹیوں میں سب سے خوبصورت ہے۔

    وزیراعظم نے شیخہ اسماء کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دے دی اور کہا حکومت غیر ملکی کوہ پیماؤں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

    یاد رہے  قطر کی شہزادی شیخہ اسما آل ثانی نے 8،126 میٹر بلند نانگا پربت کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور چوٹی پر اپنے ملک کا پرچم بھی لہرایا تھا۔

    بعد ازاں  وزیراعظم   نے قطری شہزادی کوہ پیما شیخہ اسماء الثانی کو پاکستانی کوہساروں اور سیاحت کا برانڈ سفیر مقرر کر دیا۔

  • حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    حج کے خواہاں قطری باشندوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن شروع

    ریاض : سعودی حکام نے جاری بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے قطرکے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے لیے سابقہ تمام روابط بند ہونے کے بعد نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قطری حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے ملک کے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائی سے محروم نہ کرے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعقلہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1440ھ کے حج سیزن کے موقع پر حسب سابق قطری بھائیوں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کریں۔

    اس حوالے سے وزارت حج نے ایک نئی آن لائن ویب سائیٹ قائم کی ہے جس پر حج کے خواہاں قطری شہری اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت قطر سے آنےوالے عازمین حج کی ہرممکن مدد کو یقینی بنانے کے ساتھ دنیا بھر سے آئے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج کے دوران مکمل مدد فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بیان میں واضح کیا گیا ہےکہ سعودی عرب قطری شہریوں کے فریضہ حج میں کسی قسم کی رکاوٹ کو گورا نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ قطری حکومت کو چاہیے کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو سیاسی رنگ نہ دے اور اپنے ملک کے باشندوں کو حج کی ادائی کے لیے مکمل آزادی فراہم کرے۔

  • سعودی عرب کا قطری معتمرین کے لیے خاص اعلان

    سعودی عرب کا قطری معتمرین کے لیے خاص اعلان

    الریاض : سعودی عرب کی جانب سے قطری معتمرین کے لیے خصوصی ویب سائٹ تیار کرلی گئی، فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ معتمرین جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ یا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر اتریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج اور عمرے سے متعلق امور کی وزارت کا کہنا ہے کہ مملکت اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے واسطے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے، اور قطر کے شہری بھی عمرے کی عبادت ادا کرسکیں گے۔

    اس سلسلے میں عمرے کی ادائیگی کے خواہش مند قطری برادران کے لیے سعودی عرب نے خصوصی ویب سائٹ لنک تیار کیا ہے۔ قطری معتمرین اپنے تمام کوائف کا اندراج کر سکتے ہیں۔

    یہ معتمرین جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ یا مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پر اتریں گے۔اسی طرح مذکورہ وزارت نے منگل کے روز ایک پریس ریلیز میں قطر میں مقیم ان افراد کا خیر مقدم کیا ہے جو عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔ان افراد کو لنک پر اپنے کوائف کا اندراج کرنا ہو گا اور ویب سائٹ پر دی گئی ہدایات پر عمل کرنا ہو گا۔

    سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے باور کرایا ہے کہ اللہ کے مہمانوں کو فراہم کی جانے والی تمام تر خدمات اور سہولیات خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کا نتیجہ ہیں۔

    دنیا کے مختلف حصوں سے مختلف رنگ و نسل کے معتمرین اور حجاج کرام خادم حرمین شریفین کی خصوصی سرپرستی میں ان تمام خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب اور اس کی خلیج میں اتحادی ریاستیں محتدہ عرب امارات اور بحرین کے علاوہ مصر نے جون سنہ 2017 میں قطر یسے اپنے سفارتی اور تجارتی تعلقات منقطع کر لیےتھے۔

    سعودی عرب کا قطر پر الزام ہے کہ وہ مشرقی وسطیٰ میں دہشت گردوں اور ایران کی حمایت کر رہا ہے۔

    سعودی عرب نے قطر سے اپنے تعلقات بحال کرنے کے لیے پندرہ شرائط بھی قطر کے سامنے رکھی تھیں جنھیں قدرتی گیس کی دولت سے مالا مال دنیا کے امیر ترین ملکوں میں شامل ہونے والی جغرفیائی طور پر اس چھوٹی سے خیلجی ریاست نے یکسر مسترد کر دیا تھا۔