Tag: قطر بحران

  • قطر بحران کا خاتمہ چاہتا ہے تو اپنے مؤقف پر نظرثانی کرے، انور قرقاش

    قطر بحران کا خاتمہ چاہتا ہے تو اپنے مؤقف پر نظرثانی کرے، انور قرقاش

    ابوظبی : اماراتی وزیر خارجہ انور قرقاش کا قطر تنازعے سے متعلق کہنا ہے کہ خلیج سربراہی اجلاس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے قطر تنازع روایتی طریقوں سے حل نہیں ہو سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے کہا کہ مکہ میں خلیج تعاون کونسل کا سعودی عرب میں حال ہی میں منعقدہ اجلاس سے ثابت ہو گیا ہے کہ قطر کو درپیش بحران کا حل روایتی طریقوں سے ممکن نہیں، اس کے لئے قطر کو برملا اپنے نقطہ نظر پر نظرثانی کرنا ہو گی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امارات، سعودی عرب، بحرین اور مصر کے ساتھ سفارتی تعلقات خاتمے کے دو برس مکمل ہونے پر اپنے سلسلہ وار ٹویٹر پیغامات میں انور قرقاش نے کہا کہ خلیج سربراہی اجلاس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ دوحا تنازع روایتی طریقوں سے حل نہیں ہو سکتا۔

    انور قرقاش کا کہنا تھا کہ اس کے لئے شیخ حمد بن خلیفہ کی قیادت میں اختیار کردہ پالیسیوں پرنظر ثانی کرنا ہو گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ معقولیت اور منطق کا تفاضہ ہے کہ شیخ تمیم (امیر قطر) پالیسیوں پر برملا نظرثانی کرتے ہوئے ملک کو درپیش بحران ختم کرنے کے لئے نئی پالیسی اختیار کریں تاکہ قطر کی دوبارہ خلیجی اور عرب ماحول میں واپسی ممکن ہو سکے۔

    اماراتی وزیر مملکت برائے خارجہ امور کا کہنا تھا کہ جون 2017 میں سعودی عرب، یو اے ای، بحرین اور مصر نے قطر کی انتہا پسند گروپوں کے لئے مبینہ حمایت کی وجہ سے سفارتی اور مواصلاتی رابطے منقطع کر لئے تھے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاروں ملکوں نے قطر سے تعلقات بحالی کے لئے متعدد شرائط پیش کیں۔ ان میں ایک شرط قطر کے عسکری اور دہشت گرد تنظیموں سے رابطے ختم کرنے سے متعلق بھی تھی۔

  • عرب لیگ سربراہی اجلاس میں قطر تنازعے کا کوئی حل نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    عرب لیگ سربراہی اجلاس میں قطر تنازعے کا کوئی حل نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: عرب لیگ کے آیندہ سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں قطر کے تنازعے کی عدم شمولیت کے باعث خلیجی بحران اور شدت اختیار کرگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ سعودی عرب کا تنازعہ خلیجی تعاون کونسل کی سطح پر حل کیا جائے گا، عرب لیگ سربراہی اجلاس میں قطر تنازعے کا کوئی حل نہیں۔

    عرب لیگ کا اجلاس آیندہ اتوار 15 اپریل کو سعودی عرب کی میزبانی میں منعقد ہوگا، جس میں اکیس ممالک کے سربراہان مملکت شریک ہوں گے، شام بھی اس لیگ کا رکن ہے، لیکن خانہ جنگی کے باعث 2011 سے سربراہی اجلاس میں اس کی شرکت کو معطل رکھا گیا ہے۔

    قطر دہشت گردوں کی حمایت نہ کرے، تو پڑوسیوں سے تعلقات بہترہوسکتے ہیں: سابق امریکی سیکریٹری

    سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قطر کا بحران عرب خطے کا اندرونی تنازع ہے اس لیے اسے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا۔ دوسری طرف قطر نے سربراہی اجلاس میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔

    واضح رہے کہ دس ماہ قبل سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی حمایت اور اس کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سے قطر کا بحران شروع ہوا۔

    خیال رہے کہ خلیجی بحران کے بعد سعودی عرب نے قطر کے ساتھ اپنی سرحد پر نہر کھدوانے کا منصوبہ بنالیا ہے جس کے بعد قطر ایک تنہا جزیرہ بن جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔