Tag: قطر

  • خلیج میں قطر کا سب سے بڑے کوسٹ گارڈ بیس کا افتتاح

    خلیج میں قطر کا سب سے بڑے کوسٹ گارڈ بیس کا افتتاح

    دوحہ :ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران خلیجی سمندر میں قطر نے اپنا سب سے بڑے نیول بیس کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عبداللہ بن ناصر بن خلیفہ الثانی اور کمانڈر امریکی نیول فورسز برائےمشرق وسطیٰ ایڈمرل جم ملوئے نے دوحہ کے مشرقی ساحل سے 30 کلومیٹر پر واقع سیمائی سیما میں الداین نیول بیس کا افتتاح کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکا قریبی اتحادی قطر میں واشنگٹن کا مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا فوجی اڈہ بھی قائم ہے۔

    امریکی ففتھ فلیٹ کے کمانڈر جم ملوئے کا کہنا تھا کہ نئے بیس سے ہمیں قطری ساحل کے محافظوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا مزید بہتر موقع ملا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق خلیجی ممالک جہاں سے دنیا میں تیل کا تیسرا حصہ گزرتا ہے، حالیہ عرصوں میں کشیدگی میں اضافہ سامنے آیا جہاں امریکا ایران پر تیل بردار جہازوں پر حملے کرنے کا الزام لگارہا ہے جبکہ تہران نے امریکی ڈرون مارگرایا ۔

    قطر کے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ چھ لاکھ اسکوائر میٹر سے زائد کی یہ جگہ سمندر اور سرحدی علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ ‘نیول بیس میں، منفرد بندرگاہ، تربیت اور طبی سہولیات، سول ڈیفنس کے دفاتر اور آپریٹنگ رومز شامل ہیں۔

    اس بیس کے ذریعے ایران کے معاملے پر امریکا-قطر تعاون میں اضافے کے حوالے سے سوال کے جواب میں جم ملوئے کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ بھی یہی ہے۔

  • عالمی تنہائی اور معاشی زبوں حالی نے قطر اور ایران کو سر جوڑنے پر مجبور کر دیا

    عالمی تنہائی اور معاشی زبوں حالی نے قطر اور ایران کو سر جوڑنے پر مجبور کر دیا

    دوحہ:مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام پیدا کرنے کے نتیجے میں عالمی تنہائی کا شکار ہونے والے ایران اور قطر نے آپس میں گٹھ جوڑ کر لیا۔ دونوں ملکوں کو درپیش معاشی بحران اور عالمی سطح پر دونوں ملکوں کی تنہائی انہیں ایک دوسرے کے قریب لے آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفاعی تجزیہ نگار احمد فتحی نے اپنے مضمون میں ایران اور قطر کی باہمی قربت کے اسباب پر روشنی ڈالی ہے، مضمون نگار نے کہاکہ ایران اور قطر دونوں پڑوسی ملکوں کے بائیکاٹ کا سامنا کرنے کے ساتھ عالمی تنہائی کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔ ایک سکے کے دو رخ کے مصداق دونوں ممالک کے درمیان پچھلے کچھ عرصے سے قربت میں بتدریج اضافہ ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 2017میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کا سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کیا۔ قطر پر خطے کے دوسرے ممالک میں مداخلت، دہشت گردوں کی پشت پناہی، اخوان المسلمون اور القاعدہ کے عناصر کو پناہ دینے، یمن، لبنان، شام اور دوسرے ملکوں میں اپنے ایجنٹ بھرتی کرنے کا الزام عاید کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حال ہی میں چھ جولائی کو ایران کے صوبہ فارس کے گورنر عنایت اللہ رحیمی نے قطر کا دورہ کیا۔ رحیمی کے ہمراہ آنے والے ایرانی تاجروں نے قطر میں موجود کاروباری اور حکومتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    عنایت اللہ رحیمی نے بتایا کہ انہوں نے قطری حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں دوطرفہ اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں تعاون سے اتفاق کیا ہے۔

    قطر میں ایرانی سفیر محمد علی سبحانی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے جنوبی اضلاع کے قطر کے ساتھ گہرے اقتصادی تعلقات ہیں مگر ایران کے دوسرے صوبے اور اضلاع بھی دوحا اور تہران کے درمیان جاری تعلقات کے فائدوں سے محروم نہیں۔

    تجزیہ نگار احمد فتحی کا کہنا تھا کہ ایران اور قطر کی باہمی تجارت اور درآمدات وبرآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ جب سے عرب ممالک نے قطر کا بائیکاٹ کیا ہے، دوحا نے تہران کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے دن رات کام شروع کر رکھا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کی جانب سے قطر کی فضائی سروس کے بائیکاٹ کے بعد دوحا اور تہران کے درمیان یومیہ 200 اضافی پروازیں چلائی جا رہی ہیں۔

  • امریکی جامعات کو قطر کی مشکوک فنڈنگ کے خلاف تحقیقات شروع

    امریکی جامعات کو قطر کی مشکوک فنڈنگ کے خلاف تحقیقات شروع

    واشنگٹن : امریکی مانیٹرنگ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر نے تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھی ایک عشرے کے دوران امریکی جامعات کو ڈیڑھ ارب ڈالر کی رقم دی۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جب امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دیئے گئے عشایے میں فخریہ انداز میں شرکت کی تو اس عشائیے میں موجود دیگر مہمانوں میں جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے چیئرمین بھی موجود تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جارج ٹاؤن امریکا کی ان چھ جامعات میں سے ایک ہے جنہیں قطر کی طرف سے مالی مدد فراہم کی جاتی ہے اور ان جامعات کی قطر میں بھی ذیلی شاخیں موجود ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امیر قطر کی ملاقات کو زیادہ وقت نہیں گذرا مگر امریکی وزارت خزانہ نے جارج ٹاؤن اور دیگر تین جامعات ٹیکساس اے اینڈ ایم، کورنیل اور روٹگرز یونیورسٹیوں میں قطری فنڈنگ کی تحقیقات شروع کی ہیں۔

    امریکی مانیٹرنگ حکام کا کہنا تھا کہ امریکی جامعات کو بیرون ملک سے ملنے والے عطیات میں قطر کی طرف سے فراہم کی گئی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جامعات نے بیرون ملک سے حاصل ہونے والے فنڈز اور تحائف کے بارے میں وفاقی حکام کو مطلع نہیں کیا۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وفاقی حکومت کے پاس ایسی کوئی فہرست نہیں جس میں ریاستوں میں موجود تعلیمی اداروں کو بیرون ملک سے مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم کے بارے میں مطلع کیا جائے۔

    امریکی تحقیق کاروں نے ملک بھر کی بیشتر جامعات کو ہدایت کی کہ وہ گذشتہ کچھ برسوں کے دوران بیرون ملک سے حاصل ہونے والی رقم اور عطیات کی تفصیل فراہم کریں،جامعات کو لکھے گئے مکتوبات میں چین اور قطر کی طرف سے فراہم کردہ عطیات کا خاص طور پر ذکر کرنے کو کہا گیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ اس وقت امریکا اور چین کے درمیان تعلیمی شعبے میں تعاون اور تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہیں جب کہ امریکا قطر کے حوالے سے بھی بہت سے تحفظات رکھتا ہے۔ ان تحفظات میں قطر کی دہشت گردی کے لیے فنڈنگ بھی شامل ہے۔

    امریکی وفاقی حکام نے جامعات کو ملنے والی بیرون ملک سے امداد کی جو تفصیلات اکٹھی کی ہیں ان میں امداد دینے والے ملکوں میں قطر کا نام نمایاں ہے۔ اگرچہ قطر کا حجم اتنا بڑا نہیں مگر اس کی طرف سے امریکا کی 28 جامعات کو گذشتہ ایک عشرے کے دوران ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کے عطیات دیے گئے۔

    انگلینڈ کی جامعات بیرون ملک سے حاصل ہونے والی امداد میں 90 کروڑ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔یہ امربھی حیران کن ہے کہ امریکا کی 28 جامعات میں سے 26 کوکل عطیات کا صرف 2 فی صد اور 6 جامعات کو 98 فی صد عطیات دیے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان چھ جامعات کی قطر میں ذیلی شاخیں بھی کام کر رہی ہیں،قطر کے حکمران خاندان کے ماتحت قطر فاؤنڈیشن کی طرف سے ‘ورجینیا کامن ویلتھ یونیورسٹی کو 40 ملین ڈالر سالانہ امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس یونیورسٹی کا ایک کیمپس قطر کے دارالحکومت دوحا میں بھی قائم ہے۔

    امریکی اخبار کے مطابق امریکی وزارت تعلیم کے حکام نے جارج ٹاﺅن یونیورسٹی اور ٹیکساس اے اینڈ ایم یونیورسٹیوں کے قطر اور چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ہواوے’ کے ساتھ رابطوں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    امریکی حکام کو شبہ ہے کہ ہواوے اپنے جدید ترین موبائل فوج اور اسمارٹ فون کی مدد سے امریکا کی قومی سلامتی کے راز چوری کرنے کے ساتھ جاسوسی کرسکتی ہے۔

    امریکی وزارت تعلیم نے قطر سے مدد لینے والی جامعات کے سربراہان کو سخت الفاظ میں پیغامات بھیجے ہیں جن میں انہیں کہا گیاہے کہ وہ 30 دن کے اندر اندر قطر اور بیرون ملک سے ملنے والی امداد کی تفصیلات فراہم کریں ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

  • قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم

    قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد پر عائد پابندی ختم

    اسلام آباد: قطر نے پاکستانی چاول کی درآمدات پر عائد پابندی ختم کر کے چاول کی درآمدات کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین صفدر میکری نے کی۔

    اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ قطر اور ایران کی منڈیوں میں چاول کی برآمدات سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اگلے 5 سال تک چاول کی برآمدات کو 2 سے 5 ارب ڈالر تک بڑھایا جائے۔

    مشیر تجارت نے کہا کہ چاول کی برآمدات کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے جامع حکمت عملی بنائیں گے، چین اور انڈونیشیا میں اضافی مارکیٹ رسائی سے چاول کی برآمدات میں اضافہ ہوا۔

    اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ حکومت ایک لاکھ ٹن کھاد درآمد کرے گی، حکومتی اقدامات سے درآمدات میں 6 ارب ڈالر کمی ہوئی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ 5.9 ارب ڈالر کم رہا، جبکہ اس وقت ملک کا تجارتی خسارہ 31 ارب ڈالر ہے۔

    عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ملک میں کھاد کی قلت کا کوئی خدشہ نہیں، ہم نے قطر کو چاول کی برآمدات شروع کر دی ہے، ایران نے 5 لاکھ ٹن چاول آرڈر کیا جو آئندہ ماہ سے شروع ہوگا۔

  • قطر میں 2 جنگی طیارے تربیتی پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ

    قطر میں 2 جنگی طیارے تربیتی پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ

    دوحہ: قطر میں دو جنگی طیارے تربیتی پرواز کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے، پائلٹس نے ایجکٹ کرکے اپنی جانیں بچائیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قطر فضائیہ کے طیارے معمول کی پرواز پر تھے کہ اچانک ان کے درمیان تصادم ہوگیا، دونوں طیاروں میں آگ بھڑک اٹھی اور زمین پر گرکر تباہ ہوگئے۔

    طیاروں کے پائلٹس پیراشوٹ کے ذریعے ایجکٹ کرکے زمین پر باحفاظت اترگئے۔

    واضح رہے کہ امریکی فضائیہ کے لڑاکا طیارے بھی قطر میں موجود ہیں جو قطر فضائیہ کو تکنیکی معاونت فراہم کرتے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیارے تربیتی مشق کے دوران آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے تھے۔

    بھارتی فضائیہ کے سوریا کرن طیارے ایرو انڈیا شو 2019 کی بنگلور میں ریہرسل کررہے تھے، حادثے کے نتیجے میں طیاروں میں سوار پائلٹس زخمی ہوگئے تھے۔

  • قطر سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی

    قطر سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط مل گئی

    اسلام آباد: پاکستان کو قطر سے امداد کی پہلی قسط مل گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ قطر سے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالرز کی پہلی قسط ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قطر نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز دینے کی منظوری دی تھی، امداد کی رقم کے سلسلے میں پہلی قسط پچاس کروڑ ڈالر پر مبنی ہے، ذرایع نے بتایا ہے کہ پہلی قسط پاکستان کو مل گئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک ذرایع کا کہنا ہے کہ قطری امداد ملنے سے زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، قسط ملنے سے زر مبادلہ کے ذخائر 14 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ جائیں گے۔

    یاد رہے کہ چھ دن قبل قطری حکومت نے اعلان کیا تھا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، سرمایہ کاری کے بعد پاک قطر باہمی معاشی تعاون کا حجم 9 ارب ڈالر ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، قطری حکومت کا اعلان

    وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی کا کہنا تھا کہ قطر پاکستان میں گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرے گا۔

    اس سے قبل سعودی عرب اور یو اے ای بھی پاکستان کو ایسے ہی پیکجز دے چکے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو ڈائریکٹر ڈپازٹس کےعلاوہ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔

    پاکستان کا آئی ایم ایف سے بھی اصولی معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کو چھ ارب ڈالر ملیں گے، معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا بورڈ اگلے ماہ دے گا۔

  • قطر: امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز

    قطر: امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز

    دوحہ: خلیجی ریاست قطر میں امریکا اور افغان طالبان میں‌ مذاکرات کا آغاز ہوگیا، یہ فریقین میں مذاکرات کا ساتواں دور ہے۔

    تفصیلات کے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور افغان طالبان نے امن مذاکرات کے لیے سر جوڑ لیے ہیں.

    مذاکرات میں امریکا کی قیادت خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد، جب کہ افغان طالبان کے وفد کی قیادت ملا عبدالغنی کے سپرد ہے۔

    طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے ایک ٹویٹ کے ذریعے طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی تصدیق کی گئی ہے.

    خیال رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے گزشتہ دونوں کابل کا غیر اعلانیہ دورہ کیا تھا، اس موقع پر انھوں نے پہلی ستمبر تک امن ڈیل کی امید ظاہر کی تھی۔

     امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا ہم غیرملکی فوج نکالنے کو تیار ہیں، امید ہے طالبان سے یکم ستمبر تک افغان امن سمجھوتا طے  ہوجائے گا۔

    فریقین میں‌ مذاکرات ایسے وقت میں شروع ہوئے ہیں، جب کابل میں ایک بڑا حملہ ہوا ہے۔

     حملے میں کابل حکومت کی حامی ملیشیا کے 26 ارکان ہلاک ہوئے. حملے کی ذمے داری افغان طالبان نے قبول کی ہے.

  • ایران سے کشیدگی ،امریکا نے جنگی طیارے ایف 22 اسٹیلتھ قطر بھیج دئیے

    ایران سے کشیدگی ،امریکا نے جنگی طیارے ایف 22 اسٹیلتھ قطر بھیج دئیے

    واشنگٹن: امریکا نے جنگی طیارے ایف ٹوئنٹی ٹو اسٹیلتھ قطربھیج دئیے، امریکی ائیرفورس کا کہنا ہے کہ طیارے مشرق وسطی میں موجود امریکی فورسز اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا اورایران کے درمیان کشیدگی جاری ہے ، امریکا نے جنگی طیارے ایف ٹوئنٹی ٹو اسٹیلتھ قطر بھجوادیئے تاہم قطربھیجے گئے طیاروں کی تعداد نہیں بتائی گئی ہے،ان طیاروں کو پہلی بار قطر ایئربیس پر تعینات کیا گیا ہے۔

    امریکی ائیرفورس کا کہنا ہے کہ طیارے مشرق وسطی میں موجود امریکی فورسزاورامریکی مفادات کے تحفظ کے لئے بھیجے گئے ہیں۔

    ان طیاروں نے قطر جانے سے قبل اسپین میں قیام کیا، بیس ذرائع کے مطابق جہاں سے صرف 6 طیاروں نے ہی اڑان بھری۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فنی خرابی کے باعث تین طیارے ابتدا میں ہسپانوی بیس پر ہی رکے رہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ قطری ایئر بیس پر بی 52 بمبار بلوائے گئے تھے، ایران کی جانب سے ممکنہ حملے کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بی ۔ 52 بمبار طیارے قطر میں امریکی ائیر بیس پر موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ ایران پرنئی امریکی پابندیوں کے بعددونوں ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ ہے اور امریکی فوجی اوربحری بیڑے مشرق وسطی میں موجود ہیں، عالمی برادری نے فریقین پرتحمل سے کام لینے اورمشرق وسطی میں تناؤ کم کرنے کے لئے اقدامات پرزوردیا ہے۔

    گزشتہ ایک ماہ کے اندر امریکا، مشرق وسطیٰ میں مرحلہ وار ڈھائی ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کرچکا ہے۔

  • قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، قطری حکومت کا اعلان

    قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، قطری حکومت کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان کیلئے ایک خوشی کی خبر سامنے آگئی، قطری حکومت نے اعلان کیا ہے قطر پاکستان میں3ارب ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا، سرمایہ کاری کے بعد پاک قطر باہمی معاشی تعاون کا حجم 9 ارب ڈالرہوگا۔

    قطر کی سرکاری نیوزایجنسی کے مطابق امیرقطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کی ہدایت پرنائب وزیر اعظم شیخ محمدبن عبدالرحمان نے اعلان کیا ہے کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کرے گا۔

    حکومتی اعلامیہ میں قطری نائب وزیراعظم نے کہا 3 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کےبعدپاک قطرباہمی معاشی تعاون کاحجم9ارب ڈالرہوگا، پاکستان سے دیگرشعبوں میں بھی تعاون بڑھانےکےخواہاں ہیں۔

    اس سے قبل قطری نیوز ایجنسی کے مطابق قطر کے وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہناتھا پاکستان کو تین ارب ڈالرڈائریکٹ ڈپازٹس اوربراہ راست سرمایہ کاری کی مد میں دیئےجائیں گے جبکہ قطر پاکستان میں گیس اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری بھی کرے گا۔

    اس سے قبل سعودی عرب اور یو اے ای بھی پاکستان کو ایسے ہی پیکجز دے چکے ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو ڈائریکٹر ڈپازٹس کےعلاوہ مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت بھی فراہم کی ہے۔

    پاکستان کا آئی ایم ایف سے بھی اصولی معاہدہ طےپاگیا ہے، جس کے تحت پاکستان کوچھ ارب ڈالرملیں گے، معاہدے کی حتمی منظوری آئی ایم ایف کا بورڈ اگلے ماہ دےگا۔

    دوسری جانب مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا امیرقطرکا 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر شکریہ ادا کرتا ہوں، اس سے پاکستان اور قطر کے تعلقات مزید بہترہوں گے۔

    یاد رہے ہفتے کے روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی پاکستان پہنچے تھے، جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا ، دورے کے دوران امیر قطر کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جبکہ پاکستان اورقطرکےدرمیان وفودکی سطح پربھی مذاکرات ہوئے۔

    مذاکرات میں منی لانڈرنگ،انسداد دہشت گردی کی مالی معاونت،خفیہ معلومات کےتبادلے کی یادداشت پردستخط ہوئے، تجارت اورسرمایہ کاری میں تعاون کیلئےورکنگ گروپ، سیاحت اورتجارت کی ترقی کیلئےتعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط ہوئے۔

    امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی کو صدر مملکت عارف علوی نے نشان پاکستان سے بھی نوازا۔

  • امیر قطر کے دورۂ پاکستان کا اعلامیہ، معاہدوں پر دستخط، افغان امن عمل پر تبادلۂ خیال

    امیر قطر کے دورۂ پاکستان کا اعلامیہ، معاہدوں پر دستخط، افغان امن عمل پر تبادلۂ خیال

    اسلام آباد: امیر قطر کے دورۂ پاکستان کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، امیر قطر نے وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پاکستان آئے، ان کے ہم راہ وزرا اور دیگر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد بھی پہنچا۔

    وزیر اعظم اور امیر قطر کی ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا، پاکستان اور قطر میں سیاسی، اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا اور ایل این جی، ایل پی جی سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ ہوا، تیل اور گیس کی تلاش سمیت پیداوار کے شعبوں میں بھی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

    زراعت، سیاحت اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ قطر میں پاکستانی کارکنوں اور ملازمین کی تعداد میں اضافے، ایوی ایشن، بحری معاملات، دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے، اعلیٰ تعلیم، فوڈ انڈسڑی، دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

    اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وزرا کے درمیان رابطے بڑھائے جائیں گے۔

    دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال اور افغان امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے، تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری میں تعاون کے لیے ورکنگ گروپ کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت کے انسداد، خفیہ معلومات کے تبادلے پر بھی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

    وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطر کے اعزاز میں عشایے کا اہتمام کیا گیا، امیر قطر نے وزیر اعظم کو قطر کی فٹ بال ٹیم کی جرسی بہ طور تحفہ پیش کی جب کہ وزیر اعظم عمران خان نے انھیں دستخط شدہ بلا بہ طور تحفہ دیا۔

    امیر قطر آج صبح صدرعارف علوی سے اہم ملاقات کریں گے، یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔