Tag: قطر

  • فیفا ورلڈ کپ: امارات کی حیا کارڈ رکھنے والوں کے لیے بڑی سہولت

    فیفا ورلڈ کپ: امارات کی حیا کارڈ رکھنے والوں کے لیے بڑی سہولت

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے فیفا ورلڈ کپ قطر 2022 کی طرف سے جاری کردہ حیا کارڈ رکھنے والوں کے لیے ایک مربوط پروگرام کا اعلان کیا ہے جو اس سال 20 نومبر سے 18 دسمبر تک ہوگا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یہ پروگرام متحدہ عرب امارات کے ان اقدامات کے تحت آتا ہے جس کا مقصد قطر کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی میں مدد فراہم کرنا ہے۔

    ملٹی پل نٹری سیاحتی ویزا کے کے ذریعے متحدہ عرب امارات ورلڈ کپ کے شائقین کی میزبانی کرے گا اور انہیں 90 دنوں کے لیے بار بار متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے کی سہولت دے گا۔

    شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی کے لیے وفاقی اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ اس پروگرام میں اس ویزا کے اجرا کی تاریخ سے 90 دنوں تک متحدہ عرب امارات میں ایک سے زیادہ داخلے کا ویزا دینا شامل ہے۔

    ویزا فیس کم کر کے 100 درہم کر دی گئی ہے اور پوری مدت کے لیے ایک بار ادا کی جائے گی۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حیا کارڈ رکھنے والے یکم نومبر 2022 سے شروع ہونے والے اس ویزے کے لیے درخواست دے کر متحدہ عرب امارات میں داخل ہو سکتے ہیں، اس مدت کے دوران وہ کئی بار متحدہ عرب امارات میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کے موجودہ ویزا سسٹم میں شرائط، طریقہ کار اور عام فیس کے مطابق اس ویزا کو مزید 90 دن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

    ویزا سے مستثنیٰ ممالک کے شہریوں کو مذکورہ طریقہ کار سے خارج کر دیا گیا ہے کیونکہ وہ موجودہ طریقہ کار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں داخل ہو کر رہ سکتے ہیں۔

    حیا کارڈ رکھنے والے www.icp.gov.ae کے ذریعے ملٹی پل انٹری ٹورسٹ ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

  • قطر پاکستان  میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری پر آمادہ

    قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری پر آمادہ

    اسلام آباد : قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری پر آمادہ ہوگیا اور کراچی اوراسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری پر آمادہ ہوا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قطر نے کراچی اوراسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

    وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ قطرکی سرمایہ کار اتھارٹی کم سے کم وقت میں سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گی۔

    یاد رہے وزیراعظم شہبازشریف قطر کے دیوان امیری پہنچے تو قطر کے امیر نے شہبازشریف کا استقبال کیا۔

    جس کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کی قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمدالثانی سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں پاک قطر دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔

    دونوں رہنماوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

  • وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری

    وزیر اعظم کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، ان کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف اقدامات کی نگرانی جاری ہے، وزیر اعظم نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)، متعلقہ وزارتوں اور دیگر محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ سیلاب کی تباہی میں مزید اضافہ کر رہا ہے، سیلاب سے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی بڑا کام ہے، یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔

    انہوں نے پاکستانیوں، مخیر اداروں اور دیگر تنظیموں سے مدد کے کام میں ہاتھ بٹانے کی بھی اپیل کی۔

  • سعودی عرب اور قطر کا بڑا مشترکہ فیصلہ

    سعودی عرب اور قطر کا بڑا مشترکہ فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب اور قطر نے ادائیگی کا ایک مشترکہ نظام متعارف کرا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی سینٹرل بینک ’ساما‘ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان ریٹیل سیل کے لیے مشترکہ ادائیگی نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ادائیگی سسٹم ’مدی‘ اور قطری ادائیگی سسٹم ’نابس‘ کے درمیان تعاون ہوگا۔

    ساما نے کہا ہے کہ مدی کارڈ کے حامل افراد قطر میں خریداری پر ادائیگی کر سکتے ہیں، جب کہ نابس کارڈ کے حامل قطری شہری سعودی عرب میں اپنے کارڈ سے خریداری کی ادائیگی کر سکیں گے۔

    ساما کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان ریٹیل سیل پر ادائیگی خلیجی سسٹم کے تحت ہوگا۔ خیال رہے کہ خلیجی ادائیگی سسٹم کے تحت تمام خلیجی ممالک کے شہری اور مقیم غیر ملکی جن کے پاس مقامی بینکوں کے کارڈ ہیں، وہ کسی بھی ملک کے اے ٹی ایم کو استعمال کر سکتے ہیں۔

  • سری لنکا کا روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان

    سری لنکا کا روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان

    کولمبو: شدید معاشی بحران کا شکار سری لنکا نے روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان کیا ہے، دوسری جانب ایک امریکی وفد بھی سری لنکا پہنچا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید بحران کو دیکھتے ہوئے روس اور قطر سے سستا تیل خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیر توانائی کانچانا وجے سکیرا کا کہنا ہے کہ پیر کو دو وزیر روس کا دورہ کر کے مزید تیل لینے کے لیے بات کریں گے، وزیر توانائی قطر جا کر تیل کے لیے بھی بات چیت کریں گے۔

    دوسری جانب امریکا کا ایک وفد سری لنکا پہنچا ہے جس میں امریکی محکمہ خزانہ اور امریکی محکمہ خارجہ کے نمائندے شامل ہیں، کولمبو میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مشکل وقت میں سری لنکا کی مدد کے لیے امریکی وفد پہنچا ہے۔

    سفارتکار جولی چونگ نے کہا کہ مشکل وقت میں سری لنکن معیشت کو سہارا دینے کے لیے امریکا ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • ایل این جی ٹرمینل  معاہدہ ، قطر کا پاکستان کیلئے بڑا اعلان

    ایل این جی ٹرمینل معاہدہ ، قطر کا پاکستان کیلئے بڑا اعلان

    کراچی : قطری وزیر نے پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کردیا ، ایل این جی ٹرمینل بنانے کیلئےجنوری کے آخر میں حتمی معاہدہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت بحری امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان اور قطر کے درمیان ایل این جی ٹرمینل کے معاہدے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی و سی ای او قطر انرجی سعد شیریدہ الکعبی کی ویڈیو کانفرنس ہوئی۔

    وفاقی سیکریٹری بحری امور، سیکریٹری پٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور دیگر نے بھی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔

    قطری وزیر نے پورٹ قاسم میں بننے والے نجی ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر بننے کا اعلان کردیا ، قطر انرجی پورٹ قاسم پر قائم کیے جانے والے نجی شعبے کے ایل این جی ٹرمینل میں شیئر ہولڈر ہوگی۔

    پورٹ قاسم میں ایل این جی ٹرمینل بنانے کے لئے جنوری کے آخر میں حتمی معاہدہ ہوگا ، قطری وزیر الکعبی دورہ پاکستان میں معاہدے پر دستخط کریں گے۔

    وزارت بحری امور کا کہنا ہے کہ ایل این جی سیکٹر میں قطر نے پاکستان کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

  • شہباز شریف قطر نہ جا سکے، ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا

    شہباز شریف قطر نہ جا سکے، ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا

    لاہور: میاں شہباز شریف قطر نہ جا سکے، وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے روکے جانے پر ایئر لائن نے انھیں آف لوڈ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کو امیگریشن حکام کی اجازت نہ ملنے پر ایئر لائن نے آف لوڈ کر دیا، انھیں آج نجی ایئر لائن کی پرواز سے قطر روانہ ہونا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو پی این آئی لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے روکا گیا ہے۔

    شہباز شریف کو ایئر لائن حکام نے بورڈنگ پاس جاری کر دیا تھا، تاہم ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف کو امیگریشن کاؤنٹر پر روکا، جس پر انھیں آف لوڈ کیا گیا تاہم شہباز شریف نے طیارے کی اڑان بھرنے تک ایئر پورٹ پر رکنے کا فیصلہ کیا۔

    امیگریشن حکام کا کہنا تھا کہ سسٹم اپ ڈیٹ ہونے تک شہباز شریف ملک سے باہر نہیں جا سکتے، دوسری طرف عدالتی فیصلے میں شہباز شریف کو صرف ایک دفعہ باہر جانے کی اجازت دی گئی تھی، عدالتی فیصلے میں شہباز شریف کی غیر ملکی فلائٹ کا نمبر بھی درج تھا، جب کہ ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کو ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں۔

    لاہور ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، شہباز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی

    قبل ازیں، شہباز شریف قطر روانگی کے لیے ایئر پورٹ پہنچے تو ایف آئی اے حکام نے انھیں قطر روانگی سے روک دیا، انھیں غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز سے 4 بج کر 50 منٹ پر دوحہ روانہ ہونا تھا، شہباز شریف اور ایف آئی اے حکام میں بات چیت بھی ہوئی، شہباز شریف نے ایف آئی اے حکام کو کورٹ آرڈر دکھایا۔

    امیگریشن پر روکے جانے پر شہباز شریف کا ایف آئی اے حکام سے مکالمہ ہوا، انھوں نے کہا میں آپ سے بحث نہیں کر رہا یہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ہے، فیصلےمیں مجھے ایک دفعہ جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

    دریں اثنا، مریم اورنگ زیب نے ایف آئی اے حکام سے تحریری وضاحت مانگی، جس پر شہباز شریف کو ایف آئی اے حکام کی جانب سے تحریری طور پر بھی آگاہ کیا گیا۔

  • قطر میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ کتنی مقرر؟

    قطر میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ کتنی مقرر؟

    دوحہ: قطر میں ورکرز کی کم سے کم تنخواہ 43 ہزار پاکستانی روپے مقرر کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں ورکرز کے لیے کم سے کم تنخواہ 275 ڈالر (تقریباً 43 ہزار پاکستانی روپے یا ہزار ریال) مقرر کر دی گئی ہے۔

    قطر کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم سے کم اُجرت کے قانون کا اطلاق آج سے لاکھوں تارکین وطن کارکنان اور مقامی اسٹاف کے لیے شروع ہو گیا ہے۔

    قطری حکومت نے آجرز کو پابند بنایا ہے کہ نہ صرف غیر ملکی کارکنوں بلکہ مقامی اسٹاف کو بھی ماہانہ کم سے کم تنخواہ 1000 ریال، فی گھنٹہ 1.30 ڈالر (تقریباً 203 پاکستانی روپے) ادا کرنا ہوگی۔

    آجرز پر یہ بھی لازم ہوگا کہ وہ اپنے ملازم کو رہائش اور کھانا فراہم کرے، یا خوراک اور رہائش کی مد میں اضافی 800 ریال ادا کرے، جس میں سے خوراک کے لیے 300 ریال جب کہ رہائش کے لیے 500 ریال شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل عارضی طور پر کم سے کم ماہانہ تنخواہ 750 ریال (32 ہزار 136 پاکستانی روپے) مقرر تھی، قطر کی وزارت محنت کے مطابق نئی تنخواہ پر عمل درآمد کا آغاز آج سے ہوگیا ہے۔

    آج سے قطر کا نیا کم سے کم اجرت قانون لاگو ہونے سے یہ خطے کا پہلا ملک بن گیا ہے جس میں بلا امتیاز کم سے کم اجرت کو اپنایا گیا ہے۔ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے مطابق اس نئے قانون سے 4 لاکھ سے زیادہ کارکنان (یا نجی شعبے کا 20 فی صد) براہ راست فائدہ اٹھائیں گے۔

    قطر کے سرکاری مواصلات آفس کا کہنا ہے کہ 5 ہزار سے زائد کمپنیاں نئے قانون پر عمل درآمد کے لیے اپنے پے رول سسٹمز کو اپ ڈیٹ کر چکی ہیں۔

  • نیول چیف کا اہم دورہ قطر

    نیول چیف کا اہم دورہ قطر

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورہ پر پہنچ گئے، دوحہ نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہیں قطری بحریہ کی استعداد کار پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف سے اہم ملاقات بھی کی۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف نے کمانڈر قطر امیری ایئر فورس سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا، میزبان نے بھی خطے کی بحری سیکیورٹی یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔

    سربراہ پاک بحریہ نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے تعلقات کو فروغ دے گا۔

  • پاک فوج قطر سےاپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، آرمی چیف

    پاک فوج قطر سےاپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کی امیری بری فورسز کے کمانڈر سے ملاقات میں کہا کہ پاک فوج قطر سےاپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔

    پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق قطر کی امیری بری فورسز کے کمانڈر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جی ایچ کیو آمد پرقطری کمانڈر کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ قطری کمانڈر کی یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو میں قطری کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی و پیشہ وارانہ دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی صورت حال پراظہار خیال کیا گیا اور افغان مفاہمتی عمل اوردفاعی و سیکیورٹی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق قطری کمانڈرنےخطے میں پاک فوج کی امن و استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا جبکہ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قطر سےاپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔

    گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا تھا ، اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں اور افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم کی تعریف کی اور قبائلی اضلاع میں سول انتظامیہ کی رٹ قائم کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں امن لوٹ آیا ہے، امن و استحکام کو مزید تقویت دے رہے ہیں، آپریشن ردالفساد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہمیں چوکنا رہتے ہوئے دشمن کی سازشیں ناکام بنانی ہیں، ترقی و امن کا سفر متحد ہوکر طے کرنا ہے۔