Tag: قطر

  • افغانستان میں امن کے لیے پاکستان سے مل کر کوششیں کر رہے ہیں: خصوصی سفیر قطر

    افغانستان میں امن کے لیے پاکستان سے مل کر کوششیں کر رہے ہیں: خصوصی سفیر قطر

    اسلام آباد: قطر کے خصوصی سفیر مطلق بن ماجد القحطانی نے کہا ہے کہ قطر افغانستان میں امن کے لیے پاکستان سے مل کر کوششیں کر رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پیر کو اسلام آباد میں قطر کے خصوصی سفیر مطلق بن ماجد القحطانی نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید سے ملاقات کی، جس میں پاکستان قطر باہمی تعلقات اور افغانستان امن مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر داخلہ نے افغان امن مذاکرات سے متعلق قطر کی کاوشوں کو سراہا، قطر کے خصوصی سفیر نے کہا افغانستان میں امن خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان نے قیام امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات برادرانہ ہیں، افغانستان میں پائیدار امن پاکستان کا دیرینہ خواب ہے، قطر حکومت نے طالبان سے مذاکرات کے لیے قابل ستائش کام کیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا پاکستان قطر کی امن کوششوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان، قطر اور افغانستان کی کوششوں سے علاقے میں امن بہتر ہوا، افغان طالبان سے مذاکرات کا عمل جاری رہنا چاہیے۔

    وزیر داخلہ سے ملاقات میں قطری حکومت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی، ملاقات میں پاکستان میں قطر کے سفیر اور وفاقی سیکریٹری داخلہ بھی موجود تھے۔

  • سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    سعودی ایئر لائن کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب کی ایئر لائن السعودیہ نے کل سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا، قطر کے ساتھ تمام بری اور بحری سرحدیں پہلے ہی کھولی جاچکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عربین ایئر لائن (السعودیہ) نے پیر 11 جنوری سے جدہ اور ریاض سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    السعودیہ نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ پر کیے گئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دوحہ کے لیے پروازوں کی بکنگ اوپن ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سلوی چوکی کو بھی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    سعودی حکام نے کہا تھا کہ قطری مسافروں کی سعودی عرب آمد کے لیے پی سی آر سرٹیفکیٹ، 3 روزہ ہاؤس آئسولیشن یا 7 روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔

    پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت میں ہی قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی، سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے بھی پیر 11 جنوری سے سعودی عرب کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    قطر ایئر ویز نے ٹویٹ کیا ہے کہ پیر 11 جنوری سے ریاض کے لیے پروازیں بحال ہوں گی، اس کے بعد جمعرات 14 جنوری کو جدہ اور سنیچر 16 جنوری کو دمام کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔

    ریاض اور دمام سے روزانہ جبکہ جدہ سے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

  • قطری باشندے کن شرائط کے ساتھ سعودی عرب آ سکتے ہیں؟

    قطری باشندے کن شرائط کے ساتھ سعودی عرب آ سکتے ہیں؟

    ریاض: قطری باشندوں کی مملکت آمد کے لیے شرائط کیا ہیں؟ سعودی وزارت داخلہ نے تفصیلات جاری کر دیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے قطر کے ساتھ سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے تاہم قطری شہریوں کو مملکت آنے کے لیے سعودی وزارت داخلہ کی مقرر کردہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

    وزارت داخلہ کے مطابق کرونا وبا کے پیش نظر سب سے پہلی شرط پی سی آر سرٹیفکیٹ کی ہے، شہریوں کو کرونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنی ہوگی، دوسری شرط یہ ہے کہ شہریوں کو 3 یا 7 روز تک گھروں میں آئسولیٹ ہونا پڑے گا۔ بتایا گیا ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے کی صورت ہی میں قطری باشندوں کو مملکت آنے کی اجازت دی جائے گی۔

    ان شرائط پر عمل درآمد کے لیے سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کر دیا ہے۔ چیک پوسٹ پر قطر سے آنے والے افراد سے یہ اقرار نامہ لیا جائے گا کہ وہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی کریں گے۔

    واضح رہے کہ قطر کے ساتھ بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا فیصلہ العلا میں جی سی سی اعلامیے میں اس یقین دہانی کے بعد کیا گیا ہے کہ اعلامیے پر دستخط کرنے والے ممالک خلیجی ریاستوں میں اتحاد و اتفاق کی پابندی کریں گے، اور کوئی بھی دوسرے کے لیے خطرات پیدا نہیں کرے گا، نہ ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں مداخلت کیا جائے گا۔

  • پاکستان کا سعودی عرب کی جانب سے قطر کیلئے سرحد یں کھولنے کے اقدام کا خیرمقدم

    پاکستان کا سعودی عرب کی جانب سے قطر کیلئے سرحد یں کھولنے کے اقدام کا خیرمقدم

    اسلام آباد : پاکستان نے سعودی عرب کی جانب سے قطر کیلئے سرحد یں کھولنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا اس اقدام کیلئے امیرکویت کے مثبت کردارکی تعریف کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے سعودی عرب کی جانب سے قطر کیلئے سرحد یں کھولنے کے اقدام پر اپنے میں بیان میں کہا کہ پاکستان خلیجی ممالک میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس اقدام کیلئےامیرکویت کےمثبت کردارکی تعریف کرتا ہے۔

    خلیجی ممالک کی جانب سےخطے کے مسائل حل کرنے کی کوشش کوسراہتے ہیں، پاکستان خلیجی تعاون کونسل کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور خلیجی ممالک سے تعاون،دوطرفہ تعلقات کےاستحکام کیلئے پر عزم ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد اور امیرقطر کا بڑا فیصلہ

    یاد رہے محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران امیر کویت کی تجویز پر سعودی عرب اور قطر کے درمیان سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کے فیصلے پر عمل درآمد آج رات سے شروع ہوجائے گا۔

    خیال رہے  خلیجی تعاون کونسل کا اجلاس آج سعودی عرب میں منعقد ہونے جارہا ہے، اس اہم بیٹھک میں خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • عمان ایئر اور قطر ایئر ویز میں معاہدہ، مسافروں کے لیے خوشخبری

    عمان ایئر اور قطر ایئر ویز میں معاہدہ، مسافروں کے لیے خوشخبری

    مسقط: عمان ایئر اور قطر ایئر ویز نے آپس میں معاہدہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو مزید سہولتیں حاصل ہوں گی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عمان ایئر اور قطر ائیر ویز دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز کے مابین مزید تعاون کے اسٹریٹجک منصوبے کے تحت کوڈ شیئر بڑھائے جائیں گے۔

    سنہ 2000 میں یہ دونوں انٹرنیشنل ایئر لائنز شراکت دار تھیں۔ اس معاہدے سے عمان ایئر کے مسافروں کو قطر ایئر ویز کے 65 روٹس پر سفر کرنے کے لیے مزید سہولتیں حاصل ہو جائیں گی، ان روٹس میں افریقہ، امریکا، ایشیا، بحر الکاہل، یورپ، ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے بعض روٹس شامل ہیں۔

    قطر ایئر ویز کے مسافر عمان ایئر کے نیٹ ورک کے ذریعہ افریقہ اور ایشیا میں 6 نئی منزلوں تک رسائی حاصل کریں گے۔

    دونوں ایئر لائنز کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز اپنی اس شراکت کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعدد مشترکہ تجارتی اور آپریشنل اقدامات بھی جاری کریں گی۔

    عمان ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینیئرعبد العزیز الرئیسی نے کہا ہے کہ ہمارے کوڈ شیئر معاہدے کی توسیع محض ابتدائی اقدام ہے اور ہم قطر ایئر ویز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کر سکیں۔

    اس کے بعد عمان ایئر پوری دنیا میں اپنے مسافروں کے لیے کاروبار اور تفریحی سفر کے پروگراموں کو بڑھا سکے گا۔

    دوسری جانب قطر ایئر ویز کے گروپ چیف ایگزیکٹو اکبر البکیر نے کہا ہے کہ سنہ 2000 سےے دونوں ایئر لائنز نے تجارتی تعاون سے ہونے والے فوائد کو دیکھا، اس سے ہمارے مسافروں کو بے مثال خدمات مہیا کی گئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اپنے معزز مسافروں کو اور بھی زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عمان ایئر کے ساتھ اپنے تجارتی تعاون کو مزید تقویت دینے کے منتظر ہیں۔

    یاد رہے کہ عمان ایئر نے سنہ 1993 سے فلائٹ سروس شروع کی تھی اور قطر ایئر ویز کی بھی اسی سال بنیاد رکھی گئی تھی۔

  • قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    قطر: کرونا ویکسی نیشن کے حوالے سے بڑی خبر

    دوحہ: قطر نے اپنے شہریوں کے لیے مفت کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قطر میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کا آغاز ہو گیا، پہلے مرحلے میں 70 برس سے زائد عمر کے افراد، طبی عملے اور مختلف امراض میں مبتلا شہریوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔

    قطر میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کرونا ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد قطر نے ملک بھر میں مفت ویکسی نیشن کا اعلان کیا تھا۔

    اس سلسلے میں قطر میں 7 مرکزی صحت مراکز بنائے گئے ہیں جہاں شہریوں کو کرونا ویکسین کی خوراک 2 مرحلوں میں دی جائے گی، گزشتہ روز قطر کے 79 سالہ سابق صدر عبداللہ الکوبیسی کو پہلی ویکسین خوراک دی گئی تھی۔

    قطر صحت حکام کے مطابق کرونا ویکسی نیشن مہم کا پہلا مرحلہ 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا، جب کہ اگلے برس کے دوران ملک کی پوری آبادی کو مفت میں ویکسین لگائی جائے گی، حکام کا کہنا تھا کہ قطر کے پاس کافی ویکسین موجود ہے۔

    کرونا ویکسی نیشن، بحرین کی حکومت نے غیرملکی شہریوں کی خواہش پوری کردی

    واضح رہے کہ قطر موڈرنا کے ساتھ ساتھ آکسفورڈ آسٹرا زینیکا ویکسین کے حصول کے لیے بھی ایک معاہدے پر دستخط کر چکا ہے۔

  • قطر ایئر ویز نے پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

    قطر ایئر ویز نے پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی

    کراچی: غیر ملکی ایئر لائن قطر ائیرویز نے پاکستان سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نئی ایڈوائزری میں قطر ایئر ویز سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے بھی کرونا ٹیسٹ کرانا لازم قرار دے دیا گیا، پرواز سے قبل مسافروں کو 72 گھنٹے کے اندر اپنا ٹیسٹ کروانا پڑے گا۔

    ایئر لائن کے مطابق یہ ایڈوائزری 13 جولائی سے نافذ العمل ہوگی، ایڈوائزری کے مطابق ملک کی مخصوص 4 لیبارٹریز سے کروایا گیا ٹیسٹ ہی قابل قبول ہوگا۔

    12 سال سے کم عمر بچے کرونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہوں گے، لیکن اکیلے فیملی کے بغیر سفر کر نے پر ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا، لیبارٹریز مسافروں کے ٹیسٹ کی رپورٹس براہ راست قطر ایئر ویز کو فراہم کریں گی۔

    کورونا لاک ڈاؤن؛ قطر کا اہم اعلان

    یاد رہے کہ یکم جولائی کو قطر نے کرونا وبا میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن کے تحت پابندیوں میں مزید نرمی کا اعلان کر دیا ہے، سپریم کمیٹی فار کرائسز اینڈ منیجمنٹ نے مساجد، ریسٹورنٹس، تفریحی مقامات اور پارکس کے لیے پابندیاں نرم کرتے ہوئے انھیں جزوی طور پر کھولنے کی اجازت دی۔

    میوزیم کے ساتھ ساتھ عوامی لائبریریوں کو بھی محدود تعداد اور کم وقت کے لیے کھولنے کے اجازت دی گئی ہے، ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ کرونا لاک ڈاؤن میں نرمی کا دوسرا مرحلہ مہلک وبا کے عروج کا وقت گزرنے اور اس میں بتدریج کمی آنے کے بعد شروع کیا گیا ہے۔

  • قطر سے 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    قطر سے 251 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    اسلام آباد: قطر میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے، 251 مسافر قطر ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے سول ایوی ایشن کے اقدامات جاری ہیں، قطر ایئر لائن کی پرواز کیو آر 632 کے ذریعے 251 مسافر دوحہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچ گئے۔

    ایئر پورٹ پہنچنے پر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کی طبی جانچ اور اسکریننگ کی جس کے بعد مسافروں کو مختص ہوٹلز اور ضلعی انتظامیہ کے قرنطینہ مراکز منتقل کردیا گیا۔

    اس سے قبل جمعے کی رات پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے 250 افراد سعودی عرب سے پاکستان واپس پہنچے تھے۔

    یہ جدہ سے پانچویں پرواز تھی، اب تک خصوصی پروازوں کے ذریعے ایک ہزار سے زائد مسافر پاکستان واپس پہنچ چکے ہیں۔

    ریاض میں پاکستانی سفارتخانہ اور جدہ میں پاکستان قونصلیٹ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی بحفاظت وطن واپسی کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس: قطر حکومت کا بڑا اعلان

    کرونا وائرس: قطر حکومت کا بڑا اعلان

    دوحہ: قطری حکومت نے 19 سے 30 مئی تک تمام کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کردیا، بندش کا اطلاق کھانے پینے اور دواؤں کی دکانوں پر نہیں ہوگا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر میں 19 سے 30 مئی تک تمام کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا گیا تاکہ کرونا وائرس کا مزید پھیلاؤ روکا جاسکے۔

    اس بندش کا اطلاق فارمیسیوں، کھانے پینے کی دکانوں اور کھانا پہنچانے والی سروسز پر نہیں ہوگا۔

    خیال رہے کہ قطر نے کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے جنگ لڑنے کے لیے دنیا کی نہایت سخت ترین سزائیں متعارف کرا دی ہیں، عوامی مقامات میں فیس ماسک نہ پہننے والوں کا 3 سال جیل کی سزا دی جائے گی اور 45 ہزار پاؤنڈ جرمانہ کیا جائے گا۔

    قطر میں فیس ماسک پہننے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھی 3 سال تک قید کی سزا اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کا سامنا ہوگا۔

    ڈرائیورز اگر اپنی گاڑیوں میں اکیلے ہوں گے تو وہ اس قانون سے مستثنیٰ ہیں لیکن پولیس اہلکار چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کو روک کر نئے قانون کے عمل میں آنے سے قبل انہیں بھی متنبہ کر رہے ہیں۔

    قطر میں اب تک کرونا وائرس کے 33 ہزار 969 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ وائرس سے صرف 15 اموات ہوئی ہیں۔

  • کرونا وائرس: قطر میں نئے قوانین نافذ، سخت سزائیں

    کرونا وائرس: قطر میں نئے قوانین نافذ، سخت سزائیں

    دوحہ: قطر نے کرونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں دنیا کی سخت ترین سزائیں متعارف کرا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق قطر نے کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے جنگ لڑنے کے لیے دنیا کی نہایت سخت ترین سزائیں متعارف کرا دی ہیں، پبلک مقامات میں فیس ماسک نہ پہننے والوں کو 3 سال جیل کی سزا دی جائے گی اور 45 ہزار پاؤنڈ جرمانہ کیا جائے گا۔

    اس چھوٹے سے خلیجی ملک میں اب تک 32 ہزار 600 لوگوں میں کو وِڈ نائنٹین کی تصدیق ہو چکی ہے، جو کہ قطر کی کُل آبادی 20 لاکھ 75 ہزار میں سے 1.1 فی صد آبادی بنتی ہے، اور اب تک وائرس سے صرف 15 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ یورپین سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول کے مطابق اب تک صرف سان مرینو اور ویٹیکن کی چھوٹی ریاستوں میں انفیکشن کی فی کس شرح زیادہ رہی ہے۔

    قطر میں اب چہرے کا ماسک پہننے کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال تک قید کی سزا اور 55 ہزار ڈالر تک جرمانے کا سامنا ہوگا، ڈرائیورز اگر اپنی گاڑیوں میں اکیلے ہوں تو وہ اس قانون سے مستثنیٰ ہیں لیکن پولیس اہل کار چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کو روک کر نئے قانون کے عمل میں آنے سے قبل انھیں بھی متنبہ کر رہے ہیں۔

    قطر میں لوگوں نے فیس ماسک پہننا شروع کر دیے ہیں، بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ نہایت سخت قانون ہے، خیال رہے کہ قطری حکام نے تنبیہ کی تھی کہ رمضان کے مبارک مہینے میں اجتماعات میں کرونا انفیکشن مزید پھیل سکتا ہے۔ قطر کی وبائی کمیٹی کے شریک چیئرمین عبدالطیف الخل کا کہنا تھا کہ سحر و افطار میں خاندانوں کا ایک ساتھ ملنا ہائی رسک کی نشان دہی کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ قطر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسکول، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس بند ہیں، تاہم 2022 فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں تعمیراتی سائٹس کھلی رکھی گئی ہیں، جہاں سماجی فاصلے کے اصولوں کی سختی سے پاس داری کی جا رہی ہے، جب کہ 26 اپریل سے مزدوروں کے لیے ماسک پہننا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے کیوں کہ تین اسٹیڈیمز میں کام کرنے والوں کچھ ورکرز میں کرونا کی تصدیق ہو گئی تھی۔

    مارچ کے وسط میں دوحہ کے صنعتی علاقے میں غیر ملکی مزدوروں میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد ہزاروں تارک الوطن مزدوروں کو قرنطینہ کیا گیا تھا، عبدالطیف الخل کے مطابق ان مزدوروں میں نئے کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ دنیا کے تقریباً 50 ممالک میں فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا جا چکا ہے، تاہم سائنس دانوں میں اس کے مؤثر ہونے کے سلسلے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ چاڈ میں پبلک مقامات میں ماسک نہ پہننے والوں کو 15 دن کی قید کی سزا کا اعلان کیا گیا تھا۔ مراکش میں بھی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین ماہ قید اور 13 سو درہم جرمانے کی سزاؤں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔