Tag: قومی ٹیم

  • جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کا ایک اور کوچ فارغ

    جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کا ایک اور کوچ فارغ

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ریڈ بال ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی کے نائب ٹم نیلسن کو فارغ کر دیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ ٹیم کے کوچ جیسن گلیسپی کے نائب ٹم نیلسن کو فارغ کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان نے چند روز بعد جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

    ٹم نیلسن نے غیر ملکی ویب سائٹ سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ ٹیم کے ساتھ اچھا کام چل رہا تھا لیکن پی سی بی نے میرے معاہدے کی تجدید نہیں کی۔ مجھے بتایا گیا کہ اب میری ضرورت نہیں ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹم نیلسن کے فارغ ہونے سے جیسن گلیسپی کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

    جیسن گلیسپی جو اس وقت آسٹریلیا میں ہیں وہ آئندہ ہفتے پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ میں جوائن کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز 26 دسمبر سے سنچورین میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل دورہ آسٹریلیا سے قبل وائٹ بال ٹیم کوچ گیری کرسٹن نے استعفیٰ دے دیا تھا اور پی سی بی نے یہ استعفیٰ منظور کرتے ہوئے جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کے لیے وائٹ بال ٹیم کا بھی عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔ بعد ازاں عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی تک یہ ذمہ داری سونپی گئی۔

  • پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا

    پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا

    ڈبلن: پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز میں سے پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک آئرلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج ڈبلن میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم نے گزشتہ روز بھرپور پریکٹس سے تیاری بھی فائنل کرلی۔

    سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی، اس موقع پر کپتانوں نے تصویریں بنوائیں جبکہ قومی اسکواڈ کا پری سیریز فوٹو شوٹ بھی ہوا۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو بھی ڈبلن کا ویزا مل گیا، وہ آج قومی اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر اتوار اور منگل کو کھیلے جانے والے دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے دستیاب ہوں گے واضح رہے کہ ویزے کی وجہ سے محمد عامر ٹیم کے ہمراہ آئرلینڈ روانہ نہیں ہوسکے تھے۔

    پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشلز 10، 12 اور 14 مئی کو ڈبلن میں کھیلے جائیں گے، آئرلینڈ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچے گی جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنا ہے۔

    انگلینڈ اور قومی ٹیم کے درمیان کھیلے جانے والے یہ میچ 22 سے30 مئی تک ہوں گے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ، قومی ٹیم میں کون کون جگہ بنائے گا؟

    ٹی 20 ورلڈ کپ، قومی ٹیم میں کون کون جگہ بنائے گا؟

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ یکم جون سے شروع ہو رہا ہے میگا ایونٹ کے لیے پاکستان ٹیم میں کون کون جگہ بنائے گا سلیکشن کمیٹی نے غور شروع کر دیا۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ شروع ہونے میں 30 روز باقی ہیں اور میگا ایونٹ کے لیے دفاعی چیمپئن انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ نے اپنے اپنے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم کے میگا ایونٹ میں خدوخال کیا ہوں گے۔

    ابتدائی اسکواڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے غور شروع کر دیا ہے۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بورڈز کو ٹیموں کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام دینے کے لیے یکم مئی تک کی تاریخ دی ہے اور پی سی بی کو کل آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ کے نام دینا ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ورلڈ کپ اسکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، عماد وسیم اور شاداب خان کی جگہ بھی پکی ہے۔ جس میں بابر قیادت کے فرائض انجام دیں گے

    بولنگ اٹیک شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر پر مشتمل ہوگا جب کہ پانچویں بولر کے لیے عباس آفریدی اور زمان خان میں جگہ بنانے کا مقابلہ ہے۔

    سلیکٹرز کی میگا ایونٹ کے لیے اسامہ میر اور ابرار احمد پر بھی نظریں ہیں جب کہ صائم ایوب کے مسلسل ناکام ہونے کے بعد بھی انہیں میگا ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیے جانے کا امکان ہے۔

    متبادل وکٹ کیپر کے لیے اعظم خان مضبوط امیدوار ہیں۔

    آئی سی سی کو ابتدائی اسکواڈ دینے کے بعد 25 مئی کی ڈیڈ لائن تک منتخب کردہ کھلاڑیوں میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔

    ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ ٹیم کن کھلاڑیوں پر مشتمل؟ اسکواڈ کا اعلان

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    گروپ اے: پاکستان، بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا، امریکا

    گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، عمان

    گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگانڈا، پاپوا نیو گنی

    گروپ ڈی: جنوبی افریقا، سری لنکا، بنگلادیش، نیدرلینڈز، نیپال

  • قومی ٹیم میں واپسی کا گرین سگنل مل رہا ہے؟ محمد عامر نے کیا کہا؟

    قومی ٹیم میں واپسی کا گرین سگنل مل رہا ہے؟ محمد عامر نے کیا کہا؟

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز اپنی سلیکشن کا دائرہ صرف پاکستان سوپر لیگ تک نہ محدود کریں۔

    پی ایس ایل فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے لیے کھیلنے والے لیفٹ آرم پیسر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے حوالے سے کچھ نہیں سوچا، واپسی کا گرین سگنل مل رہا ہے یا نہیں اللّٰہ بہتر جانتا ہے۔ دماغ میں اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کی بات نہیں ہے۔

    محمد عامر کا مزید کہنا تھا مختلف لیگز کھیل کر لطف اندوز ہورہا ہوں، ابھی تو انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا کوئی ارادہ نہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کی کمی محسوس نہیں ہورہی کیوں کہ لیگز کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔

    پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان کے حوالے سے محمد عامر نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز میں شاہین کی پیس نظر آرہی ہے جبکہ وہ تھوڑا عرصہ پہلے انجری سے واپس آئے ہیں تو انھیں وقت دینا چاہیے۔

    سابق قومی پیسر نے کہا کہ شاہین جب تک لمبے اسپیل نہیں کریں گے انکا ردھم واپس نہیں آئے گا، لمبے اسپیل سے اعتماد ملتا ہے او بولر جو سبق بھول جاتا ہے وہ یاد آجاتا ہے۔

    ردھم چار اوور سے نہیں بلکہ لمبے اسپیل سے آئے گا، شاہین پروفیشنل بولر ہیں ان پر کپتانی کا کوئی دباؤ نہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ کپتانی کی وجہ سے ان کی بولنگ میں فرق پڑا ہے۔ لاہور قلندرز افغان اسپنر راشد کو مس کر رہے ہیں۔

    انجرڈ ہونے والے پیسر حارث رؤف سے متعلق محمد عامر نے کہا کہ پی سی بی سے ان کا معاملہ چل رہا ہے وہ اپنی پرفارمنس کے حوالے سے خود جواب دیں گے۔

    انھوں نے واضح کیا کہ کوئی بولر پانچ وکٹیں لے لیکن 50 رنز دیدے تو کیا فائدہ ہوگا یا بیٹر سنچری بنائے اور ٹیم میچ ہار جائے تو اس سے کیا حاصل ہوگا۔ اس لیے میں میچ میں متاثر کن کردار ادا کرنے پر توجہ مرکوز کرتا ہوں۔

    عامر نے بولرز کو مشورہ دیا کہ بولنگ بہتر جب ہو گی جب آپ ریڈ بال کرکٹ کھیلیں گے۔ ملک میں بہت پیس والے بولر سامنے آرہے ہیں، کوئی 145 کوئی 140 کی اسپیڈ سے گیند کر رہا ہے لیکن نوجوان فاسٹ بولرز میں اسمارٹ بولنگ صلاحیت کی کمی۔

  • شائقین کی بدتمیزی پر بابر اعظم غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

    شائقین کی بدتمیزی پر بابر اعظم غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے قومی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم غصے میں آگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    گزشتہ روز ملتان میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 179 رنز بنائے جس کے جواب میں سلطانز مقررہ اوورز میں 174 رنز بنا سکی۔

    تاہم اسی میچ کے دوران متنازعہ لمحہ اس وقت پیش آیا جب بابر اعظم اسٹینڈ میں بیٹھے ہوئے تھے، اور ایک تماشائی نے ویڈیو بناتے ہوئے ان پر آوازیں کسنا شروع کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں بابر اعظم پریشان نظر آئے اور مداحوں کو ہاتھ کے اشارے سے قریب آنے کا اشارہ کیا، جس کے بعد بابر نے پانی کی بوتل پکڑی اور اسے مداح پر پھینکنے کی دھمکی دیتے نظر آئے۔

    جھگڑے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکی لیکن سوشل میڈیا پر ایک صارف کے مطابق بابر اعظم کا غصہ آمیز ردعمل ایک تماشائی کی جانب سے گالی گلوچ پر آیا۔

  • آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا

    آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا

    آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے اہم  اسپنر انجری کا شکار ہوگئے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اسپنر ابرار نے احمد کینبرا میں پرائم منسٹرالیون کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے روز 8 اوورز کے بعد دائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا۔

    ابرار احمد کی انجری سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلامیہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ابرار احمد کو ٹانگ میں تکلیف کے بعد ایم آر آئی اسکین کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ میڈیکل پینل ایم آر آئی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرےگی، ابرار نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف کھیل میں اب تک کل 27 اوورز کرائے ہیں۔

    چار روزہ میچ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کی تیاری کے ایک حصے کے طور پر شیڈول کیا گیا تھا، آسٹریلیا کے خلاف یہ سیریز 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 تک کھیلی جائے گی۔

  • قومی ٹیم کا دورہ نیدرلینڈز ملتوی

    قومی ٹیم کا دورہ نیدرلینڈز ملتوی

    لاہور: پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اگلے سال ہونے والی ٹی 20 سیریز ملتوی ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کی درخواست پر پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان اگلے سال ہونے والی ٹی 20 سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے پاکستان ٹیم کے شیڈول میچز اور کھلاڑیوں کے ورک لوڈ پر سیریز ملتوی کی گئی، دوسری جانب  پی سی بی کا مؤقف ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو نیدرلینڈز کیخلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز مئی 2024 میں کھیلنی تھی۔

  • ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ، قومی ٹیم آج ٹریننگ کا آغاز کریگی

    ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ، قومی ٹیم آج ٹریننگ کا آغاز کریگی

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے اہم میچ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم آج مقامی وقت کے مطابق 6 بجے ٹریننگ کا آغاز کریگی۔

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے آخری گروپ میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم آج شام کولکتہ میں ٹریننگ کا آغاز کرے گی، 3 گھنٹے کے ٹریننگ سیشن میں تمام کھلاڑی شریک ہوں گے۔

     تمام کوچز کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ سیشن کے دوران کام کریں گے، اس کے علاوہ قومی آل راؤنڈر شاداب خان مکمل فٹ ہوگئے جب کہ فاسٹ بولر حارث رؤف نےبھی بھرپور ٹریننگ شروع کردی۔

     شاداب خان نے گزشتہ روز آپشنل ٹریننگ سیشن کے دوران بولنگ اور بیٹنگ کی  پریکٹس کی جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف نے بھی نیٹس میں بھرپور ٹریننگ کی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ 11 نومبر کو ایڈن گارڈنز کولکتہ میں شیڈول ہے۔

  • ٹیم میں اپنا اپنا ہورہا ہے، باسط علی قومی ٹیم پر سخت نالاں

    ٹیم میں اپنا اپنا ہورہا ہے، باسط علی قومی ٹیم پر سخت نالاں

    آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے میچ میں قومی ٹیم کی آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں قومی ٹیم کے سابق کرکٹر باسط علی بھی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ناراض دکھائی دیئے۔

    اے آر وائی نیوز کے خصوصی ورلڈ کپ پروگرام میں بات کرتے ہوئے سابق کرکٹر باسط علی کا حارث رؤف کی خراب بولنگ پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حارث رؤف کو پتہ ہے کہ اس کے پیچھے کوئی بولر نہیں ہے، ابھی حسنین یا احسان اللہ فٹ ہوتے تو حارث رؤف کی باڈی لینگویج بالکل مختلف ہوتی۔

    باسط علی نے کہا کہ ابھی تو یہ چار بولرز ہی ہیں، آپشنز کی کمی ہے، کہ ہم نے ہی کھیلنا ہے، یہ ہمارے لئے ایک بہت بڑا لمحہ فکریہ ہے، کہ اللہ نہ کرے کوئی فاسٹ بولر ان فٹ ہوجاتا ہے تو ہمارے پاس اس کا متبادل کیا ہے؟ صرف زمان خان ہے، اس کے علاوہ کوئی نہیں ہے۔

    سابق کرکٹر نے کہا کہ معذرت کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ٹیم میں اپنا اپنا ہورہا ہے، اپنی بولنگ کرلو، اپنی بیٹنگ کرلو، ہماری ٹیم ”ٹیم“ نہیں لگ رہی۔

    سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ ہم انڈیا سے میچ ہارے ہیں، لیکن پہلے جب ہماری ٹیم آتی تو پہلے لڑتی تھی، لیکن آپ دیکھیں کہ آج بھی آج جس طرح کھیلے ہیں، سوائے شاہین کے علاوہ باقی چار بالرز نے کیا بولنگ کی ہے؟

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ کے 18ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 62 رنز سے شکست دے دی تھی۔ بنگلورو کے چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 368 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 45.3 اوورز میں 305 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

  • ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم بھارت روانہ

    ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے قومی ٹیم بھارت روانہ

    قومی ٹیم بھارت میں منعقدہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے براستہ دبئی بھارت روانہ ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ٹیم ورلڈکپ میں شرکت کیلئے براستہ دبئی بھارت روانہ ہوگی، قومی ٹیم 9 گھنٹے دبئی میں قیام کے بعد آج رات 8 بجے حیدرآباد دکن پہنچے گی۔

    پاکستان اپناپہلا وارم اپ میچ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گا، جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گا۔جبکہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں 6 اکتوبر کونیدرلینڈز کیخلاف پہلا میچ کھیلے گی۔

    بھارتی شہر حیدرآباد پہنچنے پر ایک روز آرام کے بعد کے بعد قومی ٹیم اگلے دن ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔

    دوسری جانب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت روانگی سے قبل قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کی اور اس دوران صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

    ایشیا کپ میں شکست کے بعد دباؤ کے سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ایشیا کپ میں ٹیم توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کرسکی لیکن ورلڈ کپ میں ٹیم الگ روپ میں نظر آئے گی۔

    بابر اعظم نے کہا کہ صرف فائنل فور میں نہیں آئیں گے بلکہ بھارت سے چیمپئن بن کر آئیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سینئرز سے سنا ہے کہ بھارت میں بہت پیار ملتا ہے، ورلڈ کپ میں اپنے فینز کی کمی محسوس کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی سے کوئی لڑائی نہیں ہوئی، ڈریسنگ روم میں ہونے والی بات غلط رنگ دے کر پیش کی گئی۔

    کپتان نے کہا کہ‘عزت تو سب ہی کرتے ہیں،جب کوئی میچ قریب جاکر ہاریں تو تھوڑی بہت میٹنگ میں چیزیں چلتی ہیں، اسے یہ پہلو دینا کہ لڑائی ہوگئی، یہ غلط ہے۔

    بابر اعظم نے کہا کہ تمام کھلاڑی فیملی کی طرح ہیں اور ایک دوسرے سے فیملی کی طرح پیار کرتے ہیں،پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر بات چیت جاری ہے، جلد اچھی خبر دیں گے۔