Tag: قومی احتساب بیورو

  • نواز شریف اور مریم نواز کی ایئر پورٹ پر گرفتاری کے انتظامات مکمل

    نواز شریف اور مریم نواز کی ایئر پورٹ پر گرفتاری کے انتظامات مکمل

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کو لاہور ایئر پورٹ پر گرفتار کرنے کے انتظامات نیب نے کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم اور ان کی بیٹی کو لندن سے واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پر اترتے ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔

    احتساب عدالت سے سزا پانے والے دونوں مجرموں کی گرفتاری کے سلسلے میں نیب سمیت دیگر اداروں میں باہمی رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سزا پانے والے مجرموں کو ایئر پورٹ پر ایپرن ہی سے گرفتار کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے بعد دونوں کو فوری دستیاب جہاز میں اسلام آباد بھیج دیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ جمعے کو نیب ٹیم وارنٹ گرفتاری کے ساتھ لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، اس سلسلے میں پیر کو احتساب عدالت سے وارنٹ حاصل کیے جائیں گے۔

    نواز، مریم کا وطن واپسی کا اعلان، نیب کا مجرموں کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کا عندیہ


    ذرائع کے مطابق نواز شریف اور ان کی صاحب زادی کے 13 جولائی کو لاہور پہچنے کے فیصلے کے پیشِ نظر ایئرپورٹ پر سخت سیکورٹی انتظامات ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کے دن احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنادی ہیں، جس کے بعد باپ بیٹی نے آئندہ جمعے کو وطن واپسی کا اعلان کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کیپٹن صفدر مجرم ہے، ہیرو بنا کر نہ پیش کیا جائے، نیب کی درخواست

    کیپٹن صفدر مجرم ہے، ہیرو بنا کر نہ پیش کیا جائے، نیب کی درخواست

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو (نیب) نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی ہے کہ کیپٹن صفدر کو ہیرو بنا کر نہ پیش کیا جائے وہ ایک مجرم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مجرم کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے متعدد کارروائیاں کی گئیں، چار تفتیشی ٹیموں نے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں کارروائیاں کیں۔

    اعلامیے کے مطابق نیب کی بار بار کارروائیوں کے بعد مجرم محمد صفدر نے گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا، انھیں عدالتی فیصلے کے بعد پہلے دن ہی گرفتاری دے دینی چاہیے تھی۔

    نیب کا کہنا ہے کہ آمدن سے زائد اثاثے رکھنے والا مجرم خود کو جلوسوں کے ذریعے اب نیک ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ادارے نے متنبہ کیا کہ مجرم کو کسی قسم کا تحفظ فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    نیب کے مطابق جن لوگوں نے حراست میں رکاوٹ پیدا کی ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، مجرم کے حراست میں لینے کے عمل کو نیب نے طوالت نہیں دی۔

    نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا


    دریں اثنا ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے مجرم کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے بعد نیب راولپنڈی کے دفتر کے اطراف سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

    وفاقی پولیس کی بھاری نفری سمیت رینجرز کے جوان تعینات کر دیے گئے ہیں، نیب دفتر آنے والے راستوں کو سِیل کر دیا گیا ہے، نیب دفتر کے سامنے والی شاہراہ کو بھی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا، جب کہ میلو ڈی سے لال مسجد جانے والی ٹریفک کو جی سکس ون ٹو موڑ دیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    کراچی: ایم کیو ایم کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور سابق چیئرمین کے پی ٹی جاوید حنیف کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس 95 سے متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار جاوید حنیف کو اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    نیب نے مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزم جاوید حنیف نے اپنے چیئرمین شپ کے دوران بابر غوری کے کہنے پر نو سو چالیس افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔

    قومی احتساب بیورو کے مطابق سابق کے پی ٹی چیئرمین پر اس وقت کے وزیر بابر غوری کے کہنے پر محکمے میں غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے، 940 غیر قانونی بھرتیوں سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

    نیب نے کہا ہے کہ جاوید حنیف کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں مطلوب ہیں، انھیں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی


    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے جاوید حنیف کی گرفتاری کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا، کہا ایسی انتقامی کارروائیوں کے ذریعے ہمارا راستہ روکا جا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے بھی جاوید حنیف کی گرفتاری کے تناظر میں پیپلز پارٹی پر لفظی وار کیا، کہا دس سال تک کراچی کو ایک قطرہ پانی کا نہ دینے والے اب کس منہ سے کراچی والوں سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب آئینی ادارہ ہے، احتساب کا نظام قائم کرنا اس کی ذمہ داری ہے: شہبازشریف

    نیب آئینی ادارہ ہے، احتساب کا نظام قائم کرنا اس کی ذمہ داری ہے: شہبازشریف

    لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب آئینی ادارہ ہے اور احتساب کا نظام قائم کرنا اس کی ذمہ داری ہے، نیب کی گذشتہ سالوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چنیوٹ کے قدرتی وسائل کے ذخائر کا ٹھیکہ بغیر ٹینڈر کے دیا گیا، ڈیل ہوئی اور ساڑھے 4 سو ارب روپے ضائع کر دیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ نندی پور کا 30 ارب کا منصوبہ بھی بغیر ٹینڈر ایک کمپنی کو دیا گیا، نندی پور پاور پروجیکٹ کی مشینری کراچی بندرگاہ پر پڑی خراب ہوگئی۔


    گرفتاریوں، نااہلیوں نے الیکشن پر سوالیہ نشان لگادیا، شہباز شریف


    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کی طرف سے مجھے وزارت عظمیٰ کے لیے چنا گیا ہے، نوازشریف نے میری بطور وزیراعظم نامزدگی کی توثیق کی تھی، اگر انتخابات جیت گئے تو میں وزیراعظم بنوں گا۔

    پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار، نوازشریف کے سب سے دیرینہ سیاسی رفیق اور دوست رہے، ان کی دوستی کا عینی شاہد ہوں، میرا بھی چوہدری نثار کے ساتھ برادرانہ تعلق تھا، کاش یہ تعلق قائم رہتا۔


    کالا باغ ڈیم پر بات کرنا وقت کا زیاں ہے: شہباز شریف


    ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کام الزامات لگانا ہے، عمران خان نے مجھ پر بھی بہت سے الزامات لگائے لیکن آج تک ایک بھی الزام ثابت نہیں کر سکے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب کی کارروائیاں کوئی نہیں روک سکتا، چیئرمین نیب

    نیب کی کارروائیاں کوئی نہیں روک سکتا، چیئرمین نیب

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کو اس کی کارروائیوں سے کوئی نہیں روک سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے لاہور آفس کا تیسرے روز بھی دورہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب ایک غیر سیاسی ادارہ ہے، اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا۔

    دریں اثنا چیئرمین نیب کو ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے مختلف مقدمات پر بریفنگ دی گئی، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ نیب کا کوئی بھی قدم ماورائے قانون نہیں ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ احتساب ادارہ صرف پنجاب میں کارروائیاں کر رہا ہے۔

    چیئرمین نیب جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ جہاں مبینہ کرپشن ہے وہاں نیب کی طرف سے کارروائی ہو رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ شعور و آگہی کے سامنے کرپشن کی دیوار زیادہ دیر کھڑی نہیں رہ سکتی۔

    انھوں نے کہا کہ حکمرانوں سے پوچھا جا سکتا ہے کہ ٹیکس کا پیسا کہاں استعمال کیا گیا، جہاں پانچ لاکھ کا خرچہ تھا وہاں پانچ کروڑ کیسے خرچ ہوئے، یہ پوچھنا گستاخی نہیں ہے۔

    چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کے نوٹس سنجیدگی سے لیے جائیں، یہ دعوت نامے نہیں ہیں، انھوں نے کہا کہ نیب کو 80 فی صد درخواستیں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف موصول ہوتی ہیں۔ ہاؤسنگ اسکیموں میں این اوسی کے لیے 20،20 کروڑ روپے لیے گئے۔

    ملکی دولت لوٹنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا: چیئرمین نیب


    جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیموں میں خوب صورت اشتہارات کے ذریعے عوام کو لوٹا گیا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور دیگر ادارے غلط نہ کرتے تو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتے۔

    چیئرمین نیب نے  ایڈن انتظامیہ کے حوالے سے کہا کہ ان کے خلاف 11 ہزار شکایتیں موصول ہوئی ہیں، اس لیے ایڈن انتظامیہ کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے کی درخواست دے دی ہے، اس سلسلے میں نگراں حکومت کو بھی یاد دہانی کرائی گئی ہے۔

    جاوید اقبال نے کہا کہ ایڈن انتظامیہ کے 20 ارب روپے کے اثاثے منجمد کر دیئے گئے ہیں، انتظامیہ کے مفرور لوگوں کو بھی انٹرپول کی مدد سے گرفتار کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صاف پانی کرپشن اسکینڈل : نیب نے کل شہبازشریف کو طلب کرلیا، سوالنامہ تیار

    صاف پانی کرپشن اسکینڈل : نیب نے کل شہبازشریف کو طلب کرلیا، سوالنامہ تیار

    لاہور : قومی احتساب بیورو نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل سے متعلق شہباز شریف کیلئے25سے زائد سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار کرکے25جون کو طلب کرلیا، سابق وزیر اعلیٰ نے جواب دہی کیلئے قانونی ماہرین سے رائے مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں نیب نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کیلئے25سے زائد سوالوں پر مشتمل سوالنامہ تیار کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کل بروز پیر نیب میں طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں شہباز شریف سے کیےجانے والے سوالات کاجائزہ لیا گیا، لاہور ہیڈ کوارٹر میں ہونے اجلاس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی نیب کو بریفنگ دی۔

    ذرائع کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ کنسلٹینسی کی مد میں چار ارب روپے خرچ کئے گئے، کنسلٹینٹ نے جہاں فلٹریشن پلانٹس کی ہدایت کی تھی وہ وہاں نہیں لگائے گئے، اس کے علاوہ صاف پانی کمپنی میں بھرتیاں بھی شہباز شریف کے کہنے پر کی گئیں، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہباز شریف کو کل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے سخت سوالات کا سامنا کرنا ہوگا۔

    شہبازشریف کی چارجون اورفواد حسن فواد کی 25مئی کو نیب میں طلبی

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی قومی احتساب بیورو نے صاف پانی کمپنی کرپشن اسکینڈل میں شہبازشریف کو چار جون کو طلب کیا تھا جس میں سابق وزیر اعلیٰ نے خود آنے کے بجائے اپنے نمائندے کو پیش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: نیب کا مجھے طلب کرنا بدنیتی کے سوا کچھ نہیں، شہباز شریف


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • خوشحال پاکستان اسکیم : عدم ثبوت پر نواز شریف کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری

    خوشحال پاکستان اسکیم : عدم ثبوت پر نواز شریف کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : نیب نے خوشحال پاکستان پروگرام میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف عدم ثبوت پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی جبکہ کیپٹن (ر) صفدر اور امیر مقام کےخلاف آمدنی سے زائد اثاثوں پر انکوائری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف شخصیات کیخلاف تحقیقات کی منظوری جب کہ کچھ تحقیقات بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف خوشحال پاکستان پروگرام میں عدم ثبوت کی بنیاد پرانکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ کیپٹن (ر) صفدر اور امیر مقام کےخلاف آمدن سے زائد اثاثوں پرانکوائری کی منظوری دی گئی،اس کے علاوہچوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری منظورالہٰی کے خلاف بھی عدم ثبوت کی بنا پر تحقیقات بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں سابق صوبائی وزیراظہارحسین کھوسہ کےخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر اور ضیاءالحسن لنجار کےخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی، نیب ذرائع کے مطابق ضیاءالحسن لنجار پرآمدن سے زائد اثاثے بنانے12کروڑ سے زائد کی خورد برد کا الزام ہے۔

    علاوہ ازیں اجلاس میں سابق سی پی او ملتان عامر ذوالفقارکے خلاف آمدنی سے زائد اثاثوں پرانکوائری اور سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایازخان ودیگر کےخلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی،14.2ارب کی خورد برد کے الزام پر پی ایس او کے افسران کے خلاف تفتیش کی منظوری جبکہ ،وائس چانسلر سندھ ایگریکلچرل یونیورسٹی ٹنڈوجام مجیب الدین میمن کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ہے۔

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • نگراں سیٹ اپ کی کلیئرنس کے لیے نیب تیار

    نگراں سیٹ اپ کی کلیئرنس کے لیے نیب تیار

    اسلام آباد: نگراں سیٹ اپ کی کلیئرنس کے لیے قومی احتساب بیورو نے تیاری مکمل کرلی ہے، بیورو کریسی کی کلیئرنس کے لیے خاص انتظامات کرلیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کی نیب سے کلیئرنس کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ معلوم ہو کہ کہیں ان کے خلاف کوئی کیس تو نہیں چل رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کے وزیر اعظم اور وزرا کے نام نیب کلیئرکرے گا جس کے بعد ان کی منظوری دی جائے گی، نیب کی تحقیقات میں یہ معلوم کیا جائے گا کہ ان کے خلاف کوئی انکوائری تو نہیں ہورہی ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق چاروں صوبوں کے نئے چیف سیکریٹریز کی بھی چھان بین کی جائے گی، جب کہ نگراں حکومت اور بیوروکریسی کی کلیئرنس کے خاص انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

    نگراں وزیراعظم کامعاملہ الیکشن کمیشن تک جانےنہیں دیں گے: خورشید شاہ


    واضح رہے کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان پیدا شدہ ڈیڈ لاک تاحال ختم نہیں ہوسکا ہے، اپوزیش کی کوشش ہے کہ یہ معاملہ الیکشن کمیشن نہ جائے بلکہ اسے جمہوری طریقے سے حل کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تک لے جایا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب نے اربوں روپے مالیت کی 10 ہزار ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی

    نیب نے اربوں روپے مالیت کی 10 ہزار ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی

    جامشورو: قومی احتساب بیورو نے سندھ کے ضلع جامشورو میں اربوں روپے مالیت کی 10 ہزار ایکڑ پر پھیلی سرکاری زمین واگزار کرالی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ 75 ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین نجی بتا کر فروخت کی جارہی ہے، جس پر نیب نے کارروائی کرتے ہوئے اسے واگزار کرالیا۔

    نیب ترجمان کے مطابق مذکورہ سرکاری زمین جامشورو تھانہ بھولا خان کی حدود میں واقع ہے جس پر قبضہ کیا گیا تھا، سرکاری زمین پرائیویٹ کر کے درجنوں ہاؤسنگ سوسائٹیز بنادی گئی تھیں۔

    ترجمان نیب نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ جامشورو کی سرکاری زمین کو محکمہ ریونیو سندھ کے ملازمین فروخت کر رہے تھے، اس سلسلے میں نیب نے 17 اپریل کو محکمہ ریونیو کے تین ملازمین کو گرفتار بھی کیا تھا۔

    قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے بتایا کہ سرکاری ملازمین ریکارڈ میں جعلی اندراج کرتے تھے، نیب نے ڈی سی جامشورو سے زمین کا اندراج منسوخ کروا کر حکومت کو واپس دلوا دی، دوسری طرف ریونیو حکام نے مزکورہ زمین پر خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

    نیب کی کارروائیاں، سیکریٹری بلدیات نے دفتری امور احتجاجاً بند کردیے


    واضح رہے کہ سندھ میں قومی احتساب بیورو خاصی متحرک ہے اور مختلف سرکاری محکموں میں کرپشن کے کیسز سے نمٹ رہی ہے، پچھلے مہینے نیب نے محکمہ بلدیات کے ذاتی سیکریٹری رمضان سولنگی کے گھر چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں کرنسی نوٹ، سونا اور پرائز بانڈ سمیت دیگر قیمتی اشیا برآمد کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈی جی نیب کراچی 11 مئی کوحیدر آباد میں کُھلی کچہری کریں گے

    ڈی جی نیب کراچی 11 مئی کوحیدر آباد میں کُھلی کچہری کریں گے

    کراچی: قومی احتساب بیورو کراچی کے ڈائریکٹر جنرل محمد الطاف باوانی 11 مئی کوحیدرآباد میں کُھلی کچہری کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حیدر آباد میں چیئرمین نیب کی ہدایات پر ایک کھلی کچہری قائم کی جارہی ہے۔

    کھلی کچہری میں ڈی جی نیب کراچی و دیگر افسران کرپشن پرعوامی شکایات وصول کریں گے، ترجمان نیب نے کہا ہے کہ کھلی کچہری میں عوام اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

    ترجمان نیب کے مطابق کھلی کچہری سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں صبح 10 سے دوپہر 12 بجے تک منعقد ہوگی، عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کرپشن جیسی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔

    نیب اعلامیے کے مطابق عوام ذاتی شکایات جمع کرانے سے گریز کریں اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے اہل کاروں اور افسران کی نشان دہی کریں۔

    نوازشریف کے خلاف میڈیا رپورٹس پر تحقیقات کررہے ہیں، انتقامی کارروائی پر یقین نہیں‌ رکھتے: نیب

    ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں سرکاری منصوبوں اور کاموں میں خورد برد کی شکایات جمع کرائی جاسکتی ہیں، درج ہونے والی درست شکایات پر نیب قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔