Tag: قومی ادارہ برائے امراض اطفال

  • انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی ہلاکت: نومولود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی

    انکیوبیٹر میں آگ لگنے سے بچی کی ہلاکت: نومولود بچی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) میں لگنے والی آگ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ جلنے والے انکیوبیٹر کے اندر موجود بچی، کرنٹ لگنے اور دھوئیں کی وجہ سے جاں بحق ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق چند روز قبل قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ)میں آگ لگنے اور بچی کے جھلس کر جاں بحق ہونے کے بارے میں صوبہ سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل پیچوہو کا کہنا ہے کہ واقعہ غفلت کا نتیجہ ہے، آگ لگ گئی تھی تو بچے کو بچانے کی کوشش کرنی چاہیئے تھی۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ 4 رکنی کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے، کمیٹی نے متاثرہ خاندان، متعلقہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا بیان ریکارڈ کیا۔ دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے انکیوبیٹر بنانے والی کمپنی کے وینڈر کو طلب کرلیا ہے، انکیوبیٹر بنانے والی کمپنی اپنے وینڈر کے ذریعے بیان ریکارڈ کروائے گی۔

    ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے انکیوبیٹر کا صرف پنکھا اور تاریں جلیں۔ آگ نے انکیوبیٹر کی الیکٹرک سپلائی اور ہیٹر کو نقصان نہیں پہنچایا۔ انکیوبیٹر میں موجود آکسیجن شارٹ سرکٹ کے باعث آگ کا سبب بنی۔

    ذرائع کا کہنا ہے نومولود بچی کی موت کرنٹ لگنے اور دھواں بھرنے سے ہوئی۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل قومی ادارہ برائے امراض اطفال (این آئی سی ایچ) کے آئی سی یو میں ایک انکیوبیٹرمیں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ آگ لگنے سے انکیوبیٹر کے اندر موجود نومولود بچی اندر ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔

  • وفاق نے سندھ کے 3 بڑے اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول واپس لے لیا

    وفاق نے سندھ کے 3 بڑے اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول واپس لے لیا

    اسلام آباد: وفاق نے سندھ کے 3 بڑے اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول واپس لے لیا، وزارت قومی صحت نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کراچی کے تینوں بڑے اسپتالوں کا انتظامی کنٹرول سنبھال لیا ہے، نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا انتظامی کنٹرول وفاق کو منتقل ہو گیا۔

    امراض قلب کے قومی ادارے این آئی سی وی ڈی کا انتظامی کنٹرول بھی وفاقی حکومت نے واپس لے لیا، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کا کنٹرول بھی وفاقی حکومت کو منتقل ہو گیا۔

    وزارت قومی صحت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں اسپتالوں کے انتظامی و مالی معاملات، ملازمین اور اثاثے وفاقی حکومت کو منتقل ہو گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  قومی ادارہ برائے امراض قلب میں مالی بحران شدت اختیار کر گیا

    یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے 3 اسپتالوں کی مرکز کو منتقلی کی منظوری دی تھی، سپریم کورٹ نے بھی تینوں اسپتالوں کا وفاق کو حوالگی کا فیصلہ دیا تھا۔

    وزارت قومی صحت کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت کو 90 روز کے اندر تینوں اسپتالوں کا انتظام سنبھالنا تھا۔

    نوے روز کی مدت پوری ہونے کے بعد محکمہ قانون کی جانب سے یاد دہانی پر وفاقی حکومت کو نوٹیفکیشن جاری کرنا پڑا۔