اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کہتے ہیں پانچ سال کے دوران دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نو ہزار چھ سو انیس افراد جاں بحق ہوئے۔ اڑتیس ارب چوّن کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے ایوان میں پانچ سال کے دوران دہشت گردی کیخلاف جنگ کی تحریری تفصیلات پیش کیں۔
چوہدری نثار نے بتایا کہ حکومت نے دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ اسلحہ لائسنس دینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ساٹھ کالعدم تنظیموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کرا چی آپریشن کی بھر پور نگرانی کی جا رہی ہے۔ امن و امان کیلئے نئی پالیسی پر عملدر آمد جاری ہے۔ تریسٹھ لاکھ بیس ہزار غیر تصدیق شدہ سمیں بند کر دی گئی ہیں۔