Tag: قومی اسمبلی

  • قومی اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور

    قومی اسمبلی میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد متفقہ طور پرمنظور

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں کشمیریوں سےاظہاریکجہتی کی قراردادمتفقہ طور پرمنظور کرلی گئی ، جس میں کہاگیا کہ کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حق خودارادیت دیاجائے۔

    تفصیلات کےمطابق اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، چیئرمین کشمیر کمیٹی فخرامام نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کی قرارداد پیش کی اور کہا ایوان مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مذمت کرتاہے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کشمیری عوام اوررہنماؤں پرتشددقابل مذمت ہے، سیدعلی گیلانی اورمیرواعظ عمرفاروق گھروں میں نظر بند ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوفوری ختم کیاجائے۔

    قرارداد میں کہا گیا کشمیری عوام سات دہائیوں سےبھارتی تسلط میں ہیں ، 13ہزارنوجوانوں کونامعلوم مقامات پرحراست میں رکھا گیا ہے اور 9 لاکھ بھارتی فوج نےکشمیرکودنیامیں سب بڑی جیل بنادیاہے۔

    قرارداد کے مطابق  خواتین اوربچوں سمیت کشمیری قربانیاں دےرہےہیں اور بھارتی فوج خواتین سےعصمت دری کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے۔

    متن میں کہا گیا کشمیری عوام 7دہائیوں سےبھارتی تسلط کےخلاف جدوجہدکررہےہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی عالمی اداروں سےتحقیقات کرائیں جائیں اور کشمیریوں کویواین کی قراردادوں کےمطابق حق خودارادیت دیاجائے۔

    بعد ازاں قومی اسمبلی میں کشمیریوں سےاظہاریکجہتی کی قراردادمتفقہ طور پرمنظور کرلی گئی۔

    خیال رہے 5 اگست کے بعد سے مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن برقرار ہے، شدیدسردی میں کشمیری دواؤں، کھانے پینے کی اشیا کے بحران کا شکار ہے جبکہ تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز بند ہے اور انٹرنیٹ، موبائل سروس بدستور معطل ہے۔

    مقبوضہ کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھارتی فوجی نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھروں میں گھس کرخواتین کو ہراساں اور نوجوانوں  کو گرفتارکررہے ہیں جبکہ کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں  لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

  • بھارت نے کوئی اوچھی حرکت دوبارہ کی تو پھر چائے نہیں پیش کریں گے: فواد چوہدری

    بھارت نے کوئی اوچھی حرکت دوبارہ کی تو پھر چائے نہیں پیش کریں گے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کوئی اوچھی حرکت دوبارہ کی تو ہم پھر چائے نہیں پیش کریں گے، مودی نے رات کے اندھیرے میں جہاز بھیجے ہم نے دن کی روشنی میں جواب دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین سے موجود پاکستانیوں کے معاملے پر بحث ہونی چاہیئے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے دہلی میں جلسہ کیا اور بڑھکیں ماریں، مودی نے رات کے اندھیرے میں جہاز بھیجے ہم نے دن کی روشنی میں جواب دیا۔ جو چائے ہم نے پلائی تھی اس کی گرمائش اب تک محسوس ہو رہی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایسی حرکت دوبارہ کی تو ہم پھر چائے نہیں پیش کریں گے۔ پاکستان کی سرزمین پر کشمیر کے لیے پہلے بھی 3 جنگیں لڑی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مودی کی شکل میں ہندو شدت پسند حکومت بھارت پر مسلط ہے، بھارت امن نہیں چاہے گا تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ جب کوئی شریف بدمعاش بنتا ہے تو اس سے بڑا بدمعاش کوئی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس بار بھارت آیا تو چائے نہیں کچھ اور ہی ملے گا، مودی سرکار کے اقدامات نے بتا دیا قائد اعظم کا نظریہ کتنا عظیم تھا۔

  • جاوید لطیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    جاوید لطیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی سفارش پر مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور جاوید لطیف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔

    ذرائع کے مطابق کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے ای سی ایل نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش کی تھی جس کی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے اور نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست 15 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کرچکی ہے۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب کے سامنے پیش

    یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی احتساب بیورو نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات کے لیےطلب کیا تھا جس پر مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نیب لاہور کے آفس میں پیش ہوئے تھے۔

    نیب میں پیشی سے قبل میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہ وہی پوچھ گچھ ہے جو 2000ء میں بھی ہوئی تھی، تب بھی وہی اثاثے تھے اور آج بھی وہی ہیں۔

  • زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری تاریخی قانون سازی ہے، فردوس عاشق اعوان

    زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری تاریخی قانون سازی ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری تاریخی قانون سازی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قصور کی زینب کی دوسری برسی پر قومی اسمبلی سے زینب الرٹ بل منظور ہوا۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ زینب الرٹ بل کی متفقہ منظوری تاریخی قانون سازی ہے، 2020 کے آغاز پر اہم قانون سازی عوامی امنگوں کی حقیقی آئینہ دار ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون بچوں کو محفوظ بنانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا، قانون کے تحت زینب الرٹ رسپانس، ریکوری ایجنسی کا قیام ممکن ہوگا۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پھول جیسے بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، بچوں کو گھناؤنے ظلم سے بچانا اور معاشرتی تحفظ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے۔

  • قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل متفقہ طور پر منظورکرلیا

    قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل متفقہ طور پر منظورکرلیا

    اسلام آباد : قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل متفقہ طورپرمنظورکرلیا، جس کےتحت بچوں کیخلاف جرائم پر 10 سے 14 سال سزادی جاسکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قصورکی ننھی پری زینب تو دنیا سے چلی گئی لیکن حکمرانوں کے ضمیرجھنجھوڑ گئی، قومی اسمبلی نے زینب الرٹ بل متفقہ طور پر منظور کرلیا کیا، ایکٹ کےتحت بچوں کیخلاف جرائم پر دس سےچودہ سال سزادی جاسکے گی اور جو افسر دو گھنٹے کےاندربچےکیخلاف جرم پر ایکشن نہیں لے گا اسے سزا دی جائے گی۔

    بل کے متن میں کہا گیا 109 ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی جبکہ 18 سال سےکم عمربچوں کےاغوا،قتل،زیادتی کی اطلاع کیلئے اور زینب الرٹ جوابی ردعمل و بازیابی کے لئے ایجنسی قائم کی جائے گی، ہیلپ لائن پر بچے کی فوری اطلاع دی جائے گی۔

    زینب کے والد امین انصاری نے ایکٹ کی منظوری احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا اب پولیس اگر فوراایکشن نہیں لےگی تو وہ قصوروارہوگی، مجرم کی پھانسی کی سزاہونی چاہئے۔

    وفاقی وزیر اسد عمرنے ٹوئٹ میں کہا آج پارلیمان نے متفقہ طورپر بل منظورکر لیا، امید ہے سینیٹ بھی اس قانون کو جلد منظور کرلے گی۔

    سینٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹ میں کہا زینب الرٹ بل منظورکرنے قومی اسمبلی کا شکریہ، بل سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، اس کے بعداسمبلیوں میں پیش ہوگا، بل سے زینب الرٹ ریسپونس اینڈ ریکوری ایجنسی کی راہ ہموارہوگی۔

    یاد رہے 2018 قصور کی ننھی زینب کے بہیمانہ قتل نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا، چار جنوری ننھی زینب کو ٹیوشن پڑھنے کے لیے جاتے ہوئے راستے میں اغوا کیا گیا تھا، جس کے دو روز بعد اس کی لاش ایک کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی اور دس جنوری کو بچی کا جنازہ اور تدفین کی گئی تھی۔

    زینب کے قتل کے بعد ملک بھرمیں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی ، زینب قتل کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے مختصرٹرائل تھا، جو چالان جمع ہونے کے سات روز میں مکمل کیا گیا تھا، جس کے بعد 17 فروری کو انسداد دہشت گردی عدالت نے مجرم عمران کو چار مرتبہ سزائے موت، عمر قید، سات سال قید اور 32 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔

    بعد ازاں عدالتی حکم پر 17 اکتوبر کی صبح کوٹ لکھپت کے سینٹرل جیل میں سفاک قاتل کو زینب کے والد کی موجودگی میں صبح ساڑھے پانچ بجے تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔

  • ماڈل ٹاؤن میں خواتین اور بچوں کی لاشیں ہم نے خود دیکھیں: مراد سعید

    ماڈل ٹاؤن میں خواتین اور بچوں کی لاشیں ہم نے خود دیکھیں: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کی قیادت پر قتل کے الزامات لگتے آئے ہیں، ماڈل ٹاؤن میں 14 خواتین اور بچوں کی لاشیں ہم نے خود دیکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو شہریار آفریدی اسمبلی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کا مؤقف پیش کریں گے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ ایک ادارے کو ٹارگٹ کیا گیا ان پر ہم نے کوئی سوالات نہیں اٹھائے، خود ان کی پارٹی کی قیادت پر قتل کے الزامات لگتے آئے ہیں، کیا ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن بھول گئے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں 14 خواتین اور بچوں کی لاشیں ہم نے خود دیکھیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام نے اپنے مسائل کے لیے اسمبلی بھیجا اور یہ اپنے لیے آواز اٹھاتے ہیں، ہر بندہ کرپشن اور منشیات پر آ کر بات کرے گا تو قانون سازی کہاں جائے گی۔

    مراد سعید نے کہا کہ ان کے کہنے پر جن کا قتل عام ہوا وہ کہاں جائیں گے۔

    یاد رہے گزشتہ روز مراد سعید نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ معاشی لحاظ سے 2019 مشکل سال تھا، پختونخواہ میں صحت انصاف کارڈ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا، صحت کارڈ سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک مفت علاج کروایا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں 543 خاندانوں کو صحت کارڈ مارچ تک مل جائے گا، قومی شناختی کارڈ کا حامل شخص صحت کارڈ سے علاج کروا سکتا ہے، کوئی بیمار ہوگا تو اس کی ذمہ داری ریاست پاکستان نے اٹھائی ہے۔

  • گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت پر ایک ارب روپے سے زائد اڑا دیے گئے

    گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت پر ایک ارب روپے سے زائد اڑا دیے گئے

    اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت و دیکھ بھال پر لگ بھگ ڈیڑھ ارب روپے خرچ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران خزانہ ڈویژن نے وزارت کی 5 سال میں ہونے والی گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کی تفصیلات پیش کیں۔

    وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق 31 گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال پر 4 کروڑ 68 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے، ملٹری فنانس ونگ کی 3 گاڑیوں پر 10 لاکھ 29 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل کی 198 گاڑیوں کی مرمت پر 4 کروڑ 64 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے۔ نیشنل سیونگ کی 61 گاڑیوں پر 2 کروڑ 5 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایس ای سی پی کی 14 گاڑیوں پر 31 لاکھ روپے خرچ ہوئے، زرعی ترقیاتی بینک کی 54 گاڑیوں پر 1 کروڑ 92 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ نیشنل بینک کی 58 گاڑیوں پر 4 کروڑ 94 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی 1490 گاڑیوں کی مرمت پر 1 ارب 77 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

  • سخت سردی میں سڑکوں پر سونے والوں کو ریاست نے گلے لگایا ہے: مراد سعید

    سخت سردی میں سڑکوں پر سونے والوں کو ریاست نے گلے لگایا ہے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ بیماروں کی ذمہ داری ریاست پاکستان نے اٹھائی ہے، سخت سردی میں سڑکوں پر سونے والوں کو ریاست نے گلے لگایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ معاشی لحاظ سے 2019 مشکل سال تھا، پختونخواہ میں صحت انصاف کارڈ کا آغاز 2015 میں ہوا تھا، صحت کارڈ سے 7 لاکھ 20 ہزار روپے تک مفت علاج کروایا جا سکتا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں 543 خاندانوں کو صحت کارڈ مارچ تک مل جائے گا، قومی شناختی کارڈ کا حامل شخص صحت کارڈ سے علاج کروا سکتا ہے، کوئی بیمار ہوگا تو اس کی ذمہ داری ریاست پاکستان نے اٹھائی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں تک صحت کی سہولتیں پہنچانا حکومت کا فرض ہے، حکومت نے پورے پاکستان کے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے سبسڈی دی ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 6 ارب کی سبسڈی دی گئی ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ 15 لاکھ سے زائد لوگ اس وقت شیلٹر ہاؤس سے مستفید ہو چکے ہیں، سخت سردی میں ریاست نے سڑکوں پر سونے والوں کو گلے لگایا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت مواصلات کی بڑی کامیابی سامنے آئی تھی، وزارت مواصلات کے ریونیو میں 24 ارب 42 کروڑ کا اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق بڑے منصوبوں میں خرد برد کے 11 ارب 90 کروڑ روپے وزارت کو وصول ہوگئے۔

    وزارت میں سادگی مہم کے ذریعے 23 کروڑ 78 لاکھ روپے کی بچت بھی کی گئی۔ ادارے نے قومی خزانے پر انحصار کے بجائے اپنے بزنس پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جبکہ پاکستان کے سب سے بڑے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبے کے آغاز کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

  • ججز کے عہدوں کی طرح وزیر اعظم کے عہدے کا احترام بھی کرنا ہے: فواد چوہدری

    ججز کے عہدوں کی طرح وزیر اعظم کے عہدے کا احترام بھی کرنا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 73 کے آئین میں وزیر اعظم کو غور کے بعد آرمی چیف کی تعیناتی اور مدت ملازمت پر اختیار دیا گیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ آرٹیکل 243 کے برعکس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سروسز چیفس کی مدت ملازمت کا بل متفقہ طور پر پاس ہوگیا، پارلیمنٹ میں اپوزیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آرٹیکل 243 کے برعکس ہے، آرٹیکل 243 کے تحت کسی کو لگانا یا ہٹانا وزیر اعظم کا اختیار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں پارلیمنٹ میں یہی ماحول برقرار رہنا چاہیئے۔ پیپلز پارٹی نے بھی سفارشات واپس لے لی تھیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 73 کے آئین میں وزیر اعظم کو غور کے بعد آرمی چیف کی تعیناتی اور مدت ملازمت پر اختیار دیا گیا، ضروری نہیں تمام فیصلے درست ہوں مگر سپریم کورٹ کے فیصلے حتمی ہوتے ہیں۔ ججز کے عہدوں کی طرح وزیر اعظم کے عہدے کا احترام بھی کرنا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج سینیٹ کے سیشن میں بھی بل پیش کر دیےجائیں گے۔ سینیٹ سے بل منظور ہو کر یہ قانون بن جائے گا۔ اس کے بعد نیب آرڈیننس پر بات چیت کا آغاز بھی کیا جائے گا، معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں مشاورت ہوگی۔

  • ایران ہمارا برادر ملک ہے، وزیرخارجہ

    ایران ہمارا برادر ملک ہے، وزیرخارجہ

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران نے کشمیر پر ہمارا ساتھ دیا، میں اعتراف کرتا ہوں، ایران ہمارا برادر ملک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا چیلنج صرف پاکستان کا نہیں پورے خطے کا ہے، مشرق وسطیٰ کے تنازعوں کی ایک تاریخ ہے، مشرق وسطیٰ کی تاریخ کئی دہائیوں کی ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 3 جنوری کو حملہ ہوا کل پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے کشمیر پر ہمارا ساتھ دیا، میں اعتراف کرتا ہوں، ایران ہمارا برادر ملک ہے۔

    ‘جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ اور بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے’

    اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا یہ خطہ عرصہ دراز سے کشیدگی‌ اور عدم استحکام کا شکار رہا، خطے کے بہت سے مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال بہت نازک اور تشویشناک ہے، مشرق وسطیٰ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے۔