Tag: قومی اسمبلی

  • ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور

    ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے میں مددگار ترمیمی بل منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیٹی نے باہمی قانونی معاونت ترمیمی بل 2019 منظور کر لیا، کمیٹی کے بیش تر ارکان نے بل کی حمایت کی تاہم پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل کی جانب سے بل کی مخالفت کی گئی۔

    سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ بل انتہائی ضروری ہے، بل ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکلنے میں مدد دے گا۔

    دوسری طرف پی پی رکن عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ یہ دیکھنا پڑے گا کہ کہیں بل سے سیاسی مقاصد تو حاصل نہیں ہوں گے، کیوں کہ اس بل سے متعلق پہلے دن ہی سے اختلاف تھا کہ اس سے سیاسی فوائد حاصل ہوں گے، یہ بھی دیکھا جائے جس ملک سے معاہدہ ہو وہ یک طرفہ نہ ہو۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف اے ٹی ایف کا معاملہ، چین پاکستان کی حمایت بول پڑا

    سیکریٹری داخلہ نے جواب میں کہا کہ مجوزہ بل کے سیکشن 8 کے تحت یہ کسی طور بھی یک طرفہ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر برائے معاشی امور حماد اظہر نے عندیہ تھا کہ پاکستان 2020 میں ایف اے ٹی ایف کی گرے سے وائٹ لسٹ میں آجائے گا۔ رواں ماہ یکم نومبر کو چین نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کی حمایت کی، اور کہا کہ ایف اے ٹی ایف رکن ممالک کے ساتھ مل کر پاکستان کو مزید تعاون اور مدد فراہم کرنے کے لیے کام کریں گے۔

  • وزیراعظم آج قومی اسمبلی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے

    وزیراعظم آج قومی اسمبلی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج قومی اسمبلی اجلاس سے اہم خطاب کریں گے، مولانا دھرنا سمیت کرتارپور راہداری پر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج متوقع ہے، وزیراعظم عمران خان ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کرتارپورراہداری سمیت ملکی امور پر ارکان اسمبلی کو اعتماد میں لیں گے۔

    اجلاس سے قبل پارلیمانی پارٹی سرجوڑ کر بیٹھے گی، وفاقی دارالحکومت تمام اہم سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے پر ساری سیاسی قیادت اسلام آباد میں موجود ہوگی۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں جاری اپوزیشن دھرنے سے ملک میں سیاسی ہلچل ہے، دوسری جانب سکھ برادری کے لیے کرتارپور راہداری کی فقیدالمثال افتتاحی تقریب نو نومبر کو ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شرکت کریں گے، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا۔

    یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر سکھ برادری کےخیرمقدم کیلئے خصوصی نغمہ جاری کیا گیا تھا جبکہ بابا گرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ اور یادگاری سکہ کا اجرا کیا گیا تھا۔

    کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب 9 نومبر کو ہوگی

    خطاب کے دوران وزیراعظم ان تمام امور پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خطاب کے دوران اپوزیشن بینچ کی جانب سے احتجاج ممکن ہے۔

    دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ مارچ یا دھرنا سیاسی سرگرمی ہے فوج کا تعلق سیاست سے نہیں ہوتا، مارچ میں فوج سے متعلق بیانات پر ردعمل دے چکے ہیں۔

  • ریلوے ملازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں، قائمہ کمیٹی کا تحفظات کا اظہار

    ریلوے ملازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں، قائمہ کمیٹی کا تحفظات کا اظہار

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اراکین نے ملازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے، جس پر وزارت ریلوے نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق آج معین وٹو کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت ریلوے نے بذریعہ کمپیوٹر قرعہ اندازی بھرتیوں کے معاملے پر بریفنگ دی، بتایا گیا کہ چھوٹے ملازمین کی بذریعہ قرعہ اندازی بھرتیاں قواعد اور حکومتی پالیسی کے تحت ہیں۔

    اراکین کمیٹی نے قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا ریلوے میں میرٹ کے بر خلاف من پسند افراد کی بھرتیاں جاری ہیں، تاہم وزارت ریلوے نے کہا کہ بھرتیاں شفاف اور میرٹ پر کی جا رہی ہیں، وزارت ریلوے نے اراکین کمیٹی کو بھرتیوں سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

    وزارت ریلوے کے حکام نے سی پیک میں شامل ریلوے منصوبوں پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دی، بتایا گیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی منظوری 2015 میں دی گئی تھی، سی پیک میں شامل ریلوے منصوبے حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، ایم ایل ون منصوبے کا پی سی ون منظوری کے مراحل میں ہے، اس پر 8.2 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔

    حکام نے بتایا کہ ایم ایل ون منصوبہ تین مراحل میں 5 سال میں مکمل ہوگا، ریلوے لائنز پر پھاٹک ختم ہوں گے، ٹریکس پر گزرنے کے لیے انڈر پاس، فلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے اور باڑ لگائی جائے گی، گوادر تا مستونگ اور حویلیاں تا خنجراب ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ایم ایل ون منصوبہ رواں مالی سال میں شروع کرنے کا ہدف ہے، اس کی تکمیل سے ریل کا سفر مزید آسان ہوگا، کراچی تا لاہور ریل سفر 18 کے بجائے 10 گھنٹے، لاہور تا ملتان فاصلہ 5 کے بجائے 3 گھنٹے، اسلام آباد تا لاہور ساڑھے چار کے بجائے اڑھائی گھنٹے، کراچی سے حیدر آباد کا سفر دو کے بجائے ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوگا۔

  • قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی عوام کے لیے کھولنے کا اعلان

    قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی عوام کے لیے کھولنے کا اعلان

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بڑا اہم قدم اٹھاتے ہوئے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی تک شہریوں کو رسائی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسد قیصر نے اسمبلی کے ایوان کی کارروائی عوام الناس کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، عام آدمی کے اجلاس کی کارروائی دیکھنے کے لیے ایک گیلری استقبالیہ تشکیل دیا جائے گا۔

    اسپیکر اسد قیصر کل 4 اکتوبر کو دن 12 بجے افتتاح کریں گے، ہر شہری شناختی کارڈ کے ذریعے اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھ سکے گا۔

    انھوں نے کہا ایوان کی کارروائی تک عام پاکستانی کو رسائی دینے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو منتخب نمایندوں سے رابطوں میں آسانی پیدا ہوگی، یہ ایوان عوام کے ووٹوں سے وجود آیا، اس میں رسائی عوام کا حق ہے۔

    تازہ ترین:  زرعی پیداوار میں اضافہ ہی ملکی معیشت بہتر کر سکتا ہے: اسپیکر قومی اسمبلی

    اسد قیصر نے کہا ایوان بالا اور ایوان زیریں عوام کے تمام حقوق کے ضامن ہیں، اس فیصلے پر عمل پیرا ہو کر عام آدمی کے مسائل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسد قیصر نے پہلے بھی قومی اسمبلی سے متعلق غیر معمولی فیصلے کیے ہیں، گزشتہ سال دسمبر میں انھوں نے سیاست دانوں پر ذاتی گارڈز پارلیمنٹ احاطے میں لانے پر پابندی لگا دی تھی۔

    جب کہ اس سے قبل اکتوبر میں اسد قیصر نے حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی گاڑیوں کی نیلامی کا فیصلہ بھی کیا تھا۔

  • ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کامیابی کالعدم قرار

    ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کامیابی کالعدم قرار

    اسلام آباد: الیکشن ٹربیونل نے حلقہ این اے 265 سے تحریک انصاف کے رہنما اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دے دیا۔

    قاسم سوری کی انتخابی کامیابی کو بی این پی کے نوابزادہ لشکر رئیسانی نے چیلنج کیا تھا اور 2018 انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

    لشکر رئیسانی ان 5 امیدواروں میں سے ایک تھے جنہوں نے این اے 265 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن انہیں قاسم سوری سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    قاسم سوری کی کامیابی کے خلاف درخواست پر جسٹس عبداللہ بلوچ کی سربراہی میں الیکشن ٹربیونل نے سماعت کی تھی اور 14 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا گیا۔

    الیکشن ٹریبونل نے نادرا کی رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ سنایا، رپورٹ میں 52 ہزارسے زائد ووٹ کی عدم تصدیق کی نشاندہی کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ قاسم سوری نے عام انتخابات 2018 میں بلوچستان میں قومی اسمبلی کے حلقہ 265 کوئٹہ 2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بعدازاں وہ 15 اگست کو 183 ووٹز حاصل کرکے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

  • وزارت قانون نے قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر قوانین میں تبدیلی کی ٹھان لی

    وزارت قانون نے قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر قوانین میں تبدیلی کی ٹھان لی

    اسلام آباد : وزارت قانون نے قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر قوانین میں تبدیلی کی ٹھان لی،  ترمیم کے بعد کرپشن مقدمات میں نامزدارکان کے پروڈکشن آرڈرجاری نہیں ہوسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قانون نے قومی اسمبلی کےپروڈکشن آرڈرقوانین میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے، چندہفتوں میں قوانین میں تبدیلی کاڈرافٹ تیار کرلیا جائے گا۔

    ،ذرائع وزارت قانون کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کےقواعدوضوابط کےسیکشن108 میں ترمیم ہوگی، ترمیم کے بعد کرپشن مقدمات میں نامزدارکان کےپروڈکشن آرڈرجاری نہیں ہوسکیں گے

    وزارت قانون نے مسودے کی تیاری اسمبلی سیکریٹریٹ کی سفارش پر شروع کردی ہے۔

    یاد رہے جولائی میں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ اراکین پارلیمنٹ کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق قوانین میں ترمیم کی جائے، جس کے بعد یہ معاملہ وزارت قانون کے سپرد کر دیا گیا تھا۔

    مزید  پڑھیں:  منی لانڈرنگ اور کرپٹ ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں، وزیراعظم

    اجلاس میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ منی لانڈرنگ اور اور کرپشن میں ملوث ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہونے چاہئیں اور نہ ایسے قیدیوں کو جیل میں سیاسی قیدی کا درجہ ملنا چاہیے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جن پر پیسے چوری کرنے کا الزام ہے وہ اسمبلی میں تقرریں کیسے کر سکتے ہیں، یہ ہمیں سلیکٹڈ کس منہ سے کہتے ہیں، یہ تاریخی خسارہ چھوڑ کر گئے ہیں۔

  • کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے: مراد سعید

    کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ قانون موجود ہے، نیب آزاد ادارہ ہے، کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے۔ خدارا اپوزیشن کالی پٹیاں کشمیری بھائیوں کے لیے بھی پہن کر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں جب داخل ہوا تو اپوزیشن نے کالی پٹیاں باندھ رکھی تھی، مجھے لگا اپوزیشن والے دیر سے ہی سہی کشمیر پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ بعد میں اندازہ ہوا اپوزیشن والے تو اپنا رونا رو رہے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ قانون موجود ہے، نیب آزاد ادارہ ہے، کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے۔ کبھی سندھو دیش، کبھی سرائیکی تو کبھی پختونوں کی بات ہوتی ہے۔ اس وقت پورا کشمیر ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بھارت بے نقاب ہوا، ہندو توا دنیا کے سامنے آیا۔ آج پاکستان کے مؤقف کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم آج سعودی عرب اور پھر جنرل اسمبلی جا رہے ہیں۔ آج ہمیں پیغام دینا چاہیئے تھا کہ کشمیر کے لیے ہم ایک ہیں۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ افغان سرحد پر 5 جوان شہید ہوتے ہیں، کیا کسی سے ان کا نام سنا۔ دنیا میں پہلی بار پاکستان کا مثبت بیانیہ دنیا میں پھیل رہا ہے۔ سلامتی کونسل میں 53 سال بعد کشمیر پر بات ہو رہی ہے۔ 44 دن ہوگئے کشمیریوں کے پاس کھانا ہے نہ مواصلات کا نظام۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان اور ایوان کی طرف دیکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میٹر ریڈر بھی انسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا زرداری اور ایان علی کو ایک اکاؤنٹ سے پیسے جاتے تھے۔ جمہوریت کے نام پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں ایک ہوئے ہیں، خدارا اپوزیشن کالی پٹیاں کشمیری بھائیوں کے لیے بھی پہن کر آئے۔

  • کراچی کے مسائل کے حل کی بات کریں تو کہتے ہیں وفاق نہیں بچے گا: مراد سعید

    کراچی کے مسائل کے حل کی بات کریں تو کہتے ہیں وفاق نہیں بچے گا: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے اس کا ازالہ کرنا ہوگا، کراچی کے مسائل کے حل کی بات کریں تو کہتے ہیں وفاق نہیں بچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کچرا موجود تھا لوگوں کو اس سے تکلیف تھی، کیا ایم این ایز نہیں چاہتے کہ کراچی کا مسئلہ حل ہو۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ کراچی میں حالیہ بارش سے کئی لوگ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے، بلاول بھٹو کا بیان آیا زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔ بلاول بھٹو کا بیان سمجھ سے بالاتر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کچرا کنڈی بن چکا ہے اس کا ازالہ کرنا ہوگا، نیب نے مراد علی شاہ کو بلایا تو وہ اسمبلی میں بلاول کا بیان دہراتے ہیں۔ وفاق نے ایک بات کی ہے سب مل کر کراچی کو مسائل سے نکالیں گے۔ کراچی کے مسائل کے حل کی بات کریں تو کہتے ہیں وفاق نہیں بچے گا۔

    مراد سعید نے کہا کہ وفاق بچے گا مگر ان کی سیاست نہیں بچے گی، سندھ کے علاقے سب سے زیادہ غربت کا شکار ہیں۔ سندھ کی ترقی کا پیسہ اور تھر کا پیسہ ان لوگوں نے جعلی اکاؤنٹس میں ڈال دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایوان کا پیغام ہے کہ پاکستان قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے، یہ لوگ بیٹھ کر سندھ کی تقسیم کی باتیں کرتے ہیں، آپ تقسیم ہوجائیں گے اور آپ کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

  • ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    اسلام آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ریلوے کی سواریوں میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہو چکا ہے، ہم نے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے قومی اسمبلی اجلاس میں محکمہ ریلوے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا۔

    انھوں نے کہا ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا، دوسری طرف ریلوے کے اخراجات کم کیے گئے، ریلوے اپنے ٹریک پر رواں دواں ہے بلکہ پھل پھول رہا ہے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن بھوت بنگلے کا منظر پیش کرتا تھا، اب اس کی تزئین و آرایش شروع کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ ریلوے کی بدانتظامی، ٹرینیں حسب معمول تاخیر کا شکار، مسافر اذیت میں مبتلا

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا محدود وسائل میں رہ کر ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی بد انتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول کچھ عرصے سے مسلسل تاخیر کا شکار ہے، ریلوے حکام ٹرین آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مسافروں کو انتظار کی کوفت اور اذیت کا سامنا ہے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے رواں ماہ کہا تھا کہ 5 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کرنا ہے، ہم 138 ٹرینیں روزانہ چلا رہے ہیں، ساری ٹرینیں افسران اور مزدوروں کی محنت سے چلی ہیں، میں چاہتا ہوں سیاست سے بالاتر ہوکر ریلوے چلایا جائے۔

  • بلاول بھٹو کو سندھ کارڈ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا: وزیر خارجہ

    بلاول بھٹو کو سندھ کارڈ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے، بلاول بھٹو کے سیاسی سفر کی شروعات ہے، انہیں سندھ کارڈ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اگست میں 4 خط بھیجے، سیکیورٹی کونسل میں بحث آپ کے سامنے پیش کرتا ہوں، جنیوا میں 58 ممالک نے آپ کے مؤقف کی تائید کی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت پروپیگنڈا اس لیے کر رہا ہے کہ آج منہ دکھانے کے قابل نہیں، بھارت نے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق پامال کر رکھے ہیں، 17 ستمبر کو پہلی بار یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر اٹھایا جائے گا۔ عمران خان کی حکومت نے پوری دنیا میں اس مسئلے کو اجاگر کیا ہے، 27 ستمبر کو عمران خان پاکستان اور کشمیر کی آواز دنیا کو پہنچائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کے ارکان کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیئے، سندھ ملک کی اہم اکائی ہے، ماضی کے کردار سے کسی کو اختلاف نہیں۔ حکومت کے توسط سے کہتا ہوں آئین کا احترام تھا ہے اور رہے گا۔ وفاقی حکومت صوبائی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 149 سے متعلق وزیر قانون کا وضاحتی بیان پڑھا اور سنا ہے، فروغ نسیم نے وضاحت کی ہے جو مجھ سے منسوب کیا جا رہا ہے وہ نہیں کہا۔ بلاول بھٹو سے کہنا چاہوں گا آپ کے سیاسی سفر کی شروعات ہے، کسی کے دباؤ اور جذبات میں آ کر سندھو دیش کی بات کرنا مناسب نہیں۔ موجودہ چیئرمین پیپلز پارٹی کو سندھ کارڈ استعمال کرنا زیب نہیں دیتا۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تو ماضی میں وفاق کی بات کرتی رہی ہے۔ ہمارا ایمان ہے کہ ہر سندھی وفاق کا ساتھ دے گا ان کی حب الوطنی پر شک نہیں۔ واضح کہنا چاہتا ہوں ملک میں صوبائی تعصب کی کوئی لہر نہیں۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے احتجاج سے تاثر گیا مسئلہ کشمیر پر پروڈکشن آرڈر کو فوقیت ہے، صدر کی تقریر پر احتجاج جاری رہا۔ اپوزیشن کو احتجاج سے نہیں روکا۔ ہمیں ایک دوسرے سے سیکھنا اور ساتھ لے کر چلنا ہے۔