Tag: قومی اسمبلی

  • قومی اسمبلی کا اجلاس، 8ممالک کو فروخت کردہ اسلحے کی تفصیلات پیش

    قومی اسمبلی کا اجلاس، 8ممالک کو فروخت کردہ اسلحے کی تفصیلات پیش

    اسلام آباد : اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع و پیداوار رانا تنویر نے موجودہ دور حکومت میں فروخت کردہ اسلحے کی تفصیلات اسمبلی میں پیش کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اب تک 8 ممالک کو 9790 بندوقیں فروخت کی گئی ہیں۔ جن میں سب سے زیادہ بندوقیں کینیا کو فروخت کی گئیں جن کی تعداد 3600 ہے ۔

    وزارت دفاعی پیدوار نے بتایا کہ لکسمبرگ کو 3280 ،امریکہ کو 1791،اور برطانیہ کو 524 بندوقین فروخت کی گئیں ۔ جبکہ کوریا کو 35،جنوبی افریقہ کو 60،بحرین کو 300اور سعودی عرب کو 200 بندوقیں فروخت کی گئیں ۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس سے ایم کیو ایم نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات منتقل نہ کرنے پر ایوان سے واک آوٹ کیا۔

    پیپلز پارٹی نے میر منور تالپور کے خلاف مقدمات کے اندراج پر ایوان سے واک آوٹ کیا۔نواب یوسف تالپور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے،سندھ کے عوام کو سبق سکھانا ہے اور سندھ کے گرد دیوار لگا دی جائے۔

    واک آوٹ کے بعد پیپلز پارٹی کے نعمان شیخ نے کورم کی نشاندہی کی،کورم پورا نہ ہونے کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس کل ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

  • آنے والے دنوں میں پاکستان میں‌ مکمل امن قائم کردیں گے، احسن اقبال

    آنے والے دنوں میں پاکستان میں‌ مکمل امن قائم کردیں گے، احسن اقبال

    لاہور: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب تک احساس تحفظ نہیں ہوگا ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری نہیں آئے گی، پاکستان میں امن بہتر ہو رہاہے جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

    لاہور میں سلیم غوری کی کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہفتے میں دو دھماکے ہوتے تھے اب مہینوں میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے اور آنے والے دنوں میں مکمل امن قائم کردیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری دنیا آج پاکستان کو ایک بڑھتی ہوئی عالمی معیشت سمجھ رہی ہے اور پاکستان کا امیج اقوام عالم میں بہتر ہو رہا ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کو مایوس کرنے والی باتیں نہیں کرنی چاہیے ہم اتنے ہی ایماندار ہیں جتنے کوئی اور ممالک اور اتنے ہی بے ایمان اور کرپٹ جتنے دنیا کے دیگر ممالک ہیں۔

  • عبد الرشید گوڈیل کی بیرون ملک علاج کیلئے درخواست مسترد

    عبد الرشید گوڈیل کی بیرون ملک علاج کیلئے درخواست مسترد

    کراچی : قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نےایم کیو ایم کے رہنما عبد الرشید گوڈیل کی ملک سے باہرعلاج کے لئے کی جانے والی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رشید گوڈیل کی بیرون ملک جا کر علاج کی درخواست کو 1997 میں جاری ہونے والے وزیراعظم کے حکم کے تحت مسترد کردیا۔

    گزشتہ ماہ قاتلانہ حملے میں زخمی ہو نے والے عبد الرشید گوڈیل نے بیرونِ ملک علاج کے لئے قومی اسمبلی کو خط لکھا تھا جسے قومی اسمبلی نے مسترد کردیا۔

    ذرائع کے مطابق خط میں وزیر اعظم کے دئیے گئے1997 کےآرڈر کا حوالہ بھی دیا گیا جبکہ کئی اراکین اورپا رلیمنٹ کے افسران بیرون ملک علاج کرواچکے ہیں مگر خط میں اس بات کا ذکر موجود نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل کو گزشتہ ماہ بہادرآباد کے علاقے میں قاتلانہ حملے کے دوران 5 گولیاں لگی تھیں جبکہ اس حملے میں ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا تھا۔

    ایم کیو ایم رہنما کو زخمی حالت میں لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کو کئی روز تک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔

  • تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کردیا

    تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کا بائیکاٹ ختم کردیا۔ پیر سے عمران خان اینڈ کمپنی قومی اسمبلی جائیں گے، قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسمبلی میں ڈی سیٹ کی تحریک ٹھنڈی ہونے کے بعد عمران خان اپنے رفقا کے ہمراہ سر جوڑ کر بیٹھےاور بنی گالہ میں مشاورت کے بعد بالآخر قومی اسمبلی میں جانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    مشاورتی اجلاس کے بعد شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور پارٹی ارکان پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایوان میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، عمران خان کواسمبلی میں بات کرنے کاموقع نہ ملاتومنفی ردعمل ہوگا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جس طرح کا سلوک ہوا اسی طرح کا جواب دیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحاریک واپس لینے کیلئے ایم کیو ایم اور جے یو آئی سے مذاکرات حکومت کا کام تھا۔

    تحریک انصاف کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ اسمبلیوں سے باہر جانے کا ایک مقصد تھا واپسی بھی مقصد کے تحت ہی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ تسلیم کرچکے اب بات ختم ہوگئی۔

  • قومی اسمبلی میں ایاز صادق اور شیخ رشید میں دلچسپ مکالمہ

    قومی اسمبلی میں ایاز صادق اور شیخ رشید میں دلچسپ مکالمہ

    اسلام آباد : قومی اسمبلی اجلاس کے دوران استعفی کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور شیخ رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہو ا۔

    شیخ رشید اور ایاز صادق کے درمیان مکالمے نے ایوان میں موجود ہر شخص کے چہرے پر مسکراہٹ بھکیر دی۔

    وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے جے یو آئی اور ایم کیو ایم کی تحریک سے متعلق بیان کے بعد شیخ رشید ایوان میں کھڑے ہوئے اور اسپیکر ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ شکر ہے کہ انھوں نے استعفیٰ نہیں دیا ورنہ اسپیکر صاحب آپ اسے دو منٹ میں منظور کر لیتے۔

    اسپیکر ایاز صادق نے بھی ازراہ مذاق جواب دیتے ہوئے کہا کہ شیخ صاحب دو منٹ کیا میں اسے دو سیکنڈ میں منظور کر لیتا جسے سنتے ہی ایوان میں موجود ہر شخص مسکرا اٹھا۔

    بعد ازاں اسپیکر ایاز صادق کاکہناتھاکہ شیخ صاحب میں آپ سے بھی وہی سلوک کرتا جو تحریک انصاف کے ساتھ کیا ہے۔

  • پی ٹی آئی اراکین کی اسمبلی رکنیت آئین و قانون کی مرہون منت ہے،اسد عمر

    پی ٹی آئی اراکین کی اسمبلی رکنیت آئین و قانون کی مرہون منت ہے،اسد عمر

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی رکنیت کسی جماعت کی نہیں آئین و قانون کی مرہون منت ہے،پی ٹی آئی ارکان کوڈی سیٹ کئے جانے سے متعلق جو فیصلہ ہو گا قبول کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اسمبلی کی یاد میں بے حال ہو کر ایوان میں واپس نہیں گئے تھے بلکہ حکومت اور اپوزیشن کی مہینوں سر توڑ کوششوں اور اصرار کے باعث قومی اسمبلی گئے۔

    جبکہ اسمبلی میں واپسی کے لئے حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی رکنیت آئین و قانون کی مرہون منت ہے،پی ٹی آئی ارکان کوڈی سیٹ کئے جانے سے متعلق جو فیصلہ ہو گا قبول کریں گے۔

    اس موقع پر اسد عمر نے پی ٹی آئی کی جانب سے مفت قانونی معاونت سروس کا آغاز بھی کیا۔سروس کے تحت پی ٹی آئی کے وکلاء اسلام آباد کے ان رہائشیوں کو مفت قانونی معاونت فراہم کرے گاجو وکلاء کی بھاری بھر کم فیسیں برداشت نہیں کر سکتے۔

  • شیری مزاری کو آنٹی کہنے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

    شیری مزاری کو آنٹی کہنے پر پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نےکہا ہے کہ عمران خان کی اہلیہ سرکاری ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کرتی ہیں۔

    لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ این اے ایک سو پچیس کا فیصلہ فرمائشی ہے۔ تیس اپریل کے بجائے چار مئی کو کیوں سنایا گیا۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا، رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ تحریک انصاف والے ہم پر موروثی سیاست کا الزام لگاتے ہیں جبکہ ریحام خان خیبر پختونخوا میں ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کر رہی ہیں یہ موروثی سیاست نہیں تو اور کیا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ ”آنٹی “شیریں مزاری ہمیں آئین و قانون کا سبق سکھاتی ہیں یہ سننا ہی تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی سیخ پا ہوگئے اور شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آﺅٹ کر گئے۔

    پی ٹی آئی ارکان نے واک آؤٹ کیا تو پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے بھی ساتھ دیا۔ خیبرپختونخوا حکومت نے طلال چوہدری کے بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے الزامات کو جھوٹا قرار دے دیا۔

    صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے عمران خان کی اہلیہ نے کبھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر تصویرصوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کی نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ طلال چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

  • قومی اسمبلی میں بھارتی وزیرِاعظم اور بھارتی وزراء کے بیانات پر مذمتی قرارداد منظور

    قومی اسمبلی میں بھارتی وزیرِاعظم اور بھارتی وزراء کے بیانات پر مذمتی قرارداد منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں بھارتی وزیراعظم اور بھارتی وزراء کے بیانات پر مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی۔

      قومی اسمبلی میں مودی کے بیان پر مذمتی قرارداد منظورکرلی گئی، مذمتی قرار دار میں کہا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، پاکستان کو دولخت کرنے کا اقرار پاکستان سے نفرت کا اظہار ہے، اقوام متحدہ بھارتی قیادت کے بیانات کا نوٹس لے۔

    تحریکِ انصاف کی رہنماء شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دھمکیاں بھارتی وزیراعظم نے دیں، جواب ہمارے آرمی چیف کو دینا پڑا، حکومت کا روایہ معذرت خواہانہ تھا، ہر معاملہ آرمی چیف کو دے دیتی ہے۔

    اس سے قبل سینیٹ میں بھارتی وزیرِاعظم کے بیان کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کرلی گئیں، مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مودی کے دامن پر خون کےدھبے ہیں۔
    قراردار میں نریندرمودی کے بیان کو ملکی سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنا جانتی ہے، قوم فوج کے شانہ بشانہ ہے، دنیا بھارتی وزیرِاعظم کے بیان کا نوٹس لے۔

      پڑوسی ملک کے رویے پر بحث کرتے ہوئے مشاہد حسین شاہ نے کہا کہ بھارت غیر ذمہ دار نیوکلیئر پاور،جغرافیائی لحاظ سے بڑا، زہنی لحاظ سے چھوٹا ملک ہے، اس کی پالیسیوں پر سنجیدہ سوچ بچار کی ضرورت ہے۔

    ایم کیوایم کے طاہرمشہدی کا کہنا تھا کہ پاکستان معاملات میں بھارتی مداخلت ناقابلِ برداشت ہے، پیپلزپارٹی کےتاج حیدر نے کہا کہ امریکہ ، اسرائیل اور بھارت کا گڑ جوڑ توڑنا ہوگا۔

    اے این پی کے شاہی سید کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت ہیں،  حکومت کی طرف سے سینیٹر مشاہداللہ نے کہا کہ مودی کے دامن پرگجرات میں مسلمانوں کےخون کےدھبے ہیں،چائے بیچنے والا مودی وزیراعظم بن گیا۔

  • امن و امان سےغیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی، احسن اقبال

    امن و امان سےغیر ملکی سرمایہ کاری بڑھے گی، احسن اقبال

    اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اکنامک کوریڈور کے معاملے میں اے این پی اور مخالف جماعتوں پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ حسد ، جلن اور منافقت بند کر کے پاکستان کی ترقی کے بارے میں سوچا جائے۔

     لاہور میں بجٹ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اکنامک کوریڈور کے نام پر قوم کو گمراہ کیا جارہا ہے، اس سلسلے کو بند کیا جائے، اکنامک کوریڈور چاروں صوبوں سے گزرے گی۔

    اے این پی سمیت اقتصادی راہداری پر تنقید کرنے والوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں وزیر اعظم کی باتوں سے اتفاق کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل ہر مسئلے کا حل نہیں ہے۔

    احسن اقبال نے آئندہ بجٹ میں نئے ٹیکسز کے نفاذ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے مگر زیادہ بوجھ نہیں ڈالیں گے، شاید پہلے کی طرح ترقیاتی بجٹ بھی پیش نہ کر سکیں، انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور امن وامان کے دیگر منصوبوں پر حکومت کی گہری توجہ ہے۔

  • ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف قراردارجمع کرادی

    ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں عمران خان کے خلاف قراردارجمع کرادی

    اسلام آباد: ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کے خلاف قرار داد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔

    قرار داد کے ساتھ ویڈیواور عمران خان کے فوجی قیادت سے متعلق مبینہ بیان سے متعلق ٹرانسکرپٹ کی کاپی بھی جمع کرائی گئی ہے۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے ایم این اے شیخ صلاح الدین نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرائی جس میں مطالبہ کیا گیا کہا یوان عمران خان کے فوجی قیادت سے متعلق دیئے گئے ریمارکس پر مزمتی قرار داد منطور کرے ۔