Tag: قومی اسمبلی

  • پاکستان کے مواصلاتی سنگلزمیں بھارتی مداخلت کاانکشاف

    پاکستان کے مواصلاتی سنگلزمیں بھارتی مداخلت کاانکشاف

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس کیپٹن صفدر کی زیرصدارت ہوا جس میں انکشاف کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے ٹیلی کمیونیکیشن سنگلزمیں مداخلت کی جارہی ہے۔

    کمیٹی کو بریفینگ دیتے ہوئے چئیرمین پی ٹی اے ڈاکٹراسماعیل شاہ کا کہنا تھا بھارت کی طرف سے پاکستان میں ٹیلی کمیونیکشن سگنلز میں مداخلت ہورہی ہے، پی ٹی اے بھارتی مداخلت روکنے کے لئے کام کررہا ہے۔

    انہوں نے بتایا تھری جی صارفین کی تعداد چار ملین ہوگئی ہے جبکہ سات شہروں میں فوجی سروسز کا آغاز ہوچکا ہے، فورجی صارفین کی تعداد ابھی آٹھ سو ہے، سیکریٹری آئی ٹی عصمت رانجھا نے اجلاس کو بتایا کہ سائبرسیکورٹی یقینی بنانے کے لئے سائبرکرائم بل کابینہ میں پیش کردیا گیا ہے۔

  • ڈپٹی چیئرمین کی زاہد حامد کو ایوان سے نکالنے کی رولنگ

    ڈپٹی چیئرمین کی زاہد حامد کو ایوان سے نکالنے کی رولنگ

    اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نےسینٹرز کے احتجاج پروفاقی وزیر زاہد حامد کوایوان سے باہرجانے کی رولنگ دیدی۔

    سینٹ کے خلاف قومی اسمبلی میں بیان دینا وفاقی وزیر کو مہنگا پڑ گیا۔سینیٹرز نےگو منسٹر گو کے نعرے لگادیئے،زاہد حامدکے ریمارکس پرپیپلزپارٹی اور اے این پی نےشدید احتجاج کیاتو ایوان بالا مچھلی بازار بن گیا۔رضاربانی نے کہا سینیٹ کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے۔زاہدخان نے کہاوزیر کوایوان سے نکالا جائےورنہ خود نکال دیں گے۔اس سے پہلے تلخی اور بڑھتی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے زاہد حامد کو ایوان سے باہرجانے کی رولنگ دے دی۔

  • دوہری شہریت کے حوالے سے قومی اسمبلی میں بل پیش کردیا گیا

    دوہری شہریت کے حوالے سے قومی اسمبلی میں بل پیش کردیا گیا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی نے دوہری شہریت رکھنے والوں انتخابات میں حصہ لینے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔

    قومی اسمبلی کےاجلاس کی صدرات اسپیکر ایاز صادق نےکی، اجلاس میں ایم کیوایم کےایس اےاقبال قادری نےچوبیسویں ترمیم کابل ایوان میں پیش کیا، ان کاکہناتھاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہےتو انہیں الیکشن لڑنےکابھی حق دیاجائے، جس کےبعد بل مزید کارروائی کےلیےقائمہ کمیٹی کےسپردکردیاگیا۔

    اس موقع پر جمشید دستی نےجنوبی پنجاب میں نئےصوبےکابل پیش کیا۔حکومت نے بل کی مخالفت کی جسے کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا، ایوان میں قبروں کی بےحرمتی کی روک تھام ، مردہ گوشت کھانےوالوں کی سزاوٴں میں اضافے،صحافیوں کےتحفظ کو یقینی بنانے کے بل بھی پیش کیےگئے جنہیں مزید کارروائی کےلیے متعلقہ کمیٹیوں کےسپردکردیا گیا۔

  • نئے صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش،حکومت نے مسترد کردیا

    نئے صوبے کا بل قومی اسمبلی میں پیش،حکومت نے مسترد کردیا

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں دُہری شہریت رکھنے والوں کا انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے بل قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صدرات اسپیکر ایاز صادق نے کی۔

    اجلاس میں ایم کیوایم کے ایس اے اقبال قادری نے چوبیسویں ترمیم کا بل ایوان میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ہے لیکن انہیں الیکشن لڑنے کا حق نہیں ،جو انہیں دیا جائے۔

    حکومت نے بل کی مخالف نہیں کی۔بل مزید کارروائی کے لیے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ جمشید دستی نے جنوبی پنجاب نئے صوبے کا بل پیش کیا۔

    حکومت نے بل کی مخالفت کی جسے کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا۔ ایوان نے قبروں کی بے حرمتی ،روک تھام، ، مردہ گوشت کھانے والوں کی سزاوٴں میں اضافے، صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے بل بھی پیش کیے گئے جنہیں مزید کارروائی کے لیے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔

    وزیرمملکت شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے ایل پی جی کی چور بازاری کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اکیس کمپنیوں کو زائد چارجز پر شوکاز نوٹس جاری کیاگیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

  • بھارتی جارحیت، پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع

    بھارتی جارحیت، پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع

    اسلام آباد: ورکنگ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کیخلاف قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی نے تحریک التواء جمع کرادی ہیں ۔

    پیپلز پارٹی کے اراکین نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی، تحریک التواء کے مطابق بھارتی جارحیت قابلِ مذمت اور نا قابلِ برداشت ہے۔

    اراکین نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی کی کاروائی روک کر بھارتی جارحیت پر بحث کی جائے، پیپلز پارٹی کے اراکین کی جانب سے جمع کرائی گئی تحر یک التوا میں کہا گیا ہے کہ بھارتی اشتعال انگیز سے بے گناہ جانوں کا نقصان ہوا ہے، حکومت معاملے کو فوری طور پر عالمی سطح پر اٹھائے ۔

  • اراکین پارلیمنٹ کیلئے وی آئی پی حیثیت ختم کرنے کی تجویز

    اراکین پارلیمنٹ کیلئے وی آئی پی حیثیت ختم کرنے کی تجویز

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس میاں عبدالمنان کی صدرات میں پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا۔ قائمہ کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کے لیے وی آئی پی حیثیت ختم کرنے کی تجویزدے دی۔

    اجلاس میں کراچی میں پی آئی اے کے طیارے میں دو اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے زور دیا کہ کراچی جیسا واقعہ دوبارہ پیش نہیں آنا چاہیے۔

    کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عوام کو تکلیف دے کرعوامی نمائندہ کہلوانے کا کوئی شوق نہیں۔ اراکین پارلیمنٹ کے لیے ائیر ٹکٹ کے بجائے ٹریول کارڈ جاری کیا جائے اوراراکین پارلیمنٹ کی وجہ سے عوام کی مشکلات کم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

  • فیصلوں کا اختیارصرف پارلیمنٹ کو ہے،خورشید شاہ

    فیصلوں کا اختیارصرف پارلیمنٹ کو ہے،خورشید شاہ

    اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءاور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ تمام فیصلوں کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے، دھرنے کو بنیاد بنا کر وزیراعظم کونہیں ہٹایاجاسکتا،آزادی اورانقلاب والےعوام کو ورغلا نہیں سکتے ۔

    سیاستدانوں نے ہی صحیح معنوں میں انقلاب برپا کیا ہے،ان خیالات کااظہارانہوں نے سردارایازصادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سید خورشیدشاہ نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی تاریخ کا طویل ترین مشترکہ اجلاس ہے، جس مثبت نتائج نکلے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بد قسمتی ہے کہ تمام خرابیوں کا ذمہ دارسیاست دانوں کوقرارجاتا ہےاورنوجوان نسل کے ذہنوں میں بھی یہ بات بٹھائی جاتی ہےکہ برائی کی جڑسیاست دان ہیں۔

    انہوں نےیہ بھی کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ چھپن سال کی سیاست نے ملک کا بیڑہ غرق کیا، اورجن لوگوں نے ملک کو اس حال تک پہنچایا ان پر کوئی انگلی نہیں اٹھاتا۔

  • مارشل لاء لگا تو بہت بڑی بغاوت ہوگی، جاوید ہاشمی

    مارشل لاء لگا تو بہت بڑی بغاوت ہوگی، جاوید ہاشمی

    ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ کو ثالثی کا اختیار نہیں اگر وہ ایسا کرتی ہے تو میں اس کو نہیں مانتا۔

    اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی اجلاس میں پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہائوس کی طرف نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پتہ نہیں پھر کیا ہوا کہ اچانک عمران خان صاحب نے ان کی طرف جانے کا اعلان کردیاانہوں نے کہا کہ اگر ٹیبل کے ایک طرف کچھ اور دوسری طرف کچھ فیصلے ہوں تو میں خان صاحب کے کس فیصلے کو فالو کروں اگر مجھے شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تو میں اس کا بھرپور جواب دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ سب نے کہا کہ نوازشریف کو اگر گولی بھی ماردو تو وہ تب بھی استعفی نہیں دے گا، انہوں نے کہا کہ مارشل لاء لگا تو بہت بڑی بغاوت ہوگی ،اور ملک ٹکڑے ٹکڑے ہوجائیگا، انہوں نے کہا کہ میں نے خان صاحب کو کہا تھا کہ مارشل لاء لگ جائے گا تو انہوں نے کہا کہ مارشل لاء نہیں لگے گا سپریم کورٹ حکم جارے کردے گا اور تین ماہ میں الیکشن کا اعلان کردے گا، انہوں نے کہا کہ دھرنوں کا کوئی انجام نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان تو بے چارہ سیدھا پٹھان ہے، شیخ رشید جیسے لوگ انہیں دھکا دے رہے ہیں جاوید ہاشمی نے کہا کہ شیخ رشید نے ایک ٹی وی پرگرام میں کہا کہ فوج سپریم کورٹ جائے گی اور وہاں سے جو فیصلہ آئےگا وہ سب کو اڑا کررکھ دے گا، فوج اور حکومت اس کے بیان کانوٹس لے، انہوں‌ نے کہا کہ شیخ رشید نے کہا کہ فوج بھنگ پی کر سوئی ہوئی ہے میں اس سے کہتا ہوں کہ وہ سیاستدانوں کے بارے میں جو کچھ مرضی کہ لے مگر میں فوج کے بارے میں اس طرح کی باتیں نہیں کرنے دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ فوجی حکومت کے بارے میں تھوڑی سی جلدی میں ہوتے ہیں جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے مجھے کہا کہ کل رات حکومت کی آخری ہوگی تو میں نے کہا کہ جنرل صاحب تھوڑا رحم کریں اور آج اس بات کو 8 دن گزر گئے ہیں، انہوں‌نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیٹ کے کارکنوں کو فوری طور پر بغیر مچلکوں کے رہا کردینا چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی قابل رشک نہیں ہے ہیلی کاپٹر سے تصویریں بنوانا کوئی خدمت نہیں ہے، سیلاب متاثرین کی کم ازکم 5 لاکھ روپے امداد کی جائے۔

  • ڈنڈے سے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی،خواجہ سعد رفیق

    ڈنڈے سے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی،خواجہ سعد رفیق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اب کوئی ایمپائر نہیں آئے گا، ڈنڈے سے کوئی تبدیلی نہیں آسکتی اور نہ پاکستان ڈنڈے کے زور پر قائم ہوا،وہ قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے،

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہماری بد قسمتی ہے کہ ہمیں نوزائیدہ اور ناتجربہ کار سیاست داں ملے جن سے ہمارا مقابلہ ہے، انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ واپس آجائیں اتنا آگے نہ جائیں کہ آپ کی سیاست ختم ہو جائے،

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے خطاب میں بازاری زبان استعمال کررہے ہیں وہ اپنا دامن دیکھتے نہیں اور دوسروں پر کیچڑ اچھالتے ہیں، ایوان کے ارکان کے بارے میں جس طرح کے بیانات دیئے گئے، وہ انتہائی قابل مذمت ہیں،

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کسی کی کردار کشی کی اجازت نہیں دینگے،جواب ہم بھی دے سکتے ہیں پر ہم گالی نہیں دیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک  کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ  آپ نے کینیڈا سے پاکستان آنے سے قبل ہی خود کو قائد انقلاب کہنا شروع کردیا، آپ کو تو انقلاب کا مطلب ہی نہیں معلوم،آپ کیا انقلاب لائیں گے؟؟

    وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سیاست نہیں بدکلامی ہو رہی ہے، ہم پر کارکنان کا شدید دباؤ ہے کہ دھرنے والوں کیخلاف مؤثر کارروائی کیوں نہیں کی جا رہی، لیکن ہم نے صبر کا دامن نہیں چھوڑا،ریاست کو کمزورنہ سمجھا جائے،ہر طرح کے حالات سے نمٹنا جانتے ہیں.

    دھرنے دینے والوں نے پاکستان کے آئین سے کھلواڑ کیا ہے،عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ دھرنے نہیں لشکر کشی ہے، دھاوا ہے، آئین پر حملہ ہے،اور جمہوریت پر حملہ ہے،سعد رفیق نے کہا کہ ہم تصادم نہیں چاہتے کیونکہ ملک کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا،

    ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ کا وزیر اعلیٰ دھرنا جیل میں بند ہے اس طرح حکومتیں نہیں چلتیں، جب خیبر پختونخواہ کی جیل پر حملہ ہوا تو وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا۔

    .انہوں نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت کو ناقبل تلافی نقصان پہنچا ہے جس کے ذمہدار صرف اور صرف عمران خان اور طاہر القادری ہیں،

    ،

  • جاوید ہاشمی نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

    جاوید ہاشمی نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی سیٹ سے استعفیٰ دیتے ہیں کیونکہ یہ ان کی پارٹی کا فیصلہ تھا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خوشی سے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے کر عوام کے پاس جارہا ہوں۔

     پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے مخدوم جاوید ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میں ایوان میں گواہی دینکے لیے آئے ہیں۔  لوگ کہتے ہیں کہ ایک اکیلے نے پاکستان بنایا تھا لیکن حقیقت یہ ہے کہ قائدِاعظم نےکہا کہ میرے ساتھ عوام ہیں، بانیِ پاکستان نے مشکل حالات میں آخری سانس تک پاکستان کی اورعوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا تھا۔

    مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ ہماری سیاسی تاریخ ایسی ہے کہ بد قسمتی سے آج ہم فخر سے سرنہیں اٹھا سکتے ،ہمارے ملک میں سب سے بہترین آئین 1956 کا تھا ،جیسے بد قسمتی سے پنجاب کے گورنر جنرل محمد غلام نے دفن کردیا۔

    انھوں نے کہا کہ ماضی میں آئین کو بار بار بنایا گیا اور توڑا گیا، میرے لئے کوئی نیا موقع نہیں کہ اس دورازے پر آیا ہوں،عوام مجھے بھیجتے ہیں میں چلا آتا ہوں ہوسکتا ہے یہاں بہت سے لوگوں کو مجھ سے اختلافات ہوں۔ انھوں نے کہا کہ جب میں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور ابھی بھی میں پی ٹی آئی کا منتخب صدر ہوں، مجھے کہا جاتا تھا میں جذبات میں بولتا ہوں ، میں جذبے میں بولتا ہوں لیکن کسی کو برا بھلا نہیں کہتا۔

    جاوید ہاشمی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے آئین نے ملک کو مضبوط رکھا، ایک سال ذوالفقار علی بھٹو کا سپاہی رہا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو آئین اورپارلیمانی نظام سے ہی بچایا جاسکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف 31 سال اقتدار میں رہے پھر بھی حالات ٹھیک نہیں ہوسکے۔

    جاوید ہاشمی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا سانحہ کوئی چھوٹا سانحہ نہیں تھا، چودہ لوگ جاں بحق ہوگئےاور اسی سے زائد لوگ زخمی ہوئے، اس کا نوٹس کیوں نہیں لیا گیا، وزیراعلیٰ کا گھر ساتھ ہونے کے باوجود واقعے کا نوٹس نہیں لیا گیا۔

    پارلیمنٹ کے ایک ایک فرد کا احترام کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ کوبامقصد پارلیمنٹ بنائیں گے۔ سوچنا ہوگا کہ پارلیمانی نظام کیوں کمزور ہے۔

    جاوید ہاشمی نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ وہ 14 ماہ تک سینیٹ کیوں نہیں گئے؟، اگر قومی اسمبلی کو نظرانداز کیا جائے گا تو حکومت کو گرانے کی آوازیں آئیں گی۔

    جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان نے جتنی عزت دی کسی نے مجھے نہیں دی ، میرے ساتھ بیٹھ کر میرے ساری باتیں سنتے تھے، عمران نظام کو مانتا ہے، طاہرالقادری سسٹم گرانا چاہتا یے، انھوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ عمران خان کے پاس نوجوانوں کی تعداد ہے۔

    جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کو کٹہرے میں نہیں لایا جائے بلکہ پارلیمنٹ کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے جو عوامی مسائل حل نہ کرسکی، اگر حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جائے گا تو اسے گرانے والے لشکر آئیں گے۔

    انہوں نے حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ان کے ساتھ بہت زیادتیاں کیں، وہ بیان نہیں کرنا چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ میں ساری زندگی پارلیمنٹ کاراستہ تلاش کرتا رہوں گا۔