Tag: قومی اسمبلی

  • ‘حکومت نے توہین رسالت کے قوانین کے غلط استعمال کیخلاف حفاظتی اقدامات اٹھانے کے بجائے اس کا دائرہ بڑھا دیا’

    ‘حکومت نے توہین رسالت کے قوانین کے غلط استعمال کیخلاف حفاظتی اقدامات اٹھانے کے بجائے اس کا دائرہ بڑھا دیا’

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے توہین رسالت کے قوانین کے غلط استعمال کے خلاف حفاظتی اقدامات اٹھانے کےبجائے اس کا دائرہ بڑھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے صحابہ کرام و اہلبیت عظام و امہات المومنین کی توہین پر عمر قید کی سزا کا قانون پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا موجودہ حکومت نے توہین رسالت کے قوانین کے غلط استعمال کے خلاف حفاظتی اقدامات اٹھانے کےبجائے اس کا دائرہ بڑھا دیا اِن کا نقطہ نظر خطرناک ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سے مفاد پرستوں کے غلط استعمال میں مزید اضافہ ہو گا، کراچی اس کی تازہ مثال ہے کہ کس طرح توہین مذہب کو اقلیتوں اور کمزور گروہوں کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔

    گذشتہ روز قومی اسمبلی میں سوشل میڈیا و دیگر پلیٹ فارمز پر صحابہ کرام اہلبیت عظام و امہات المومنین کی توہین کرنے والوں کے لئے سخت قانون منظور کیا گیا تھا۔

    توہین صحابہ کرام و اہلبیت عظام و امہات المومنین روکنے کا بل 2022بل جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے پیش کیا۔

    قومی اسمبلی نے متفقہ طورپر صحابہ کرام اہلبیت عظام اور امہات المومنین کی توہین کرنے والے کی سزا تین سال سے بڑھا کم سے کم دس سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید کردی۔

    مجموعہ فوجداری قانون کے سیکشن 298اے میں چار مختلف ترامیم کردی گئیں، جن کے تحت اب توہین صحابہ و اہلبیت و امہات المومنین کرنے والے کی سزاتین سال اور جرمانہ کی بجائے کم سے کم دس سال اور زیادہ سے زیادہ عمر قید ہوگی۔

    البتہ نئے قانون میں جرمانہ دس لاکھ تجویز کیا گیا تھا جسے منظور نہیں کیا گیا ہے، اب توہین صحابہ و اہلبیت عظام و امہات المومنین کی سزا جرمانے کے بغیر دس سال سے عمر قید تک ہوگی اور اس کا تعین ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کرے گا کہ توہین کس شدت سے کی گئی ہے جتنی زیادہ توہین کی گئی ہوگی اتنی زیادہ سزا ہوگی جو دس سال سے کم کسی صورت نہیں ہوگی۔

    مقدمہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے پاس چلے گا اور یہ جرم ناقابل ضمانت ہوگا، قومی اسمبلی نے یہ بل متفقہ طورپر منظور کیا۔

    ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے اس تاریخی بل کی منظوری پر مولانا عبدالاکبر چترالی سمیت ایوان میں موجود ارکان کو مبارک باد دی۔

    اجلاس کے بعد جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے توہین صحابہ و اہلبیت عظام و امہات المومنین روکنے کے لئے بل کی منظوری کو اپنے لئے سعادت قرار دیا اور کہا اب اس طرح کی توہین روکنے میں مدد ملے گی۔

  • پی ٹی آئی ارکان کا کل قومی اسمبلی جانے کا پلان ملتوی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے سلسلے میں پی ٹی آئی ارکان کا کل قومی اسمبلی جانے کا پلان ملتوی کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق استعفوں کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی ارکان کا قومی اسمبلی جانے کا منصوبہ ملتوی ہو گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا۔

    ارکان کل اسلام آباد میں واقع خیبر پختون خوا ہاؤس میں بھی جمع نہیں ہوں گے، جہاں کل عمران خان کو ارکان سے خطاب کرنا تھا۔

    ادھر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا رابطہ ہوا ہے، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے راجہ پرویز کو فون کر کے ملاقات کی استدعا کی ہے۔

    عمران خان نے سندھ قیادت کو عام انتخابات میں تگڑے امیدوار چننے کی ہدایت کر دی

    ملک عامر ڈوگر نے فون پر کہا کہ پی ٹی آئی فیصلے کے مطابق ان کا ایک نمائندہ وفد اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرنا چاہتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کی جانب سے رابطہ کرنے کا خیر مقدم کیا۔

    اسپیکر نے کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے اور سیاست دانوں میں رابطے ہونے چاہئیں۔

    راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کے معاملے میں قومی اسمبلی کے ضوابط میں طریقہ کار موجود ہے، پی ٹی آئی کے تمام ممبران کو استعفوں کی تصدیق کے حوالے سے خطوط بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے کہا استعفوں کے حوالے سے فیصلہ آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔

  • کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر کی منظوری حاصل کرنا ہوگی’

    کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر کی منظوری حاصل کرنا ہوگی’

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کے قواعد 2007 میں ترامیم منظور کرلی گئیں ، جس کے تحت کسی بھی رکن قومی اسمبلی کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر کی منظوری حاصل کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کی صدارت میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں قومی اسمبلی میں کارروائی اور طریقہ کار کے قواعد 2007 میں ترامیم منظور کرلی گئیں۔

    ترامیم میں کہا گیا کہ کسی بھی رکن کو گرفتار کرنے سے پہلے اسپیکر کی منظوری حاصل کرناہوگی اور رکن اسمبلی کی گرفتاری کیلئے اسپیکر کو وجوہات سے بھی آگاہ کرنا ہوگا۔

    ترامیم میں کہنا ہے کہ اگر عدالت رکن کو قید کی سزا دیتی ہے تو مقام حراست یا قید سےمطلع کیا جائے۔

    پروڈکشن آرڈر کے بعد پارلیمنٹ لاجز اور رکن کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا جائے گا، گرفتار رکن اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر کا اجرا ترمیم کے ذریعے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  • نشتر اسپتال میں لاشوں کا معاملہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا

    نشتر اسپتال میں لاشوں کا معاملہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا

    اسلام آباد : نشتر اسپتال میں لاشوں کا معاملہ قومی اسمبلی تک پہنچ گیا، ایم کیو ایم رہنما نے مطالبہ کیا کہ تمام لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی، جےیوآئی اور دیگر پارٹیون نے نشتر اسپتال میں لاشوں کا معاملہ اٹھا دیا۔

    رہنما ایم کیوایم کشور زہرہ نے کہا کہ نشتر اسپتال کی لاشوں کاایک بڑامعاملہ سامنےآیامگر جواب نہیں آیا۔

    کشورزہرہ نے مطالبہ کیا کہ تمام لاشوں کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے، اپنے لاپتہ افراد کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر تھکے تو نہیں مگر مسلسل سرگرداں ہیں، دیکھا جائے کہیں ان لاشوں میں بھی کوئی لاپتہ فرد تو نہیں۔

    رہنما پیپلزپارٹی قادرمندوخیل کا کہنا تھا کہ کبھی سنااسپتال میں علاج ہورہاہے،اوپرلاشیں پڑی ہیں، یہ کیسا میڈیکل تجربہ ہو رہا ہے؟ لاشوں کوچیل کوے کھا رہے ہیں۔

    مرتضیٰ جاوید اور عبدالرحمان کانجو نے صوبے سے رپورٹ لیکر پیش کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

  • کراچی میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا یا نہیں؟

    کراچی میں قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخاب ہوگا یا نہیں؟

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن کا  کراچی میں قومی اسمبلی کےتین حلقوں میں ضمنی انتخاب  کے انعقاد  پر غورکیلئے  اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی الیکشن کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں سندھ میں سیلابی صورتحال اورضمنی الیکشن کےحوالے سےجائزہ لیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی الیکشن کے دن دستیابی رپورٹ مانگی جائے گی اور ضمنی انتخاب میں پولنگ اسٹاف کی دستیابی کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لے کرضمنی انتخاب کےانعقاد یا التواکا فیصلہ کیا جائے گا، کراچی کےتینوں حلقوں میں ضمنی انتخاب پچیس ستمبرکو ہونا ہے۔

  • قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر انتخاب: 6 حلقوں میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع

    قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر انتخاب: 6 حلقوں میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع

    کراچی : قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 ، این اے 237 ، این اے 239 ، این اے 31 ، این اے 108 اور این اے45 کے ضمنی الیکشن کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر انتخاب کیلئے 6 حلقوں میں عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے۔

    پشاورسے قومی اسمبلی کے حلقہ 31 کی خالی نشست پر عمران خان کی جانب سے حاجی شوکت علی نےکاغذات جمع کرادئیے۔ یہ نشست شوکت علی کےاستعفیٰ کی منظوری کے بعد خالی ہوئی ہے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    کراچی کی تینوں نشستوں سے عمران خان کے کا غذات نامزدگی جمع کرائے گئے ، این اے 246 سے کاغذات نامزدگی عمران اسماعیل ین اے 237 سے کیپٹن(ر) جمیل اور این اے 239 سے کاغذات نامزدگی راجہ اظہر نے جمع کرائے۔

    این اے 246 پر تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی شکور شاد نےبھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے، شکورشاد عمران خان کے کورنگ امیدوار ہیں۔

    فیصل آباد کے حلقہ این اے 108 سے بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے، اس حلقے سے پی ٹی آئی کے کورنگ امیدوار فرخ حبیب نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

    ضمنی الیکشن این اے 45کرم ون میں بھی عمران خان کے کا غذات نامزدگی ریٹرننگ افسر کے دفتر میں جمع کرائے گئے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر خود ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 25 ستمبر کو ہوگی۔

  • پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

    پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

    پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن شیڈول معطل کیا جائے، جس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟ آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں کوئی قانونی جواز بتائیں۔

    جسٹس عامر فاروق نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کیا، جس پر پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری نے جواب دیا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیرسماعت ہے، ہم تو الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں، 123 حلقوں میں الیکشن کرائیں۔

    جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ 123 حلقوں میں بھی الیکشن ہو جائے گا پہلے یہ تو ہونے دیں،آپ الیکشن لڑیں۔

    عدالت نے پی ٹی آئی کی ضمنی الیکشن شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے اور کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کردی۔

  • پیٹرولیم مصنوعات پر50  روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی ترمیم منظور

    پیٹرولیم مصنوعات پر50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے کی ترمیم منظور

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کیلئے پیٹرولیم مصنوعات پر پچاس روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنےکی ترمیم منظور کرلی گئی، وزیرخزانہ کا کہنا ہے کہ پچاس روپے فی لیٹر یکمشت عائد نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں فنانس بل دو ہزار بائیس تئیس کی منظوری کا عمل جاری ہے ، پٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنےکی ترمیم منظور کرلی گئیں۔

    وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پٹرولیم مصنوعات پر اس وقت لیوی صفر ہے، پچاس روپے فی لیٹر یکمشت عائد نہیں کی جائے گی، حکومت نے لیوی لگانے کی منظوری حاصل کی ہے۔

    قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر فنانس بل میں تبدیلی نہیں کی گئی، 80فیصد ترامیم براہ راست ٹیکسوں سے متعلق کی گئیں، ہمارامقصد امیرپرٹیکس لگانا اور غریب کو ریلیف دینا ہے، آئی ایم ایف سے گزشتہ حکومت کےمعاہدےپرہی عمل کیا جا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم اور جی ڈی اے نے بجٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ، صابر قائم خانی نے کہا مسائل حل نہ ہوں تو ایسی وزارت پر تھوکتے ہیں، ایک شخص ہمارے منصوبوں کو بجٹ میں شامل ہونے نہیں دے رہا۔

    جی ڈی اے کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے بجٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا بجٹ کوئی معنی رکھتا ہے نہ ہی فنانس بل، ہم جانتے ہیں آگے بہت زیادہ منی بجٹ آئیں گے۔

    قومی اسمبلی میں جروں سےبجلی کےبلوں کے ذریعے سیلز ٹیکس وصول کرنے سے متعلق اور سافٹ ویئر اور آئی ٹی کنسلٹنٹس کی خدمات پر 5فیصدسیلزٹیکس عائد کرنے کی شق منظور کرلی گئی۔

    اسپیکر ،چیئرمین سینیٹ کو اضافی مراعات دینے کا اختیار متعلقہ قائمہ کمیٹی خزانہ کو دینے کی شق بھی منظور کی گئی۔

  • قومی اسمبلی  میں آج بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات پربحث ہوگی

    قومی اسمبلی میں آج بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات پربحث ہوگی

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں آج بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات پربحث ہوگی اور مذمتی قرارداد منظور کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس آج شام 4بجے منعقد ہوگا، اجلاس کےآغازمیں بی جے پی رہنماؤں کےتوہین آمیزبیانات پربحث ہوگی۔

    قومی اسمبلی میں بی جےپی رہنماؤں کے بیانات پرمذمتی قرارداد بھی منظورکی جائے گی، جس کے بعد اجلاس میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض بجٹ پر بحث کا آغاز کریں گے۔

    یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر پیر کو اسمبلی میں بحث کرانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا پوری دنیا کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں آقاکریم ﷺکی حرمت کیلئےہرقربانی دینے کو تیار ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیاکےسواارب مسلمانوں کےدل کاخون کیاگیا ہے، اس پرتمام مسلمان سراپااحتجاج ہیں ، ہماری عقیدت و محبت کےاس اہم معاملے پر بحث کرائی جائے۔

    بعد ازاں اسپیکرقومی اسمبلی پرویز اشرف نے ناموس رسالت ﷺپر بحث کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اجلاس میں بحث کے لیے ایک گھنٹہ مخصوص کردیا تھا۔

  • بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی: قومی اسمبلی میں ناموس رسالت ﷺ پر بحث کرانے کا فیصلہ

    بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی: قومی اسمبلی میں ناموس رسالت ﷺ پر بحث کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: اسپیکرقومی اسمبلی پرویز اشرف نے پیر کو اجلاس میں ناموس رسالت ﷺ پر بحث کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر اسپیکرقومی اسمبلی پرویز اشرف نے ناموس رسالت ﷺپر بحث کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

    اسپیکرنے پیر کو اجلاس میں بحث کے لیے ایک گھنٹہ مخصوص کردیا ، قومی اسمبلی اجلاس میں بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی کی مذمت کی جائے گی۔

    اس سلسلے میں اسپیکر پرویز اشرف نےاجلاس میں شرکت کےلیےاپوزیشن رہنماؤں کودعوت دے دی اور کہا معاملہ سیاسی ،جماعتی یا انفرادی نوعیت کا نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا ہے۔

    قومی اسمبلی اجلاس میں قرارداد بھی منظور ہوگی ،جس میں بی جےپی رہنماؤں کے بیانات کی مذمت کی جائے گی۔

    یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پر پیر کو اسمبلی میں بحث کرانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا پوری دنیا کو ہم بتا دینا چاہتے ہیں آقاکریم ﷺکی حرمت کیلئےہرقربانی دینے کو تیار ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیاکےسواارب مسلمانوں کےدل کاخون کیاگیا ہے، اس پرتمام مسلمان سراپااحتجاج ہیں ، ہماری عقیدت و محبت کےاس اہم معاملے پر بحث کرائی جائے۔