Tag: قومی اسکواڈ کا اعلان

  • ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، محمد عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ ہوں گے، چیف سلیکٹر نے کہا کہ آصف علی کوعابد علی پرپاور ہٹنگ کی وجہ سے فوقیت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مشن ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 15 رکنی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 کے لیے سرفرازاحمد کی قیادت میں 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا۔

    چیف سلیکٹرنے نیوزکانفرنس میں کہا کہ فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ انگلینڈ کے ساتھ جو سیریز ہوئی اس کے بعد قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا، وہاب ریاض، محمد عامر، آصف علی کو واپس لے لیا، شاداب کی ٹیم میں واپسی ہوئی، ڈاکٹروں نے شاداب کو کلیئر کر دیا ہے، تجربہ کار عامر اور وہاب کو ٹیم میں شامل کیا گیا، فاسٹ بالرز کو ون ڈے سیریز میں کارکردگی کے بعد شامل کیا گیا،

    انھوں نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم میں شامل نہ کرنا ایک مشکل فیصلہ تھا، پاور ہٹنگ کی وجہ سے ان پر آصف علی کو فوقیت دی، وہاب ریاض کو ہم نے نظر انداز نہیں کیا تھا، انھوں نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی، 90 کی اسپیڈ جس کی نہیں ہے وہ بھی میچ میں کھیلتے ہیں، برطانوی کھلاڑی کو بھی ویسی مار پڑی ہے جیسے پاکستانی کو۔

    انضمام الحق کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور امام الحق فارم میں ہیں، حسنین کو اتنا تجربہ نہیں لیکن اللہ کرے ورلڈ کپ میں اچھی پرفارمنس دیں، ان کے پاس اسپیڈ ہے، ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوچ اور کپتان سے بات کی، بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ کو بھی دیکھنا ہے۔

    چیف سلیکٹر نے کہا کہ جنید اور فہیم بھی اچھے بولر ہیں لیکن کنڈیشن میں تجربہ کار کھلاڑی چاہیے، آگے کیا ہوگا میں نہیں بتا سکتا، ٹیم نے انگلینڈ میں فائٹ کی کچھ چیزیں بری تو کچھ اچھی بھی ہیں، ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں بہتر پرفارمنس دے گی۔

    انضام کا کہنا تھا کہ ٹیم پر زیادہ تنقید اچھی چیز نہیں، اچھا کھیلنے والوں کو بھی سراہنا چاہیے، شعیب اور حفیظ سینئر کرکٹرز ہیں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت ہے، ہم 23 مئی تک ٹیم میں تبدیلی کر سکتے ہیں تو فائدہ کیوں نہ اٹھائیں، پاکستان ٹیم کو جس کی ضرورت ہے ہم نے وہ فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ینگ کھلاڑیوں کی ٹیم ہاری بھی ہے لیکن فتح بھی ملی ہے، رضوان، عابد اور فہیم کو انگلینڈٖ ہی میں روک رہے ہیں، اگر کسی کی ضرورت پڑے گی تو ہمارے پاس بیک اپ ہوگا۔

    چیف سلیکٹر کا کپتان کے متعلق کہنا تھا کہ سرفراز جتنا اوپر آ کر کھیلتے ہیں اتنی اچھی کارکردگی دیتے ہیں، سرفراز احمد کی کارکردگی انگلینڈ سے سیریز میں بہتر ہے۔

  • دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

    دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

    لاہور : دورہ بنگلہ دیش کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، سلیکشن کمیٹی نے تینوں فارمیٹس کے لئے کپتانوں سے مشاورت مکمل کرلی، سلیکشن کمیٹی نے مشاورت کے بعد کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

    ورلڈ کپ میں بری پرفارمنس دکھانے والوں کی چھٹی ہوگئی، عمر اکمل اور یونس خان کے نام پر لکیر کھینچ دی گئی ہے۔ ڈسپلن  کی خلاف ورزی بھی کئی کھلاڑیوں کی سلیکشن کے آڑے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کے لئے سلیکٹرزنے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دے دی ہے۔فیصلہ تینوں کپتانوں کی سے مشاورت کیا گیاہے۔

    مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔ جبکہ عمر اکمل ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے، عمر اکمل کو مسلسل ناقص کارکردگی پر تینوں فارمیٹ کی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ احمد شہزاد کو بھی ٹیسٹ اور ایک روزہ ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے اور صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان سمیع اسلم، بابر اعظم، محمد رضوان اور فواد عالم کو ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

    ایک روزہ ٹیم: سمیع اسلم، سرفراز احمد، اظہر علی، محمد حفیظ، اسد شفیق، فواد عالم، محمد رضوان، حارث سہیل، صہیب مقصود، سعید اجمل، یاسر شاہ، وہاب ریاض، راحت علی، احسان عادل، سہیل خان۔

    ٹیسٹ ٹیم: بابر اعظم ، محمد حفیظ، سمیع اسلم، مصباح الحق، اسد شفیق، اظہر علی، یونس خان، حارث سہیل، سعید اجمل، یاسر شاہ، ذوالفقاربابر، سرفراز احمد، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان، راحت علی۔

    ٹی ٹوئنٹی: احمد شہزاد، سرفراز احمد، محمد حفیظ، مختار احمد، صہیب مقصود، حارث سہیل، سعید اجمل، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سعد نسیم، وہاب ریاض، سہیل خان، عمر گل، جنید خان

    چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی آزادانہ فیصلے لے رہی ہے، ہمیں چیئرمین پی سی بی کی مکمل حمایت حاصل ہے اور ہم پر فیصلے کرنے کے لئے کوئی دباؤ نہیں۔

    ٹیم اپریل کے دوسرے ہفتے میں بنگلہ دیش روانہ ہوگی۔ ٹریننگ کیمپ سات اپریل سے لاہور میں شروع ہوگا۔

  • دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز متوقع

    دورہ بنگلہ دیش، قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز متوقع

    لاہور: دورۂ بنگلہ دیش کے لئے قومی اسکواڈ کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، ورلڈ کپ کھیلنے والے متعدد کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    دورہ بنگلہ دیش کے لئے ٹیم میں کون ان ہوگا اور کون آؤٹ ہوگا، اس کے لئے نو منتخب سلیکشن کمیٹی مشاورت میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے متعدد کھلاڑی دورہ بنگلہ دیش میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

    شاہد آفریدی اور مصباح الحق ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کے سبب ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو خراب رویہ کے سبب ٹیم میں جگہ نہیں دی جائے گی۔

    محمد عرفان انجری جبکہ یونس خان اور احسان عادل خراب کارکردگی کے سبب ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

    سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اظہر علی کپتان، سرفراز احمد نائب کپتان، محمد حفیظ، سمیع اسلم، حارث سہیل، اسد شفیق، فواد عالم، بابر اعظم، محمد رضوان، وہاب ریاض، جنید خان، سہیل خان، راحت علی اور سعید اجمل شامل ہیں۔

    اسپنر یاسر شاہ اور ظفر گوہر میں سے کسی ایک کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ چھ اور سات اپریل کو لاہور میں لگے گا۔ قومی ٹیم تیرہ اپریل کو بنگلہ دیش کے لئے روانہ ہوگی۔