Tag: قومی انسداد پولیو پروگرام

  • گریڈ20 کے سینئر بیورو کریٹ  سربراہ قومی انسداد پولیو پروگرام تعینات

    گریڈ20 کے سینئر بیورو کریٹ سربراہ قومی انسداد پولیو پروگرام تعینات

    اسلام آباد : گریڈ 20 کے سینئر بیوروکریٹ انوار الحق کو سربراہ قومی انسداد پولیو پروگرام تعینات کردیا گیا، ڈاکٹر شہزاد بیگ گزشتہ روز مستعفی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ قومی انسداد پولیو پروگرام ڈاکٹر شہزاد بیگ کا استعفی منظور کرلیا گیا۔

    زرائع نے بتایا کہ حکومت نے سرکاری افسر کو سربراہ قومی انسداد پولیو پروگرام بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے گریڈ 20 کے سنیئر بیوروکریٹ کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق کو سربراہ مقرر کردیا۔

    زرائع کا کہنا ہے کہ وہ جوائنٹ سیکرٹری وزارت صحت تعینات ہیں، وہ نیشنل کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے پولیو ہوں گے۔

    ذرائع نے کہا کہ سربراہ قومی پولیو پروگرام ڈاکٹر شہزاد بیگ گزشتہ روز مستعفی ہوئے تھے، ان کو استعفی دینے کی ہدایت کی گئی تھی، جس کے بعد انھوں نے اپنا استعفی وزارت قومی صحت کو بھجوایا تھا۔

    زرائع کے مطابق ملک میں پولیو کے تیزی سے پھیلاو پر ڈاکٹر شہزاد پر استعفی کیلئے دباو تھا اور حکومت ان کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھی۔

    ڈاکٹر شہزاد پی ٹی آئی دور میں سربراہ پولیو پروگرام مقرر ہوئے تھے، وہ افغانستان سے پاکستان پولیو وائرس منتقلی روکنے میں ناکام رہے، ان کی تعیناتی کے وقت ملک میں پولیو کیسز کم ترین سطح پر تھے۔

    ڈاکٹر شہزاد بیگ کے دور میں پولیو وائرس نے وبائی شکل اختیار کی ، رواں سال ملک میں پولیووائرس کے چار کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • پولیو: عالمی ادارہ صحت نے پاکستان پرسفری پابندیوں میں توسیع کردی

    پولیو: عالمی ادارہ صحت نے پاکستان پرسفری پابندیوں میں توسیع کردی

    لاہور: پاکستان میں پولیو کا وار برقرار ہے، عالمی ادارۂ صحت نے اپنے تحفظات کا اظہار کر دیا، پاکستان پر سفری پابندیوں میں 3 ماہ کی توسیع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارۂ صحت نے پاکستان کے پولیو پروگرام پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا، ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام درست سمت میں کام نہیں کر رہا۔

    پابندیوں میں توسیع کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا ہوگا، پاکستان سے باہر جانے والوں کو پولیو ویکسی نیشن لازمی کرانا ہوگی۔

    بیرون ملک جانے کے لیے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفیکٹ پاس رکھنا لازمی قرار دے دیا گیا، بیرون ملک سے واپسی پر بھی پاکستانیوں کو ویکسی نیشن کروانی ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملک کے 6 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس موجود

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پولیو کا ٹائپ ون وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، مختلف شہروں کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کا خطرہ بڑھ رہا ہے، لاہور اور دیگر شہروں میں 21 کیسز رپورٹ ہونا تشویش ناک ہے۔

    عالمی ادارۂ صحت نے کہا کہ کراچی کا وائرس پاکستان سے باہر ایران میں بھی پایا گیا ہے، عارضی سفری پابندیوں کو اس صورت حال میں برقرار رکھا جائے گا۔

    دریں اثنا، عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملوں پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

  • ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

    ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق

    اسلام آباد: قومی انسداد پولیو پروگرام نے ملک کے 12 بڑے شہروں کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، وائرس کی موجودگی کے بعد پولیو ویکسی نیشن کی عمر کی حد بھی بڑھا کر 10 سال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ ملک کے 12 بڑے شہروں کے سوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سیوریج میں پی ون پولیو وائرس کی تصدیق خطرے کی گھنٹی ہے۔

    جن شہروں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے ان میں پشاور، لاہور، کراچی، راولپنڈی، مردان، بنوں، وزیرستان، حیدر آباد، سکھر اور قمبر شہداد کوٹ شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس کی موجودگی پر پولیو ویکسی نیشن کے لیے عمر کی حد میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، راولپنڈی اور پشاور میں 10 سال تک کے بچوں کی بھی پولیو ویکسی نیشن کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ 2 ماہ قبل بھی کراچی، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سکھر، قلعہ عبد اللہ، کوئٹہ، ڈیرہ اسمعٰیل خان، پشاور اورجنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی موجودگی پائی گئی تھی۔

    گزشتہ ماہ کراچی کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کے سبب محکمہ صحت سندھ نے 2 ہزار ویکسین سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ رواں برس اب تک 6 پولیو کیسز سامنے آچکے ہیں، جن میں سے 2، 2 خیبر پختونخواہ اور قبائلی علاقوں اور 1، 1 پنجاب اور سندھ میں ریکارڈ کیا گیا۔