Tag: قومی ایئرلائن

  • قومی ایئرلائن کے تمام ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    قومی ایئرلائن کے تمام ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    کراچی : قومی ایئرلائن  (پی آئی اے) کے تمام افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ منظور کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کے تمام ملازمین کے لئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    پی آئی اے کے تمام افسران و ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ منظور کرلیا گیا، تنخواہوں میں اضافہ وفاق کے اعلان کے بعد بورڈمیٹنگ میں منظور کیا گیا۔

    تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کے بعد ریٹائرڈملازمین کی پنشن بھی بڑھنے کا امکان ہے۔

  • پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے اچھی خبر

    پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے اچھی خبر

    کراچی : قومی ایئرلائن (پی آئی اے )  نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کیلئے فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کردیا، کورونا وائرس کی وجہ فلائٹ آپریشن عارضی طورپر معطل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے ملائیشیا جانے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، قومی ایئرلائن (پی آئی اے ) نے کوالالمپور کیلئے فلائٹ آپریشن دوبارہ بحال کردیا۔

    پی آئی اے اسلام آباد کوالالمپور کیلئے ہفتہ وار2پروازیں آپریٹ کریگی جبکہ لاہور سے 26 جون کو کوالالمپور کیلئے پرواز اڑان بھرے گی۔

    دوسری جانب پی آئی اے نے آزربائیجان کے شہر باکو کیلئے بھی فلائٹ آپریشن میں اضافہ کردیا ہے ، پی آئی اے ہفتہ وار4 پروازیں باکو کیلئے آپریٹ کرے گی۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ آزربائیجان کے شہر باکو کے کیلئے اسلام آباد سے 1، لاہور سے 2 اور کراچی سے 1 پرواز آپریٹ کی جائیں گی۔

    یاد رہے قومی ایئرلائن کی جانب سے کورونا وائرس کی وجہ سے کوالالمپور کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔

  • مسافروں کیلئے اہم خبر آگئی

    مسافروں کیلئے اہم خبر آگئی

    کراچی :قومی ایئرلائن نے مسافروں کو جدید طرز پر سہولیات فراہم کرنے کیلئے لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کے بزنس لاؤنچز کی تزئین وآرائش کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹ کے بزنس لاونچز کی تزئین وآرائش کا فیصلہ کرلیا ، لاہور ایئرپورٹ کےانٹرنیشنل لاونچ اور کراچی ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک لاونچ کی تزئین و آرائش ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فیصلہ مسافروں کو جدید طرز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیا گیا، پی آئی اے نے انٹیریئر ڈیزائنر اور آرکیٹیکچر فرمز سے خدمات طلب کرلی ہیں۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انٹرنل اسٹرکچر ،فرنیچر تبدیلی، لائٹنگ، واش رومز ،الیکٹریکل اشیاء کی تنصیب ہوگی ، خواہش مند فرمز 14جون 2022 تک بڈز جمع کرا سکیں گی۔

    خیال رہے قومی ایئرلائن نے ملک کے سب سے بڑے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ہے، پی آئی اے کی پہلی پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے مدینہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 200 پروازوں کے ذریعے 5 بڑے شہروں اسلام آباد،کراچی ، لاہور ،ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی جبکہ 200پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کی وطن واپسی ہوگی۔

  • قومی ایئرلائن  کا حج فلائٹ آپریشن ،   عازمین کیلئے اہم خبر آگئی

    قومی ایئرلائن کا حج فلائٹ آپریشن ، عازمین کیلئے اہم خبر آگئی

    کراچی : قومی ایئرلائن نے ملک کے سب سے بڑے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ، پی آئی اے کی پہلی پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے مدینہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے ملک کے سب سے بڑے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ، پی آئی اے سرکاری و پرائیوٹ 40ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔

    پی آئی اے کی پہلی پرواز 6 جون کو اسلام آباد سے مدینہ کیلئے روانہ ہوگی ، پی آئی اے اپنے پری اور پوسٹ حج آپریشن میں 400پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے کہا کہ 200 پروازوں کے ذریعے 5 بڑے شہروں اسلام آباد،کراچی ، لاہور ،ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی جبکہ 200پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کی وطن واپسی ہوگی۔

    حج فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے کے بوئنگ777 اور کوئٹہ کیلئے ایئربس 320 طیارے استعمال ہوں گے، 15جون تک عازمین کو مدینہ اور15 سے 3جولائی تک عازمین کو جدہ پہنچایا جائے گا۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے فلائٹ شیڈول نہ دینے کی وجہ سے حج آپریشن تاخیر کا شکار ہوا۔

    دوسری جانب نجی ایئرلائن سرین ایئر نے پری حج فلائٹ آپریشن کا اعلان کردیا ہے ، پہلی پرواز 4اور5جون کی درمیانی شب اسلام آباد سے جدہ کیلئے روانہ ہوگی۔

    سی ای اوائیر وائس مارشل (ر)محمد صفدر ملک کا کہنا ہے کہ سرین ایئر 42 پروازوں کے ذریعے 13ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔
    .
    محمد صفدر ملک نے بتایا کہ جدہ اور مدینہ کیلئے اپنے جدید طیارے ائیر بس 330 استعمال کرے گا، سرین ایئرنے عازمین کی سہولت کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

  • پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟

    پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں کب سے شروع ہوں گی؟

    کراچی: قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی آسٹریلیا کے لیے پروازیں 22 اپریل سے شروع ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی سڈنی آسٹریلیا کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز جمعہ 22 اپریل 2022 سے ہوگا، سڈنی کی براہ راست پروازیں ابتدائی طور پر جمعہ کو لاہور تا سڈنی اور سڈنی تا لاہور اتوار کے دن چلائی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق سڈنی کے لیے براہ راست پروازوں سے وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ مسافروں کو سامان کی مد میں بھی سہولت دی جا رہی ہے۔

    سڈنی کے لیے اکانومی کلاس کے مسافروں کو 45 کلو گرام جب کہ ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے مسافروں کو 55 کلوگرام سامان لے جانے کی اجازت ہو گی۔

    چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے فلائٹ آپریشنز کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا جائزہ لیتے ہوئے مارکیٹنگ اور فرنٹ لائن ٹیموں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    پی آئی اے نے ایوی ایشن انڈسٹری کو درپیش کرونا پابندیوں میں نرمی کے بعد اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا منصوبہ بنایا ہے، اور حال ہی میں کراچی اور لاہور سے باکو کے لیے پروازیں شروع کی گئی ہیں۔

    قومی ایئر لائن اپنے نیٹ ورک میں مزید منزلیں شامل کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔

  • کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں‌ پھیل گیا

    کراچی: کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے میں‌ اچانک دھواں پھیل گیا، اور آگ کی بو محسوس کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر اڑان بھرنے کے لیے تیار طیارے کے ساتھ حادثہ پیش آیا ہے، قومی ایئر لائن کی کراچی سے لاہور کی پرواز میں اچانک فائر وارننگ کے سبب مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

    ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 لاہور روانگی کے لیے تیار تھی، بوئنگ 777 طیارہ ٹیک آف کے لیے رن وے پر پہنچ گیا تھا، کہ اچانک طیارے کے ایئرکنڈیشنڈ ڈکس سے ہلکا دھواں نکلنے لگا، مسافروں نے آگ کی بو بھی محسوس کی۔

    ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ فائر انڈیکیشن ملنے پر پائلٹ نے طیارے کا ٹیک آف فوری طور پر منسوخ کر دیا، اور طیارے کو فوری طور پر واپس ٹرمینل کی طرف لے جایا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام مسافروں کو آف لوڈ کر کے طیارے کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی، جلد ہی پرواز پی کے 306 دوبارہ لاہور روانہ کی جائے گی۔

    ایئر پورٹ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ طیارے میں 328 مسافر سوار تھے، جن میں سے 64 مسافروں نے طیارے میں دوبارہ سوار ہونے سے انکار کر دیا ہے، جن کا سامان آف لوڈ کیا جا رہا ہے۔

  • قومی ایئرلائن کی بحالی کا بزنس پلان، غیر ملکی ماہرین 25 اپریل کو پاکستان پہنچیں  گے

    قومی ایئرلائن کی بحالی کا بزنس پلان، غیر ملکی ماہرین 25 اپریل کو پاکستان پہنچیں گے

    کراچی: غیر ملکی ماہرین پر مشتمل 5رکنی وفد پی آئی اے کے بزنس پلان کا جائزہ لینے کیلئے 25 اپریل کو پاکستان پہنچے گا، وفد پی آئی اے کی اصلاحات اورمستقبل کےحوالے سے تجاویز دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کی بحالی اور بزنس پلان کے معاملے پر غیرملکی ماہرین پر مشتمل 5رکنی وفد 25 اپریل کو پاکستان پہنچے گا۔

    سول ایوی ایشن نے جنوبی افریقہ ،پرتگال ،اسپین ،کینیڈا،سوئٹزر لینڈ کے ماہرین کیلئے خصوصی اجازت نامہ جاری کردیا ہے ، غیر ملکی ماہرین کا وفد اہم شخصیات سے بھی ملاقات کرے گا۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ وفد پی آئی اے کی اصلاحات اورمستقبل کےحوالے سے تجاویز دے گا ، وفد کا پاکستان پہنچنے پر کوروناٹیسٹ لازمی ہوگا اور قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔

    قومی ایئرلائن نے بزنس پلان کی تشکیل کیلئے ٹینڈر کے ذریعے ایاٹا کنسلٹنسی سروس کو ہائر کیا ہے۔

    اس حوالے سے ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، پی آئی اے نے سی اے اے کو درخواست دی تھی۔

  • پی آئی اے کا خسارہ کم ہو گیا

    پی آئی اے کا خسارہ کم ہو گیا

    کراچی: پی آئی اے کا خسارہ 52.6 ارب روپے سے کم ہو کر 34.64 ارب روپے رہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن نے مالی سال 2020 کے لیے مالیاتی نتائج جاری کر دیے، پی آئی اے نے مالیاتی رپورٹ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کا خسارہ 52.6 ارب روپے سے کم ہو کر 34.64 ارب روپے رہ گیا، سال 2020 میں کرونا وائرس کی وجہ سے پی آئی اے کی آمدنی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    31 دسمبر 2020 کو ختم ہونے والے مالی سال میں پی آئی اے کی آمدنی 94.98 ارب روپے رہی، سال 2019 میں پی آئی اے کی آمدنی 147 ارب 50 کروڑ روپے تھی۔

    پی آئی اے نے دورانِ پرواز کپتانوں اور کریو کو روزہ رکھنے سے منع کردیا

    ایئر کرافٹ فیول کی خریداری میں بھی اخراجات میں زبردست کمی ہوئی، پی آئی اے نے سال 2020 میں ایئر کرافٹ فیول کی مد میں 21.15 ارب روپے خرچ کیے، جب کہ سال 2019 پی آئی اے نے ایئر کرافٹ فیول کی مد میں 50 ارب روپے خرچ کیے تھے۔

    ایڈمنسٹریٹر اخراجات سال 2020 میں 5 ارب 70 کروڑ روپے رہے، مالی سال 2019 میں ایڈمنسٹریٹر اخراجات 6 ارب 20 کروڑ روپے تھے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ایئر لائن پی ‏آئی اے کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دی تھی، ری اسٹرکچرنگ میں جدت اور ٹیکنالوجی ‏کا استعمال کیا جائے گا۔

  • لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر آ گئی، قومی ایئر لائن نے فضائی آپریشن بحال کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے نے لاہور سے اسلام آباد فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں پہلی پرواز 8 مارچ صبح ساڑھے 8 بجے لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔

    قومی ایئر لائن کی پرواز 650 لاہور سے مسافروں کو لے کر اسلام آباد جائے گی، پی آئی اے اسلام آباد کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں آپریٹ کرے گا۔

    کرائے کا تعین بھی ہو گیا ہے، پی آئی اے کا لاہور سے اسلام آباد یک طرفہ کرایہ 6 ہزار 848 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ پی آئی اے کا لاہور سے اسلام آباد کے لیے فضائی آپریشن گزشتہ 2 سال سے بند تھا۔

    خیال رہے کہ قومی ایئر لائن میں اصلاحاتی عمل کچھ عرصے سے جاری ہے، اس سلسلے میں گزشتہ ماہ اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے پی آئی اے کو جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ قومی ادارے کے شیئرز میں قیمت کے ساتھ ساتھ حجم میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

    گزشتہ تین ہفتوں کے دوران قومی ایئر لائن کے حصص کی قیمت میں 20 فی صد اضافہ ہوا، حکام کا کہنا تھا کہ شیئر کی قیمت میں یہ اضافہ گزشتہ دو ماہ کے دوران دیکھا گیا۔

    معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ حصص کی قیمتوں میں اضافہ دراصل پی آئی اے میں ہونے والی اصلاحات اور ملازمین کی تعداد میں کمی بنیادی وجوہ ہیں۔

  • کرونا وائرس کی دوسری لہر، پی آئی اے کا پروازوں میں کھانے کے حوالے سے اہم قدم

    کرونا وائرس کی دوسری لہر، پی آئی اے کا پروازوں میں کھانے کے حوالے سے اہم قدم

    کراچی: کرونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لیے پی آئی اے نے اندرون ملک جانے والی پروازوں میں کھانے کی فراہمی بند کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت قومی ایئر لائن نے دوران پرواز کھانے کی فراہمی بند کر دی، مسافروں کو دی جانے والی کھانے پینے کی دیگر چیزوں کے مینیو میں بھی تبدیلی کر دی گئی۔

    تمام پروازوں کے دوران گرم مشروبات پیش کرنے پر پابندی ہوگی، مسافروں کو پرواز میں پہلے سے بند ٹھنڈے مشروبات پیش کیے جائیں گے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں صرف ڈبے میں پیک اشیا اور ٹھنڈے مشروبات پیش کیے جائیں گے، ذرایع کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو ارشد ملک نے کھانے کی سروسز میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔

    کھانے کے مینیو میں تبدیلی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے، قومی ایئر لائن نے سعودی عرب سیکٹر کے لیے اسنیکس، کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور مفن پیش کرنے جب کہ کافی یا چائے پیش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی سیکٹر سے واپسی کی پرواز پر کلب سینڈوچز، چکن پیٹیز، ایک کیلا اور بسکٹ پیش کیے جائیں گے، کابل اور خلیجی ممالک کی پروازوں میں صرف ہلکی پھلکی غذائیں یعنی اسنیکس پیش کیے جائیں گے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کھانے کی سروس میں تبدیلی حفاظتی اقدامات کے تحت مسافروں اور عملے کے ارکان کے درمیان رابطے کو کم کرنے کے لیے کی گئی ہے۔