Tag: قومی ایئر لائن

  • پی آئی اے کا ایک اور   طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    پی آئی اے کا ایک اور طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    کراچی : پی آئی اے کا طیارہ دبئی سے پشاور واپسی پر بڑے حادثے سے بچ گیا اور کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی سے پشاور جانے والی قومی ایئر لائن پی آئی اے پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی، طیارے نے فنی خرابی کے باعث اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ۔

    لاؤنج منتقل نہ کرنے پر مسافروں نے طیارے میں احتجاج کیا تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے بعد مسافروں کو متبادل پرواز سے پشاور روانہ کیا گیا۔

    گذشتہ ہفتے قومی ایئر لائن  کی دبئی سے پشاور آنے والی پرواز میں اڑان بھرتے ہی فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد طیارے نے واپس ایمرجنسی لینڈنگ کی۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا

    ایوی ایشن ذرائع نے بتایا تھا کہ پروازپی کے 284 میں روانگی کے فوری بعدخرابی پیداہوئی، ایئرٹریفک کنٹرولر دبئی کی ہدایت پر طیارے نے 50 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی اور مسافروں کو طیارے سےاتارکر لاونج منتقل کردیا گیا تھا۔

  • جشن آزادی کی خوشیاں دو بالا ، قومی ایئر لائن کا مسافروں کیلئے بڑا تحفہ

    جشن آزادی کی خوشیاں دو بالا ، قومی ایئر لائن کا مسافروں کیلئے بڑا تحفہ

    کراچی: قومی ایئرلائن نے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر اندرون ملک سفر پر ٹکٹ میں 14 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے ڈسکاؤنٹ کا اعلان کردیا گیا۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    پی آئی اے نےیوم آزادی کےدن اندرون ملک سفرپرٹکٹ میں14فیصدکمی کردی، ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈسکاؤنٹ آزادی کےجشن میں پی آئی اے کی جانب سے ہم وطنوں کیلئے تحفہ ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو دوران سفر انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سلسلے میں قومی ائیرلائن انتظامیہ نے طیاروں میں انٹرنیٹ ڈیواسز کی تنصیب کا کام شروع کرتے ہوئے ان فلائیٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم کی تنصیب کے لیے خواہش مند فرموں سے سفارشات بھی طلب کر لی تھیں۔

    پی آئی اے کے چودہ اے 320 اور دس بوئنگ 777 طیاروں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

  • قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ

    قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے، ایئر بس 320 یہاں پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 3 طیارے چند ماہ میں پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایئر بس 320 اسلام آباد پہنچ گئی جس کے بعد قومی ایئر لائن کے بیڑے میں اضافہ ہوا ہے۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لیز پر حاصل شدہ ایئر بس 170 نشستوں پر مشتمل ہے اور 4 برس پہلے بنائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ عید کے بعد پی آئی اے کے انسگنیا کے ساتھ آپریشنز شروع ہوں گے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مزید 3 طیارے چند ماہ میں پی آئی اے کے بیڑے کا حصہ بنیں گے، نئے طیاروں کی شمولیت سے قومی ایئر لائن کے آپریشن مزید ہموار ہوں گے۔

  • ریڈ لِسٹ: پابندی عمل میں آنے سے قبل پی آئی اے نے تمام مسافر برطانیہ پہنچا دیے

    ریڈ لِسٹ: پابندی عمل میں آنے سے قبل پی آئی اے نے تمام مسافر برطانیہ پہنچا دیے

    کراچی: قومی ایئر لائن نے بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے برطانوی ریڈ لِسٹ میں شامل پاکستان سے تمام مسافروں کو پابندی عمل میں آنے سے قبل برطانیہ پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں پاکستان بھی شامل ہے، پی آئی اے نے سفری پابندی لگنے سے پہلے 3600 سے زائد مسافروں کو برطانیہ پہنچا دیا ہے، قومی ایئر لائن نے 13 چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے مسافروں کو برطانیہ پہنچایا۔

    پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ایئر لائن نے پابندی سے قبل ہی برطانیہ جانے والی طلب کو پورا کر دیا ہے، اور سی ای او پی آئی اے کی ہدایت پر بطور قومی فریضہ مسافروں کو برطانیہ پہنچایا گیا۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے کہا ایئر لائن نے آئرلینڈ، پرتگال، اور اردنی کمپنیوں سے چارٹرڈ طیارے حاصل کیے، یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندیوں کے سبب پی آئی اے نے تمام آپریشن اپنے جہازوں کی بجائے چارٹر جہازوں سے کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ایئر لائنز نے پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں سے من مانے کرائے وصول کیے، ساڑھے 4 لاکھ روپے سے لے کر 6 لاکھ تک میں ٹکٹ فروخت کیے گئے، جب کہ پی آئی اے نے صرف 2 لاکھ 55 ہزار روپے میں ٹکٹ فروخت کیے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے ان چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے 70 کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا۔

  • کراچی اور کوئٹہ کے درمیان پروازیں، پی آئی اے کا اہم اعلان

    کراچی اور کوئٹہ کے درمیان پروازیں، پی آئی اے کا اہم اعلان

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے کراچی اور کوئٹہ کے درمیان پروازوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کراچی اور کوئٹہ کے درمیان فلائٹس میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شہروں کے درمیان ہفتے میں 4 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے کے مطابق اضافی پروازوں سے دونوں شہروں کے درمیان مسافروں کو مزید بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ پروازوں کا یک طرفہ کرایہ 8 ہزار 732 روپے مقرر کیا گیا ہے، جب کہ اضافی پروازوں کا آغاز 30 جنوری سے کیا جائے گا۔

    ترجمان نے ایک اور خوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ قومی ایئر لائن کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    سال 2020 پی آئی اے کے لیے کیسا رہا، تفصیلی رپورٹ

    واضح رہے کہ سال 2020 قومی ایئر لائن کے لیے بڑے چیلنج کے طور پر سامنے آیا، عالمی وبا کو وِڈ 19 کے با وجود پی آئی اے نے اصلاحاتی عمل کے ساتھ ترقی کا سفر جاری رکھا، قومی ایئر لائن نے سال 2020 کی تیسری شش ماہی میں ایک عرصے بعد ساڑھے 3 ارب روپے کا منافع حاصل کیا۔

  • سعودی اقامے کے حامل پاکستانیوں کے لیے قومی ایئر لائن کی اہم سہولت

    سعودی اقامے کے حامل پاکستانیوں کے لیے قومی ایئر لائن کی اہم سہولت

    اسلام آباد: قومی ایئر لائنز نے سعودی اقامے کی مدت ختم ہونے والے 27 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچا دیا، زیادہ تر مسافروں کے اقاموں کی مدت 30 ستمبر کو پوری ہورہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان قومی ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے 27 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچایا، 15 سے 28 ستمبر تک 91 پروازوں سے 27 ہزار 500 مسافروں کو سعودی عرب پہنچایا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مسافروں کے اقاموں کی مدت 30 ستمبر کو پوری ہورہی تھی۔

    ترجمان کے مطابق مسافروں کی جانب سے شکایات ملیں کہ ایجنٹس ٹکٹ لے کر مہنگے داموں فروخت کر رہے تھے، مسافروں نے شکایات کیں کہ رش کے باعث کرایہ 1 لاکھ 21 ہزار تک پہنچ جانے سے سخت پریشانی کا سامنا رہا۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں تاحال غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت بحال نہیں کی گئی تاہم خروج و عودۃ، ملازمت، اقامہ یا وزٹ ویزوں میں سے کوئی ایک ویزا رکھنے والے غیر ملکیوں کو 15 ستمبر 2020 سے سعودی عرب واپسی کی اجازت دی گئی ہے۔

    اس حوالے سے نہایت سخت احتیاطی تدابیر جاری کی گئی ہیں جبکہ سعودی عرب واپس آنے والوں کو پہنچنے سے قبل اجازت نامہ بھی لینا ہوگا۔

    سعودی حکام کی جانب سے تاحال غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت کے حوالے سے کسی لائحہ عمل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

  • قومی ایئر لائن کا آڈٹ مکمل کرلیا گیا

    قومی ایئر لائن کا آڈٹ مکمل کرلیا گیا

    کراچی: پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کا آڈٹ مکمل کرلیا گیا، آڈٹ ٹیم آئی او ایس اے نے پی آئی اے کی عبوری رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن آپریشنل سیفٹی آڈٹ (آئی او ایس اے ۔ آئی اے ٹی اے) کی جانب سے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا آڈٹ مکمل کرلیا گیا، آڈٹ ٹیم آئی او ایس اے کی جانب سے پی آئی اے کی عبوری رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

    سنہ 2018 میں ہونے والے آڈٹ کے مقابلے میں مشاہدات کئی درجہ کم نکلے، ٹیم نے 5 روزہ آڈٹ کے دوران پی آئی اے کے سیفٹی کے 1 ہزار 72 پیرا میٹرز کی جانچ کی۔ عالمی آڈٹ ٹیم کی جانب سے پی آئی اے کے تمام شعبوں کا آڈٹ کیا گیا۔

    اس دوران فلائٹ آپریشن، پسنجر سروسز، سیفٹی، سیکیورٹی انجینئرنگ اور اہم شعبوں کی جانچ کی گئی۔

    آڈٹ کی عبوری رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے 98.5 فیصد پیرا میٹر پر آڈٹ کو مطمئن کرلیا، دیگر کا جواب ابھی دیا جانا ہے۔

    ترجمان کے مطابق آڈٹ کا مقصد پی آئی اے کے سیفٹی میعار اور طیاروں کی جانچ پڑتال ہے، ایئر لائنز کا ہر 2 سال بعد جائزہ لیا جاتا ہے، آئی اے ٹی اے کے تحت تجارتی ہوا بازی میں حفاظت کی کارکردگی پر نتائج جاری کیے جاتے ہیں۔

    یورپی یونین کی جانب سے معطلی کے بعد کا آئی او ایس اے آڈٹ کلیئر کرنا اہم ہے، آئی او ایس اے کے اظہار اطمینان پر پی آئی اے کی فلائٹ سیفٹی خدشات کا دباؤ کم ہوگا۔

  • پی آئی اے کا جہاز گم نہیں ہوا فروخت کیا گیا: قومی ایئرلائن کا جواب

    پی آئی اے کا جہاز گم نہیں ہوا فروخت کیا گیا: قومی ایئرلائن کا جواب

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں طیارہ گمشدگی کیس کی سماعت کے دوران قومی ایئر لائن نے جواب جمع کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کا طیارہ گم نہیں ہوا بلکہ فروخت کیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی ایئر لائن کے طیارے کی گمشدگی سے متعلق کیس میں پی آئی اے نے اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا، جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کا جہاز گم نہیں ہوا فروخت کیا گیا، طیارہ اپنی عمر 2016 میں پوری کر چکا تھا۔

    پی آئی اے نے جواب میں کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی اجازت سے مذکورہ جہاز گراؤنڈ کر کے جرمنی بھیجا گیا تھا، اس جہاز کو فلم کی شوٹنگ کے لیے بھی استعمال کیا گیا، جس کی مد میں پی آئی اے کو 2 لاکھ 10 ہزار یورو ملے، جہاز 1 لاکھ 3 ہزار، جب کہ 2 انجن 13 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوئے۔

    پی آئی نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ انتظامیہ نے چارج سنبھالا تو نیب اور ایف آئی اے اس سلسلے میں تحقیقات کر رہے تھے، موجودہ پی آئی اے انتظامیہ تحقیقات میں بھی بھرپور تعاون کر رہی ہے۔

    قومی ایئر لائن کے جواب میں ایئر مارشل ارشد ملک کو پاکستان ایئر فورس سے جاری این او سی بھی جمع کرا دیا گیا۔

  • پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی، آمدن میں اضافہ

    پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی، آمدن میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی اور آمدن میں اضافہ ہوا ہے، ایس ای سی پی نے پی آئی اے کو دیوالیہ فہرست سے نکال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے مالی خسارے اور اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 سے 2018 تک کا آڈٹ مکمل کرلیا۔ سابقہ حکومت میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پی آئی اے کو دیوالیہ فہرست میں ڈالا۔ اب قومی ایئر لائن کو دیوالیہ ہونے والے اداروں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر آڈٹ شدہ اعداد و شمار کے مطابق ادارے کو سنہ 2019 میں 11 ارب خسارہ ہوا۔

    وفاقی وزیر کے مطابق اندرونی انٹرٹینمنٹ نظام کی نیلامی میں شفافیت کو ترجیح دی گئی، پری کوالیفائی کمپنی کو کام دیا گیا اور نہ ہی ادائیگی کی گئی۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی پی آئی اے کا نام ڈیفالٹر لسٹ سے نکال کر نارمل ٹریڈنگ لسٹ میں شامل کرلیا تھا۔

    سنہ 2018 میں ناقص حکمت عملی سے قومی ایئر لائن کو 67 ارب 32 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا تھا جو 2017 کے خسارے کا 32 فیصد زائد تھا۔ 2017 میں ادارے کو 50 ارب 98 کروڑ کا خسارہ ہوا تھا۔

  • پی آئی اے میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع

    پی آئی اے میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع

    کراچی: پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) میں اصلاحات کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے، ادارے نے اپنی مدد آپ کے تحت ناکارہ آلات کی مرمت کر کے کروڑوں روپے بچا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے شعبہ ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ نے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے ناکارہ گاڑیوں اور طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے کروڑوں روپے مالیت کے آلات کو قابل استعمال بنا دیا۔

    ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ کے عملے نے ناکارہ قرار دیے گئے کروڑوں روپے مالیت کے ٹگ ماسٹر، کنوئیر بیلٹ گاڑی، کوسٹرز اور فورک لفٹر کو دوبارہ سے اپنی مدد آپ کے تحت قابل استعمال بنا کر ادارے کو کروڑوں روپے کے نقصان سے بچایا۔

    طیاروں کو تکنیکی مدد فراہم کرنے والے مذکورہ آلات کئی برس قبل ناکارہ قرار دے کر نیلامی کے سامان میں شامل کر دیے گئے تھے۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے کراچی ایئرپورٹ پر ٹیکنیکل سپورٹ کے شعبے کا دورہ کیا۔ انہوں نے شعبہ ٹیکنکل گراؤنڈ سپورٹ عملے کی کاوشوں کو سراہا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے پاس خطے کی بہترین تکنیکی افرادی قوت موجود ہے جو اپنی مہارت اور تجربے کو استعمال کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کی بحالی میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کے کئی ناکارہ اور خراب ہوجانے والے طیاروں کی بھی مقامی طور پر مرمت کردی گئی تھی اور اس کے لیے بیرون ملک سے کسی ماہر کی خدمات نہیں لی گئیں۔

    پی آئی اے کے مذکورہ اقدام سے ادارے کے کروڑوں روپے کے اخراجات بچالیے گئے تھے۔