Tag: قومی ایئر لائن

  • قومی ایئر لائن سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بری خبر

    قومی ایئر لائن سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے بری خبر

    کراچی : قومی ایئر لائن سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو زائد سامان پر رقم ادا کرنی ہو گی ، انتظامیہ نے پسنجر ہینڈلنگ سروسز کو نیا سرکولر جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے اپنے ریوینیو میں اضافہ کے لئے نئے بیگج چارجز مقرر کر دیئے اور پسنجر ہینڈلنگ سروسز کو نیا سرکولر جاری کر دیا ہے۔

    جس کے مطابق قومی ایئر لائن سے اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو زائد سامان پر رقم ادا کرنی ہو گی۔

    پی آئی اے کے اندرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو ایگذیکٹو اکانومی میں 30 کلو سامان اور اکانومی کلاس کے مسافروں کو 25 کلو سامان ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    مقرر سامان سے زائد لے جانے والوں سے فی بیگج 5800 روپے وصول کیئے جائیں گے جبکہ بیرون ملک مسافروں سے لندن ٹورنٹو کی پروازوں پر فی بیگج 20000 روپے وصول ہوں گے۔

    قومی ایئر لائن سے چائنا کے لئے 1350 سعودیہ اور مارات کے لئے زائد سامان پر فی کلو 1200 روپے چارج ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : اب بیرون ملک جانے والوں سے 2800 روپے ایئرپورٹ چارجز لیے جائیں گے

    یاد رہے چند روز قبل ہی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرپورٹ چارجز اور امبارکیشن فیس میں اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد بیرون ملک جانے والوں سے 2800روپے ایئرپورٹ چارجز لیے جائیں گے جبکہ غیر ملکی مسافر کے لیے چارجز 20 ڈالر رکھے گئے ہیں۔

    تمام ایئر پورٹس پرعالمی پروازوں کے لیے یکساں امبارکیشن فیس کا اطلاق کیا گیا، امبارکیشن فیس سمیت دیگر نظر ثانی شدہ فیسوں کا اطلاق یکم نومبر2019 سے ہو گا۔

    نئی امبارکیشن فیس اکانومی کلاس کے لیے 2، بزنس کلاس کے لیے3 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔

  • سال 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ

    سال 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مالیاتی نتائج برائے سال 2017 کا اعلان کردیا، پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے جبکہ ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مالیاتی نتائج برائے سال 2017 کا اعلان کردیا، مالیاتی نتائج کا اعلان ایک سال تاخیر سے کیا گیا یعنی سال 2017 کی رپورٹ سنہ 2019 میں جاری کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ سال 2016 میں خسارہ 44.7 ارب روپے تھا، سال 2017 میں خسارہ 47.7 ارب روپے رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سنہ 2017 کا خسارہ سال 2016 کے مقابلے میں 3 ارب روپے زائد ہے۔ سال 2017 میں ایکسچینج خسارہ 2.2 ارب روپے رہا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب کا اضافہ بھی ہوا جس کے بعد قومی ایئر لائن کا ریونیو بڑھ کر 104 ارب روپے پر پہنچ گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2017 میں ایندھن اخراجات میں 4 ارب کا اضافہ ہوا، ایندھن کی مد میں اخراجات 7 ارب سے بڑھ کر 31 ارب ہوگئے۔ پی آئی اے نے مالیاتی نتائج اسٹاک ایکسچینج کو بھی بھیج دیے ہیں۔

  • قومی ایئر لائن نے اضافی سامان کے چارجز بڑھا دیے

    قومی ایئر لائن نے اضافی سامان کے چارجز بڑھا دیے

    کراچی: قومی ایئر لائن نے اضافی سامان کے چارجز بڑھا دیے، یکم اپریل سے اندرون ملک پروازوں پر فکس چارجز 5 ہزار روپے مقرر کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے اضافی سامان کے چارجز بڑھاتے ہوئے اندرون ملک پروازوں پر فکس چارجز پانچ ہزار روپے مقرر کر دیے۔

    فکس چارجز کا اطلاق 1 سے 20 کلو گرام پر مبنی اضافی سامان پر کیا گیا، ایئر لائن کے پرانے اضافی چارجز 100 روپے فی کلو گرام سے بھی کم تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق سرین اور ائیر بلو کے اضافی سامان کے چارجز پی آئی اے کی نسبت 50 فی صد کم ہیں، سرین ائیر فی کلو گرام 115 روپے جب کہ ائیر بلو نے فکس چارجز 2 ہزار مقرر کر رکھے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پی آئی اے سی ای او نے وزیراعظم کو نیا 5 سالہ بزنس پلان پیش کردیا

    پی آئی اے فکس چارجز کے تحت فی کلو گرام 250 روپے وصول کر رہی ہے، اضافی سامان پر مہنگے چارجز کے باعث قومی ائیر لائن کے ریونیو میں کمی کا خدشہ ہے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ فیو ل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث چارجز فکس کیے گئے ہیں، نجی ائیر لائنز کے مقابلے میں پروازوں کی زائد تعداد کے باعث نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔

  • پی آئی اے کے عملے کی مینول حاضری پر مکمل پابندی عائد

    پی آئی اے کے عملے کی مینول حاضری پر مکمل پابندی عائد

    کراچی: پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے عملے کی مینول حاضری پر مکمل پابندی عائد کردی جبکہ پائلٹ اور فضائی میزبانوں کی رہائش گاہ اور ہوٹل سے متعلقہ فیصلے بھی سی ای او کے سپرد کردیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن کی انتظامیہ نے بڑے فیصلے کرتے ہوئے عملے کی مینول حاضری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ٹائم مینجمنٹ سسٹم کے علاوہ مینوئل حاضری قابل قبول نہ ہوگی۔

    انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی نمائندہ یونین اور ایسوسی ایشن عہدیداروں کو حاصل استثنیٰ بھی ختم کردی گئی ہے۔ عہدیداروں کو استثنیٰ دینے کا اختیار صرف چیف آپریٹنگ افسر (سی او او) کو ہوگا۔ گراونڈ کیے گئے فضائی میزبانوں کو بھی نظام سے حاضری لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    پی آئی اے انتظامیہ نے بھی کیبن کریو سے متعلقہ تمام امور پر فیصلوں کا اختیار بھی سی ای او کے سپرد کردیا ہے۔ غائب ملازمین اور متعلقہ سپروائزر کے خلاف ایکشن لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    غائب ملازمین کے خلاف مکنہ کارروائی میں ملازمت سے برطرفی تک کی انتہائی سزا بھی شامل ہے۔ پائلٹ اور فضائی میزبانوں کی رہائش گاہ اور ہوٹل سے متعلقہ فیصلے بھی سی ای او کے سپرد کردیے گئے ہیں۔

    انتظامیہ نے کاک پٹ اور کیبن کریو کے لیے قائم کمیٹی کو براہ راست سی ای او کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین پی آئی اے ایئر مارشل ارشد محمود ملک سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں پی آئی اے کے خسارے میں مزید کمی لانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا تھا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ادارے میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔

  • پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی: سی ای او نے سنسنی خیز انکشافات کردیے

    پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی: سی ای او نے سنسنی خیز انکشافات کردیے

    اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) کے سی ای او ارشد ملک نے سنسنی خیز انکشافات کردیے کہ کس طرح قومی ایئر لائن کو تباہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ارشد ملک اور وفاقی وزیر برائے ہوا بازی محمد میاں سومرو نے پریس کانفرنس کی۔ ارشد ملک نے قومی ایئر لائن کو تباہ حال کرنے والے ماضی میں کیے گئے اقدامات سے پردہ اٹھا دیا۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ ادارے میں دلچسپی ختم ہو چکی تھی، پی آئی اے میں کرپشن مافیا سرگرم تھی۔ ہمیں یہ بھی محسوس ہوا کہ ادارے میں پروفیشنل لوگ کم ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مسافروں کے ساتھ بہت غلط رویے کی شکایات کا تسلسل تھا، جہازوں سے انجن اتار لیے جاتے تھے، پارٹس غائب ہوجاتے تھے۔ جہاز کو کھڑا کر کے پہیے تک اتار دیے جاتے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ نااہلی کا یہ عالم تھا کہ اہم سامان ڈبوں میں پڑے پڑے ایکسپائر ہوگیا تھا، ادارے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انتظامیہ آنکھیں بند رکھتی تھی کچھ روٹس پر 300 ملین کا نقصان ہوا، 500 ملین ہمیں کچھ فلائٹوں سے نقصان ہو رہا تھا بند کردی ہیں۔

    ارشد ملک نے کہا کہ لوگوں کو صفائی کے لیے سامان نہیں دیا جاتا تھا، صفائی کے لیے جو معیار مقرر ہیں وہ نہیں تھے۔ پی آئی اے میں بحالی کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، بہت سے غیر منافع بخش روٹس بند کیے جا رہے ہیں، جو روٹ بند کیے گئے ان کی جگہ منافع بخش روٹ شروع کیے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 15 فروری سے نئے روٹس پر پروازیں شروع ہو رہی ہیں۔ پشاور سے نائٹ آپریشنز 2 سال سے بند تھے اب بحال ہو رہے ہیں۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی ممبئی اور نیویارک میں پراپرٹیز موجود ہیں، ہم ابھی تک پاک فضائیہ کے خرچے پر چل رہے تھے۔ ہمیں ایئر فورس نے اپنے خرچے پر گاڑیاں فراہم کیں۔ ’200 گھوسٹ ملازمین تھے جن کو تنخواہیں ملتی تھی‘۔

    انہوں نے کہا کہ من پسند لوگوں کو من پسند فلائٹس پر بھیجا جاتا تھا، مختلف ممالک میں قیمتی جائیداد ہونے کے باوجود کرائے پر آفس لیے گئے۔ ایک کروڑ روپے ہم اوور ٹائم دے رہے تھے۔

    ارشد ملک نے بتایا کہ دفتر خارجہ کو شامل کر کے باہر موجود پراپرٹیز کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فری ٹکٹ کا بازار بند کر دیا گیا ہے نہ کسی کی سیٹ اپ گریڈ کی ہے۔ جہاز 10 ماہ سے گراؤنڈ ہیں ہم کیسے ریونیو حاصل کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اثاثے 32 جہاز ہیں، 6 جہاز گراؤنڈ ہیں۔ جہاز مکمل آپریشنل ہوں تو تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ پی آئی اے کو 247 بلین ادھار کا سامنا ہے،۔ ادارے کو ماہانہ 4 ارب ادھار ادا کرنے ہیں۔

  • پی آئی اے کو پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ پاکستان کی پہچان ہے، عمران خان

    پی آئی اے کو پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ پاکستان کی پہچان ہے، عمران خان

    کراچی : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ ادارہ پاکستان کی پہچان ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعظم کی زیرصدارت اجلاس میں پی آئی اے کے انتظامی، مالی اور دیگر معاملات سے متعلق بریفنگ دی گئی،اس موقع پر پی آئی اے کی بہتری کے لئے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن ہونے کے ناطے پی آئی اے ملک کی پہچان ہے، بدقسمتی سے ماضی میں پی آئی اے بدانتظامی اور کرپشن کا شکار رہا، ان اداروں کا بوجھ عام آدمی اور ٹیکس دہندگان کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

    وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کیلئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنا کر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، ادارے کے خسارے پر قابو پانے کیلئے جامع بزنس پلان بنایا جائے۔

    وزیراعظم نے چیئرمین پی آئی اے کو جامع بزنس پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ادارے کا کل خسارہ 414.3ارب روپے ہے،194جعلی ملازمین73کیبن کریو اور سات پائلٹس کو جعلی ڈگری ہونے پر فارغ کیا گیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے موجودہ انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے والا طیارہ لاہور پہنچ گیا

    چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے والا طیارہ لاہور پہنچ گیا

    لاہور: انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں، چین میں پھنسے 214 پاکستانیوں کو وطن واپس لانے والا شاہین ایئر لائن کا طیارہ لاہور میں لینڈ کر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر گوانگزو میں 8 روز سے پھنسے دو سو سے زائد پاکستانی وطن واپس خیریت کے ساتھ پہنچ گئے، مسافروں کو واپس لانے والا شاہین ایئر کا طیارہ لاہور ایئر پورٹ پر اتر گیا۔

    ایک ہفتے سے زائد پریشانیوں میں گھرے پاکستانی شہری چین میں اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہوگئے تھے جب شاہین ایئر لائنز نے 29 جولائی کو گوانگزو سے وطن واپسی کی فلائٹ اچانک منسوخ کر دی تھی۔

    نجی ایئر لائن کی بد انتظامی پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے از خود نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے جواب طلب کیا تھا اور مسافروں کو فوری لانے کے انتظامات کا حکم بھی دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ چین میں پھنسے پاکستانیوں کو شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن میں تنازع کے باعث پریشانیاں اٹھانی پڑیں، پاکستان سِول ایوی ایشن نے ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ایئر کا فلائٹ آپریشن معطل کر رکھا ہے۔

    چین میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے طیارہ آج رات روانہ ہوگا

    سی اے اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ شاہین ایئر لائن کا لاہور میں کھڑا طیارہ ان فٹ ہے جسے چین بھجوانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جس پر شاہین ایئر نے سی اے اے کی منظور شدہ چارٹرڈ طیارے کا بندوبست کرنے کا عندیہ دے دیا تھا۔

    خیال رہے کہ چین میں پھنسے کچھ پاکستانیوں کے ویزے بھی ختم ہو گئے تھے، کچھ مسافروں نے ایئر پورٹ اور کچھ نے ہوٹل میں رات گزاری، پریشان کن صورتِ حال پر پاکستانیوں نے گوانگزو میں ہوٹل کے باہر پلے کارڈز اٹھا کر احتجاج بھی کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت کا جاتے جاتے ایک اور کارنامہ، چیئرمین پی آئی اے  کی خلاف ضابطہ تعیناتی

    حکومت کا جاتے جاتے ایک اور کارنامہ، چیئرمین پی آئی اے کی خلاف ضابطہ تعیناتی

    کراچی: مسلم لیگ ن کی حکومت نے جاتے جاتے ایک اور کارنامہ انجام دیتے ہوئے چیئرمین پی آئی اے کی خلاف ضابطہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اہم شخصیت کی سفارش پر عاصم سلیمان کو خسارے کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے، جس کے لیے بورڈ سے منظوری نہیں لی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق چیئرمین پی آئی اے کے لیے لازمی ہے کہ پہلے وہ بورڈ کا ممبر بنے، بورڈ ممبر بننے کے بعد بورڈ اراکین چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کے لیے اشتہار بھی نہیں دیا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت خاموشی سے تعیناتی کرنا چاہتی تھی۔

    ذرائع کے مطابق عاصم سلیمان سول ایوی ایشن اتھارٹی میں بھی ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں، ان کے رویے کے خلاف ڈائریکٹرز، افسران اور یونین نے تحریک بھی چلائی تھی۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان عہدے سے برطرف


    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کسی بھی ادارے میں نئی بھرتی پر پابندی لگا رکھی ہے، انتخابات سے قبل کوئی بھی افسر کسی بھی اہم عہدے پر تعینات نہیں ہو سکتا۔

    یاد رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان کو دو مارچ کو ملازمین کے دو ماہ کے طویل احتجاج کے بعد عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پیرس: پی آئی اے کے عملے کی ہوٹل میں ہنگامہ آرائی

    پیرس: پی آئی اے کے عملے کی ہوٹل میں ہنگامہ آرائی

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن کی پیرس جانے والی پرواز کے عملے نے پیرس میں مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہو کر ایک ہوٹل میں ہنگامہ آرائی کی۔ پی آئی اے کے چیئرمین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 796 کے عملے نے پیرس کے ایک ہوٹل میں ہنگامہ آرائی اور وہاں موجود افراد سے بدتمیزی کی۔ پی آئی اے کا عملہ مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت تھا جس کا اظہار ان کی آنکھوں اور رویوں سے بھی ہورہا تھا۔

    ہوٹل انتظامیہ نے اس رویے پر پی آئی اے عملے کی سخت بے عزتی کی اور انہیں ہوٹل میں کمرے دینے سے انکار کردیا۔

    اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد چیئرمین پی آئی اے نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے واقعہ میں ملوث ارکان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی بھی ہدایت کی۔