Tag: قومی سلامتی کمیٹی

  • ایران، اسرائیل اور امریکا تنازع، قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب

    ایران، اسرائیل اور امریکا تنازع، قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب

    وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کیا ہے جس میں ایران اسرائیل اور امریکا تنازع پر مشاورت کی جائے گی۔

    اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے بعد امریکا کی جانب سے ایرانی کی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل (پیر) طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوپہر 12 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں عسکری اور سول قیادت شرکت کرے گی۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس موقع پر ایران، اسرائیل اور امریکا تنازع پر مشاورت کی جائے گی جب کہ اجلاس میں ایران کی حمایت سمیت دیگر اہم امور پر بڑے فیصلوں کا بھی امکان ہے۔

    اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورہ امریکا پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے جب کہ ملکی داخلی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں

    واضح ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزیشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا تھا۔

    وزیراعظم نے ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

     

    https://urdu.arynews.tv/iran-israel-pm-shahbaz-sharifs-telephone-conversation-with-iranian-president/

  • قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا

    قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا

    اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کو بھارت کیخلاف جوابی کارروائی کا اختیار دے دیا اور کہا پاکستان جواب کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے مسلح افواج کوجوابی کارروائی کااختیار دےدیا، پاکستان مناسب وقت اورمقام کاتعین کرکےجواب کاحق محفوظ رکھتا ہے۔

    اجلاس میں بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی روحوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کی گئی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔

    این ایس سی نے بھارت کے بلا اشتعال، بزدلانہ اور غیر قانونی جنگی عمل سے پیدا ہونے والی سنگین پیش رفت پر غور کیا، 6/7 مئی 2025 کی رات، بھارتی مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختار سرزمین کے اندر متعدد مقامات پر، بشمول سیالکوٹ، شکوٹ، مریدکے اور بہاولپور (پنجاب)، کوٹلی اور مظفرآباد (آزاد جموں و کشمیر)، مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ بلا اشتعال اور غیر منصفانہ حملے جان بوجھ کر شہری علاقوں پر کیے گئے، جھوٹے بہانے کے تحت کہ وہاں نام نہاد دہشت گرد کیمپ موجود ہیں، جس کے نتیجے میں معصوم مرد، خواتین اور بچوں کی شہادت ہوئی اور شہری ڈھانچے، بشمول مساجد، کو نقصان پہنچا۔

    اعلامیے میں بتانا تھا کہ بھارت کی جارحیت سے برادر خلیجی ممالک کی کمرشل ایئرلائنز کو بھی شدید خطرہ لاحق ہوا، جس سے ہزاروں مسافروں کی جانیں خطرے میں پڑ گئیں۔ اس کے علاوہ، نیلم-جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو بھی جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا، جو بین الاقوامی کنونشنز کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    این ایس سی نے ان غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی اور انہیں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، جو بین الاقوامی قانون کے تحت واضح طور پر جنگی عمل ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں، بشمول خواتین اور بچوں، کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناؤنا اور شرمناک جرم ہے، جو انسانی رویوں کے تمام اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی دفعات کیخلاف ہے۔

    قومی سلامتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے اس دعوے کو مسترد کرتا رہا ہے کہ اس کی سرزمین پر دہشت گرد کیمپ موجود ہیں، یہ بھی یاد رہے کہ 22 اپریل 2025 کے فوراً بعد، پاکستان نے ایک معتبر، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جسے بدقسمتی سے قبول نہیں کیا گیا، بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں نے 6 مئی 2025 کو ان "خیالی دہشت گرد کیمپوں” کا دورہ کیا تھا اور 7 مئی 2025 کو مزید دوروں کا منصوبہ تھا۔

    تاہم، اپنی جھوٹی کہانی کے بے نقاب ہونے کے خوف سے، اور بغیر کسی ثبوت کے، بھارتی قیادت، جو اخلاقیات سے عاری ہے، اب معصوم شہریوں پر حملے کر رہی ہے تاکہ اپنے واہموں اور کُلی سیاسی مقاصد کو پورا کر سکے۔ اپنے معصوم لوگوں پر حملہ پاکستان کے لیے نہ تو قابل قبول ہے اور نہ ہی قابل برداشت ہیں۔

    این ایس سی نے مزید کہا کہ بھارت نے تمام عقل و دانش کے برخلاف خطے میں ایک بار پھر آگ بھڑکا دی ہے، اور اس کے نتیجے میں ہونے والے نتائج کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارت پر عائد ہوگی۔

    پاکستان کی مسلح افواج نے این ایس سی کے 22 اپریل 2025 کے بیان میں دیے گئے خود دفاعی اور جوابی فریم ورک کے مطابق، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت، بشمول آزاد جموں و کشمیر، کا بھرپور دفاع کیا، اور اس دوران پانچ بھارتی جنگی طیاروں اور بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں (UAVs) کو بھی مار گرایا۔

    اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق، پاکستان اپنے معصوم شہریوں کی ہلاکتوں اور اپنی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کا بدلہ لینے کے لیے خود دفاعی طور پر، اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

    کمیٹی نے بھارت کی کھلی جارحیت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کی بہادری اور جرات کی قدر کرتی ہے اور وطن کے دفاع میں ان کے بروقت اقدام کی ستائش کرتی ہے۔ قوم کسی بھی مزید جارحیت کے مقابلے میں متحد اور پُرعزم ہے۔

    این ایس سی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے بلا اشتعال غیر قانونی اقدامات کی سنگینی کو تسلیم کرے اور اسے بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی صریح خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ٹھہرائے، پاکستان عزت اور وقار کے ساتھ امن کے لیے پرعزم ہے اور دوبارہ واضح کرتا ہے کہ وہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کوئی خلاف ورزی یا اپنے فخر کرنے والے عوام کا کوئی نقصان برداشت نہیں کرے گی۔

  • بھارت کا پاکستان پر بزدلانہ  حملہ،  قومی سلامتی کمیٹی  کا  اہم اجلاس آج ہوگا

    بھارت کا پاکستان پر بزدلانہ حملہ، قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : پاکستان پر بھارت کے میزائل حملے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا ، جس میں بھارتی بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آج صبح قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس میں وفاقی وزرا، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں بھارت کی بزدلانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دینے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی، پاک بھارت کشیدگی، موجودہ حالات کے حوالے سےکمیٹی کو بریف کیا جائے گا۔

    گزشتہ رات کی بھارتی جارجیت اور پاک فوج کے دندان شکن جواب اورآئندہ کےلائحہ عمل پر غور ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ روز بھارت نےاسٹینڈ آف ہتھیار استعمال کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا ، بھارت نے مریدکے،بہاولپور،کوٹلی اورمظفرآبادمیں حملےکیے، بھارتی جارحیت میں خواتین اور بچے شہید ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں : بھارت نے اپنی فضائی حدود سے میزائل حملہ کیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

    بعد ازاں پاک فوج نے کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے5طیارے مار گرائے، طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک سخوئی ایس یو30شامل ہے، بھارتی طیاروں کوبھارتی فضائی حدودمیں ہی مارگرایا۔

    پاک فضائیہ نےمنہ توڑکارروائی کےدوران ایک ڈرون بھی مارگرایا اور بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز تباہ کر دیا تھا۔

    پاک فوج نے میزائل حملے میں کنٹرول لائن پر دودھنیال سیکٹر میں دشمن کی پوری پوسٹ کا صفایا کر دیا، پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کی گفدار اور چھتری پوسٹیں تباہ کردیں۔

    پاک فوج کی کارروائی پر جولی پوسٹ، بڈوری سیکٹر میں دشمن کے پچاس فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے، پیر کانٹی سیکٹر میں بھی چالیس بھارتی فوجی پوسٹیں چھوڑ کر بھاگ نکلے۔

  • نائب وزیر اعظم نے سعودی و ایرانی وزرائے خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا

    نائب وزیر اعظم نے سعودی و ایرانی وزرائے خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا

    اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے نائب وزیر اعظم پاکستان اسحاق ڈار سے رابطہ کیا، اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت پر سخت جواب دینے کے عزم رکھتا ہے، پہلگام فالس فلیگ واقعے پر پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر نے مودی حکومت کا جھوٹ بے نقاب کر دیا۔

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں انھوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ایران کی کوششوں کو سراہا، اور انھیں بریف کیا کہ بھارت کس طرح پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے۔


    پاکستان کا واہگہ بارڈر اور فضائی حدود فوری بند کرنے کا فیصلہ ، بھارت کے ساتھ تمام تجارتی روابط معطل


    واضح رہے کہ جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پہلگام حملے کے تناظر میں سیاحوں کی جانوں کے ضیاع پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اور 23 اپریل 2025 کو اعلان کردہ بھارتی اقدامات کو یک طرفہ اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔

    کمیٹی نے پہلگام حملے پر بھارتی الزامات مسترد کیے اور سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بھارتی کوشش ناقابل قبول قرار دیا، اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے واہگہ بارڈر فوری طور پر بند کرنے اور تمام بھارتی ٹرانزٹ معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پاکستان نے بھارتی دفاعی، فضائی اور بحری مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا حکم بھی دیا جب کہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 30 افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • پاکستان کا  سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سندھ طاس معاہدےکی خلاف ورزی پرعالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارتی سفارتی،آبی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینےکیلئےوزارت خارجہ کی سفارشات منظور کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے اٹھائے گئے یکطرفہ جارحانہ اقدامات کا بھرپور جواب دینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ختم ہوگیا۔

    وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں اعلیٰ سول وعسکری قیادت، وفاقی وزراء اوردیگرسینئر افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ کےبعد کی داخلی وخارجی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

    ذرائع کا کہنا ہے وزارتِ خارجہ نے بھارت کی غیرذمےدارانہ اقدامات کیخلاف تجاویزپیش کیں اور بھارت کے غیرذمےدارانہ اقدامات پرمؤثراورقانونی ردعمل تیار کیا گیا۔

    اجلاس میں سندھ طاس معاہدہ منسوخی یا معطلی کے مختلف آپشنز پر غور ہوا اور بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں جانے یا ورلڈ بینک سے ثالثی پر بھی غور کیا گیا ساتھ ہی بھارت سے شملہ معاہدہ سمیت دیگر تمام معاہدوں کا از سرنو جائزہ جائزہ لیا گیا۔

    کمیٹی نے بھارت کی کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا مؤثر جواب دینے کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔

    قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر لگائے گئے تمام بھارتی الزامات مستردکدردیئے اور بھارتی سفارتی اور آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے وزارت خارجہ کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    اجلاس میں سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر عالمی فورمز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا.

  • بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات کا  بھر پور جواب دینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات کا بھر پور جواب دینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : بھارت کے غیرذمہ دارانہ اقدامات کا بھر پور جواب دینے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی غیرذمہ دارانہ اقدامات کے جواب میں وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔

    اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت شرکت کرے گی، اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد داخلی وخارجی صورتحال پرغورکیا جائے گا۔

    قومی سلامتی کمیٹی بھارتی غیرذمہ دارانہ اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لے گی اور بھارت کےعجلت میں کیےن اقابل عمل آبی اقدامات کا جواب دینے کا جائزہ بھی لے گی۔

    مزید پڑھیں : ’پاکستان بھارت کو ترکی بہ ترکی جواب دے گا

    یاد رہے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ بھارتی اقدامات میں ناپختگی نظر آتی ہے،بھارت کوترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ دلی اپنے مسائل کاملبہ پاکستان پرڈال دیتاہے۔ دہشت گردی کے واقعےکاغصہ اس طرح نکالنا مناسب نہیں، بھارت نےمبینہ دہشت گردی کےواقعے کے کوئی ثبوت نہیں دیا۔

    واضح رہے کہ پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرتے ہوئے اٹاری واہگہ بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا آج اہم  اجلاس ، بڑے فیصلوں کا امکان

    قومی سلامتی کمیٹی کا آج اہم اجلاس ، بڑے فیصلوں کا امکان

    اسلام آباد : دہشتگردی کے خلاف ملک کے تمام بڑوں کی بیٹھک آج ہوگی، قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس صبح گیارہ بجے ہوگا، اجلاس قومی اسمبلی ہال میں اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف ، عسکری قیادت اور سیکورٹی ایجنسیز کے حکام شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، عسکری قیادت پارلیمانی کمیٹی کو موجوہ سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گی۔

    اجلاس میں فاقی وزرا، سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنما اوران کے نامزد نمائندےشرکت کریں گے جبکہ چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ، آزادکشمیرکےصدراوروزیراعظم، گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور دیگر حکام بھی شریک ہوں گے۔

    ترجمان قومی اسمبلی نےکہاہے ان کیمرہ اجلاس کی وجہ سے پارلیمنٹ میں آج قائمہ کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔

    اجلاس کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور قانون نافذ کرنے والےاداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ میڈیا کو پارلیمنٹ کی عمارت تک رسائی نہیں دی جائے گی اور خصوصی دعوت نامے کے بغیر کسی کو بھی پارلیمنٹ کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم غیرمعمولی اجلاس کی وجہ سے پارلیمنٹ کا صرف متعلقہ اسٹاف ہی موجود ہوگا۔

  • پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

    پاک ایران صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: پاک ایران صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی میزائل حملے کے جواب میں پاکستان کی جانب سے ایرانی صوبے سیستان میں بھرپور کارروائی کے بعد پاک ایران صورت حال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں عسکری قیادت اور کمیٹی کے دیگر ارکان شریک ہوں گے، اجلاس کو شر پسندوں کے خلاف کارروائیوں پر بریف کیا جائے گا، اس اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔

    واضح رہے کہ موجودہ صورت حال کے پیش نظر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ڈیووس کا دورہ مختصر کر دیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ نگراں وزیر اعظم آج وطن واپس پہنچ رہے ہیں، نگراں وزیر خارجہ نے بھی اپنے یوگنڈا کے دورے کو مختصر کر دیا، ادھر ایران میں پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو بھی پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔

    ایران کے میزائل کے جواب میں پاکستان کا بھرپور جواب

    پاکستان نے آج ایران کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے آپریشن مرگ بر سرمچار کے تحت ایرانی صوبے سیستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر انتہائی مربوط فوجی کارروائی کی، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ کا مظہر ہے، پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

  • فوجی تنصیبات پر حملے کے منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا، وزیراعظم

    فوجی تنصیبات پر حملے کے منصوبہ سازوں کو کٹہرے میں لانا ہوگا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نو مئی کے واقعات نے کروڑوں پاکستانیوں کو افسردہ کیا، وطن سے والہانہ محبت کو نذرآتش کرنےکی کوشش کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نومئی کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، افسوسناک واقعات نے کروڑوں پاکستانیوں کے سرشرم سےجھکادیئے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس روز وطن سے والہانہ محبت کو نذرآتش کرنے کی کوشش کی گئی یہ جناح ہاؤس صرف عمارت نہیں بلکہ لہو سے عبارت گھر تھا، تمام طبقات نے ان واقعات پرانتہائی غم وغصے کی صورتحال میں وقت گزارا۔

    اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ دھرتی کے شہیدوں اور غازیوں کی بے حرمتی کی گئی،جی ایچ کیو،میانوالی بیس، حساس تنصیبات کونشانہ بنایا گیا، یہ وہ شہدا وغازی تھے جنہوں نے انیس سو پینسٹھ کی جنب، ضرب عضب اور امن کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔

    قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ جس گھرمیں پاکستان کی حفاظت پرمامورسپوت تھےاسےجلایاگیا، پاکستان کاازلی دشمن75سال میں وہ نہ کرسکاجوان لوگوں نےکیا۔

    وزیراعظم نے مزید کہا کہ افواج پاکستان اور عوام یک جان دو قالب ہیں، ان واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو ہرصورت قانون کےکٹہرے میں لانا ہوگا، بےگناہوں کوکسی صورت تنگ نہیں کریں گے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ کچھ بھی کرلیں لیکن شہدا کی بیواؤں اور یتیم بچوں کےغموں کاکوئی مداوا نہیں کیاجاسکتا، وزیراعظم بھی حکم دےتوان واقعات کےمجرموں کونہ چھوڑاجائے۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب

    قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس کل طلب

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا، جس میں قومی اہمیت اور سلامتی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا، اجلاس کل سہ پہر تین بجے طلب کیاگیاہے، وزیراعظم قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اہمیت اور سلامتی سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔

    یاد رہے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہنگامی اجلاس اچانک منسوخ کر دیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق 11 مئی کو بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل طلب کیا تھا جس میں سلامتی سے متعلق اُمور پر غور کیا جانا تھا۔

    بعد ازاں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منسوخ کردیا گیا تھا۔