Tag: قومی سلامتی کمیٹی

  • قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جامع آپریشن کی منظوری دے دی

    قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جامع آپریشن کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: حکومت نے ریاستی اداروں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کیخلاف جامع آپریشن شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا،چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی،تینوں سروسزچیفس اورمتعلقہ اداروں کےاعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق مذکورہ اجلاس دو جنوری کو پشاور پولیس لائنز حملے کےبعد تسلسل میں ہوا، جس میں حکومت کیساتھ ملکردہشت گردی کیخلاف جامع آپریشن شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

    اجلاس کے شرکا نے جامع قومی سلامتی پر زور دیتے ہوئے عوام کے ریلیف کو مرکزی حیثیت قراردیا۔ شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

    سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف

    اجلاس نے قوم کو پائیدار امن کی فراہمی کے لئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کاوشوں کا اعتراف کیا اور پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    دہشت گردی کی حالیہ لہر عدم سوچ بچار پر مبنی پالیسی کا نتیجہ قرار

    اعلامیے کے مطابق شرکا نے دہشت گردی کی حالیہ لہر کو کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ نرم گوشہ اور عدم سوچ بچار پر مبنی پالیسی کا نتیجہ قرار دیا اور اسے عوامی توقعات و خواہشات کے بالکل منافی قرار دیا۔

    شرکا کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو بلا رکاوٹ واپس آنے کی ناصرف اجازت دی گئی بلکہ ٹی ٹی پی کے خطرناک دہشت گردوں کو اعتماد سازی کے نام پر جیلوں سے رہا بھی کیا گیا۔ واپس آنے والے اِن خطرناک دہشت گردوں اور افغانستان میں بڑی تعداد میں موجود مختلف دہشت گرد تنظیموں کی طرف سے مدد ملنے کے نتیجے میں ملک میں امن واستحکام کو متاثر کیا جو بے شمار قربانیوں اور مسلسل کاوشوں کا ثمر تھا۔

    اعلامیہ میں انٹیلیجنس ایجنسی کے کامیاب آپریشن کوبہت سراہا گیا جس میں انہوں نے انتہائی مطلوب دہشت گرد گلزار امام عرف شمبے کو گرفتارکیا۔

    دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے کے لئے پُر عزم

    شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سے ہر طرح اور ہر قسم کی دہشت گردی کے ناسُور کے خاتمے کے لئے اِس مجموعی، ہمہ جہت اور جامع آپریشن میں سیاسی، سفارتی سیکیورٹی، معاشی اور سماجی سطح پرکوششیں بھی شامل ہوں گی۔ اس سلسلے میں اعلی سطح کی ایک کمیٹی تشکیل بھی دی گئی ہے جودو ہفتوں میں اس پر عمل درآمد اور اس کی حدود و قیود سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔

    زہریلا پروپیگنڈا سوشل میڈیا پرپھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت

    کمیٹی نے ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت انگیزی، معاشرے میں تقسیم اور در پردہ اہداف کی آڑ میں ،ریاستی اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف بیرونی امداد پر زہریلا پروپیگنڈا سوشل میڈیا پرپھیلانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی اور کہاکہ اس سے قومی سلامتی متاثر ہوتی ہے ۔

    دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ناکام بنانے کا اعادہ

    کمیٹی نے ملک دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ شہداءکی عظیم قربانیوں اور مسلسل کاوشوں سے حاصل ہونے والے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع

    قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اہم فیصلے متوقع

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا ، جس میں ملک کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کااجلاس آج طلب کرلیا، اجلاس میں سول وعسکری قیادت شرکت کرے گی۔

    اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور دفاعی صورتحال پر غور کیا جائے گا جب کہ حساس اداروں کے سربراہان اجلاس کو قومی سلامتی پر بریفنگ دیں گے، جس کے بعد ملک کی موجودہ صورتحال سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

    گذشتہ روز قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کے فیصلےکیخلاف قرارداد منظور کی گئی ، جس میں کہا گیا تھا اقلیت کواکثریت پرمسلط کیا گیا، یہ ایوان بےجاعدالتی مداخلت کومسترد کرتا ہے، وزیراعظم اورکابینہ فیصلےپرعمل نہ کریں۔

    قرارداد میں عدالت عظمیٰ سے فل کورٹ کی استدعاپرنظرثانی کامطالبہ کیا گیا ، قرارداد بلوچستان عوامی پارٹی کےرہنماخالد مگسی نےپیش کی۔

    مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود نے دھواں دھار خطاب میں کہا تھا کہ پارلیمنٹ توہین عدالت کا سامنا کرنے اور لمبی لڑائی لڑنے کو تیار ہے، اس تنازع کا آغاز سپریم کورٹ کے ججز نے کیا، ہم ان کےساتھ بیٹھ کر تاریخ طےنہیں کریں گے، سپریم کورٹ کواپنے فیصلےریورس کرناہوں گے۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا آئندہ 10 سال کے معاشی روڈ میپ کی تیاری کا فیصلہ

    اسلام آباد : قومی سلامتی کمیٹی نے آئندہ 10 سال کے معاشی روڈ میپ کی تیاری کا فیصلہ کرلیا اور کہا گیا کہ معیشت کو سیاست سے بالاتر اور معاشی فیصلوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کے اجلاس میں قومی خود مختاری سے متعلق اہم معاشی فیصلے کر لئے گئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ 10 سال کے معاشی روڈ میپ کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ، معیشت کو سیاست سے بالا رکھا جائے گا اور معاشی فیصلوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے اور ٹیکس چوروں کے خلاف متفقہ کارروائیوں کی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق بجلی و گیس کے نقصانات کم کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے گی ساتھ ہی بجلی اور گیس کا سرکلر ڈیٹ کم کرنے کے لیے مزید سخت فیصلے کیے جائیں گے۔

    آئندہ 6 ماہ میں بجلی اور گیس کے ریٹ مرحلہ وار بڑھائے جائیں گے جبکہ پٹرول اور گیس پر لیوی میں 30 سے 50 روپے تک مزید اضافہ تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ لیوی بڑھانے کے لیے پارلیمنٹ میں ضروری قانون سازی کی جائے گی اور پٹرولیم لیوی سے آئندہ 6 ماہ میں نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ کیا جائے گا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کا اہم اجلاس، آرمی چیف بھی شریک

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی، اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور چیف آف ایئر اسٹاف سمیت عسکری و سول حکام اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔

    ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کا اعلامیہ کچھ دیر میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل 30 دسمبر کو ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا تھا۔

    اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا تھا۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا جبکہ پاک افغان سرحد، سکیورٹی صورت حال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، اہم فیصلوں کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، جس میں گذشتہ اجلاس میں دی گئی تجاویز اور فیصلوں کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اجلاس میں عسکری اور سول حکام شریک ہوں گے، ، ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا اور ساتھ ہی پاک افغان سرحدی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

    قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تین دن پہلے ہونے والے این ایس سی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دی گئی تجاویز اور فیصلوں کی حتمی منظوری دی جائے گی جبکہ وزارتیں اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔

    یاد رہے 30 دسمبر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا تھا جبکہ اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا تھا۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا تھا جبکہ پاک افغان سرحد، سکیورٹی صورتِ حال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی تھی۔

  • قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس: دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، اجلاس میں شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام سمیت وزیر خارجہ بلاول بھٹو، خواجہ آصف، اسحٰق ڈار، مریم اورنگزیب اور دیگر شریک ہوئے۔

    اجلاس میں ملکی سلامتی کے امور اور دہشت گردی سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اجلاس میں پاک افغان سرحد، سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی تحقیقات پر بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں قومی سلامتی امور پر ڈائریکٹر جنرل آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدر آمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی پر بھی اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل سدباب اور ملوث عناصر سے سختی سے نمٹنے کا عزم کیا گیا، شرکا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد پر مکمل اتفاق کیا۔

  • وزیراعظم ہاؤس کی خفیہ ریکارڈنگ لیک : قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    وزیراعظم ہاؤس کی خفیہ ریکارڈنگ لیک : قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ، جس میں وزیراعظم ہاؤس سے آڈیولیک پر بریفنگ دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا، وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ عسکری اور سول قیادت شریک ہوگی۔

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سیلاب، سیکیورٹی کی صورتحال اور دیگر معاملات زیرغور آئیں گے۔

    اجلاس کو ملک میں داخلی سلامتی کی صورتحال سمیت وزیراعظم ہاؤس سے ہیک ہونے والے اہم ڈیٹا پر بریف کیا جائےگا۔

    گذشتہ روز فاقی حکومت نے آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں حساس اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے، جے آئی ٹی کو وزیراعظم ہاؤس کےعملے سےتفتیش کا اختیار ہوگا۔

    جے آئی ٹی تحقیق کرے گی کہ ڈیٹا ہیک ہوا یا کسی نے چوری کر کے فروخت کیا اور جائزہ لے گی واقعے کے وقت کون کون افسر وزیراعظم ہاؤس میں موجود تھا۔

    پی ایم ہاؤس اورآفس پر مامورسکیورٹی کی نقل وحرکت محدودکردی گئی ہے۔

    قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو طلب۔۔ وزیراعظم شہباز شریف صدارت کریں گے۔۔ شرکا کو وزیراعظم ہاؤس کی خفیہ ریکارڈنگ سے متعلق بریف کیا جائے گا۔

  • قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

    قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد  : وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، جس میں آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی اور عسکری حکام شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج سہ پہر تین بجے وزیر اعظم افس میں ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم ، ڈی جی ایم او اور ڈی جی ایم آئی شریک ہوں گے جبکہ پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا اور قومی سلامتی سےمتعلق مسائل پربات چیت ہوگی

    قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات پر بھی بریف کیا جائے گا اورملک کی سلامتی کی صورتحال بھی پر غور ہوگا۔

    یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی ٹیلی فون کرکے فیٹف کی گرے لسٹ سے متعلق شرائط مکمل ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے جنرل ہیڈکوارٹرز میں ‘کور سیل’ کے قیام کے ان کے فیصلے کو سراہا تھا۔

    وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کور سیل’ میں شامل سول اور ملٹری قیادت اور ٹیم کو شاباش دیتا ہوں،پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والے ٹیم کے ہر فرد پر قوم کو فخر ہے۔

  • امریکا کا پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم

    امریکا کا پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم

    واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ دو طرفہ تعلقات ہیں اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جیلینا پورٹر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس کے نتائج کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

    نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے ہی ان الزامات کو مسترد کر چکے ہیں، پاکستان کے ساتھ دیرینہ دو طرفہ تعلقات ہیں اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں، ہمیشہ مستحکم، خوشحال اور جمہوری پاکستان کو اہم سمجھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اداروں کی تحقیقات کے مطابق کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی ہے۔

    اعلامیے کے مطابق خفیہ اداروں نے اعلامیہ کی تحقیقات کی، واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کو ٹیلی گرام موصول ہوا، تمام ترمعلومات اور مراسلوں کی بنیاد پر کمیٹی نے فیصلہ
    کیا کہ غیر ملکی سازش نہیں تھی۔

    قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے جاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دوران تحقیقات غیر ملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔

  • پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی گئی

    پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی گئی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں عسکری حکام اور وزرا شریک ہوئے جن میں شیخ رشید، فواد چوہدری، شیریں مزاری، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف شامل تھے۔

    اجلاس میں پہلی قومی سلامتی پالیسی منظوری کے لیے پیش کی گئی جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔

    اجلاس میں ملک کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ افغانستان اور بارڈرز کی صورتحال پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔