Tag: قومی ٹیسٹ اسکواڈ

  • ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، امام اور ابرار کی واپسی کیساتھ 7 تبدیلیاں

    ویسٹ انڈیز کیخلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، امام اور ابرار کی واپسی کیساتھ 7 تبدیلیاں

    ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پندرہ رکنی پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 2 ٹیسٹ میچوں  کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقا کا دورہ کرنے والی 15 رکنی ٹیسٹ ٹیم میں 7 تبدیلیاں کی گئی ہیں، ابرار احمد، امام الحق اور محمد ہریرہ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

    ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی، اور سلمان علی آغا شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ محمد علی کاشف علی اور روحیل نذیر بھی ٹیم میں شامل ہیں، اس کے علاوہ عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے۔

    ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ:

    شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، امام الحق، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر، بیٹر )، نعمان علی، روحیل نذیر (وکٹ کیپر، بیٹر )، ساجد خان، اور سلمان علی آغا۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 17 سے 21 جنوری اور دوسرا ٹیسٹ 25 سے 29 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔

    2 روز قبل ویسٹ انڈیز ٹیسٹ اسکواڈ کپتان کریگ براتھ ویٹ کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ گیا تھا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹور کا آغاز 3 روزہ پریکٹس میچ سے کرے گی جو پاکستان شاہینز کے خلاف 10 سے 12 جنوری تک اسلام آباد کلب میں کھیلا جائےگا۔

    یاد رہے گزشتہ دنوں جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا تھا، جنوبی افریقہ نے پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔

  • ‘قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی پر خوش ہوں’

    ‘قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی پر خوش ہوں’

    راولپنڈی: قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا پریکٹس سیشن ختم ہو گیا، ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ نے کہا کہ وہ قومی اسکواڈ میں واپسی پر خوش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا پریکٹس سیشن ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی پر خوش ہوں، نیشنل ہائی پرفارمنس میں گزشتہ عرصے میں بہت محنت کی ہے۔

    یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال میں بھی پرفارمنس دی، اور وہ ہر فارمیٹ میں کھیلنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

    ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کم بیک کے بعد میری بابر اعظم سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، جس سے مجھے اعتماد ملا، کپتان نے کہا ہے کہ میں ایک لائن اور لینتھ پر گیند کرتا رہوں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سری لنکا میں بھی ان کی پرفارمنس اچھی رہی ہے، اگرچہ انجری سے واپسی کرنے پر وقت لگتا ہے، تاہم پرفارمنس دینے کے لیے وہ پُر امید ہیں۔

    یاسر شاہ نے بتایا کہ انھوں نے مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے ساتھ اپنی گوگلی پر کام کیا ہے۔

    واضح رہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی ٹیسٹ اسکواڈ نے آج سے دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے سلسلے میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کر دیا ہے، 3 گھنٹے طویل پہلے پریکٹس سیشن کا آج اختتام ہو گیا، جس کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔

    ٹریننگ سیشن کے تحت 27 اور 28 جون کو صبح 9 سے شام 6 بجے تک پہلا دو روزہ وارم اپ میچ ہوگا، جس کے بعد اوپنر عبداللہ شفیق میڈیا ٹاک کریں گے۔ 30 جون اور یکم جولائی کو صبح 9 بجے سے دوسرا دو روزہ وارم اپ میچ ہوگا، جس کے بعد ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق میڈیا ٹاک کریں گے۔