Tag: قومی پرچم

  • کراچی: سوشل میڈیا پر قومی پرچم کی بے حرمتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی: سوشل میڈیا پر قومی پرچم کی بے حرمتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی(17 اگست 2025): پولیس نے سوشل میڈیا پر پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بغدادی پولیس نے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی سے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے کے دوران ملزم نعمان کو گرفتار  کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نے 13 اگست کو ویڈیو بناتے ہوئے پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی تھی، ملزم باجوڑ کا رہائشی ہے اور لیاری میں مقیم تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے 13 اگست کو سوشل میڈیا پر قومی پرچم کی بے حرمتی کی ویڈیو وائرل کی تھی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی عارف عزیز نے مزید بتایا کہ ملزم نے گرفتاری کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ لی مارکیٹ کا رہائشی اور بنیان کا ٹھیلا لگاتا ہے اور اس نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہیں کرے گا۔

  • بلوچستان کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور قومی پرچم لہرایا جائے گا، وزیر اعلیٰ کا حکم

    بلوچستان کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور قومی پرچم لہرایا جائے گا، وزیر اعلیٰ کا حکم

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انتظامی افسران کے اعلیٰ سطح اجلاس میں حکم دیا ہے کہ صوبے کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور قومی پرچم لہرایا جائے گا۔

    اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں امن و امان اور سروس ڈلیوری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف پروپیگنڈوں اور سرگرمیوں میں ملوث سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی، سرفراز بگٹی نے تمام کمشنرز اور ضلعی افسران کو ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔

    فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل کر کے منفی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی، وزیر اعلیٰ نے حکم دیا کہ بلوچستان کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا اور قومی پرچم لہرایا جائے، جن تعلیمی اداروں کے سربراہان احکامات کی پابندی نہیں کروا سکتے، وہ دست بردار ہو جائیں۔


    جعفر ایکسپریس واقعے پر منفی پراپیگنڈا، پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور


    سرفراز بگٹی نے کہا امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے، صوبے میں کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی، ہر ضلعی افسر اپنے علاقے میں ریاستی رٹ قائم کرنے کا ذمہ دار ہے، پالیسی حکومت دیتی ہے لیکن عمل درآمد فیلڈ افسران کی ذمہ داری ہے، کوئی انفرادی اور ذاتی سوچ ریاست کی پالیسی سے بالا تر نہیں، کوئی بھی افسرحکومت کی پالیسی پر عمل درآمد نہیں کر سکتا تو عہدہ چھوڑ دے۔

    انھوں نے کہا کسی چیک پوسٹ پر بھتہ خوری نہیں چلے گی، ایسی کوئی بھی مصدقہ شکایت ملی تو متعلقہ ایس ایچ او نہیں رہے گا، ریاست مخالف عناصر کے سامنے نہیں جھکنا۔

  • کے ٹو بیس کیمپ پر 150 فٹ لمبا قومی پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ

    کے ٹو بیس کیمپ پر 150 فٹ لمبا قومی پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ

    چلاس: کے ٹو بیس کیمپ پر دنیا کا سب سے بڑا 150 فٹ لمبا قومی پرچم لہرانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق 14 اگست یوم آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستان آرمی کی طرف سے 150 فٹ لمبا قومی پرچم لہرا گیا، یہ ریکارڈ پاک فوج کے شہیدوں غازیوں اور سیاچن کے محاذ پر وطن کی حفاظت کرنے والوں کے نام کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس قومی ریکارڈ بنانے میں سندھ، پنجاب، بلوچستان گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے کھلاڑی شامل تھے، 9 رکنی ٹیم میں اسپین سے تعلق رکھنے والی غیر ملکی خاتون مارتھا نے بھی شرکت کی۔

    غیر ملکی خاتون کوہ پیما نے یوم آزادی پر پاکستانیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔

  • قومی پرچم چھاپتے وقت سبز حصہ کتنا ہونا ضروری ہے؟ عدالتی فیصلہ جاری

    قومی پرچم چھاپتے وقت سبز حصہ کتنا ہونا ضروری ہے؟ عدالتی فیصلہ جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے قومی پرچم کی حرمت کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر مبنی فیصلہ جاری کر دیا۔

    جسٹس علی باقر نجفی نے فیصلے میں قرار دیا کہ ہمارا پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں، سبز رنگ خوش حالی، سفید رنگ اقلیتوں کے لیے امن ، ہلال ترقی، پانچ کونوں کا ستارہ روشنی کی عکاسی کرتا ہے۔

    عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ پرچم چھاپنے کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ قومی پرچم میں گہرا سبز حصہ تین چوتھائی، جب کہ سفید حصہ ایک چوتھائی ہو۔

    قومی پرچم کو دیگر رنگوں، بد نما پورٹریٹ یا کارٹون کی شکل میں ہرگز نہ چھاپا جائے، اور پرچم کے اوپر بھی کچھ نہ لکھا جائے۔

    قومی پرچم لہراتے اور اتارتے وقت سب کھڑے ہو کر پرچم کو سلامی دیں، قومی پرچم اندھیرے میں لہرایا نہ جائے، قومی پرچم زمین پر نہ گرنے دیا جائے، یہ پاؤں کے نیچے ہرگز نہ آئے۔

    پرچم ایسی جگہ نہ لہرایا جائے جہاں گندہ ہونے کا خدشہ ہو، قومی پرچم کو نذر آتش نہ کیا جائے اور اسے قبر میں دفن نہ کیا جائے، قومی پرچم کی بے حرمتی پر آئین میں 3 سال قیدکی سزا مقرر ہے۔

  • لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی

    لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے ٹاؤن لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے یوم آزادی پر کے پی کے علاقے لنڈی کوتل میں طویل ترین قومی پرچم تیار کیا گیا، لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے پرچم کو سروں پر بلند کر کے مارچ کیا۔

    یہ قومی پرچم 3 ہزار 600 فٹ طویل ہے،جب کہ اس کی چوڑائی 34 فٹ اور وزن 24 من ہے۔

    اس طویل ترین قومی پرچم کی تیاری پر 9 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جھنڈے کو خیبر سے میچنی پوسٹ تک لے جانے کے لیے ایک ہزار رضاکاروں نے حصہ لیا۔

    رضا کاروں کا تعلق اسکولوں اور کالجز سے تھا، طلبہ کے ساتھ مقامی افراد نے بھی اس میں حصہ لیا، یہ پرچم مقامی شہری نے تیار کرایا۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے، آج دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم آزادی بطور یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    ملک بھر میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومتوں میں آج دن کا آغاز 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یک جہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    یوم آزادی پر اکیس توپوں کی سلامی لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں دی گئی، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جب کہ کشمیری عوام سے یک جہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا گیا۔

  • پاکستان کا قومی پرچم پہلی بار کب اور کہاں لہرایا گیا؟

    پاکستان کا قومی پرچم پہلی بار کب اور کہاں لہرایا گیا؟

    پاکستان کا قومی پرچم سب سے پہلے فرانس کی سرزمین پر 11 اگست 1947 کو لہرایا گیا تھا یعنی یہ واقعہ پاکستان کے قیام سے تین دن پہلے پیش آیا تھا۔

    معروف محقق عقیل عباس جعفری کے مطابق متحدہ ہندوستان کے بوائے اسکاوُٹ کا دستہ عالمی اسکاوُٹ جمبوری میں شرکت کے لیے فرانس میں موجود تھا کہ بین الاقوامی اخبارات میں یومِ پاکستان کی خبریں شائع ہونے لگیں تو دستے میں موجود مسلمان اسکاؤٹس نے فیصلہ کیا چاہے جو بھی ہو چودہ اگست کو ہمارا الگ ملک بن جائے گا تو اس دن ہم کسی بھی صورت انڈیا کے جھنڈے کو سلامی نہیں دیں گے بلکہ اس دن ہم اپنے الگ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے سبز ہلالی پرچم کے نیچے الگ کھڑے ہوں گے۔

    اخبار میں شائع شدہ تفصیلات کے مطابق انہوں نے وہاں دستیاب ذرائع سے پاکستان کا پرچم تیار کیا اور یوں پہلی بار پاکستان کی باضابطہ کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی پرچم برصغیر سے دور فرانس میں لہرایا گیا تھا۔

    پاکستان کے قومی پرچم کا سرکاری نام ’پرچم ِ ستارہ و ہلال‘ ہے اوراس کا ڈیزائن امیر الدین قدوائی نے قائد اعظم کی ہدایت پر مرتب کیا تھا اورپاکستان کا پہلا پرچم ماسٹر الطاف حسین اورافضال حسین نے سیا تھا۔

    یہ گہرے سبز اور سفید رنگ پر مشتمل ہے جس میں تین حصے گہراسبز اور ایک حصہ سفید رنگ کا ہوتا ہے۔سبز رنگ مسلمانوں اور سفید رنگ پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کو ظاہر کرتا ہے جبکہ سبز حصے کے بالکل درمیان میں چاند(ہلال) اور پانچ کونوں والا ستارہ ہوتاہے، سفید رنگ کے چاند کا مطلب ترقی اور ستارے کا مطلب روشنی اور علم کو ظاہر کرتا ہے۔

    کسی سرکاری تدفین کے موقع پر’ 21′+14′, 18′+12′, 10′+6-2/3′, 9′+6-1/4سائز کا قومی پرچم استعمال کیا جاتا ہے اور عمارتوں پر لگائے جانے کے لئے 6′+4′ یا3′+2′کا سائز مقرر ہے۔

    سرکاری گاڑیوں اور کاروں پر12″+8″کے سائز کا پرچم لگایا جاتا ہے جبکہ میزوں پر رکھنے کے لئے پرچم کا سائز 6-1/4″+4-1.4″ مقرر ہے۔

    پاکستان کے قومی پرچم کے لہرانے کی تقاریب پاکستان ڈے(23مارچ)،یوم آزادی(14اگست)،یوم قائد اعظم(25دسمبر) منائی جاتی ہیں یا پھر حکومت اگر چاہے تو کسی اورخاص موقع پر پرچم لہرانے کا اعلان کرسکتی ہے۔

    اسی طرح قائد اعظم کے یوم وفات(11ستمبر) ،علامہ اقبال کے یوم وفات(21اپریل) اور لیاقت علی خان کے یوم وفات(16اکتوبر) پر قومی پرچم سرنگوں رہتاہے یا پھر کسی اور موقع پر کہ جس کا حکومت اعلان کریں، پرچم کے سرنگوں ہونے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ ایسی حالت میں پرچم ڈنڈے کی بلندی سے قدرے نیچے باندھا جاتاہے ۔اس سلسلے میں بعض افراد ایک فٹ اور بعض دو فٹ نیچے بتاتے ہیں۔

    سرکاری دفاتر کے علاوہ قومی پرچم جن رہائشی مکانات پر لگایا جا سکتاہے ان میں صدر پاکستان ، وزیراعظم پاکستان ،چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی، صوبوں کے گورنر ،وفاقی وزراء اور وہ لوگ جنہیں وفاقی وزیر کا درجہ حاصل ہو، صوبوں کے وزارائے اعلیٰ اور صوبائی وزیر ، چیف الیکشن کمشنر ،ڈپٹی چیئرمین آف سینٹ ، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلیوں کے سپیکر اور دوسرے ممالک میں پاکستانی سفیروں کی رہائش گاہیں شامل ہے ۔

    پہلے ڈویژن کے کمشنر اور ضلع کے ڈپٹی کمشنرکو بھی اپنی رہائش گاہوں پر قومی پرچم لگانے کی اجازت تھی ۔ قبائلی علاقوں کے پولیٹیکل ایجنٹ بھی اپنے گھر پر قومی پرچم لگا سکتے ہے۔جبکہ اس ہوائی جہاز ، بحری جہاز اور موٹر کار پر بھی قومی پرچم لہرایا جاتا ہے کہ جس میں صدر پاکستان ،وزیر اعظم پاکستان ،چیئرمین سینٹ ، سپیکر قومی اسمبلی ،چیف جسٹس آف پاکستان ،صوبوں کے گورنر ، صوبوں کے وزارءاعلیٰ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سفر کر رہے ہوں۔

    بحیثیت شہری ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم جشن آزادی کے موقع پر لگائے گئے پرچموں کی حفاظت کریں اور یومِ آزادی گزرجانے کے بعد ان پرچموں کو احتیاط کے ساتھ مناسب جگہ پر رکھنے کا اہتمام کریں۔

    یاد رکھیں زندہ قومیں کبھی بھی اپنے قومی پرچم کی بے حرمتی نہیں ہونے دیتیں چاہے وہ ایک جھنڈی یا چھوٹا سے بیج ہی کیوں نا ہو۔

  • قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    قومی پرچم کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا‘الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کو قومی پرچم کو بطورسیاسی جھنڈا استعمال کرنے سے روک دیا ہے. کسی بھی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں ہے.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پراستعمال نہیں کیا جاسکتا ہے، قومی پرچم کا اپنا ایک تقدس ہوتا ہے، لہذا قومی پرچم کوجلسوں میں سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے.

    واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے علحیدگی کے بعد گذشتہ سال سابق مئیر کراچی مصطفی کمال نے 3 مارچ کی یادگاہ پریس کانفرنس کے بعد 23 مارچ کو اپنی سیاسی جماعت "پاک سرزمین پارٹی قومی” کا اعلان کیا تھا، پی ایس پی قومی پرچم کو سیاسی جھنڈے کے طور پر استعمال کرتی ہے.

    خیال رہے کہ پاک سرزمین پارٹی کے نام اور قومی پرچم کو پارٹی پرچم کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف صوبیدار (ر) ساجد کیانی نے درخواست دائر کی تھی، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے پی ایس پی کا نام تبدیل کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔

    دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن کےدائرہ سماعت کوچیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سننے کا اختیار نہیں ہے اور ہماری پارٹی کا پرچم قومی پرچم سے منفرد ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال سابق مئیر کراچی نے جب اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کیا توالیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے درخواست نامکمل قراردیتے ہوئے مصطفیٰ کمال سے اثاثہ جات سمیت مزید تفصیلات طلب کی تھیں‌.

  • قومی پرچم جلسوں میں لانا شہریوں کا حق ہے، وکیل پی ایس پی

    قومی پرچم جلسوں میں لانا شہریوں کا حق ہے، وکیل پی ایس پی

    اسلام آباد : پاک سرزمین پارٹی نے کہا ہے کہ پارٹی پرچم، قومی پرچم سے منفرد ہے اور قومی پرچم لے کر جلسوں میں آنا شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پاک سرزمین پارٹی کا قومی پرچم کو بطور پارٹی پرچم استعمال کرنے کے خلاف سماعت میں مصطفیٰ کمال کے وکیل نے جواب جمع کرواتے ہوئے موقف پیش کیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیسے سننے کا اختیار نہیں۔

    پاک سرزمین پارٹی نے الیکشن کمیشن کےدائرہ سماعت کوچیلنج کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے پاس یہ کیس سننے کا اختیار نہیں اور یہ پارٹی پرچم قومی پرچم سے منفرد ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کے وکیل نے کہا کہ قومی پرچم لےکرجلسوں میں آنا شہریوں کا بنیادی حق ہے سیاسی مقاصد کے تحت ہمارے خلاف درخواست دی گئی ہے۔

    واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ سے اپنی راہیں جدائیں کرنے والے مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے پاک سرزمین پارٹی کے نام سے نئی جماعت کی بنیاد رکھی تاہم انہوں نے اپنی پارٹی کا علیحدہ پرچم منتخب کرنے کے بجائے قومی پرچم کو ہی استعمال کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • پاک فوج کی ٹیم نے انٹرنیشنل اسنائپنگ مقابلہ جیت لیا

    پاک فوج کی ٹیم نے انٹرنیشنل اسنائپنگ مقابلہ جیت لیا

    کراچی: پاکستان آرمی نے قومی پرچم کو مزید سربلند کردیا، چین میں منعقدہ بین الاقوامی سنائیپنگ مقابلوں میں پاک آرمی نے تمام انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں تاریخی فتح حاصل کی جبکہ نائیک ارشد مقابلوں کے بہترین سنائپرکے طور پر اُبھرے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے دارلحکومت بیجنگ میں منعقدہ بین الاقوامی سنائیپنگ مقابلے منعقد ہوئے، اِن بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان سمیت 14 ممالک سے 21 بہترین ٹیموں نے شرکت کی۔

    پاکستان آرمی نے مقابلوں کے تمام ایونٹس میں اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے بین الاقوامی سنائیپنگ مقابلہ جیت لیا، پاک آرمی نے تمام انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں پہلی پوزیشنزحاصل کیں جبکہ نائیک ارشد کو مقابلوں کا بہترین سنائپرقرار دیا گیا۔