Tag: قومی کرکٹرز

  • پی سی بی کا قومی کرکٹرز سے متعلق اہم فیصلہ

    پی سی بی کا قومی کرکٹرز سے متعلق اہم فیصلہ

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے (پی سی بی) انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے تمام قومی کرکٹرز سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں مستقبل کی سیریز اور پاکستان ٹیم کی مصروفیات کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں پاکستانی ٹیم کی جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے دوروں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    چیئرمین محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کانٹریکٹ پر کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    اجلاس میں یہ اہم فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان کے تمام انٹرنیشنل کرکٹرز ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ لازمی کھیلیں گے۔

    اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹرز سے ہی انٹرنیشنل کرکٹرز کا اچھا بیک اپ ملے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے بنگلہ دیش کو تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا ہے۔ اس سیریز میں نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی اہم رہی۔

    https://urdu.arynews.tv/icc-womens-odi-world-cup-schedule-announced/

  • پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ کھیلنے کی اجازت دیدی

    پی سی بی نے قومی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ کھیلنے کی اجازت دیدی

    پاکستان کرکٹر بورڈ نے بگ بیش لیگ کے لیے زمان خان، حارث رؤف اور اسامہ میر کو این او سی جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے آسٹریلوی لیگ میں کانٹریکٹ حاصل کرنے والے پاکستانی کرکٹرز حارث رؤف، زمان خان اور اسامہ میر کو این او سی جاری کر دیا ہے۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے بہترین مفاد میں ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ این او سی ان کھلاڑیوں کے ورک لوڈ اور پاکستان مینز ٹیم کے فیوچر ٹور پروگرام کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا ہے۔

    فاسٹ بولر حارث رؤف اور لیگ اسپنر اسامہ کو 5، 5 میچز جبکہ زمان خان کو 4 مقابلوں کیلئے این او سی جاری کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا سے معذرت کرنے کی بنا پر خبریں گردش میں تھیں کہ فاسٹ بولر حارث رؤف کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں۔

    حارث کو پی سی بی کی جانب سے بگ بیش لیگ کے لیے این او سی نہ ملنے اور سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی تنزلی کا امکان ظاہر کیا جارہہا تھا۔

    کرکٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ این او سی کا معاملہ زیر غور ہے۔ تاہم اب پی سی بی قومی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ کے لیے این او سی جاری کردیا ہے۔

  • قومی کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

    قومی کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی

    دنیا بھر کے مسلمانوں کی طرح قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی جذبہ ایمانی اور انسانیت کے تحت مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا ہے۔

    بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں شاداب خان، حارث رؤف، اسامہ میر افتخار احمد اور محمد نواز سمیت دیگر نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کردی۔

    فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فام ایکس پر فلسطینی جھنڈے کی تصویر لگاکر اپنے جذبے کا کھل کر اظہار کیا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ورلڈکپ میں سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں شاندار فتح اور اپنی سنچری کو فلسطینیوں کے نام کیا تھا جو کہ بھارتیوں اور اسرائیل کو بالکل پسند نہیں آئی تھی۔

  • قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ، خوشدل شاہ، حسن علی، یاسر شاہ کا مستقبل کیا ہوگا؟

    قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ، خوشدل شاہ، حسن علی، یاسر شاہ کا مستقبل کیا ہوگا؟

    لاہور: قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ ری نیو ہونے جا رہے ہیں، کھلاڑیوں کی تنزلی کا بھی امکان ہے، جب کہ حسن علی، فہیم اشرف، اور یاسر شاہ کے مستقبل کا بھی فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق 20 قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو جائے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کرکٹرز کی ترقی اور تنزلی کے لیے رد و بدل ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے 4 کیٹگریز اے، بی، سی اور ایمرجنگ میں کنٹریکٹ دیے تھے، اب یکم جولائی سے پی سی بی قومی کرکٹرز کو نئے سنٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق خوشدل شاہ، وسیم جونیئر، محمد حارث کو سنٹرل کنٹریکٹ دیے جانے کا امکان ہے، اے کیٹگری سے حسن علی کی تنزلی کا امکان ہے، جب کہ فہیم اشرف کے لیے جگہ بنانا مشکل دکھائی دیتا ہے۔

    بی کیٹگری میں شامل یاسر شاہ اور عمران بٹ کے لیے بی قومی ٹیم میں جگہ بنانا دشوار ہے، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹر اور سابق کپتان سرفراز احمد کے نام پر بحث ہوگی، اسی طرح شان مسعود اور حیدر علی کے ناموں پر بھی غور ہوگا۔

    عید کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے تفصیلی میٹنگز کا آغاز ہوگا۔

  • قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے

    قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے

    لاہور: سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل قومی کھلاڑیوں کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کل سے شروع ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آن لائن ٹیسٹ کا مقصد گھروں تک محدود کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر کھیل کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ لاک ڈاؤن کے بعد انہیں فٹنس کا مسئلہ نہ ہو۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کے حوالے سے ٹرینر اور کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹرز کو تمام ضروری گائیڈ لائنز پہلے ہی بھجوائی جا چکی ہیں۔

    مصباح الحق نے کہا کہ بعض کھلاڑیوں نے جلد فٹنس ٹیسٹ دینے کی درخواست کی تھی اور اس پر رینجل ٹرینرز ان کے فٹنس ٹیسٹ لے رہے ہیں۔

    کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ حالات جلد دوبارہ سے نارمل ہوں گے اور کھلاڑی جب میدان میں اتریں گے تو انہیں اپنی فٹنس کی وجہ سے پرفارم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

  • ڈو میسٹک سیزن میں کوکابورا گیند کا استعمال، قومی کرکٹرز کا ردعمل سامنے آگیا

    ڈو میسٹک سیزن میں کوکابورا گیند کا استعمال، قومی کرکٹرز کا ردعمل سامنے آگیا

    لاہور: قومی کرکٹرز نے ڈو میسٹک سیزن میں کو کابورا گیند کے استعمال کو سود مند قرار دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق ڈو میسٹک سیزن میں کو کابورا گیند کو متعارف کروانے کے فیصلے کو مثبت ردعمل ملا ہے. کرکٹرز کے مطابق گیند کی تبدیلی سے قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کے درمیان فرق کم ہوگا.

    اس ضمن میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ فیصلے سے بالرز کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں فائدہ ہوگا. ان کا کہنا تھا کہ کابورا گیند سے جتنا زیادہ کھیلیں گے، اتنا ہمارے لئے بہتر ہوگا.

    مزید پڑھیں: مصباح کو دہری ذمہ داری دے کر کھلاڑیوں کا کام آسان کیا گیا، یونس خان

    ممتاز فاسٹ بالر محمد عامر نے کہا ہے کہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز کے علاوہ عالمی کرکٹ میں کو کابورا گیند استعمال ہوتا ہے، ڈیوک، گریس کا گیند زیادہ سوئنگ ہوتا ہے، فاسٹ باؤلرز کو مشکلات ہوتی ہیں.

    ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ کوکابورا گیند نوجوان بالرز کوعالمی کرکٹ کی تیاری میں مدد دے گا، جب کہ اظہر علی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک سیزن میں کوکابورا گیند متعارف کرانا مثبت قدم ہے.

  • پاکستانی کرکٹرز نے انگلینڈ میں عید منائی، قوم کو عید کی مبارک باد

    پاکستانی کرکٹرز نے انگلینڈ میں عید منائی، قوم کو عید کی مبارک باد

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے لیے انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹرز نے ناٹنگھم میں عید منائی اور قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کھلاڑی ہوٹل سے گاڑی میں سوار ہوکر عید الفطر کی نماز ادا کرنے کے لیے جارہے ہیں۔

    قومی کرکٹرز انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں اور قوم کو عید کی مبارک باد پیش کررہے ہیں، نماز عید کی ادائیگی کے بعد کھلاڑی اور آفیشلز ایک دوسرے کے گلے مل کر خوشی کا اظہار بھی کررہے ہیں۔

    انگلینڈ کے خلاف میچ میں مین آف دی میچ قرار پانے والے محمد حفیظ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر گروپ فوٹو شیئر کیا اور لکھا کہ عید مبارک، ماشاء اللہ۔

    پی سی بی کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیو میں بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، آصف علی اور دیگر کھلاڑیوں کے پیغامات بھی شامل ہیں۔

    عید کے موقع پر قومی ٹیم نے ناٹنگھم میں ایک گروپ فوٹو بھی بنوایا جس میں تمام کھلاڑی پرمسرت دکھائی دے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دی تھی، قومی ٹیم اپنا اگلا میچ 7 جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

  • قومی کرکٹرزکی ٹیکس تفصیلات منظرعام پر، سرفرازاحمد بازی لے گئے

    قومی کرکٹرزکی ٹیکس تفصیلات منظرعام پر، سرفرازاحمد بازی لے گئے

    اسلام آباد : قومی کرکٹرز کی ٹیکس تفصیلات منظر عام پر آ گئیں، وزارت بین الصوبائی رابطہ نےتفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں، سب سے زیادہ ٹیکس قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ٹیکس تفصیلات قومی اسمبلی میں جمع کرادیں۔ سب سے زیادہ ٹیکس سرفراز احمد نے جبکہ سب سے کم ٹیکس ناصر جمشید نے دیا۔

    جمع شدہ دستاویز کے مطابق 2015-16 میں قومی کھلاڑیوں سے 6 کروڑ سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا، سب سے زیادہ ٹیکس سرفرازاحمد نے 37 لاکھ 87  ہزار 215 روپے دیا، ان کے بعد محمد حفیظ نے 36  لاکھ  77 ہزار ،شاہد آفریدی نے 34 لاکھ 28 ہزارٹیکس دیا۔

    قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے 30 لاکھ  17 ہزار 447 روپے ٹیکس ادا کیا، اظہر علی نے 21 لاکھ 68 ہزار، محمد عرفان نے 17 لاکھ 93 ہزار، اسد شفیق نے17 لاکھ 85 ہزار،بابر اعظم نے 10 لاکھ 53 ہزارٹیکس دیا۔

    احمد شہزاد نے 8 لاکھ 77 ہزار روپے، سعید اجمل نے 8 لاکھ 35 ہزار روپے ٹیکس ادا کیا، دستاویز کے مطابق محمد عامر نے 8 لاکھ 5 ہزار،خالد لطیف نے 8 لاکھ 7ہزار روپے ٹیکس دیا۔

    اس کے علاوہ فخرزمان، حارث سہیل، حسن علی، عماد وسیم سمیت 35 کرکٹرز ٹیکس نیٹ کا حصہ ہیں۔

  • ورلڈ کپ میں شرکت، قومی ٹیم کل نیوزی لینڈ روانہ ہوگی

    ورلڈ کپ میں شرکت، قومی ٹیم کل نیوزی لینڈ روانہ ہوگی

    لاہور: کیویز کے خلاف سیریز اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لئے قومی ٹیم کل نیوزی لینڈ روانہ ہوگی۔

    قومی کرکٹرز منگل کو لاہور میں اکھٹے ہوں گے اور وہیں سے ٹیم ورلڈ کپ میں حصہ لینے کیلئے براستہ دبئی نیوزی لینڈ روانہ ہوگی، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کیویز کے خلاف دو ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔

    گرین شرٹس اکتیس اور تین فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز کھیلیں گے، چار فروری کو پاکستانی کرکٹرز سڈنی میں پڑاؤ ڈالیں گے۔

    قومی ٹیم نو اورگیارہ فروری کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں وارم اپ میچ کھیلے گی، پاکستان ایونٹ میں اپنی مہم جوئی کا آغاز پندرہ فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آرمی پبلک اسکور کا دورہ کیا اور سانحہ پشاور کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا، کھلاڑیوں نے اسپتال میں زخمی طلباء کی عیادت بھی کی، تمام بچوں نے ورلڈ کپ کے لئے دعائیں بھی دی۔

  • قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    قومی کرکٹرز کی سانحہ پشاورکے زخمی طلباء کی عیادت

    پشاور: قومی کرکٹرز نے پشاور کے متاثرہ آرمی پبلک اسکول پر حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی سی ایم ایچ اسپتال میں عیادت کی اور سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی سمیت چھ کرکٹرز اور تین آفیشلز نے پشاورآرمی پبلک اسکول میں زخمی ہونے والے بچوں کی اسپتال میں عیادت کی، کھلاڑیوں نے اپنے دورۂ پشاور کے دوران شہید طلباء کے لواحقین سے ملاقات اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

    قومی کرکٹرز نے افسوس ناک واقعے میں شہید ہونے والے بچوں کو خراج عقیدت پیش کیا، کھلاڑیوں نے سانحے میں زخمی ہونے والے طلباء کو تحائف بھی پیش کئے۔

    قومی ہیروز کو اپنے درمیان پاکر بچے بہت خوش ہوئے، کھلاڑیوں نے بچوں کا حوصلہ بڑھایا، تصاویر کھچوائیں اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

    ایک ماہ قبل گذشتہ سال 16 دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے میں ایک سو پینتیس بچوں سمیت ایک سو سینتالیس افراد شہید ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے لئے روانگی سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات طے تھی تاہم وزیرِاعظم کی مصروفیت کے باعث ملاقات منسوخ ہوگئی۔