Tag: قومی کرکٹ ٹیم

  • پرفارمنس اچھی تھی، اگر ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی: انضمام الحق

    پرفارمنس اچھی تھی، اگر ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی: انضمام الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی پرفارمنس دی، بڑا ٹوٹل تھا ٹیم اگر جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔

    تفصیلات کے مطابق انضمام الحق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں اچھی کارکردگی دکھائی، ٹیم جیت جاتی تو خوشی ہوتی۔

    انھوں نے کہا کہ شاداب خان کی اب تک کی رپورٹس بہت مثبت ہیں، آئندہ 2 سے 4 روز میں شاداب کے مزید ٹیسٹ ہوں گے، امید ہے ورلڈ کپ سے پہلے شاداب خان فٹ ہو جائیں گے۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ نے پاکستان میں ہی باؤلنگ اور بیٹنگ کا آغاز کر دیا تھا، میری رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ فٹ ہیں۔

    انضمام الحق نے کہا کہ ابھی 3 میچز باقی ہیں، کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں، ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان بھی کر چکے ہیں جس کے لیے پرفارمنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    یاد رہے گزشتہ روز انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 12 رنز سے شکست دے کر سیریز کی پہلی فتح اپنے نام کر لی، تاہم اس میچ میں سرفراز الیون نے آخری بال تک مقابلہ کیا۔

    پانچ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 373 رنز بنائے، جوس بٹلر نے 110 رنز کی نا قابل شکست اننگز کھیلی۔

    پاکستان ٹیم نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 361 رنز پر دم توڑ دیا، فخر زمان نے 138 رنز کی شان دار اننگز کھیلی، مجموعی طور پر پاکستان کے نوجوان بلے بازوں نے انگلش ٹیم کوٹف ٹائم دیا۔

  • سرفراز احمد کی قیادت میں 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی

    سرفراز احمد کی قیادت میں 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی

    لاہور: سرفراز احمد کی قیادت میں 17 رکنی قومی کرکٹ ٹیم لندن پہنچ گئی، قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں لندن پہنچ گئی ہے جہاں وہ برطانوی ٹیم کے خلاف پانچ ون ڈے اور ایک ٹی 20 میچ کھیلے گی۔

    لندن پہنچنے پر پاکستان ٹیم کو انگلش کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے خوش آمدید کہا، قومی کرکٹ ٹیم پہلی ٹیم ہے جو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے لندن پہنچی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم آج آرام کے بعد کل سے نیٹ پریکٹس کا آغاز کرے گی، ورلڈ کپ سے قبل پاکستان انگلینڈ سے واحد ٹی 20 اور 5 ون ڈے میچز کھیلے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کرکٹ ورلڈ کپ: پاکستانی ٹیم کب اورکہاں میچ کھیلے گی

    ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہوگا، افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔

    پاکستان کا روایتی حریف بھارت سے مقابلہ 16 جون کو ہوگا، ورلڈ کپ 2019 کا فائنل 14 جولائی کو کھیلا جائے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم 27 اپریل کو کینٹ کاؤنٹی کے خلاف میچ سے دورے کا آغاز کرے گی۔

    کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ٹیم میں عالمی چیمپئن بننے کی صلاحیت ہے، ٹیم کا ہر کھلاڑی ترپ کا پتّا ہے، پوری تیاری کے ساتھ ورلڈ کپ کے لیے جا رہے ہیں، جو کام عمران خان نے ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کے لیے کیا وہ میں بھی کرنا چاہتا ہوں۔

  • یاسرشاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کوجوائن کرلیا

    یاسرشاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کوجوائن کرلیا

    لاہور: لیگ اسپنر یاسر شاہ کو نوجوان اسپنر شاداب خان کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار لیگ اسپنر یاسر شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرلیا، انہیں شاداب خان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق شعیب ملک ٹیم کی روانگی سے قبل ہی دبئی پہنچ گئے، سابق کپتان شعیب ملک دبئی سے قومی ٹیم کوجوائن کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان ٹیم کے ساتھ انگلینڈ نہیں جائیں گے، ان کا مزید میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے، شاداب خان میڈیکل ٹیسٹ کے بعد انگلینڈ جائیں گے۔

    قومی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں ورلڈکپ میں شرکت کے لیے آج رات انگلینڈ روانہ ہوگی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضام الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ لیگ اسپنرشاداب خان کے بلد ٹیسٹ میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے جس کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم کودھچکا، شاداب خان ہیپاٹائٹس میں مبتلا

    انضام الحق کا کہنا تھا کہ شاداب خان انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکیں گے اور امید ہے کہ وہ ورلڈکپ تک فٹ ہوجائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق شاداب خان کی بلڈ رپورٹ درست نہیں آئی اور ان کے خون کے نمونے میں پیپاٹائٹس کے وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

    واضح رہے کہ 5 ٹیسٹ، 34 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لیگ اسپنر شاداب خان ورلڈکپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات

    وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کی ملاقات

    اسلام آباد: آئی سی سی ورلڈکپ کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل آج قومی کرکٹ ٹیم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم اور انتظامیہ نے بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی پی سی بی حکام نے وزیراعظم کو ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں دلیری کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔

    وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب کپتان دلیری کے ساتھ کھیلے گا تو ٹیم بھی دلیری کے ساتھ کھیلے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 1992 کے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کمزور ہونے کے باوجود جذبے کے ساتھ کھیلی اور ٹائٹل اپنے نام کیا۔

    وزیراعظم نے جنید خان، فہیم اشرف اور حسن علی سمیت باؤلرز کو کارکردگی بہتربنانے کے لیے مفید مشورے بھی دیے۔

    قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن کے لیے روانہ ہوں گی جہاں وہ ورلڈ کپ کے بڑے ایونٹ سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے گی۔

    ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے پاکستان کے لیے 5 ورلڈکپ کھیلے جن میں سے ایک ورلڈکپ جیتا بھی ہے، میں نے جیت کا مزہ بھی چکھا ہے اور ہار بھی دیکھی ہے۔

    انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد عامر اور آصف علی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

  • کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا‘ سرفرازاحمد

    کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا‘ سرفرازاحمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ میری معافی کے باوجود ایک لفظ کو ایشو بنایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ میں نے غلطی کی، اسے تسلیم کیا، وکٹ کے پیچھے بولنا میری عادت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میری نیچرتبدیل نہیں ہوسکتی، کوشش کروں گا جوچیزیں ہوگئیں وہ پھرنہ ہوں، ایک لفظ کو لے کراتنا بڑا ایشو بنا دیا گیا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ فیلوکوائیوکوشک تھا کہ میں نے اس کی والدہ کو غلط بولا، میں نے کھلاڑی کی ماں کے حوالے سے غلط بات نہیں کی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم کا کپتان کوئی بھی ہو پاکستان کے لیے کھیلتے رہیں گے، پی سی بی نے بہت سپورٹ کیا ،عوام کی بھی سپورٹ رہی۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا‘ انہوں نے کہا کہ سارے لڑکے بہت اچھے ہیں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔

    آئی سی سی نے سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگا دی

    یاد رہے کہ 27 جنوری کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نسل پرستانہ جملے کسنے پرقومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر4 میچز کی پابندی عائد کی تھی۔

  • سرفراز واقعے نے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر تعلیم کی اہمیت بڑھا دی ہے: پی سی بی

    سرفراز واقعے نے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر تعلیم کی اہمیت بڑھا دی ہے: پی سی بی

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے واقعے پر پی سی بی نے اپنا ردِ عمل ظاہر کر دیا ہے، قومی کرکٹ بورڈ نے نسلی تعصب پر مبنی تبصروں کو نا قابلِ برداشت قرار دے دیا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ کے دوران سرفراز احمد نے جنوبی افریقی بلے باز پھلوکوایو پر نسل پرستانہ جملے کسے تھے۔

    [bs-quote quote=”سرفراز قابلِ اعتماد کرکٹر ہے مگر بہ طور کپتان انھوں نے جو کیا وہ درست نہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ترجمان پی سی بی”][/bs-quote]

    ڈربن واقعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ نسلی تعصب پی سی بی کے لیے نا قابلِ برداشت ہے، کپتان کے کلمات پر افسوس ہوا۔

    پی سی بی کے ترجمان نے کہا کہ سرفراز احمد کے کلمات کی کسی طور پر حمایت نہیں کی جا سکتی، واقعے نے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر تعلیم کی اہمیت بڑھا دی ہے۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ سرفراز قابلِ اعتماد کرکٹر ہے مگر بہ طور کپتان انھوں نے جو کیا وہ درست نہیں، امید ہے سرفراز احمد سے متعلق واقعے کا سیریز پر اثر نہیں پڑے گا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں سے میچ نکلنے کے بعد کپتان سرفراز احمد دل بر داشتہ ہوئے اور جنوبی افریقا کے بلے باز پھلوکوایو پر نسل پرستانہ جملے کس دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سرفراز احمد کو نسل پرستانہ جملے کسنا مہنگا پڑ گیا، پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

    میچ ریفری رنجن مدھگالے نے اپنی رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی ہے، جس پر سرفراز احمد کو آئی سی سی کی جانب سے تین سے پانچ میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقی کھلاڑی پر نسل پرستانہ جملے کسنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معافی بھی مانگ لی۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان کا94واں یوم پیدائش، گوگل کا ڈوڈل عبدالحفیظ کاردار کے نام

    قومی کرکٹ ٹیم کے پہلے کپتان کا94واں یوم پیدائش، گوگل کا ڈوڈل عبدالحفیظ کاردار کے نام

    کراچی : پاکستان کے نامور ٹیسٹ کرکٹر اور قومی ٹیم کے پہلے کپتان عبدالحفیظ کاردار کی آج 94ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، عبدالحفیظ کاردار17جنوری 1925ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے اس عظیم کھلاڑیوں کی خدمات کے پیش نظر گوگل نے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔

    انہوں نے قیام پاکستان سے قبل تین ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی اور پھر 1952ء سے1958ء کے دوران انہوں نے 23 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی جن میں چھ میچ جیتے، چھ ہارے اور گیارہ ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے۔

    عبد الحفیظ کاردار نے اپنا پہلا ٹیسٹ بھارت کی جانب سے 1946ء کے دورۂ انگلستان میں کھیلا اور اس سیریز کے بعد آپ ہندوستان واپس آنے کی بجائے آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے انگلستان ہی میں ٹھہر گئے اور اس دوران اپنی کرکٹ کو بھی جاری رکھا۔

    آپ 1952ء میں بیرون ملک کا پہلا دورہ کرنے والے پاکستانی دستے کے قائد تھے۔ پاکستان نے اپنا پہلا دورہ بھارت کا کیا تھا جہاں لکھنؤ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں فضل محمود کی شاندار گیندبازی کی بدولت پاکستان نے تاریخی کامیابی سمیٹی۔

    آپ 1972ء میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستہ ہوئے اور یہاں تک کہ اس کے سربراہ بھی بن گئے، البتہ 1977ء میں آپ کو بے جا حکومتی مداخلت اور کھلاڑیوں کے احتجاج کے باعث مستعفی ہونا پڑا۔

    عبدالحفیظ کاردار نے پورے کیریئر کے دوران جنٹلمین گیم سے وابستگی کی لاج رکھی، قائدانہ صلاحیتوں کے بل پر عالمی کرکٹ پر پاکستان کی دھاک بٹھانے میں ان کے کردار سے انکار ممکن نہیں، لیجنڈ حنیف محمد بھی اپنے کپتان کی صلاحیتوں کے معترف تھے۔

    آپ نے سیاست میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ایک مرتبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی بھی منتخب ہوئے تھے اور صوبائی کابینہ میں وزیر بھی رہے۔21اپریل 1996کو عبدالحفیظ کاردار لاہور میں وفات پاگئے، آپ میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔

  • میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں: وسیم اکرم

    میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں: وسیم اکرم

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے موجودہ کپتان سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق منفی خبروں پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے انھیں بہترین کپتان قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیجنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ سے سن رہا ہوں کہ نیا کپتان بنا دو، کپتان کے لیے کوئی اور موزوں ہے تو لوگ ہی نام بتا دیں۔

    [bs-quote quote=”جنوبی افریقا کا دورہ مشکل ہے، قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ امتحان ثابت ہوگا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وسیم اکرم” author_job=”سابق فاسٹ بولر”][/bs-quote]

    سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پیچھے کوئی عمران خان یا جاوید میاں داد بیٹھے ہیں تو ان کو کپتان بنا دیں، جب بھی کوئی اَپ سیٹ ہوتا ہے فوری کپتان کو ہٹانے کی باتیں ہونے لگتی ہیں۔

    سوئنگ کے سلطان نے کہا ’ٹیم کو اسپورٹس میں ہارنا بھی آنا چاہیے اور کم بیک بھی آنا چاہیے، میری نظر میں سرفراز احمد بہترین کپتانی کر رہے ہیں۔‘

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کا دورہ مشکل ہے، قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ امتحان ثابت ہوگا۔

    انھوں نے کہا ’نوجوانوں کو کرکٹ کی طرف لانے کے لیے ایونٹ شروع ہو رہا ہے، ایونٹ کا نام ٹالرنس رکھاگیا ہے، جس میں یونی ورسٹی اور مدرسے کے بچے کھیلیں گے، اس ایونٹ سے یہ سکھایا جائے گا کہ جیت ہار ہوتی ہے تو ہار کے بعد کیسے ٹالرنس کا مظاہرہ کرنا ہے۔‘


    یہ بھی پڑھیں:  سرفراز احمد کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کیلئے روانہ


    خیال رہے کہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستان ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو کارکردگی بہتر بنانی ہوگی، کوئی کپتان تا حیات نہیں ہوتا، جنوبی افریقا کی سیریز ہمیشہ سے سخت رہی ہے، ہمیں بہت محنت کرنا ہوگی۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں پانچ روز قبل جنوبی افریقا کے لیے جا چکی ہے، سیریز میں 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی یاسرشاہ کو 82 سال کاریکارڈ توڑنے پر مبارکباد

    وزیراعظم عمران خان کی یاسرشاہ کو 82 سال کاریکارڈ توڑنے پر مبارکباد

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا یاسرشاہ کی یہ اسٹار پرفارمنس ہے، انھوں نے 200 ٹیسٹ وکٹوں کاسنگ میل صرف 33میچز میں عبورکیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں یاسر شاہ کو 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ‘یاسر شاہ نے 200 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگ میل 33 میچوں میں عبور کیا۔

    عمران خان نے یاسر شاہ کی کارکردگی کو ‘اسٹار پرفارمنس’ قرار دیتے ہوئے کہا گزشتہ ہفتے یاسر شاہ نے ایک ٹیسٹ میں 14 وکٹ کا میرا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا۔

    اس سے قبل لیگ اسپنر یاسر شاہ کو تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے اور 82 سالہ ریکارڈ توڑنے پر شاہ محمود قریشی، احسان مانی، شعیب اختر، فواد چوہدری اور فیصل جاوید نے مبارک باد پیش کی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز یاسر شاہ نے تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا تھا اور تیز ترین وکٹیں لینے والے باؤلر بن گئے تھے۔

    مزید پڑھیں: یاسرشاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کا بیاسی سال پرانا ریکارڈ توڑدیا

    اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یاسر نے بہت سے ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں ، یاسر شاہ نے دبئی ٹیسٹ میں 14 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ بنانا میرا خواب تھا، ورلڈ ریکارڈ بنانے کی خوشی ہے اور ورلڈ ریکارڈ اپنی مرحوم والدہ کے نام کرتا ہوں۔

    خیال رہے تیز ترین 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کا عالمی اعزاز سابق آسٹریلوی سپنر کلیری گریمٹس کے پاس تھا ، جنہوں نے 1936ءمیں 36 ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی ڈبل سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا۔

  • لگاتار گیارہویں کرکٹ سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے، وزیراعظم عمران خان

    لگاتار گیارہویں کرکٹ سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20کرکٹ سیریز میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا لگاتار گیارہویں کرکٹ سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاندار کارکردگی دکھانے پر مبارکباد دی اور کہا قومی کرکٹرز نے میچز میں بہترین کھیل پیش کیا، لگاتار گیارہویں کرکٹ سیریز جیتنا بڑا اعزاز ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اورنیوزی لینڈکیخلاف بہترین ٹیم اسپرٹ نظر آئی ، امید ہے قومی ٹیم کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھے گی، پاکستان کی مزید کامیابیوں کے لیے پر امید ہوں۔

    یاد رہے گذشتہ روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست دی اور شاہینوں نے سرفراز احمد کی قیادت میں مسلسل گیارہویں سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

    مزید پڑھیں : دوسرا ٹی ٹوئنٹی : سرفراز الیون نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    دبئی میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیتا اور اوپنر کولن منرو نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ منرو نے 28 گیندوں پر 44رنز بنائے، منرو آؤٹ ہوئے پاکستان میچ میں چھا گیا۔

    کورے اینڈرسن نے گرتے پڑتے نیوزی لینڈ کے اسکور کو 150 کے پار لگایا، جس کے بعد اوپنر فخرزمان اور بابر اعظم نے پاور پلے میں کام دکھادیا، فخر آؤٹ ہوئے تو بابر اعظم اور آصف علی کی شراکت نے جیت کی بنیاد رکھی۔

    بابر 40 اور آصف 38رنز کے ساتھ نمایاں رہے اور آخری اوور کی چوتھی گیند پر حفیظ نے چوکا لگا کرپاکستان کو جیت دلوائی۔