Tag: قومی کرکٹ ٹیم

  • عثمان قادر کی گگلی پر سکندر رضا کی وکٹ (ویڈیو دیکھیں)

    عثمان قادر کی گگلی پر سکندر رضا کی وکٹ (ویڈیو دیکھیں)

    راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر عثمان قادر کا کہنا ہے کہ انھوں نے زمبابوے کے بلے باز سکندر رضا کو اپنی ایک گگلی پر آؤٹ کر کے بہت لطف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی شان دار فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگ اسپنر عثمان قادر نے کہا میں آج اپنی پرفارمنس پر خوش ہوں، گگلی پر سکندر رضا کی وکٹ لے کر بہت انجوائے کیا۔

    واضح رہے کہ عثمان قادر ماضی کے قومی ٹیم کے مایہ ناز لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر مرحوم کے صاحب زادے ہیں، انھوں نے زمبابوے کے خلاف ٹی 20 میں ڈیبیو کیا تھا۔

    عثمان قادر نے کہا کیریئر کے پہلے میچ میں کھلاڑی نروس ہوتا ہے، تاہم منیجمنٹ نے دوسرے میچ میں مجھے اعتماد دیا، منیجمنٹ نے پہلے میچ کے بعد میری غلطیوں کی نشان دہی کی، اس لیے دوسرے میچ میں بہتری نظر آئی۔

    پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر ٹی 20 سیریز جیت لی

    یاد رہے کہ 7 نومبر کو زمبابوے کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 میچ میں عثمان قادر نے ایک ہی وکٹ لی تھی، جب کہ دوسرے ٹی ٹوینٹی میں انھوں نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    دوسرے میچ میں عثمان قادر نے ویزلے مدھیور کو 24 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا تھا، سکندر رضا ان کی گگلی پر محض 7 رنز پر کلین بولڈ ہو گئے تھے، جب ایلٹن چگمبورا کو 18 رنز پر عثمان قادر کی گیند پر محمد رضوان نے اسٹمپ کر دیا تھا۔

  • شعیب ملک کے لیے سب سے بڑا خطاب کیا ہے ؟

    شعیب ملک کے لیے سب سے بڑا خطاب کیا ہے ؟

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے نامور کھلاڑی شعیب ملک نے اپنے لیے سب سے بڑے خطاب کے بارے میں بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں سالوں کے دوران کئی خطابات ملے لیکن ‘بابا’ کا خطاب سب سے پسندیدہ ہے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اس خطاب کے لیے اس چھوٹے بچے اذہان کا شکریہ۔ شعیب ملک نے اپنے پیغام کے ساتھ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہیں اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ہاں 30 اکتوبر 2018 کو بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

    شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے اپریل 2010 میں شادی کی تھی،شادی کے بعد دونوں نے مشترکہ طور پر دبئی میں رہنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم دونوں نے کئی دن بھارت اور پاکستان میں بھی ایک ساتھ گزارے ہیں۔

  • دورہ انگلینڈ اہم تھا، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے: مصباح الحق

    دورہ انگلینڈ اہم تھا، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے: مصباح الحق

    لاہور: چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے کہا ہے کہ کرکٹ بحالی کے لیے انگلینڈ کا دورہ ضروری تھا، دورہ انگلینڈ میں بہت سی مثبت چیزیں سامنے آئیں، بہت سی بہتر چیزیں کر سکتے تھے اور کر سکتے ہیں، سیریز میں نتائج توقع کے مطابق نہیں تھے جس کا افسوس رہے گا۔

    ان خیالات کا اظہار آج ہیڈ کوچ اینڈ چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، انھوں نے کہا انگلینڈ میں ہم درست راہ پر تھے، کو وِڈ 19 کے بعد دورہ انگلینڈ اہم تھا، ہمیں ٹیم کو طویل عرصے کے لیے مستحکم کرنے کی کوشش کرنی ہے، ہمیں ابھی مطلوبہ نتائج نہیں مل رہے لیکن طریقہ کار سے مطمئن ہوں۔

    انھوں نے کہا اس دورے کی وجہ سے توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر نہیں رہی تھی، اب توجہ دوں گا، ٹیم نیچے کی طرف آ رہی تھی، سب کو اندازہ ہے کہ ایسا کیوں ہوا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ نئے لڑکوں کو درست سمت میں لے کر جائیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا ایک میچ کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہوتا، سرفراز نے اچھی کیپنگ کی، سائیڈ میچز میں بھی پرفارم کیا، کیپنگ میں نمبر وَن انتخاب رضوان اور دوسرا سرفراز ہے، ہماری کوشش رہتی ہے کہ بابر اعظم کو پورا اختیار دیں، جتنی جلدی ہم اپنے فیصلوں سے سیکھتے ہیں کسی اور چیز سے نہیں سیکھتے۔

    پاکستان نے انگلینڈ‌ کو شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

    چیف سلیکٹر نے کہا ٹیم کی ضرورت کے مطابق تبدیلی کر رہے ہیں، کسی ایک شخص کی بات نہیں، جو ٹیم کمبی نیشن میں فٹ ہوگا وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوگا، غلطیاں تجربے کار کپتان بھی کرتے ہیں، بابر ابھی سیکھ رہا ہے، محمد حفیظ اور شعیب ملک اچھی بیٹنگ کر رہے ہیں، 11 ویں نمبر کے کھلاڑی کو بھی بیٹنگ پریکٹس کرنی ہے، نسیم شاہ اور دیگر نوجوان بولرز ٹیم کا مستقبل ہیں، لیکن نسیم شاہ سے جیمز اینڈرسن جیسی بولنگ کی توقع نہیں رکھ سکتے۔

    مصباح نے کہا ہماری کوشش ہے کہ ورلڈ کپ پلان کے مطابق ہر ایک کو حصہ دیں، وہاب، حفیظ اور شعیب ملک پلان کا حصہ ہیں۔

    ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ کوئی بھی کھیل کھیلتے ہیں تو جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں، ناتجربہ کار بولنگ کو پختہ ہونے کے لیے وقت دینا ہوگا، نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ مواقع دیں گے، جب چیزیں حق میں نہ جا رہی ہوں تو افسوس ہونا فطری ہے، کبھی ساری چیزیں حق میں ہوتی تو موسم خلاف ہو جاتا ہے۔

  • برطانوی اخبار نے قومی کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دے دیا

    برطانوی اخبار نے قومی کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دے دیا

    لندن: برطانوی اخبار ٹائمز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار ٹائمز نے قومی کرکٹ ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں برطانیہ کا دورہ کرکے پاکستان ٹیم نے کرکٹ کی مدد کی۔

    برطانوی اخبار نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہیروز آف دی ویک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ہی نہیں دنیائے کرکٹ پاکستان ٹیم کی شکر گزار ہے۔

    اخبار کے مطابق فیملیز کے بغیر صرف گراؤنڈ اور ہوٹل میں رہنا مشکل تھا لیکن انہوں نے کوئی شکایت نہ کی۔ پاکستانی ٹیم نے مشکل حالات میں سنسنی خیز کرکٹ کھیلی۔ پاکستان کے دورے سے انگلینڈ بورڈ بڑے مالی نقصان سے بچ گیا۔

    انگلینڈ کرکٹ بورڈ پاکستان کا مشکور

    اس سے قبل کرونا کے مشکل حالات میں انگلینڈ کا دورہ کرنے پر انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے حیدر علی اور محمد ‌حفظی کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹی 20 میچ میں 5 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کی تھی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کو میزبان ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں 0-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال کن ممالک سے سیریز کھیلے گی؟

    قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال کن ممالک سے سیریز کھیلے گی؟

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم آئندہ برس آئرلینڈ اور ندرلینڈز کے خلاف سیریز کھیلے گی، یہ سیریز دورہ انگلینڈ سے قبل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے دورے سے قبل یہ سیریز کھیلے گی، ہالینڈ اور ندرلینڈز کے خلاف سیریز ایک روزہ اور ٹی20 مقابلوں پر مشتمل ہوگی جس کا شیڈول جولائی میں طے کیا جا رہا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کی ندر لینڈز کے خلاف سیریز 3 ون ڈے میچز پر مشتمل ہوگی جب کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان 2 ٹی20 مقابلے ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستان نے دورہ انگلینڈ میں تین ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلنے ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ 30 جولائی سے شروع ہو کر دو ستمبر 2020 تک جاری رہے گا۔

    دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ مذکورہ 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔

    بحیثیت کپتان آسٹریلیا کا دورہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے: بابراعظم

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020 تک اولڈ ٹریفورڈ میں ہوگا اور تیسرا ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اگست تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 مقابلہ 29 اگست کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا 31 اگست 2020 کو کارڈف اور تیسرا ٹی 20 میچ 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں ہوگا۔

  • قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی

    قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچ گئی

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی، آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے ٹیم میں 16 کھلاڑی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا روانگی کے لیے لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئی، قومی ٹیم آسٹریلیا سے 3 ٹی ٹوینٹی اور دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

    میزبان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 نومبر، دوسرا 5 اور تیسرا 8 نومبر کو کھیلا جائے گا، قومی ٹیم ٹی ٹوینٹی سیریز سے قبل 31 اکتوبرکو وارم اپ میچ کھیلے گی۔

    آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوینٹی میچز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 16 کھلاڑی شامل ہیں، بابر اعظم قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

    آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں بابراعظم، آصف علی، فخرزمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخاراحمد،عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمدعامر، محمدعرفان، محمدرضوان، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران سرفراز احمد کی کمی محسوس ہوگی، ان کی بڑی خدمات ہیں، ان کے دور میں ٹیم نمبر ون بنی۔

    بابراعظم کا کہنا تھا کہ وہ فخر زمان کے ساتھ اوپننگ کریں گے جبکہ امام الحق بیک اپ اوپنر ہیں۔

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    وزیراعلیٰ پنجاب کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قومی کھلاڑیوں کو محنت سے کھیل کر جیت اپنے نام کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پاک سری لنکا سیریزعالمی کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ امید ہے آج پاکستانی کرکٹ ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، قومی کھلاڑیوں کو محنت سے کھیل کر جیت اپنے نام کرنا ہوگی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میری اور قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، شائقین کرکٹ پہلےمیچ کے ٹکٹ بھی استعمال کرسکیں گے۔

    یاد رہے کہ 27 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا جبکہ ٹاس کا وقت ڈھائی بجے تھا تاہم تیز بارش کی وجہ سے ٹاس بھی نہ ہوسکا تھا۔

  • مصباح الحق ہیڈ کوچ کی دوڑ میں شامل ہوگئے

    مصباح الحق ہیڈ کوچ کی دوڑ میں شامل ہوگئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق بھی ہیڈ کوچ کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم بنانے والے مصباح الحق ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کی تعیناتی کے لیے سخت مقابلے کی توقع ہے، محسن خان، ڈین جونز اور وقار یونس بھی کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کام کرنا کسی شخص کے لیے بھی ایک خواب ہوتا ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کھیل کے تینوں فارمیٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتی ہے۔

    مزید پڑھیں: وقار یونس قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل

    مصباح الحق ہیڈ کوچ کے لیے مضبوط ترین امیدوار سمجھے جارہے ہیں، انہیں چیف سلیکٹر کی ذمہ داری بھی سونپی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کرانے کا آج آخری دن ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور کپتان وقار یونس نے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تعیناتی کا عمل ستمبر کے آغاز میں مکمل کرلے گا ، نئی تعیناتی 27 ستمبر سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی سیریز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرے گی۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے، فٹنس ٹیسٹ دو گروپس میں لیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے یویو ٹیسٹ مکمل ہوگئے ہیں، نان سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ جاری ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے گروپ میں وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹاپ کیا ہے، انہوں نے یویو ٹیسٹ میں 19.2 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

    ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق اور شان مسعود نے بھی یویو ٹیسٹ پاس کرلیا ہے، دونوں کھلاڑیوں نے 19.1 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

    ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کل تک جاری رہیں گے۔

    مزید پڑھیں: پری سیزن کیمپ، پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا

    واضح رہے کہ پری سیزن کیمپ اور فٹنس ٹیسٹ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کیا تھا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کیمپ کمانڈنٹ ہیں، اظہر علی انگلش کاؤنٹی سمر سیٹ سے معاہدہ مکمل کرنے کے بعد کیمپ جوائن کریں گے۔

    پی سی بی کے مطابق بابراعظم، فخر زمان، عماد وسیم، محمد عباس، محمد عامر کو کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کے باعث کیمپ میں شرکت سے چھوٹ دی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ فاسٹ بولر حسن علی کو پی سی بی نے شادی کی وجہ سے ایک ہفتے کی چھٹی دے دی ہے، حسن علی اور شاداب خان کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔

  • پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کو دہری ذمہ داری دئیے جانے کا امکان

    پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کو دہری ذمہ داری دئیے جانے کا امکان

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو پی سی بی کی جانب سے دہری ذمہ داری دئیے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو نیوزی لینڈ کے سسٹم کی طرح ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانا چاہتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے قومی انڈر نائنٹین ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کی پیشکش پر معذرت کی تھی۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو کوچنگ اور سلیکشن کا تجربہ نہیں ہے ایسے میں ان کو دو اہم ذمہ داریاں دینا ایک بڑا فیصلہ ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ کی ذمہ داری کے لیے معین خان اور وقار یونس کے ساتھ کئی سابق کھلاڑی بھی درخواست دے سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پری سیزن کیمپ، پی سی بی نے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کرلیا

    واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے مصباح الحق کے کوچنگ کیریئر کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، سابق کپتان قومی کرکٹرز کے کنڈیشننگ کیمپ کی نگرانی کریں گے۔

    یاد رہے کہ پی سی بی نے پری سیزن کیمپ کے لیے 20 کھلاڑیوں کو این سی اے طلب کیا ہے، سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل 14 کرکٹرز سمیت 20 کھلاڑی طلب کیے گئے ہیں۔

    پی سی بی کے مطابق کھلاڑی 19 اگست کو این سی اے میں رپورٹ کریں گے، فٹنس ٹیسٹ کے بعد کھلاڑی 7 ستمبر تک کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کریں گے۔