(10 اگست 2025): سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دینے پر پاکستان تحریک انصاف نے قوم سے معافی مانگ لی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹیشن دینے پر پارٹی کی جانب سے قوم سے معافی مانگ لی اور کہا کہ قمر باجوہ کو ایکسٹیشن دینا غلط تھا۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ نظام قانونی اور جمہوری نہیں ہے اور خدشہ ہے کہ ملک اس وقت انارکی کی طرف جا رہا ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم پر ہم وکلا سے مشاورت کریں گے اور اس کے لیے وکلا برادری کے ساتھ رابطہ کرنے جا رہے ہیں۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ملک کا نظام ٹھیک کرنے کے لیے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام رہنماؤں کے خلاف مقدمات کا فیصلہ میرٹ پر ہونا چاہیے۔
اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں انہیں اپوزیشن لیڈر بنائے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے لیے میرے نام کے حوالے سے باتیں درست نہیں۔ امید ہے کہ عمر ایوب جلد واپس آئیں گے اور وہی اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔
واضح رہے کہ اے ٹی سی کورٹ فیصل آباد کی جانب سے 9 مئی کیس میں عمر ایوب سمیت کئی پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمر ایوب، شبلی فراز سمیت کئی رہنماؤں کی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔