Tag: قوم کے نام پیغام

  • صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کا 78ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام

    صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف کا 78ویں یوم آزادی پر قوم کے نام پیغام

    صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزادی کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر قوم کے نام پیغام دیا ہے۔

    جشن آزادی 14 اگست 2025 کے موقع پر مادرِ وطن کی 78 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہمیں اس جرات، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی کی نعمت نصیب ہوئی۔

    انھوں نے کہا کہ آج ہم اپنے عظیم قائد، قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے تمام کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، جن کی کاوشوں اور قربانیوں نے اس خواب کو حقیقت بنایا۔

    آصف زرداری نے کہا کہ اس سال ہم یومِ آزادی بڑے افتخار اور ایک تازہ اُمید کے ساتھ منا رہے ہیں۔ حال ہی میں ہماری قوم نے بیرونی جارحیت کے جواب میں اپنی طاقت، عزم اور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

    معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں ہماری فتح ہماری تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔ یہ کامیابی غیر متزلزل قومی عزم، بے مثال پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے اتحاد کا ثبوت ہے۔

    صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کے جواب میں ہم نے تحمل، حکمت اور بھرپور قوت سے اپنے وطن کا دفاع کیا۔ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس دن ہم بھارتی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی بھی کرتے ہیں، ان کی جرات، انصاف اور حقِ خودارادیت کی جدو جہد ہمارے دل کے قریب ہے۔ پاکستان ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک کشمیروں کو غیر متزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت فراہم کرتا رہے گا۔

    صدر زردار نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے اس یومِ آزادی کو اپنی تاریخ کا ایک نیا باب بنا کر اور اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر ایک ایسے پاکستان کے لیے متحد ہوں جو انصاف، مساوات، ایمان اور خدمتِ خلق پر قائم ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔ آمین!

    وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78سال مکمل ہونے پر قوم کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، قائداعظم، علامہ اقبال سمیت تحریک آزادی کے کارکنوں کوسلام پیش کرتا ہوں، تحریک آزادی کے قائدین نے بکھری ہوئی قوم کو ایک فکر، ایک مشن پرمتحد کیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ تحریک آزادی کے قائدین نے تاریخ کا دھارا موڑ کر ایک الگ نظریاتی ریاست کے قیام کو ممکن بنایا، گزرے 78سال آزمائش آمیز سفر، اللہ پر کامل یقین اور تابناک مستقبل کی امید کی کہانی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے ہر شعبے میں کامیابیوں، کامرانیوں کے کئی سنگ میل عبور کیے، ہر شعبے میں پاکستانیوں نے اپنی بے مثال عزم وہمت اور علم وہنر کے باب رقم کیے ہیں

    وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم فتح نے 78ویں یوم آزادی کی اہمیت میں اضافہ کردیا ہے، معرکہ حق میں عظیم فتح نے پاکستانیوں کے دل میں ایک نئی امنگ اور جذبہ بھی بیدار کردیا، معرکہ حق میں عظیم فتح سے جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں، ہماری بہادر مسلح افواج نے بنیان مرصوص بن کر دشمن کے غرور کا بُت پاش پاش کردیا

    انھوں نے کہا کہ ہمارے شیروں اور شاہینوں کی بہادری نے دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ آزادی کی ٹھنڈی چھاؤں فراہم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، معرکہ حق صرف عسکری فتح نہیں تھی بلکہ دوقومی نظریے کی صداقت کی بھی جیت تھی۔

    ہم اپنے دفاع، آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کیلئے اسی جذبے سے آگے بڑھیں گے، ہم خطے، دنیا میں پرامن بقائے باہمی، بات چیت کے سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو بھی اسی جذبے سے جموں وکشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کی طرف آنا ہوگا، حکومت ملک کوعصرحاضر کے نئے معاشی وصنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ تمام پالیسیوں اور پروگراموں سے قطع نظر پاکستان کے عروج کے پیچھے اصل قوت ہمارا اتحاد ہے، دفاع کی طرح معاشی طور پر ناقابل تسخیر ہونا قومی دفاع اور سالمیت کےلیے بڑی ضرورت ہے۔

  • یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع ہمیں افواج پاکستان،قوم کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ 55 سال قبل آج کے دن دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا،مسلح افواج نے مثالی جراتمندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو شکست دی، شہدا کے اہل خانہ نے وطن کی سلامتی کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتی ہے،جذبہ ستمبر1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، فخر ہے کہ اسی جذبے کی بدولت ہم بہت سےامتحانوں میں سرخروہوئے۔

    صدرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیربنا دیا، خوشی ہے کہ دفاعی میدان میں ہم خود انحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ملکی استحکام ،تعمیر وترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہیں،ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کے لیے بھی مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بدقسمتی سے ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارےخلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے،دشمن ہمارے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں ملوث ہے،دشمن کا یہ جارحانہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسی واضح ہے اپنے دفاع اور سلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے،دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھنے کےعہد کی تجدید کرتے ہیں،کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نے بیرونی جارحیت کو شکست دی، دہشت گردی اورانتہا پسندی پرقابو پایا،اب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ماد روطن پر جانیں نچھاور کرنے والےعظیم ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں،عہد کریں! وطن کی سلامتی، تحفظ اورخوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

    یوم دفاع پر وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

    وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن بہادرافواج کی جرات،قربانی کے بے مثال جذبے کا عکاس ہے،55 سال قبل مسلح افواج اور غیور قوم نے دنیا پر ثابت کیا،ہم مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا،جذبہ،ولولہ ،جرات وبہادری سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے یو این منشور کی خلاف ورزی کی،بھارت نے بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اورخوف کا راج مسلط کر رکھا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پربھی جارحانہ طرزعمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،بھارتی اشتعال انگیزیوں کا مقصد کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے،اسے کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے،ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیا کے عوام کی خوشحالی کے لیے ہے،آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قوم اور بہادر افواج ملک کے دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہیں،کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے پوری طرح تیارہیں۔

    انہوں‌ نے کہا کہ 6 ستمبر کے موقع پراپنے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،آج ملک کے دفاع،سلامتی ،خودمختاری،تحفظ کےعزم کی تجدید کرتے ہیں،اس عزم کی تجدید جس کا مظاہرہ 65 کی جنگ کے شہدا،غازیوں نے کیا تھا۔

  • وزیراعظم عمران خان آج شام قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج شام قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کریں گے

    اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان آج شام قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کریں گے، جس میں وہ عوام کو حکومتی کارکردگی سے آگاہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج شام قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کریں گے ، وزیراعظم کا پیغام شام سوا 5 بجے نشر کیا جائے گا، جس میں وہ عوام کو اب تک کی حکومتی کارکردگی سے آگاہ کریں گے اور اعتماد میں لیں گے۔

    اس سے قبل 7 ستمبر کو وزیراعظم پاکستان نے قوم سے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے، ڈیم نہ بنائے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی، پاکستان میں قحط پڑسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : ڈیمز کی تعمیر ، وزیراعظم کی اوورسیز پاکستانیوں سے عطیات کی اپیل

    وزیراعظم عمران خان نے اپیل کی ڈیم بنانے کے لئے آج سے جہاد کرنا ہے، اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کیا جارہا ہے، یقین دلاتا ہوں قوم کے پیسے کی خود حفاظت خود کروں گا۔

    اس سے قبل 19 اگست کو وزیراعظم عمران خان کا قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنے مشکل مالی حالات نہیں تھے جیسے اب ہیں، حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے

    انھوں نے کہا تھا  کہ سیکریٹریز اور سول انتظامیہ کے پاس بھی بے پناہ مراعات ہیں، وزیراعظم کے بیرونی دوروں65 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے، مغرب میں جانور بھی بھوکے نہیں رہتے وہاں ان کےلئےبھی اسپتال ہیں، ہمارے انسانوں کا حال مغرب کے جانوروں سے بھی برا ہے۔استعمال میں لائیں گے۔

  • شبِ برات کے موقع پروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    شبِ برات کے موقع پروزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    لاہور: وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شبِ برات کی مقدس رات کے موقع پرپاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف نبردآزما جوانوں کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج کی رات پاکستان کی سلامتی خوشحالی اور دہشت گردی سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔

    اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کی رات عظیم اور فضیلت والی رات ہے، اس رات اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر رحمت اوربخشش کے دروازےکھولتا ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ آج کی رات خاص طور پر اُن جوانوں کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں جنہوں نے ملک میں دہشت گردی اور قیامِ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے اللہ کے حضور دعا کی ہے کہ آئندہ سال جب ملک کے لیے فیصلے کیے جائیں تو ملک رحمت کا مستحق قرار پائے اور پاکستان کی حفاظت فرمائے اور آنے والے سال ملک کو مصیبتوں و مسائل سے محفوظ رکھے۔