Tag: قونصلر سروسز

  • وزارت خارجہ  میں  قونصلر سروسز 3 دن تک معطل رہیں گی

    وزارت خارجہ میں قونصلر سروسز 3 دن تک معطل رہیں گی

    اسلام آباد : شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) سربراہی اجلاس کے پیش نظر وزارت خارجہ اور اسلام آباد میں قونصلر سروسز 14 سے 17 اکتوبر تک معطل رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) سربراہی اجلاس کے لیے سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر وزارت خارجہ میں قونصلر خدمات 14 سے 17 اکتوبر تک اسلام آباد میں معطل رہیں گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سروسز سیکیورٹی انتظامات کی وجہ سےمعطل رہیں گی تاہم کراچی، لاہور، پشاور اور گجرات میں وزارت خارجہ کےرابطہ دفاترخدمات جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا، سمٹ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، اس کے علاوہ چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ایران کے رہنما بھی سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

    اس سے قبل وفاقی حکومت نے ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں تین عام تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، سکول اور سرکاری دفاتر سمیت تمام تعلیمی ادارے 14 سے 16 اکتوبر تک بند رہیں گے۔

  • کرونا وائرس کا خطرہ،  دفتر خارجہ نے قونصلر سروسز معطل کردیں

    کرونا وائرس کا خطرہ، دفتر خارجہ نے قونصلر سروسز معطل کردیں

    اسلام آباد : کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر دفتر خارجہ نے قونصلر سروسز معطل کردیں، قونصلر سروسز پر یہ پابندی 18 مارچ سے 3 اپریل 2020 تک برقرار رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر وزارت خارجہ نے مختلف دستاویزات کی تصدیق کے لئے عوام کے قونصلر سروس آنے کا عمل روک دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قونصلر سروسز پر یہ پابندی 18 مارچ سے 3 اپریل 2020 تک برقرار رہے گی، جس کے بعد صورتحال کا پھر جائزہ لے کر مستقبل کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔ تاہم صرف ’پاورآف اٹارنی‘(مختار نامہ) کی تصدیق کرانے والے افراد کو رسائی کی اجازت بدستور رہے گی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اسناد کی تصدیق وتوثیق کا عمل پاکستان پوسٹ، جیریز، لیپرڈ اور ٹی سی ایس جیسی کورئیر کمپنیوں کے ذریعے انجام دیا جائے گا، عوام اس طریقہ کار کو اختیار کرتے ہوئے اپنی دستاویزات وزارت خارجہ ارسال کرسکتے ہیں۔

    وزارت خارجہ نے کورونا کے حوالے سے پیدا شدہ صورتحال میں ایک خصوصی کوآرڈینیشن سیل بھی قائم کر دیا ہے، جو اسپیشل سیکرٹری (ایڈمنسٹریشن) کی زیر نگرانی کام کرے گا، یہ سیل پاکستان میں قائم سفارت خانوں اور بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔