Tag: قہوہ

  • خشک کھانسی سے چھٹکارے کیلئے انتہائی مفید قہوہ

    خشک کھانسی سے چھٹکارے کیلئے انتہائی مفید قہوہ

    موسمِ سرما کے دوران تقریباً ہر گھر کا کوئی نہ کوئی فرد خشک کھانسی کے سبب گلے میں خراش، بلغمی کھانسی، نزلہ، زکام اور بخار میں مبتلا نظر آتا ہے، اس تکلیف دہ کھانسی سے ہر کوئی جَلد از جَلد جان چھڑانا چاہتا ہے۔

    خشک کھانسی سردی یا فلو، گلے میں گدگدی کے احساس جبکہ دائمی خشک کھانسی دیگر بیماریوں کی وجہ سے بھی ہوسکتی ہے، جس کا باقاعدہ علاج کرانا بے حد ضروری ہے بصورت دیگر یہ خطرناک صورت بھی اختیار کرسکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں حکیم شاہ نذیر نے خشک کھانسی اور نزلہ زکام سے فوری نجات کیلئے بہترین نسخہ تجویز کیا اور اس حوالے سے احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ خشک کھانسی کے علاج کیلئے ایک چمچ بنفشہ کے پتوں کا چُورا اور خاکسیر آدھا چائے کا چمچ سوا کپ پانی میں ڈال کر ابال لیں، اس قہوے کو دن میں ایک بار کسی بھی وقت اور دو سے تین دن پی لیں آپ کو یقینی افاقہ ہوگا۔

    ایک اور نسخہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سردی سے سینہ جکڑ جائے اور کھانسی کے دوران شدید تکلیف بھی محسوس ہورہی ہو تو پانچ دانے کالی کشمش اور ایک چمچ بانسہ کے پتوں کا چورا سوا کپ پانی میں ڈال کر ابال لیں۔

    اس قہوے کو صبح و شام دو مرتبہ پئیں، اس نسخے کو بھی دو سے تین دن پئیں سینہ کتنا ہی جکڑا ہوا کیوں نہ ہو مریض کو اس سے آرام مل جائے گا۔ یہ قہوہ 5 سال سے بڑی عمر کے بچوں کو بھی پلاسکتے ہیں جس کی مقدار صبح شام دو دو چمچ ہے۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

  • قہوہ صحت کے لیے مفید لیکن کون سا قہوہ کس مرض کا علاج؟ جانیے

    قہوہ صحت کے لیے مفید لیکن کون سا قہوہ کس مرض کا علاج؟ جانیے

    یہ بات سب ہی جانتے ہیں‌ کہ قہوہ صحت کے لیے بے حد مفید ہے لیکن کیا آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ کون سا قہوہ کس مرض کا علاج ہے؟

    اگرچہ طبی ماہرین کی جانب سے سبز چائے یعنی کہ قہوے کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے، تاہم یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ کس جُز سے بنا قہوہ کس مرض کے لیے علاج ثابت ہوتا ہے۔

    سادہ سبز چائے: سادہ سبز چائے جہاں بے شمار فوائد کی حامل ہے، وہیں اس کے باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں ایکنی، کیل مہاسوں سے بچاؤ اور اِن کی افزائش میں کمی ممکن ہے۔

    ادرک کا قہوہ: ادرک سے بنے قہوے کے استعمال سے سر درد کا منٹوں میں علاج ممکن ہے، ادرک سے بنے قہوے کے استعمال کے نتیجے میں پیٹ کی چربی سے بھی چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    پودینے کا قہوہ: پودینے کی سبز پتیوں سے بنے قہوے کا استعمال اپھارے کا بہترین علاج ہے، اس کے استعمال سے پھولا ہوا پیٹ منٹوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے، جب کہ اس سے گیس، بدہضمی اور بھاری پن کا علاج بھی ہوتا ہے۔

    دار چینی کا قہوہ: غذائی ماہرین کے مطابق دار چینی سے بنا قہوہ گلے کی خراشوں، نزلہ، زکام اور کھانسی کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے، اگر اس میں شہد بھی شامل کر لیا جائے تو ایک ہی دن میں تین پیالیوں سے ہی علاج ہو جاتا ہے۔

    لیموں کا قہوہ: سردی لگنے سے بچاؤ کے لیے سبز چائے میں اگر لیموں اور شہد ملا کر استعمال کیا جائے تو موسمی نزلے زکام اور سردی سے بچا جا سکتا ہے۔

    ہلدی اور ادرک سے بنا قہوہ: ہلدی اور ادرک کا قہوہ پینے کے نتیجے میں موسمی الرجیز، سائی نَس، سانس کی بندش، مٹی سے ہونے والی الرجی سے نجات حاصل ہوتی ہے۔

    تُلسی کے پتوں کا قہوہ: تُلسی کے پتوں (باسِل ٹی، Basil Tea)سے بنے قہوے کے استعمال کے نتیجے میں ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے، تُلسی کے پتوں سے بنا قہوہ خوشی محسوس کروانے والے ہامونز کو متحرک کرتا ہے اور فکر مندی، ذہنی دباؤ، پٹھوں سے کھنچاؤ سے نجات دلاتا ہے۔

    کیمومائل کا قہوہ: کیمومائل کے پھولوں (chamomile flowers) سے بنا قہوہ بے خوابی کا بہترین علاج ہے، یہ پھول اگر میسر نہ ہوں تو مارکیٹ میں ٹی بیگ کی شکل میں ملنے والی کیمومائل پتی کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    سائنسی تحقیق

    انٹرنیشنل جرنل آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق روزانہ صبح ایک کپ قہوہ پینے کے نتیجے میں انسانی جسم میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں، جن میں نقصان دہ کولیسٹرول اور موٹاپے میں کمی واقع ہونا سر فہرست ہے۔

    ماہرین کے مطابق قہوے کے استعمال سے متعدد قسم کے کینسر سے بھی نجات حاصل ہوتی ہے۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ قہوے میں کیفین کی مقدار پائی جاتی ہے، کیفین کے سبب بھوک میں کمی واقع ہوتی ہے اور جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا ممکن ہوتا ہے۔

  • موسم سرما میں جسم کی سوجن اور موٹاپے سے نجات کے لیے اکسیر قہوہ

    موسم سرما میں جسم کی سوجن اور موٹاپے سے نجات کے لیے اکسیر قہوہ

    موسم سرما میں ہم چکنائی اور توانائی سے بھرپور غذائیں کھانے لگتے ہیں جبکہ ہماری حرکت بھی کم ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے ہم موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں، اس موٹاپے میں کمی کے لیے نہایت آزمودہ مشروب پیش خدمت ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ماہر صحت نے موٹاپے سے نجات کے لیے نہایت آسان مشروب کی تیاری کا طریقہ بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ موسم سرما میں پانی کم پیا جاتا ہے جس کی وجہ سے جسم پر سوجن آجاتی ہے جو موٹاپا لگتا ہے، اس کو ختم کرنے کے لیے مندرجہ ذیل اشیا سے قہوہ تیار کریں۔

    1 عدد بھٹے کے بال، سفید زیرہ 1 چائے کا چمچ، سونٹھ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، دار چینی 1 ٹکڑا، دیسی گلاب کی پتیاں اور پودینہ 25 سے 30 پتے لے کر 1 لیٹر پانی میں پکائیں۔

    اسے اتنا پکائیں کہ یہ آدھا لیٹر رہ جائے۔ اس کے بعد اسے ہر کھانے کے بعد دن میں 4 دفعہ استعمال کریں۔

    ماہر صحت کے مطابق پانی کم پینے کی وجہ سے یہ گردوں کی تکلیف کے لیے بھی مؤثر ہے جبکہ جگر کی بھی صفائی کرے گا، علاوہ ازیں جسم کی سوجن سے بھی نجات دلائے گا۔

    یہ قہوہ نہ صرف موٹاپے سے حفاظت کرے گا بلکہ موٹاپے میں بتدریج کمی بھی کرے گا۔

  • چیسٹ انفیکشن کا گھر پر تیار کردہ علاج

    چیسٹ انفیکشن کا گھر پر تیار کردہ علاج

    موسم سرما میں سینہ جکڑ جانا اور چیسٹ انفیکشن نہایت عام بات ہے، تاہم اس سے نہایت آسانی سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس کے لیے گھر میں موجود اشیا سے قہوہ بن سکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر فرح نے چیسٹ انفیکشن کا گھر میں تیار کردہ علاج بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ پین میں 2 گلاس پانی لیں، اس میں 1 چائے کا چمچ کالی مرچ، ایک چمچ لانگ پیپر یا پیپلی، 1 عدد دار چینی اور آدھا چائے کا چمچ ہلدی ملا لیں۔

    اسے تھوڑی دیر پکائیں اور 2، 3 ابال دیں، اس کے بعد اسے چھان لیں۔

    یہ 7 سے 8 ماہ کے بچوں کے لیے آدھا چمچ، بڑے بچوں کے لیے ایک سے 2 چمچ اور بڑوں کے لیے آدھا کپ مفید ہوگا۔

    دو دن میں یہ قہوہ چیسٹ انفیکشن سے نجات دلا دے گا اور سینے میں جما ہوا بلغم باہر نکل جائے گا۔

    فرح نے بتایا کہ اس کا ذائقہ بہتر کرنے کے لیے تھوڑا سا شہد بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

  • قہوہ پینا مہنگا پڑ گیا، بل دیکھ کر سعودی شہری کے ہوش اڑ گئے

    قہوہ پینا مہنگا پڑ گیا، بل دیکھ کر سعودی شہری کے ہوش اڑ گئے

    ریاض: سعودی عرب کے شہر ابہا میں فیملی کے ساتھ قہوہ پینے کے لیے آنے والے شہری کے بل دیکھ کر ہوش اڑ گئے، شہری نے شکوہ کیا ہے کہ سیاحت کو فروغ دینے کے لیے یہ طریقے نہیں ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایک سعودی شہری کو ابہا کے قہوہ خانے میں قہوہ پینا مہنگا پڑ گی، بل دیکھ کر شہری کے ہوش اڑ گئے۔

    مذکورہ شہری اپنی فیملی کے 8 افراد کے ساتھ قہوہ پینے آیا تھا جس کے بل کی کہانی انہوں نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔

    شہری کا کہنا تھا کہ وہ اہلخانہ کے ہمراہ سیاحت کے لیے ابہا پہنچے تھے، 8 افراد کے قہوے کا بل انہیں 400 ریال پیش کیا گیا جس کا مطلب یہ ہے کہ فی قہوہ 50 ریال چارج کیے جا رہے ہیں۔ اتنی بڑی رقم ناقابل فہم ہے۔

    سعودی شہری کا کہنا تھا کہ سیاحت کو کامیاب بنانے کے یہ طریقے نہیں ہیں، سیاحت اس وقت کامیاب ہوگی جب بنیادی ڈھانچہ اور خدمات اچھی ہوں گی۔

    شہری نے شکوہ کیا کہ انہوں نے قہوہ خانے کے مالک سے بات چیت کی کوشش کی مگر وہ بے کار ثابت ہوئی۔

    وائرل ویڈیو میں شہری کو یہ کہتے بھی سنا گیا کہ کیشیئر کے پاس ایک انتباہ چسپاں ہے جس میں تحریر ہے کہ اگر رقم 50 ریال سے کم ہوگی تو باقی ماندہ رقم واپس نہیں کی جائے گی۔

    مزید یہ کہ قہوہ خانے میں بچوں کے لیے کرسیوں کا انتظام ہے اور نہ ہی کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بل کی ادائیگی کا کوئی طریقہ کار موجود ہے۔

  • سعودی خاتون کے بنائے عربی قہوے کی دھوم

    سعودی خاتون کے بنائے عربی قہوے کی دھوم

    ریاض: سعودی عرب میں خواتین کاروباری شعبے میں تیزی سے آگے بڑھتی جارہی ہیں، ایسی ہی ایک خاتون اثیر الخلب بھی ہیں جن کے بنائے عربی قہوے نہایت پسند کیے جارہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے اثیر الخلب کا کہنا تھا کہ میں نے نوٹ کیا کہ لاکھوں ہم وطن عربی قہوے کے دلدادہ ہیں، یہیں سے میرے ذہن میں یہ بات آئی کہ کیوں نہ عربی قہوے کا کاروبار شروع کروں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے بچپن ہی سے عربی قہوے کا شوق تھا اور یہ مجھے بے حد پسند تھا، عمر گزرنے کے ساتھ عربی قہوے کا شوق بڑھتا گیا اور ایک دن وہ آیا کہ میں نے اسے اپنے روزگار کا ذریعہ بنا لیا۔

    اثیر الخلب نے بتایا کہ میں نے قہوے کا پاﺅڈر تیار کرنا شروع کیا اور صارفین سے اس کے بارے میں رائے لی، پھر تیار شدہ عربی قہوے کا پاﺅڈر دکانوں پر فراہم کرنے لگی۔

    رفتہ رفتہ ان کا کاروبار بڑھتا چلا گیا، اس کے بعد عربی قہوے کو عرب دنیا میں متعارف کروانے کے لیے ابوظہبی میں ایک پروگرام کا انعقاد ہوا تھا۔ اس میں شرکت کے لیے 400 افراد کے ساتھ اثیر کو بھی نامزد کیا گیا، ’مقابلے میں ہمارے تیار کردہ قہوے کو بے حد پذیرائی ملی‘۔

    اثیر کا کہنا ہے کہ عربی قہوے کی تیاری میں بنیادی اصول یہ ہے کہ معیاری ہو، میں نے عربی قہوے سے متعلق آباؤ اجداد کی ثقافت اور عصری انداز کا حسین امتزاج تیار کیا۔

    وہ بتاتی ہیں کہ اب ان کا تیار کردہ قہوہ بڑے پیمانے پر پسند کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ماحول دوست قہوہ بیگ بھی متعارف کروائے۔ اب وہ آن لائن قہوے کا کاروبار کامیابی سے چلا رہی ہیں۔

  • سعودی خاتون اسکالر کا منفرد کاروبار

    سعودی خاتون اسکالر کا منفرد کاروبار

    ریاض: سعودی خواتین زندگی کے ہر شعبے میں تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہیں، ایسی ہی ایک خاتون فوزیہ الزہرانی ہیں جو اسکالر ہونے کے ساتھ اپنے قہوے کا منفرد کاروبار چلا رہی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق فوزیہ الزہرانی نے بزنس مینجمنٹ کا کورس کیا ہے اور الباحہ یونیورسٹی میں لیکچرر شپ ملنے کے باوجود انہوں نے قہوہ سازی کو ترجیح دی ہے۔

    فوزیہ کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سوچتی تھی کہ کوئی ایسا منفرد کام کروں جس سے معاشرے کی خدمت ہو اور حلال روزی میرے گھر میں آئے۔ اسی دوران مجھے قہوہ تیار کرنے اور انواع و اقسام کی مٹھائیاں بنانے کا خیال آیا۔

    ان کے مطابق انہوں نے قہوے اور مٹھائیوں کی ایسی دکان تیار کی ہے جسے جدید و قدیم کا حسین امتزاج قرار دیا جاسکتا ہے۔

    فوزیہ نے بتایا کہ وہ سنہ 2015 میں امریکا سے واپس آئی تھیں، امریکا میں انہوں نے میڈیکل سینٹرز اور تجارتی مراکز میں کام کیا تھا۔ ’میرا مقصد امریکا میں کاروبار کرنا یا پیسہ کمانا نہیں بلکہ تجربات حاصل کرنا تھا‘۔

    انہوں نے اپنی انواع و اقسام کے قہوے اور مٹھائیوں کی دکان کھولنے اور سجانے کے لیے قرضہ اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔ اپنے کاروبار کے بارے میں وہ کہتی ہیں کہ قہوے کی سجاوٹ میں خوبصورت اضافہ وہی شخص کر سکتا ہے جسے اس کا ذوق ہو۔

    فوزیہ نے دیگر سعودی خواتین کو پیغام دیا ہے کہ وہ نہ صرف اس شعبے بلکہ دیگر کاروباری شعبوں میں بھی آگے آئیں، ’اگر کوئی مجھ سے مدد اور رہنمائی کا طلبگار ہوگا تو میں ضرور اس کی رہنمائی کروں گی‘۔

  • سبز الائچی والا قہوہ پینا ناممکن، قیمت ناقابل یقین حد تک بڑھ گئی

    سبز الائچی والا قہوہ پینا ناممکن، قیمت ناقابل یقین حد تک بڑھ گئی

    راولپنڈی: قہوے والی سبز الائچی کو آگ لگ گئی، الائچی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔

    تفصیلات کے مطابق سبز الائچی والا قہوہ پینا عام شہری کے بس میں نہیں رہا، 3500 روپے کلو میں فروخت ہونے والی سبز الائچی 9000 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔

    مارکیٹ ذرایع کے مطابق دوسرے درجے کی الائچی بھی 8500 روپے کلو فروخت ہونے لگی ہے۔

    خیال رہے کہ سردی شروع ہوتے ہی ملک بھر میں قہوے کی طلب میں اضافہ ہو جاتا ہے، سردی سے ٹھٹھرتے جسم کے لیے گرما گرم قہوے کا استعمال بہت مفید رہتا ہے، قہوے کا استعمال تمام جسمانی افعال کو بھی متحرک رکھنے میں مددگار ہے۔

    شدید سردی کے باعث دیگر شہروں کے ساتھ راولپنڈی میں بھی قہوہ خانے آباد ہو گئے ہیں، تاہم طلب میں اضافے کو دیکھتے ہوئے قہوے میں ڈالی جانے والی سبز الائچی کی قیمتوں میں کئی سو گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    الائچی پاک و ہند سمیت ایشیائی ممالک میں گھروں میں عام مستعمل ہے اور اس کے بے شمار فوائد ہیں، انسان کے نظام انہضام پر اس کے بہترین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔