Tag: قیام امن

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا جرائم پیشہ اورشرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم

    وزیراعلیٰ پنجاب کا جرائم پیشہ اورشرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جرائم پیشہ اورشرپسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ، قیام امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں امن وامان کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ کو قیام امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جرائم پیشہ اور شرپسند عناصرکے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، عوام کے جان ومال کے تحفظ، قیام امن سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسراٹھا نہ رکھی جائے۔

    کچھ عناصر نہیں چاہتے پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست انتہائی نقصان دہ ہے ملک کو منفی سیاست نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے، غریبوں کی فلاح وبہبود کے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

  • جنوبی یمن میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی انتھک کاوشوں کی تحسین

    جنوبی یمن میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کی انتھک کاوشوں کی تحسین

    نیویارک:اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس نے جنوبی یمن میں امن وامان کی بحالی اور استحکام کے لیے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے انتھک کردار کو سراہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انھوں نے ایک ٹویٹ میں شہزادہ خالد بن سلمان سے گذشتہ روز اپنی ملاقات کو مفید اور مثبت قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب نے جنوبی یمن میں امن وامان کی بحالی اور استحکام کے لیے شہزادہ خالد بن سلمان آل سعود کی قیادت میں انتھک کردار ادا کیا ہے۔

    ہم نے مکالمہ جاری رکھنے کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔سعودی عرب اور اس کے قریبی اتحادی متحدہ عرب امارات نے جنوبی یمن میں صدر عبد ربہ منصور ہادی کی قانونی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل (ایس ٹی سی )کے درمیان بحران کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے،سعودی عرب نے ان کے درمیان تنازع کے حل کے لیے ایک کانفرنس بھی طلب کی ۔

    ان دونوں ملکوں کی مصالحتی کاوشوں کے بعد ہی یمن کی جنوبی عبوری کونسل نے گذشتہ ہفتے کے روز عدن میں قبضے میں لی گئی سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کو خالی کر دیا تھا اورعدن اسپتال ، مرکزی بنک اور دوسری متعدد سرکاری عمارتوں کا کنٹرول یمن کے صدارتی بریگیڈز کے حوالے کردیا تھا۔

    سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے یمنی حکومت اور ایس ٹی سی کی فورسز سے فوری جنگ بندی کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ ان دونوں فریقوں کو آپس میں محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیے اور اتحاد کی ایران کے حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف جنگی کامیابیوں کو برقرار رکھنے میں معاونت کرنی چاہیے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق یمن کے دوسرے بڑے شہر اور صدر عبد ربہ منصور ہادی کی قیادت میں حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن میں حکومت نواز فورسز اور جنوبی یمن کے علاحدگی پسندوں کے درمیان گذشتہ ہفتے جھڑپوں میں کم سے کم چالیس افراد ہلاک اور دو سو ساٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

    یمنی حکومت نے ایس ٹی سی کےساتھ اس کے سرکاری عمارتوں سے انخلا تک بات چیت سے انکار کردیا تھا۔

  • افغانستان میں امن اوراستحکام خطے کے وسیع ترمفاد میں ہے، ملیحہ لودھی

    افغانستان میں امن اوراستحکام خطے کے وسیع ترمفاد میں ہے، ملیحہ لودھی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کےحصول کی حمایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے افغانستان پر مباحثے میں خطاب کرتے ہوئے سلامتی کونسل کو افغان مذاکراتی عمل میں پاکستانی کردارسے آگاہ کیا۔

    ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کے حصول کی حمایت کی ہے، عالمی برادری نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ہے۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ قیام امن کی کوششوں کے لیے درپیش چیلنجزکو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، تمام شراکت داروں کو مذاکرات سے دیرپا امن قائم کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن اور استحکام خطے کے وسیع ترمفاد میں ہے، افغانستان کے مسائل کا حل فوجی مہم جوئی میں نہیں ہے۔

    دنیا مان گئی ہےکہ افغان مسئلےکاحل فوجی مہم جوئی میں نہیں، ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 7 ستمبرکو پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ افغان مسئلے کے سیاسی حل کی بات کی، دنیا مان گئی ہے کہ افغان مسئلے کا حل فوجی مہم جوئی میں نہیں ہے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا قیام پاکستان کے مفاد میں ہے، افغانستان میں بدامنی سے پاکستان کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

  • افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، شاہ محمود قریشی

    افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ناظم الامور سے ملاقات میں کہا فغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا ، خطےمیں تعمیروترقی کاعمل افغانستان میں قیام امن سےمشروط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کےلئے امریکی ناظم الامور نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں خصوصی طور پر افغانستان کے امور پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا پورے خطے میں تعمیر و ترقی کا عمل افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے، افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا ۔

    مزید پڑھیں : پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مصالحانہ کردار جاری رکھے گا، شاہ محمود قریشی

    گزشتہ روز شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کت اجلاس میں کہا تھا پاکستان خطے میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ، برابری کی بنیاد پر پُرامن تعلقات کا حامی ہے، پاکستان کے معاشی استحکام اور اپنی سفارتکاری کو مزید موثر بنانے کے لئے موثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار جاری رکھے گا۔

    اس سے قبل وزیر خارجہ کا کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں کہنا تھا کہ مشترکہ خوش حالی کے لیے پاکستان خطے کے ملکوں میں رابطوں کا فروغ چاہتا ہے، پاکستان ایس سی او ممالک کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف کام کر رہا ہے۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، خطے کے امن کے لیے مستحکم افغانستان ضروری ہے۔

  • پاک فوج، پولیس نے امن مشنزمیں اہم خدمات سرانجام دیں‘ ملیحہ لودھی

    پاک فوج، پولیس نے امن مشنزمیں اہم خدمات سرانجام دیں‘ ملیحہ لودھی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ امن مشنزکی حفاظت کے لیے ٹریننگ، لاجسٹک نظام کوبہتربنایا جائے۔

    تصیلات کے مطابق نیویارک میں امن مشنزکارکردگی اورشراکت داروں کے درمیان تعاون پر اجلاس پاکستان، چین، مراکش، انڈونیشیا اورمصرکی جانب سے بلایا گیا۔

    پاکستان اقوام متحدہ میں امن مشن میں دستے بھیجنے والے ممالک کے گروپ کا کوچیئر ہے، پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنزکومحفوظ اورمؤثربنانے پرزوردیا۔

    اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹرملیحہ لودھی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، پولیس نے امن مشنزمیں اہم خدمات سرانجام دیں، اقوام متحدہ پاکستان اوردیگرممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھائے۔

    ڈاکٹرملیحہ لودھی نے اجلاس کے دوران کہا کہ امن مشنزکی حفاظت کے لیے ٹریننگ، لاجسٹک نظام کو بہتربنایا جائے۔

    امن مشنزکے بجٹ میں کمی سے قیام امن کی کوششوں پرمنفی اثرپڑے گا‘ ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 12 فروری کو پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 15 فیصد خواتین مبصرین اور اسٹاف آفیسرز کے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ امن مشن میں فوجی دستے بھیجنے والے ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، پاکستانی فوجی دستے یو این کے قیام امن کی کوششوں میں سب سے آگے ہیں۔

  • حوثی ملیشیا یمن میں قیام امن میں رکاوٹ ہیں، سعودی سفیر محمد الجابر

    حوثی ملیشیا یمن میں قیام امن میں رکاوٹ ہیں، سعودی سفیر محمد الجابر

    صنعاء : سعودی سفیر محمد الجابر کا کہنا ہے کہ سعودیہ یمن میں امن چاہتا ہے لیکن ایرانی حمایت یافتہ حوثی اسٹاک ہوم معاہدے کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں تعینات سعودی سفیر محمد الجابر نے یمن میں برسرپیکار حوثی جنگجوؤں سے متعلق کہا ہے کہ سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں یمن امن و امان کی صورتحال بحال کرنے کےلیے کوشاں ہے۔

    محمد الجابر کا کہنا تھا کہ ریاست سعودی عرب یمن میں سیاسی حل کےلیے اقوام متحدہ کی کوششوں کو سراہتا ہے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتا ہے۔

    مزید پڑھیں : یمن میں جنگ بندی، حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جھڑپیں ختم

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں یورپی ملک سویڈن میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والے امن مذاکرات میں دونوں فریقن کے درمیان حدیدہ شہر میں جنگ بندی سمیت کئی نکات پر اتفاق ہوا تھا جس کے بعد یمن میں گذشتہ کئی برسوں سے جاری جنگ کے ختم ہونے کی امید پیدا ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ یمنی حکومت اور حوثیوں کے درمیان سنہ 2016 کے بعد سے یہ پہلے امن مذاکرات ہیں جس کے بعد تین نکات پر اتفاق رائے کیا گیا ہے اگر کسی بھی فریق کی جانب سے کوتاہی یا لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا تو امن مذاکرات تعطلی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

  • پاکستان خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے ‘ شاہ محمود قریشی

    پاکستان خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے ‘ شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بدامنی اور ہیجان انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرسہیل محمود نے ملاقات کی۔

    وزیرخارجہ اور پاکستانی ہائی کمشنر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پلواما حملے، بھارت کے پاکستان پربے جا الزامات اور خطے کی صورت حال پربات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے، بد امنی اور ہیجان انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ صورت حال کا سنجیدگی سے بغور جائزہ لے رہے ہیں، صورت حال سے بذریعہ خط سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو آگاہ کردیا ہے۔

    پاکستان نے بھارت سے اپنے ہائی کمشنر کوواپس بلا لیا

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مشاورت کے لیے اپنے ہائی کمشنر کو واپس بلایا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں ہونے والے دھماکے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

    بعدازاں بھارتی حکومت اور میڈیا نے تحقیقات کیے بغیر دھماکے کا الزام پاکستان پر عائد کردیا تھا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا تھا۔

  • بلوچستان میں قیام امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، میجرجنرل شیرافگن

    بلوچستان میں قیام امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، میجرجنرل شیرافگن

    کوئٹہ : آئی جی ایف سی میجرجنرل شیر افگن نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پرامن بنانے مثالی صوبہ بنانے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

    وہ کوئٹہ میں سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے ایف سی،پولیس اور سول انتظامیہ مربوط حکمت عملی اختیارکریں۔

    کانفرنس میں ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئرطاہر محمود،سیکٹرکمانڈرنارتھ بریگیڈیئرارشدمحمود،سیکٹرکمانڈرساؤتھ بریگیڈیئر اللہ نواز، ایف سی کے تمام یونٹ کمانڈنٹس،ڈویژنل کمشنرزبلوچستان اکبر حریفال، محمدفواد، قمبر دشتی، غلام علی بلوچ اور ریجنل پولیس آفیسران مظہر بلوچ،افتخار الحق،معظم شاہ،شکیل درانی اوراعتزازگورایہ سمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

    آئی جی ایف سی نے کہا کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کے تمام آفیسرز اپنی اپنی ذمہ داریوں کے علاقے میں امن وامان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور عوام کے ساتھ موثر رابطہ رکھیں تاکہ شرپسندوں اور جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ٹھوس انداز میں نمٹا جا سکے۔

  • کراچی میں قیام امن کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی،آئی جی سندھ

    کراچی میں قیام امن کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی،آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری (کاٹی)میں تاجروں سے ملاقات کی اورسیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر کاٹی کے تاجروں کی جانب سے آئی جی سندھ کو شیلڈ پیش کی گئی۔

    شرافی گوٹھ میں گینگ وار ملزمان کی جانب سے تاجروں کے اغواء اور ڈکیتیوں پر کورنگی ایسو سی ایشن کے تاجروں نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سے اپنے تحفظات کااظہار کرتے ہوئےایس ایس پی کورنگی نذیر میربہر کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

    کورنگی ایسو سی ایشن کے رہنماء میاں زاہد حسین نے کہا کہ فاروق اعوان ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ محکمہ پولیس کا فخر ہیں اللہ ان کی عمر دراز رکھے، انہوں نے کہا کہ فاروق اعوان پر حملے میں شہید ہونیوالے افراد کو پچاس ہزار روپے فی کس دیں گے۔

    آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں امن قائم کرناہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،شہر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

    سندھ حکومت اور وفاقی حکومت سے سندھ پولیس کے لئے بم پروف گاڑیاں،بلٹ پروف جیکٹ اور دیگر سازو سامان طلب کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سمز کی وجہ سے امن و امان کے مسائل بڑھ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیر قانونی سمز کی تعداد سات سے آٹھ ملین ہے۔

    کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے،کراچی میں چند ماہ کے د وران پولیس آپریشن میں تیزی آئی ہے،ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں دھرنوں کی وجہ سے ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہورہے ہیں،دھرنا دینے والی جماعتوں سے گذارش ہے کہ عوامی مسائل کا خیال کریں ۔

    گرومندر پر مذہبی جماعت کے دھرنے سے واقف ہیں،اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھرنا دینے والی جماعت کی بات سنیں،دھرنا دینے والی جماعت کے جائز مطالبات مانیں گے۔