Tag: قیدیوں سے ملاقات

  • حکومت نے اڈیالہ میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں 2 روز کی توسیع کر دی

    حکومت نے اڈیالہ میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں 2 روز کی توسیع کر دی

    راولپنڈی: ایک طرف جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بانی پی ٹی آئی سے آئینی ترامیم کے سلسلے میں مشاورت کے لیے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں، ایسے میں حکومت نے اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں 2 روز کی توسیع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث صوبائی حکومت نے اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں توسیع کر دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس پابندی کا اطلاق سیاسی قیدیوں سمیت عام قیدیوں پر بھی ہوگا، پنجاب حکومت نے 18 اکتوبر تک اڈیالہ میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی، تاہم اب سیکیورٹی خدشات پر پابندی میں 2 روز سے زائد کی توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق خصوصی درخواست پر ہونے والی ملاقاتوں پر نہیں ہوگا، پی ٹی آئی کے 5 افراد کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات خصوصی درخواست پر ہو رہی ہے، اور حکومت پہلے ہی وفد کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دے چکی ہے، ذرائع نے واضح کیا ہے کہ حکومت پنجاب کی طرف سے پابندی کا اطلاق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پر نہیں ہوگا۔

    ادھر پی ٹی آئی وفد کی اڈیالہ میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہو سکی ہے، ملاقات میں ناکامی کے بعد پی ٹی آئی وفد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گیا ہے، فضل الرحمان سے بیرسٹر گوہر، حامد رضا، سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر اور علی ظفر نے ملاقات کر کے حکومت کی وعدہ خلافی کے حوالے سے شکایت کی۔

    آئینی ترامیم پر مشاورت، بانی پی ٹی آئی سے رہنماؤں کی ملاقات کا وقت تبدیل کر دیا گیا

    دوسری طرف وفاقی کابینہ اجلاس کا وقت ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا ہے، اور نئے وقت پر مشاورت جاری ہے، خواجہ آصف سے ایک صحافی نے جب استفسار کیا کہ بار بار اجلاس میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے اتفاق نہ بھی ہوا تو بھی نمبر پورے ہیں، تاہم اتفاق رائے پیدا ہو جائے تو زیادہ اچھا ہے، آگے اس کی افادیت زیادہ ہوگی۔

  • جیلوں میں کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ، قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد

    جیلوں میں کورونا کے پھیلاؤ کا خطرہ، قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد

    لاہور : پنجاب کی جیلوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر قیدیوں سے ملاقات پر پابندی عائد کردی، پابندی میں 8 فیصد سے زائد کیسز والے اضلاع شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر قیدیوں سےملاقات پر پھر پابندی عائد کردی گئی ، اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات اور ریجنل افسران کومراسلہ جاری کردیا ہے ،

    جس کے بعد آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے ریجنل افسران کو مراسلے میں کہا ہے کہ 8فیصد سےزائد کیسز والے اضلاع کی جیلوں میں ملاقات اور 15فیصد سےزائد کیسزوالےاضلاع میں ملاقات اور پیشیوں پر پابندی عائد ہوگی۔

    قیدیوں سےملاقاتوں پرپابندی والے اضلاع میں میں بہاولنگر،بہاولپور،گجرات،حافظ آباد،جھنگ، قصور ، لودھراں ،مظفر گڑھ،پاکپتن، رحیم یارخان میں قیدیوں ، راولپنڈی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اورگوجرانوالہ شامل ہیں۔

    قیدیوں سے ملاقات اور پیشی پر پابندی والے اضلاع میں چنیوٹ، فیصل آباد،لاہور،خانیوال،میانوالی،ملتان ، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ساہیوال اور سرگودھا شامل ہیں۔