Tag: قیدیوں کی سزا

  • وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا  قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی معافی کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا قیدیوں کی سزا میں 3 ماہ کی معافی کا اعلان

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر کے قیدیوں کی سزا میں تین ماہ کی معافی کااعلان کردیا اور کہا 155 قیدیوں کو آج رہا کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل کے دوران قیدی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ آج رہا ہو رہے ہیں،کچھ آنےوالےدنوں میں رہا ہوں گے، والد کے ہمراہ جیل میں قید و بند کی صعوبتیں گزاریں، جیل کےقیدیوں کے مسائل کا بخوبی ادراک ہے۔

    مریم نواز نے جیل میں گزارے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کہ کوٹ لکھپت اور اڈیالہ جیل میں بھی 4سے5ماہ رہی ہوں، مجھے ایک خط ملاکہ میرے والد کو گرفتار کرکے نیب لیکر جارہے ہیں ، آپ لوگوں میں سے ہی ایک اسٹاف نے بتایا میرے والد کی طبیعت خراب ہوگئی، کوٹ لکھپت میں گزرنے والا وقت آزمائشی تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ قید کےدوران جب ضمانت کی تاریخ آتی تھی تو انتظارہوتاتھاشایدکوئی خبرآئے، میری تاریخ کےوقت جج3ماہ کی چھٹی پرچلاجاتا تھا، آپ میں سےبہت سارےلوگ بےگناہ ہوں گے، ہمارے نظام انصاف میں کمزوری ہوسکتی ہے مگراللہ کےنہیں، مشکل وقت میں بھی آپ کیلئے جوآسانی کر سکی کروں گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ کافی تو نہیں لیکن جب آپ کو اپنے پیاروں کی یاد آئے توبات چیت کرسکیں، اپنی مرضی سےجیل کوئی نہیں آتاانسان سےکوئی غلطی سرزدہوجاتی ہے، کوشش ہوگی آئی جی جیل خانہ جات سےمیٹنگ کرکےآپ کیلئےاصلاحات کی جائیں، آپ لوگوں کوایک بہترین ہنرسکھایاجائےتاکہ باہرنکل کرآپ ایک اچھےانسان بن جائیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ لوگوں کیلئے ویڈیوکال کی سہولت لیکرآئی ہوں، آئی جی جیل خانہ جات سے کہوں گی ویڈیوکال کی سہولت پورےپنجاب کی جیلوں میں ہونی چاہئے، اب آپ اپنے گھر والوں سے ہفتے میں 2بار 20،20منٹ ویڈیو کال پر بات کرسکیں گے۔

    مریم نواز نے پنجاب بھر کے قیدیوں کی سزامیں 3ماہ کی معافی کااعلان کرتے ہوئے کہا مجموعی طورپر دیت کی رقم ادا کرنیوالے 155 قیدیوں کو آج رہا کررہےہیں، خوشی ہے رہا ہونیوالے قیدی رمضان کے باقی روزے اپنے گھر والوں کیساتھ رکھ سکیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارانظام قانون طاقتور کیلئے کمزور بے گناہ کیلئے طاقتور ہے، جوڈیشری سےگزارش کروں گی جوانصاف کے منتظر ہیں جلد فراہم کیا جائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ میں نے یہاں 20 بیڈ کے اسپتال کا بھی افتتاح کرکےآئی ہوں، انہیں شاباش دیتی ہوں بڑااچھااسپتال بنایا ہے۔

  • ایک ایسا کام جس سے قیدیوں کی سزا کم ہو سکتی ہے

    ایک ایسا کام جس سے قیدیوں کی سزا کم ہو سکتی ہے

    سوکرے: ایک وسطی جنوبی امریکی ملک میں حکام نے انوکھا پروگرام شروع کیا ہے کہ جیلوں میں قید شہریوں کی سزا کم ہو جائے گی اگر وہ کتابیں پڑھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بولیویا دنیا کا ایک ایسا ملک ہے جہاں جیل میں کتاب پڑھنے والوں کی سزا کم کر دی جاتی ہے، یعنی قیدی کتابوں کی مخصوص تعداد پڑھ کر اپنی سزا کو کم کروا سکتا ہے۔

    بولیویا میں حکومت نے اس انوکھے پروگرام کا آغاز قیدیوں کو خواندہ کرنے کے لیے کیا، اس پروگرام کا نام ‘بکس بی ہائنڈ بارز’ رکھا گیا ہے، یہ پروگرام قیدیوں کی سزا کم کر سکتا ہے تاہم اس کا اصل مقصد لوگوں کو خواندہ کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ بولیویا میں سزائے موت اور عمر قید کی سزا نہیں دی جاتی، تاہم وہاں عدالتی نظام نہایت سست ہونے کی وجہ سے قیدیوں کو طویل عرصے جیلوں میں رہنا پڑتا ہے۔

    مذکورہ پروگرام کا آغاز بولیویا کے تقریباً 47 جیلوں میں کیا جا چکا ہے، جہاں 800 سے زائد قیدی مطالعہ شروع کر چکے ہیں اور کئی افراد لکھنا بھی سیکھ چکے ہیں۔

    جیل انتظامیہ کے مطابق قیدیوں میں ایک خاتون قیدی جیکولین بھی ہیں جو 8 کتابیں پڑھ چکی ہیں اور پڑھنے کے 4 ٹیسٹ بھی پاس کر چکی ہیں۔

    اس منصوبے کا ہدف وہ غریب اور ان پڑھ قیدی ہیں جو کسی وجہ سے لکھ اور پڑھ نہ سکے، رپورٹس کے مطابق قیدیوں کی بڑی تعداد نے اس پروگرام میں دل چسپی کا اظہار کیا ہے۔

  • سندھ میں قیدیوں کی 180 دن کی سزا معافی، وزارت داخلہ نے 90 دن کی معافی کا مراسلہ جاری کر دیا

    سندھ میں قیدیوں کی 180 دن کی سزا معافی، وزارت داخلہ نے 90 دن کی معافی کا مراسلہ جاری کر دیا

    اسلام آباد: سندھ میں قیدیوں کی 180 دن کی سزا معافی کا اعلان کیا گیا ہے، اب وفاقی وزارت داخلہ نے 90 دن کی معافی کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے صوبوں کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی کی جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صدر کے اختیارات آرٹیکل 45 کے تحت قیدیوں کو 90 روز تک کی سزا معافی دی جائے، 90 روز کی سزا معافی کی پالیسی کا اطلاق عمر قید کے ملزمان پر بھی ہوگا، تاہم غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    سندھ: قیدیوں کی 180 دن کی سزا معاف

    مالی فراڈ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پر بھی اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    دوسری طرف سندھ حکومت نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے قیدیوں کی 6 مہینے کی سزا معاف کر دی ہے، جس کا اغوا، قتل، ریاست خلاف مہم جوئی اور دہشت گردی کے کیسز پر اطلاق نہیں ہوگا۔

  • عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری

    عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں 90 دن کی کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ، معمولی جرائم میں قید افراد پر نرمی کا اطلاق ہو گا تاہم سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے عید الفطر پر قیدیوں کی سزا میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ، صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، مختلف جرائم میں قید افراد کی سزا میں 90 دن کی کمی گئی ہے۔

    نوٹی فکیشن کا کہنا تھا کہ خواتین کیلئے60 سال،مردوں کیلئے65سال سے زائد عمرقیدیوں پرنرمی کا اطلاق ہو گا تاہم نرمی کا اطلاق سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نے تمام صوبائی محکمہ داخلہ کو ہدایات جاری کر دیں کہ کرپشن کیسز میں سزا یافتہ قیدیوں پر نرمی کا اطلاق نہیں ہو گا۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی کابینہ نے معمولی جرائم میں قیدافرادکی سزا میں 90 دن کمی کی منظوری دی تھی ، جس کے بعد سمری صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کی گئی تھی۔

    خیال رہےملک میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں مختلف مواقع پر قیدیوں کی سزا میں معافی کا اعلان کرتی ہے ، اس سے قبل اکتوبر 2020 میں وفاقی حکومت نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر ملک بھر کے قیدیوں کو خصوصی معافی دی تھی۔

  • عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 30 دن کی معافی کی سمری وفاقی کابینہ  کو ارسال

    عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 30 دن کی معافی کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 30 دن کی معافی کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوادی، جس کے تحت معمولی جرائم کے قیدی رعایت کے مستحق ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عید کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں 30 دن کی معافی کی سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئیں ، سمری وزارت داخلہ کی جانب سے بھجوائی گئی ہے۔

    وزیر اعظم منظوری کے لیے سمری صدر کو بھجوائیں گے ، حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اور قتل سمیت سنگین مقدمات کے قیدیوں کورعایت نہیں ملےگی جبکہ 65سال سےزائدعمر کے معمولی جرائم میں مرد قیدی رعایت کے مستحق ہوں گے۔

    وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ معمولی جرائم میں قید 60سال کی خواتین رعایت کی حق دارہوں گی ، تاہم کرپشن کیسز میں سزا یافتہ قیدیوں کو بھی رعایت نہیں ملے گی۔