Tag: قیدیوں‌ کی سزا معاف

  • سندھ : عید پر قیدیوں کی سزا معاف کرنے کا اعلان

    سندھ : عید پر قیدیوں کی سزا معاف کرنے کا اعلان

    کراچی : سندھ کی جیلوں میں قید معمولی نوعیت کے سیکڑوں قیدی اب عید الفطر اپنے گھر والوں کے ساتھ گزاریں گے، حکومت سندھ نے قیدیوں کی 4 ماہ کی سزا معاف کرنے کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عید الفطر کے موقع پر سندھ حکومت نے قیدیوں کی سزاؤں میں چار ماہ( 120 دن) کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وزیر جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے بتایا ہے کہ قیدیوں کی سزا معاف کرنے کے فیصلے سے820 قیدی مستفید ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مذکورہ معافی کا اطلاق ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، اور نہ ہی جاسوسی، دہشت گردی، ریپ اور ڈکیتی مین ملوث کے قیدی اس رعایت سے مستفید ہوسکیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کے لیے خصوصی طور پر 200 دن کی سزا میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

    جس میں پنجاب کی 43 جیلوں سے 183 قیدیوں کو رہا کر دیا گیا، سزاؤں میں کمی کا سب سے زیادہ فائدہ سینٹرل جیل لاہور اور اڈیالہ جیل کے قیدیوں کو ہوا، سینٹرل جیل لاہور سے 196 قیدی رہا کیے گئے۔

  • سندھ میں قیدیوں کی 180 دن کی سزا معافی، وزارت داخلہ نے 90 دن کی معافی کا مراسلہ جاری کر دیا

    سندھ میں قیدیوں کی 180 دن کی سزا معافی، وزارت داخلہ نے 90 دن کی معافی کا مراسلہ جاری کر دیا

    اسلام آباد: سندھ میں قیدیوں کی 180 دن کی سزا معافی کا اعلان کیا گیا ہے، اب وفاقی وزارت داخلہ نے 90 دن کی معافی کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے صوبوں کو مراسلہ جاری کیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی 90 روز کی خصوصی سزا معافی کی جائے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صدر کے اختیارات آرٹیکل 45 کے تحت قیدیوں کو 90 روز تک کی سزا معافی دی جائے، 90 روز کی سزا معافی کی پالیسی کا اطلاق عمر قید کے ملزمان پر بھی ہوگا، تاہم غداری، ریاست مخالف اقدامات، فرقہ واریت کے ملزمان پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

    سندھ: قیدیوں کی 180 دن کی سزا معاف

    مالی فراڈ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مختلف جرائم میں قید ملزمان پر بھی اس پالیسی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ وزارت داخلہ نے فوری طور پر سزا معافی کی پالیسی پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    دوسری طرف سندھ حکومت نے عید الفطر کے موقع پر قیدیوں کی سزا میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے قیدیوں کی 6 مہینے کی سزا معاف کر دی ہے، جس کا اغوا، قتل، ریاست خلاف مہم جوئی اور دہشت گردی کے کیسز پر اطلاق نہیں ہوگا۔

  • سندھ: قیدیوں کی 180 دن کی سزا معاف

    سندھ: قیدیوں کی 180 دن کی سزا معاف

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالفطر کے موقع پر صوبے کے مختلف جیلوں میں سزا یافتہ قیدیوں کے لیے معافی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے قیدیوں کی 180 دن / 6 مہینے کی سزا معاف کر دی، معافی سے صوبے بھر کی جیلوں میں قید 1202 قیدیوں کو فائدہ ہوگا۔

    معافی کا اطلاق ایسے قیدیوں پر نہیں ہوگا جو سزائے موت، اغوا برائے تاوان، قتل، ریاست کے خلاف مہم جوئی اور دہشت گردی کے کیسز میں ملوث ہیں۔

    محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق جن قیدیوں کو فائدہ ہوگا، اُن میں سینٹرل جیل کے 371، حیدر آباد جیل کے 264، سکھر جیل کے 233، لاڑکانہ جیل کے 101، خیرپور جیل کے 63، میرپورخاص جیل کے 47، وومن جیل کراچی کے 8، ملیر جیل کے 88 قیدی شامل ہیں۔

    دیگر قیدیوں میں شہید بے نظیر آباد جیل کے 2، دادو، گھوٹکی، اور لاڑکانہ جیل کے ایک ایک، نارا جیل کے 13، انڈسٹریل اسکول کراچی جیل کے 1، انڈسٹریل اسکول سکھر جیل کے 1، اسپیشل وومن جیل حیدر آباد کے 3 اور اسپیشل وومن پریزن سکھر کے 4 قیدی شامل ہیں۔