Tag: قیدی فرار

  • راولاکوٹ میں جیل سے سزائے موت کے 20 قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار

    راولاکوٹ میں جیل سے سزائے موت کے 20 قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار

    راولاکوٹ: آزاد کشمیر میں ایک ڈسٹرکٹ جیل سے 20 قیدی فرار ہو گئے، جن میں سے ایک قیدی پولیس فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولاکوٹ شہر میں ڈسٹرکٹ جیل سے بیس قیدی پولیس اہلکار کو یرغمال بنا کر فرار ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک قیدی ہلاک ہو گیا، فرار ہونے والوں میں انتہائی خطرناک قیدی بھی شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرورملزمان میں زیادہ تر سزائے موت کے قیدی شامل ہیں، جنھیں دوبارہ پکڑنے کے لیے شہر کے اطراف ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

    ایس ایس پی راولاکوٹ کے مطابق ہلاک ہونے والا قیدی خیام منشیات کے کیس میں گرفتار تھا، واقعے پر ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ کے عملے کو گرفتار کر کے سٹی تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے، جب کہ ڈسٹرکٹ جیل کا انتظام بھی راولاکوٹ پولیس نے سنبھال لیا ہے۔

    واقعے کے بعد کمشنر، ڈی آئی جی اور پولیس کی بھاری نفری جیل میں پہنچ گئی تھی۔ پولیس نے ڈسٹرکٹ جیل سے فرار قیدیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے، بتایا گیا ہے کہ 19 قیدی فرار ہوئے جب کہ ایک قیدی گولی لگنے سے ہلاک ہوا۔

  • ہیٹی: مسلح گروہوں کے جیل پر حملے میں 4 ہزار قیدی فرار

    ہیٹی: مسلح گروہوں کے جیل پر حملے میں 4 ہزار قیدی فرار

    کیریبین ملک ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کی مرکزی جیل پر مسلح گروہوں نے حملہ کردیا، اس دوران افرا تفری مچ گئی اور جیل سے 4 ہزار قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جیل سے فرار ہونے والے ملزمان میں گینگ کے وہ ارکان بھی شامل ہیں جن پر 2021 میں صدر جوونیل مویس کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    کیریبین ملک ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں حالیہ تشدد میں اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب وزیراعظم ایریل ہنری نے کینیا کی زیر قیادت ملٹی نیشنل سیکیورٹی فورس کو ہیٹی بھیجنے پر بات چیت کے لیے نیروبی کا سفر کیا۔

    وزیراعظم ایریل ہنری کے کینیا کے دورے پر ’پورٹ او پرنس‘ کے گینگ لیڈر جمی چیریزیر نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے ایک مربوط حملے کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔

    جیل پر حملے کے دوران فائرنگ میں 4 پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے، ہیٹی میں فرانسیسی سفارت خانے نے شہریوں کو دارالحکومت اور اس کے آس پاس سفر نہ کرنے کا کہا ہے۔

    پل سے نیچے لٹکتی خاتون ڈرائیور کو فلمی اندز میں ریسکیو کرلیا گیا، ویڈیو

    اپنے تمام افسران سے ہیٹی پولیس نے درخواست کی ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مدد فراہم کریں، اگر حملہ آور کامیاب ہوگئے تو شہر میں مزید ڈاکو بڑھ جائیں گے جس سے ہر کسی کی زندگی کو خطرے میں پڑ جائے گی۔

  • سجاول سب جیل کی سیکیورٹی پر مامور تمام عملہ غفلت برتنے پر معطل

    سجاول سب جیل کی سیکیورٹی پر مامور تمام عملہ غفلت برتنے پر معطل

    سجاول: صوبہ سندھ کے شہر سجاول کی سب جیل کی سیکیورٹی پر مامور تمام عملے کو غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سجاول میں جیوڈیشل سب جیل سے مختلف جرائم میں ملوث 3 خطرناک قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، جس پر محکمہ جیل خانہ جات نے کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی پر مامور تمام عملے کو غفلت برتنے پر معطل کر دیا۔

    سب جیلر مشتاق سعید کا کہنا ہے کہ قیدی جوڈیشل سب جیل کے بیرک نمبر 3 سے فرار ہوئے ہیں، ان میں رفیق مینگل، بلاول چانڈیو، ستار منگنہار شامل ہیں، جن کے فرار کی خبر آے آر وائی نیوز پر نشر ہونے کے بعد ایس ایس پی شہلا قریشی نے نوٹس لیا۔

    شہلا قریشی کے مطابق قیدیوں کے فرار پر محکمانہ انکوائری کی جا رہی ہے، انکوائری رپورٹ کے بعد عملے کے خلاف کارروائی ہوگی، اور فرار قیدیوں کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ تینوں مفرور قیدی چوری اور منشیات سمیت دیگر جرائم میں ملوث تھے۔

  • قیدی چھلاوا بن گیا، جیل سے با آسانی فرار کی ویڈیو سامنے آگئی

    قیدی چھلاوا بن گیا، جیل سے با آسانی فرار کی ویڈیو سامنے آگئی

    امریکا کی جیل میں اپنی گرل فرینڈ کے قتل میں ملوث قیدی انتہائی مہارت کے ساتھ جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق امریکی جیل میں قید ایک قاتل جسے جیل حکام نے ’انتہائی خطرناک‘ قرار دیا تھا، جیل سے بغیر کسی مزاحمت کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جیل حکام نے اس کے فرار ہونے کے طریقے کے بارے میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    ریاستی فوجیوں کے مطابق 34 سالہ ڈینیلو سوزا کیولکانٹی اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے جرم میں قید تھا، جس کے باعث عمر قید کی سزا بھگت رہا تھا۔

    کیولکانٹی ایک ہفتہ قبل چیسٹر کاؤنٹی جیل سے انتہائی مہارت کے ساتھ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جمعرات کو چیسٹر کاؤنٹی کی پولیس نے جیل کے اندر موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو دکھائی جس میں اس کے فرار ہونے کے مناظر موجود تھے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیل میں موجود فورسز کی لاعلمی میں کیولکانٹی دو قریبی دیواروں کے پاس گیا اور آسانی اور مہارت کے ساتھ ان پر چڑھ گیا۔

    پنسلوانیا اسٹیٹ پولیس کے مطابق مجرم کو پکڑنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کررہے ہیں، مفرور کو پکڑنے کے طریقوں میں اس کی ماں کی آواز کی ریکارڈنگ چلانے کا طریقہ بھی شامل ہے۔ اس آواز کے ذریعہ اس سے پرامن طریقے سے ہتھیار ڈالنے کا کہا جائے گا۔

    واضح رہے کہ مجرم ”کیولکانٹی“ نے 16 اگست کو اپنی سابق گرل فرینڈ کو بے رحمی سے قتل کردیا تھا، جس کے باعث اسے عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

  • چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

    چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار

    چمن: بلوچستان کے شہر چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، 17 خطرناک قیدی فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں قیدیوں نے سب جیل توڑ دی، سنگین جرائم میں ملوث سترہ خطرناک قیدی فرار ہو گئے ہیں، قیدیوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق فجر کی نماز کے لیے بیرک سے نکالے گئے قیدیوں نے پولیس سے اسلحہ چھین کر فائرنگ شروع کر دی، قیدیوں نے فائرنگ کر کے ایک اہلکار کو زخمی کر دیا، جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک قیدی مارا گیا اور 2 زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر کوئٹہ منتقل کیا گیا جب کہ قیدیوں کو طبی امداد کے لیے چمن ڈی ایچ کیو اسپتال لے جایا گیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد نعیم اچکزئی نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ آج صبح پولیس نے قیدیوں کو فجر کی نماز کے لیے بیرک سے باہر نکالا، اس دوران چند قیدیوں نے ڈیوٹی پر موجود اہلکار کو ڈنڈوں سے مار کر بے ہوش کیا، اور اہلکار سے اسلحہ چھین کر دوسرے اہلکار پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس سب جیل پر صرف 2 اہلکار تعینات تھے جب کہ جیل میں 300 سے زائد قیدی موجود ہیں، پولیس نے قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

  • زلزلے کا فائدہ اٹھا کر داعش کے 20 قیدی فرار

    زلزلے کا فائدہ اٹھا کر داعش کے 20 قیدی فرار

    دمشق: شام میں زلزلے کے بعد داعش کے کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمال مغربی شام کی جیل سے پیر کو تباہ کن زلزلے کے بعد قیدیوں نے بغاوت کر دی اور کم از کم 20 قیدی جیل سے فرار ہو گئے۔

    اے ایف پی کے مطابق ترکیہ کی سرحد کے قریب راجو نامی قصبے میں موجود ملٹری پولیس کی جیل میں تقریباً دو ہزار قیدی تھے، جن میں 13 سو کے قریب مبینہ طور پر داعش کے جنگجو تھے۔

    جیل اہل کار نے بتایا کہ زلزلہ آنے کے بعد قیدیوں نے کچھ حصوں پر قبضہ کر لیا، اور پھر کچھ قیدی فرار ہو گئے۔

    شام اور ترکی میں 7.8 شدت کے زلزلے اور درجنوں آفٹر شاکس سے جیل کو نقصان پہنچا ہے، اور اس کی دیواروں اور دروازوں میں شگاف پڑ گئے ہیں۔

    برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا قیدی فرار ہو گئے ہیں، لیکن اس نے جیل میں بغاوت کی تصدیق کی۔

  • بغداد کی جیل سے 15 انتہائی مطلوب قیدی فرار، 8 گرفتار

    بغداد کی جیل سے 15 انتہائی مطلوب قیدی فرار، 8 گرفتار

    بغدا د:عراقی وزارت داخلہ نے کہاہے کہ بغداد کے ایک پولیس اسٹیشن سے فرار ہونے والے افراد میں سے آٹھ کو پکڑ لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل سعد معن نے کہاکہ القنات پولیس اسٹیشن کی جیل سے 15 افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

    عراقی میڈیا نے ایک وڈیو نشر کی ہے جس میں مذکورہ افراد کے فرار کا منظر نظر آ رہا ہے، فرار کی کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن کی حفاظتی فورس کے ساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی اور اسٹیشن بنا پہرے کے نظر آیا۔فرارہونے والے تمام افراد کو منشیات سے متعلق مقدمات کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔

    عراقی وزیر داخلہ یاسین الیاسری نے جیل سے فرار ہونے کے واقعے کے بعد تین ذمے داران کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ ان میں بغداد پولیس کے سربراہ ، الرصافہ ضلع کے پولیس ڈائریکٹر اور باب الشیخ علاقے کے پولیس سربراہ شامل ہیں۔

    الیاسری نے مذکورہ ذمے داران، القنات پولیس اسٹیشن کے پولیس افسران اور ان تمام اہل کاروں کو وزارت داخلہ کے صدر دفتر میں زیر حراست رکھنے کا فیصلہ بھی کیا جو اس واقعے کے دوران فرائض کی انجام دہی کے ذمے دار تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فرار کے واقعے کے فوری بعد بغداد میں سخت ناکا بندی کر دی گئی اور مفرور افراد کو پکڑنے کے لیے وسیع پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئیں۔

    دنیا بھر میں بدعنوان ترین ممالک کی فہرست میں 12 ویں پوزیشن رکھنے والے عراق میں جیلوں کی سیکورٹی ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔سال 2003 میں عراق پر امریکی حملے کے بعد گزرے کئی برسوں کے دوران القاعدہ کے سیکڑوں جنگجو جیلوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ان میں تنظیم کے غیر ملکی ارکان بھی شامل ہیں۔