Tag: قیدی

  • امریکا: قیدی 28 سال بعد بے گناہ قرار

    امریکا: قیدی 28 سال بعد بے گناہ قرار

    واشنگٹن: امریکا میں ایک شخص کو عدالت نے 28 سال بعد بے گناہ قرار دے کر رہا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میسوری میں لامر جانسن نامی شہری نے بے گناہ ہوتے ہوئے اٹھائیس سال جیل میں گزارے، آخرکار عدالت نے انھیں باعزت طور پر بری کر دیا۔

    جانسن لامر کو قتل کے جرم میں قید کی سزا دی گئی تھی، انھیں 1994 میں مارکس بوائیڈ نامی شہری کے قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکتوبر 1994 میں جانسن کے گھر کے سامنے والے پورچ پر 2 نقاب پوشوں نے فائرنگ کر کے مارکس بوائیڈ کو قتل کر دیا تھا، جس کے بعد جانسن کو گرفتار کیا گیا۔

    جانسن نے اپنے دفاع میں بارہا کہا کہ جب حملہ ہوا تو وہ گھر پر نہیں تھے، تاہم عدالت میں انھیں قاتل تسلیم کیا گیا، اب ایک اور قیدی نے اعتراف کر لیا ہے کہ اس نے فل کیمپبل نامی شخص کے ساتھ مل کر بوائیڈ کو گولی ماری تھی۔

    اس اعتراف کے بعد ہی جانس کے رہا ہونے کی راہ ہموار ہوئی، سماعت کے بعد جج ڈیوڈ میسن نے فیصلے میں کہا کہ 50 سالہ لامر جانسن کو شواہد کی بنیاد پر بے قصور پایا گیا، عدالت نے انھیں منگل کو سینٹ لوئس کے کمرہ عدالت سے باعزت طور پر رہا کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق اٹارنی کم گارڈنر نے گزشتہ برس ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں جانسن کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ منگل کی سماعت کے بعد لامر جانسن کی قانونی ٹیم نے ریاست کے اٹارنی جنرل کے دفتر پر انھیں اتنے سالوں تک جیل میں رکھنے پر تنقید کی۔

  • قیدی جیل کا ٹوائلٹ توڑ کر فرار

    قیدی جیل کا ٹوائلٹ توڑ کر فرار

    بیلجیئم میں گرفتار ہونے والا ایک ملزم تھوڑی دیر بعد ہی جیل کا ٹوائلٹ توڑ کر فرار ہوگیا، قیدی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بیلجیئم کے شہر برسلز میں 25 سالہ شخص گرفتاری کے چند گھنٹے بعد ہی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، اس نے دیوار کے ساتھ نصب ٹوائلٹ توڑا اور سیوریج کا سورخ بڑا کر کے فرار ہو گیا۔

    برسلز پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم نے سیوریج ہول کو توڑ کر صرف اتنا ہی سوراخ بڑا کیا، جتنا کہ اے فور سائز کا پیپر ہوتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق اس سوراخ کے ذریعے اس قیدی نے جیل میں موجود زیر زمین راہداری تک رسائی حاصل کی، جہاں وہ ایک کھڑکی سے باہر سڑک تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔

    اس واقعے کے وقت حراستی سیل میں موجود سیکیورٹی کیمرے کام نہیں کر رہے تھے۔

    مشتبہ شخص قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور منشیات سے متعلق الزامات میں ویسٹ فلینڈرز پراسیکیوٹر کے دفتر کو مطلوب تھا۔

    اس شخص کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کے حکم کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں رواں ہفتے پیر کے روز گرفتار کیا گیا تھا، جس کے چند گھنٹے بعد ہی وہ جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • قیدی واش روم جانے کا  چکمہ دے کر  لاک اپ سے  فرار

    قیدی واش روم جانے کا چکمہ دے کر لاک اپ سے فرار

    جعفرآباد : صوبہ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں قیدی واش روم جانے کا چکمہ دے کر فرار ہو گیا، قیدی زاہد حسین خود پولیس ملازم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں قیدی کے فرار ہونے کا دلچسپ واقعہ پیش آیا ، جہاں سٹی پولیس تھانہ گنداواہ کے لاک اپ سے قیدی فرار ہوگیا، مبینہ طورپر قیدی واش روم جانے کا چکمہ دے کر فرار ہوا۔

    ذرائع نے بتایا کہ قیدی زاہد حسین خود پولیس ملازم ہے۔

    یاد رہے رواں سال اپریل میں سروسز ہسپتال میں زیر علاج قیدی واش روم کے راستہ فرار ہوگئے تھے،قیدی کو علاج معالجہ کے لئے سروسز ہسپتال داخل کروایا گیا تھا۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ سزا یافتہ مفرور قیدی منشیات فروشی کے کیس میں میڈیکل 2 وارڈ زیر علاج تھا۔

  • خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل سے فرار

    خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل سے فرار

    جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں ایک خطرناک قیدی خاتون کا حلیہ بنا کر جیل کے محافظوں کے سامنے سے نہایت آسانی سے گزرا اور جیل سے فرار ہوگیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں گزشتہ دنوں ایک خطرناک قیدی کے جیل سے فرار ہونے کی خبر سامنے آئی تھی، جو اس لیے دلچسپی کا باعث بنا کہ فرار ہونے والا مجرم خاتون جیسا حلیہ بدل کر گارڈز کے سامنے سے پیدل چلتے ہوئے جیل سے نکلا۔

    اس کے اس اقدام پر اسے گوردیٹو لینڈو (کیوٹ فیٹی) کی عرفیت دی گئی۔

    روٹیلا کرائم گینگ کے سرغنہ سیزر اورٹز کے پیراگوئے کی جیل کے مرکزی گیٹ سے چلتے ہوئے نکلنے کی اطلاع سامنے آئی تو حکام دم بخود رہ گئے۔

    اس حوالے سے تصاویر کے مطابق اس نے لمبے بالوں والی وگ، آئی لیشز، لپ اسٹک، فنگر نیلز اور خواتین کے مخصوص لباس کا استعمال کیا۔

    ہوا یوں کہ ایک خاتون جب اس سے ملنے کے لیے اس کے پرائیوٹ کمرے میں آئیں تو یہ اس کے ساتھ نظر آیا، بعد ازاں یہ خاتون جیسا حلیہ بدل کر باآسانی باہر نکل گیا۔

    تاہم اس کے فرار کا یہ منصوبہ چند گھنٹوں پر ہی محیط رہا اور پولیس نے اسے دوبارہ پکڑ کر مزید محفوظ قید خانے میں منتقل کردیا۔

    سیزر اورٹز لوگوں پر جسمانی حملے اور ڈکیتی جیسے جرائم پر قید کی سزا کاٹ رہا ہے، تاہم اب اس کی سزا مزید بڑھ سکتی ہے۔

  • سعودی عرب: قیدیوں کی رہائی کی سہولت پیش

    سعودی عرب: قیدیوں کی رہائی کی سہولت پیش

    ریاض: سعودی عرب میں فرجت پلیٹ فارم کے ذریعے قیدیوں کی رہائی کی سہولت جاری کردی گئی، فرجت عطیات جمع کرنے کی اسکیم ہے جس سے جرمانہ ادا نہ کرنے کے قابل قیدی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان کرنل بندر الخرامی نے کہا ہے کہ فرجت پلیٹ فارم کے ذریعے قیدیوں کو واجب الادا رقم ادا کرکے رہائی کی جو سہولت دی جارہی ہے وہ غیر مشروط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جو قیدی بھی یہ شرائط پوری کرے گا اس پر واجب تمام رقم ادا ہوگی، اس کے لیے ایسی کوئی شرط نہیں کہ قیدی کے ذمے کتنے لوگوں نے کتنے مطالبات رکھے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ جو قیدی فرجت پلیٹ فارم والی شرائط پوری کر رہا ہو اسے رہائی کی رعایت ملے گی، اس سلسلے میں ادا کی جانے والی رقم کی کوئی انتہائی حد نہیں ہے۔

    کرنل بندر الخرامی نے کہا کہ مطلوبہ بل کو چیک کرنا ضروری ہے، اسے چیک کر کے ہی رقم ادا ہوگی۔ وجہ یہ ہے کہ سماجی رابطہ وسائل پر بہت سے ایسے بل ریکارڈ پر آرہے ہیں جو فرجت پلیٹ فارم پر درج نہیں ہیں۔

    یاد رہے کہ سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے قیدیوں کی رہائی اور واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے فرجت کے نام سے عطیات جمع کرنے کی ایک اسکیم قائم کی گئی ہے۔ جیلوں میں قید ایسے افراد جو جرمانے کی ادائیگی سے محروم ہیں وہ اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

    اس اقدام کا مقصد ایک ایسا آسان اور محفوظ طریقہ فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے غیر مجرمانہ اور مالی معاملات میں سزا یافتہ افراد کے ذمہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے عطیات دیے جائیں۔

  • کچہری سے قیدیوں کا فرار: 11 قیدی فرار ہوئے، قتل میں ملوث 2 دوبارہ گرفتار

    کچہری سے قیدیوں کا فرار: 11 قیدی فرار ہوئے، قتل میں ملوث 2 دوبارہ گرفتار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سخت احکامات جاری کیے ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق 11 قیدی فرار ہوئے جن میں سے 2 کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماڈل ٹاؤن کچہری سے قیدیوں کے فرار کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے قیدیوں کے فرار کے واقعے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے تادیبی کارروائی کی جائے۔

    ابتدائی رپورٹ تیار

    واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے جو وزیر اعلیٰ کو بھجوا دی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کوٹ لکھپت جیل سے 90 اور کیمپ جیل سے 76 ملزمان کو ماڈل ٹاؤن کچہری لایا گیا۔ کوٹ لکھپت سے لائے گئے ملزمان میں سے 3 اور کیمپ جیل سے لائے گئے ملزمان میں سے 8 فرار ہوئے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے بخشی خانے میں ہنگامہ آرائی کی اور بخشی خانے کی اینٹیں اکھاڑ کر پولیس پر حملہ کیا۔ بعد ازاں ملزمان بخشی خانے کا دروازہ توڑ کر فرار ہوگئے۔

    آئی جی پنجاب کا سخت ایکشن کا حکم

    دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) جی پنجاب راؤ سردار نے واقعے پر سخت ایکشن کا حکم دیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    آئی جی پنجاب نے ڈیوٹی پر معمور ذمہ داران کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری کا حکم بھی دیا ہے، آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ دوران ڈیوٹی غفلت پر کوئی بھی رعایت کا مستحق نہیں۔

    انہوں نے فرار ہونے والے قیدیوں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم بھی دیا ہے۔

    فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی جاچکی ہیں، ترجمان آپریشنز ونگ کا کہنا ہے کہ قتل اور سنگین جرائم میں ملوث 2 ملزمان کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج دوپہر میں لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں مختلف مقدمات میں جیل سے قیدیوں کو پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔

    قیدیوں کو بخشی خانے میں بند کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکار پیشیوں پر عدالتوں میں حاضر ہوئے تو سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں نے بخشی خانے کا دروازہ توڑا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

    ہنگامہ آرائی کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور فرار نہ ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ بخشی خانے میں بند کیا۔

  • لاہور: ماڈل ٹاؤن کچہری سے خطرناک مقدمات کے متعدد قیدی فرار

    لاہور: ماڈل ٹاؤن کچہری سے خطرناک مقدمات کے متعدد قیدی فرار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری سے خطرناک مقدمات کے درجن سے زائد قیدی فرار ہو گئے، قیدی سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بخشی خانے کا دروازہ توڑ کر فرار ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی ماڈل ٹاؤن کچہری میں مختلف مقدمات میں جیل سے قیدیوں کو پیشی کے لیے لایا گیا۔

    قیدیوں کو بخشی خانے میں بند کرنے کے بعد سیکیورٹی اہلکار پیشیوں پر عدالتوں میں حاضر ہوئے تو سیکیورٹی اہلکاروں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدیوں نے بخشی خانے کا دروازہ توڑا اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

    عینی شاہدین وکلا کے مطابق درجن سے زائد قیدی بخشی خانے سے فرار ہوئے۔

    ہنگامہ آرائی کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری کی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور فرار نہ ہونے والے قیدیوں کو دوبارہ بخشی خانے میں بند کیا۔

    واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش شروع کر دی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کے متعلق انکوائری شروع کر دی ہے۔

  • جیلوں میں موجود متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار

    جیلوں میں موجود متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار

    اسلام آباد: جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کیس میں وفاقی محتسب نے پیش رفت رپورٹ میں بتایا کہ متعدد قیدی کرونا وائرس کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جیلوں میں قید خواتین کی حالت زار سے متعلق از خود نوٹس کیس میں وفاقی محتسب نے آٹھویں پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروا دی، رپورٹ میں سینکڑوں کرونا کا شکار قیدی جیلوں میں قید ہونے کا انکشاف ہوا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کی جیلوں میں سب سے زیادہ 291 کرونا مثبت قیدی موجود ہیں، پختونخواہ میں 126، بلوچستان میں 80، پنجاب کی جیلوں میں 3 کرونا مثبت قیدی موجود ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے علاوہ تینوں صوبوں کی جیلوں میں استعداد سے زیادہ قیدی موجود ہیں، صوبوں میں سب سے زیادہ خواتین پنجاب کی جیلوں میں قید ہیں۔

    وفاقی محتسب نے رپورٹ میں ہر ضلع اور اسلام آباد میں جیل قائم کرنے کی تجویز دی، محتسب کی جانب سے کہا گیا کہ جیلوں میں خواتین، کمسن اور نشے کے عادی قیدیوں کے لیے الگ جگہ مختص ہونی چاہیئے۔ قیدیوں کی فلاح اور تعلیم کے لیے مناسب انتظام کیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاق اور صوبوں کے ہر ضلع میں جیلیں قائم کرنے کا کام جاری ہے، وفاق اور صوبوں نے انڈر ٹرائل قیدیوں کی قانونی امداد کے لیے کمیٹیاں قائم کر دی ہیں، قیدیوں کی تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

  • سعودی عرب: قیدیوں کے حقوق کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    سعودی عرب: قیدیوں کے حقوق کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    ریاض: سعودی عرب کی جیلوں میں موجود قیدیوں کی فلاح کے لیے نئے پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا، پروگرامز کے ذریعے سزا ختم ہونے کے بعد قیدی بہتر انداز میں زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حقوق انسان کمیشن نے قیدیوں کے حقوق کے لیے تراحم کے ساتھ مل کر 3 مفاہمتی یادداشتیں طے کرلیں، تراحم قیدیوں کے حقوق کی نگراں قومی کمیٹی کہلاتی ہے۔

    ہیومن رائٹس کمیشن اور تراحم مفاہمتی یادداشتوں کے بموجب 3 سینٹرز قائم کریں گے۔

    ایک سینٹر متبادل سزاؤں کے لیے خاص ہوگا، دوسرا قیدیوں کے ساتھ ویڈیو رابطہ جات کے امور انجام دے گا اور تیسرا سینٹر قیدیوں میں آگاہی پروگرام چلائے گا۔

    تراحم کے سیکریٹری جنرل ترکی البطی نے ہیومن رائٹس کمیشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط پر مسرت کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ان کی بدولت قیدیوں کی نگہداشت کی حکمت عملی کی راہیں متعین ہوگئی ہیں، ان کی وجہ سے قیدیوں کے حقوق کے نئے افق روشن ہوں گے۔

    البطی نے کہا کہ اب تک ہمیں قیدیوں اور ان کے اہل خانہ کے درمیان ویڈیو کالنگ کے سلسلے میں مشکلات اور محکمہ جیل خانہ جات کے ساتھ یکجہتی پیدا کرنے میں رکاوٹیں ہوتی تھیں، آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

    البطی نے توجہ دلائی کہ ہیومن رائٹس کمیشن کے ساتھ تعاون کے ذریعے قیدیوں کو متبادل سزاؤں کا مرکز اہم ثابت ہوگا۔

    آئندہ قیدیوں کی اطلاع کے لیے علمی پروگرام آسانی سے نافذ کیے جا سکیں گے، ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ قیدی سزا مکمل کر کے جیل سے باہر آئیں گے تو وہ معمول کی زندگی بہتر انداز میں گزار سکیں گے۔

  • جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    جیل سے فرار کی کوشش میں چور بری طرح پھنس گیا

    برازیل میں ایک چور جیل سے فرار ہونے کی کوشش میں ایسا پھنسا کہ پھر پولیس کو ہی اس کی مدد کرنی پڑی، چور دروازے میں سوراخ کر کے فرار کی کوشش میں وہیں پھنس گیا۔

    یہ انوکھا واقعہ برازیل کی ایک جیل میں پیش آیا جہاں ایک 18 سالہ چور نے دورازے میں سوراخ کر کے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

    تاہم وہ سوراخ میں پھنس گیا اور اس کا آدھا دھڑ ایک طرف اور بقیہ آدھا دوسری طرف ہوا میں لٹک گیا۔

    پولیس اہلکاروں نے اسے اس حالت میں دیکھا تو اس کی مدد کرنے کی کوشش کی، پہلے دروازے کو تیل لگایا گیا جبکہ اس کی ہوا میں لٹکتی ٹانگوں کے نیچے کرسی رکھی گئی۔

    بعد ازاں فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار پولیس اسٹیشن پہنچے اور دروازے کو ہائیڈرولک اوزار کی مدد سے توڑا جس کے بعد چور کو دروازے سے نجات ملی۔

    رہائی کے بعد چور کو ایک بار پھر اس کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔

    مذکورہ چور کو ایک دکان لوٹنے کے جرم میں سزا دی گئی تھی جہاں اس نے ایک گھڑی اور 48 ڈالرز چرائے تھے۔ اس پر ایک گودام میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے کا بھی الزام ہے تاہم وہاں سے وہ کچھ نہیں چرا سکا۔