Tag: قیدی

  • اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی تعداد سے متعلق حیرت انگیز انکشاف

    اڈیالہ جیل میں قیدیوں کی تعداد سے متعلق حیرت انگیز انکشاف

    اسلام آباد: اڈیالہ جیل کے قیدی خادم حسین کی طبی سہولتوں کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جیل میں قیدیوں کی تعداد کے حوالے سے حیرت انگیز انکشاف ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قیدی خادم حسین کیس کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا کہ 1500 قیدیوں کی گنجایش والی اڈیالہ جیل میں 4800 قیدی موجود ہیں۔

    سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے ہائی کورٹ میں پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ جیل پندرہ سو قیدیوں کے لیے بنائی گئی تھی، لیکن اس وقت جیل میں چار ہزار آٹھ سو قیدی موجود ہیں۔

    کیس کی سماعت کے لیے وزارتِ صحت اور وزارتِ انسانی حقوق سے نمایندہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، چیف جسٹس ہوئی کورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ میں خود اڈیالہ کا مہمان بنا تھا، وہاں کے حالات کا پتا ہے، جیل حکام کو اپنے اختیارات کا علم ہی نہیں، قیدی صرف جیل کی نہیں ریاست کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اڈیالہ جیل کے 85 سے زائد قیدی اسپتال منتقلی کے منتظر

    دریں اثنا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت انسانی حقوق اور وزارت صحت کو دوبارہ نوٹس جاری کیے اور قیدی خادم حسین کی درخواست کل ہفتے کے روز سننے کا فیصلہ کر کے مذکورہ وزارتوں سے کل 10 بجے جواب طلب کر لیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ انکشاف ہوا تھا کہ اڈیالہ جیل میں 85 سے زائد قیدی اور حوالاتی شدید بیمار ہو گئے ہیں، جیل ذرایع کا کہنا تھا کہ بیمار قیدی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں، یہ قیدی دل، گردوں، یرقان اور سانس کی تکالیف میں مبتلا ہیں، بتایا گیا تھا کہ اگر قیدیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    دوسری طرف پنجاب کی جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں نے طبی بنیاد پر لاہور ہائی کورٹ میں بھی رہائی کی درخواست دائر کی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

  • قیدیوں کی حالت زار پر ہائیکورٹ نے کمیشن قائم کردیا

    قیدیوں کی حالت زار پر ہائیکورٹ نے کمیشن قائم کردیا

    اسلام آباد:‌ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملک بھر کے قیدیوں کی حالت زار سے متعلق وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی سربراہی میں کمیشن قائم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں آنکھوں کےعلاج کیلئے سزائےموت کے قیدی کے خط پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے سماعت کی ، سماعت میں چیف جسٹس نے حکومتی جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

    چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا انسانی حقوق کا مسئلہ ہے،میں تفصیلی حکم جاری کروں گا، عدالت کی سرزنش پرسرکاری وکیل نےجواب داخل کرانے کے لئے تین دن کی مہلت مانگی، چیف جسٹس کا کہنا تھا عدالت نے جواب کرانے کا حکم دیا تھا تو سرکاری وکیل نے کہا عدالت 3 دن کا وقت دے، بعد ازاں اسلام آبادہائیکورٹ نے سماعت ملتوی کر دی۔

    بعدازاں چیف جسٹس اطہرمن اللہ نےتحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے قیدیوں کی حالت زار پروفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کی سربراہی میں کمیشن قائم کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے بعد عام قیدی کی طبی بنیاد پر ریلیف کی درخواست ، حکومتی جواب نہ آنے پر عدالت برہم

    کمیشن کو7دن کےاندرپہلی میٹنگ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے جب کہ وزارت صحت کوچاروں صوبوں میں خصوصی میڈیکل بورڈز قائم کرنے کا کہا گیا ہے۔

    عدالتی حکم کے مطابق سیکرٹری داخلہ،سیکریٹری اورسابق ڈی جی ایف آئی اےطارق کھوسہ بھی کمیشن کاحصہ ہوں گے۔

    تحریری حکمنامہ اڈیالہ کےقیدی خادم حسین کی درخواست پرجاری کیاگیا ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز سزائےموت کے قیدی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھا تھا ، قیدی خادم حسین کی جانب سےآنکھوں کےعلاج کیلئےخط لکھا ، خط میں استدعا کی تھی کہ بینائی کامسئلہ ہےعلاج کے لئےسہولت فراہم کی جائے۔

    عدالت نے خط کودرخواست میں تبدیل کرتے ہوئے حکومت سے جواب طلب کرلیا تھا۔

  • ’وزیراعظم کا عمر رسیدہ بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ‘

    ’وزیراعظم کا عمر رسیدہ بیمار قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ‘

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 65سال سے زائد عمر کے بیمار قیدیوں کورہاکرنےکافیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے لکھا کہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ 65سال سے زائد عمر کے ایسے قیدی جو بیمار ہیں اور کسی گھناؤنے جرم کے مرتکب نہیں ان کی رہائی کے لیے پالیسی بنانے ہدایت کی ہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ حکومت نے ایک ایسے پاکستان کی جانب کے ایک اور قدم بڑھایا ہے جس میں حکومت کی اولین ترجیح ملک کا کمزور طبقہ ہے۔

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے بعد عوامی حلقوں سے حکومت پر دباؤ آ رہا تھا کہ عمر رسیدہ ، بیمار اور معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث قیدیوں کی رہائی اور صحت کی کوئی ٹھوس پالیسی بنائی جائے۔

    اس حوالے سے حکام کو ملک بھر کی جیلوں میں قید بیمار اور ضعیف العمر افراد کی فہرستیں بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی رہا

    تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی رہا

    اسلام آباد: تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا گیا، قیدیوں کی رہائی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی خصوصی درخواست کے بعد عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششیں رنگ لے آئیں، تاجکستان کی جیل میں قید 2 پاکستانی اسجد محمود اور کاشف علی رہا کردیے گئے۔ دونوں پاکستانی تاجکستان کی جیل میں 5 سال کی سزا بھگت رہے تھے۔

    مذکورہ قیدیوں کے لیے وزیر خارجہ نے حالیہ دورہ تاجکستان میں تاجک ہم منصب سے سزا معافی کی درخواست کی تھی۔

    تاجکستان کے صدر کی جانب سے سزا معاف کرنے کے بعد پاکستانی قیدیوں کو دو شنبہ میں پاکستانی سفارتی عملے کے حوالے کردیا گیا۔ پاکستانیوں کی سزا معافی اور رہائی پر شاہ محمود قریشی نے تاجک حکومت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    خیال رہے کہ اسے قبل بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی درخواست پر کئی خلیجی ممالک سے پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم خلیجی ممالک میں روزگار کے لیے جانے والے ان پاکستانیوں کے لیے بے حد فکر مند تھے جو معمولی جرائم میں قید کرلیے گئے۔

    رواں برس فروری میں جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تب وزیر اعظم نے اس جانب ان کی توجہ مبذول کروائی تھی جس کے بعد سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

    مذکورہ قیدی سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید تھے، سعودی حکومت کی جانب سے باقی پاکستانی قیدیوں کے کیسز کا جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیا گیا تھا۔

    مئی میں متحدہ عرب امارات سے بھی 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ ان قیدیوں کے لیے بھی وزیر اعظم نے اماراتی ولی عہد شہزاد محمد بن زید سے درخواست کی تھی جنہوں نے فوری ان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔

    بعد ازاں رواں برس اگست میں قطر سے بھی 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا۔

  • جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں کی طبی بنیاد پر رہائی کی درخواست

    جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں کی طبی بنیاد پر رہائی کی درخواست

    لاہور: جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں نے طبی بنیاد پر رہائی کی درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نوازشریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں کی طبی بنیاد پر رہائی کی درخواست کی سماعت کی۔ لاہورہائی کورٹ نے درخواست چیف سیکریٹری پنجاب کو بھجوا دی۔ عدالت نے چیف سیکریٹری پنجاب کو درخواست پر فیصلے کی ہدایت کر دی۔

    عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ جیلوں میں 10 ہزارسے زائد قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، جیلوں میں قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولتیں میسر نہیں ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نوازشریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پرضمانت دی جائے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست ضمانت منظور

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 25 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کی تھی اور ایک کروڑ روپے کے 2ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا، نوازشریف کی ضمانت چوہدری شوگرملز کیس میں منظور کی گئی تھی۔

    میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے مکمل علاج پر کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے، ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • شہبازشریف کا رانا ثنااللہ کےلیے فائیواسٹارسہولتوں کا مطالبہ مذاق ہے، فردوس عاشق اعوان

    شہبازشریف کا رانا ثنااللہ کےلیے فائیواسٹارسہولتوں کا مطالبہ مذاق ہے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اب ادارے ظل سبحانی کی خواہشات نہیں آئین وقانون کے تابع ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کرپشن میں سزا یافتہ، منشیات فروشی پر گرفتار افراد سیاسی قیدی نہیں، یہ لوگ قوم کے مجرم ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کا رانا ثنا اللہ کے لیے فائیو اسٹار سہولتوں کا مطالبہ مذاق ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ شہباز صاحب! شہنشاہیت کے خواب سے بیدار ہوں، شہبازشریف نئے پاکستان کی حقیقت کا سامنا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں بلاتفریق قانون کا اطلاق عمل میں لایا جا رہا ہے، اب ادارے ظلِ سبحانی کی خواہشات کے نہیں آئین اور قانون کے تابع ہیں۔

    قیدی قیدی ہوتا ہے، حکومت اے یا بی کلاس کا خاتمہ کرنے آئی ہے، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جس سیاہی نے اپوزیشن کا منہ کالا کیا اس پر یہ یوم سیاہ منارہے ہیں، قیدی قیدی ہوتا ہے جیل میں‌ اے یا بی کلاس کا خاتمہ کریں‌ گے۔

  • پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کا انکشاف

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کی مختلف جیلوں میں 12 قیدیوں کے ایڈز کے مرض میں مبتلا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مختلف جیلوں میں درجنوں قیدی ہیپاٹائٹس کے مرض کا بھی شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پختونخواہ کی جیلوں میں قیدیوں کے ایڈز اور دیگر خطرناک امراض میں مبتلا ہونے کے انکشاف کے بعد خیبر پختونخواہ محکمہ جیل خانہ جات حرکت میں آگیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے قیدیوں کے 3 بیماریوں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

    حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پختونخواہ کی جیلوں میں 12 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا ہیں۔ پشاور جیل میں 3، مردان میں 2، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بنوں اور تیمر گرہ میں ایک ایک قیدی ایڈز کا شکار ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جیلوں میں مناسب سہولیات نہ ہونے سے ایڈز کے مریض قیدیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں جیلوں میں ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا 71 اور ہیپاٹائٹس بی میں مبتلا 25 قیدیوں کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پشاور سینٹرل جیل میں 29 قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہیں۔ مردان میں 12، بنوں، ہری پور اور صوابی میں 6، 6، کوہاٹ میں 5، تیمر گرہ اور ڈگر کی جیلوں میں ایک، ایک قیدی ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہے۔

  • وزارت داخلہ نے عید پر قیدیوں کی سزا میں45 سے 90 دن کی کمی کا اعلان کر دیا

    وزارت داخلہ نے عید پر قیدیوں کی سزا میں45 سے 90 دن کی کمی کا اعلان کر دیا

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے عید کے پرمسرت موقع پر پاکستان بھر کے جیلوں میں‌ قید افراد کے لیے بڑا اعلان کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے قیدیوں کی سزا میں 45 سے 90 دن کمی کا اعلان کیا گیا ہے.

    [bs-quote quote=”وزیر اعظم کی ہدایت پرصدرمملکت نے سمری کی منظوری دے دی” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان، عمران خان کی ہدایت پرصدرمملکت، عارف علوی نے سمری کی منظوری دے دی ہے.

    وزارت داخلہ نے قیدیوں کی سزا میں 45 سے 90 دن کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے.

    یاد رہے کہ 26 مئی 2019 کو حکومت پنجاب کی جانب سے جرمانہ اور دیت ادا کرنے کی مالی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کے لئے اہم اقدام اٹھایا گیا تھا.

    مزید پڑھیں: اسلام آباد : ملائشیا میں پھنسے322 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے

    مزید پڑھیں: صوبہ پنجاب کا دیت ادا نہ کرپانے والے قیدیوں کے لیے اہم قدم

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ذاتی دلچسپی سے پنجاب کی جیلوں میں قید 657 نادار اورمفلس قیدیوں کو رہائی نصیب ہوئی.

  • صوبہ پنجاب کا دیت ادا نہ کرپانے والے قیدیوں کے لیے اہم قدم

    صوبہ پنجاب کا دیت ادا نہ کرپانے والے قیدیوں کے لیے اہم قدم

    لاہور:حکومت پنجاب نے جرمانہ،دیت وغیر ادا کرنے کی مالی استطاعت نہ رکھنے والے قیدیوں کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ذاتی دلچسپی سے پنجاب کی جیلوں میں بند 657نادار اورمفلس قیدی رہائی پاکر اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں سے جرمانوں وغیر ہ کے عدم ادائیگی کی وجہ سے بند قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کردیاگیاہے۔صوبہ بھر کی  جیلوں میں 657قیدی جرمانہ،دیت وغیرہ ادا نہ کرنے کے باعث جیل کاٹنے پر مجبور تھے۔

    وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر فوری اقدامات شروع کیے اورمخیر حضرات کی طرف سے 3کروڑ82لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا اہتمام کیا گیا اور514 قیدیوں کو رہا کردیاگیا۔مزید143قیدیوں کو عید سے قبل22کروڑ30لاکھ روپے جرمانہ ادا کرکے رہاکردیا جائے گا۔

    نادار او رمفلس قیدیوں کی طرف سے جرمانے کی رقم کی ادائیگی حکومت کرے گی۔عید سے قبل پنجاب کی جیلوں سے جرمانہ ادا کرنے کی مالی استطاعت نہ رکھنے والے تمام قیدی رہا کردیئے جائیں گے اور یہ قیدی جیل سے باہر آزاد فضاؤں میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منا سکیں گے۔

    وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت دیگر طبقات کیساتھ ساتھ قیدیو ں کی فلاح و بہبود کے ایجنڈ ے پربھی عمل پیرا ہے۔صوبہ بھر کے مختلف شہروں میں گاہے بھگاہے دورے کر کے جیلوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ زمینی حقائق کے مطابق فلاحی اقدامات کیے جاسکے۔

  • وینزویلا: جیل میں بغاوت کی کوشش، 29 قیدی ہلاک

    وینزویلا: جیل میں بغاوت کی کوشش، 29 قیدی ہلاک

    کراکس: لاطینی امریکی ملک وینزویلا میں بغاوت کی کوشش نے پرتشدد شکل اختیار کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سیاسی انتشار کے شکار وینزویلا کے ایک جیل میں قیدیوں‌ کی بغاوت کا پرتشدد واقعہ پیش آیا ہے.

    اس بغاوت کے نتیجے میں‌ جیل میں صورت حال کشیدہ ہوگئی، قیدیوں کے مختلف گروہوں اور پولیس اہل کاروں‌ میں شدید تصادم ہوا.

    یہ واقعہ وینزویلا کے مغربی شہر اکاریگُوا کی ایک جیل میں پیش آیا،29 قیدیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے، خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے.

    جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق شہری حقوق کی ایک تنظیم نے بتایا کہ اس ہنگامہ آرائی کے دوران متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

    خیال رہے کہ وینزویلا کے جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھا گیا ہے، ماضی میں بھی پرتشدد واقعات پیش آچکے ہیں.

    مزید پڑھیں: وینزویلا: صدر نکولاس کی فوجی دستوں سے ملاقات، پارلیمانی عمارت کا گھیراؤ

    خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے لاطینی امریکی ملک شدید سیاسی بحران کا شکار ہے. اپوزیشن رہنما خوآن گوائیڈو نے خود کو وینزویلا کا عبوری صدر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ فوج ان کا ساتھ دے اور صدر نکولاس کو برطرف کر دے.

    عبوری صدر کو امریکی حکومت کا تعاون حاصل ہے. امریکی کی جانب سے کچھ روز قبل فوجی کارروائی کا بھی عندیہ دیا گیا تھا، وینزویلا تنازع کی وجہ سے روس اور امریکا میں بھی شدید تناؤ پایا جاتا ہے.