لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے پیراگون کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کر لی اور دس لاکھ کے مچلکے کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس ملک شہزاد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، قیصر امین بٹ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پیراگون سٹی سکینڈل میں نیب تفتیش مکمل کرچکی ہے، ملزم کی صحت ٹھیک نہیں رہتی اس لیے مکمل علاج معالجہ کی ضرورت ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ موکل قیصر امین پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور بیان ریکارڈکروادیا، چیئرمین نیب نے بھی معافی دے دی ہے اور نیب قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی معافی کے بعد درخواست گزار کو رہاجاسکتاہے۔ انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
پراسیکیوٹر نیب نے کہا قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، ان کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں۔
عدالت نے کچھ دیر کے لئے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا ، بعدازاں پیراگون کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
مزید پڑھیں : رفیق برادران ہی پیرا گون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں، قیصرامین بٹ کا عدالت میں بیان
یاد رہے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی تفتیش میں گرفتار قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے، قیصر امین بٹ نے سنسنی خیز انکشافات میں بڑے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پیراگون سوسائٹی ایل ڈی اے سے منظورشدہ نہیں، خواجہ برادران بینی فشل اونرزہیں، لین دین ک اکام ندیم ضیا کرتا تھا اور خواجہ برادران کو نقد ادائیگیاں کی جاتی تھیں۔
: قیصرامین بٹ نے عدالت کو دیئے گئے بیان میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق ہی پیرا گون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں۔
واضح رہے 14نومبر 2018 کو نیب نے پیرا گون ہاوسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو گرفتار کیا تھا، قیصر امین بٹ سندھ کے علاقہ خیر پور میں رو پوش تھے۔
خیال رہے پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی کرپشن اسکنیڈل کی تحقیقات نیب نے شروع کر رکھی ہیں اور اس کرپشن اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق ، خواجہ سلمان رفیق اور ندیم ضیاء کے نام بھی قابل ذکر ہیں ، لیکن خواجہ برادران نے عدالت عالیہ سے گرفتاری کے خوف سے حفاظتی ضمانت کرا چکے ہیں۔
آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔