Tag: قیمتوں میں اضافہ

  • اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا

    اسلام آباد: اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی منافع خوروں نے ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کر دیا ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر ہی ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانی اضافہ کر دیا ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہےکہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 177 روپے کلو مقرر کی ہے لیکن ایل پی جی 220 سے 240 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 310 روپے تک بڑھا دی گئی ہے۔

    عرفان کھوکھر نے کہا کہ ملک میں کسی جگہ سرکاری قیمت پر گیس دستیاب نہیں، اوگرا سرکاری قیمت پر گیس فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہے۔

    چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا نوٹس لیں۔

  • عرب امارات: خود ساختہ طور پر اشیا مہنگی کرنے پر لاکھوں درہم جرمانہ

    عرب امارات: خود ساختہ طور پر اشیا مہنگی کرنے پر لاکھوں درہم جرمانہ

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں حکام نے انتباہ کیا ہے کہ پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر 2 لاکھ درم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصاد نے پولٹری مصنوعات کے نرخ نامے کی پابندی نہ کرنے والے تاجروں اور درآمد کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ کیا ہے۔

    انڈوں اور مرغیوں کے نرخوں میں اضافے پر کم از کم 10 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    وزارت اقتصاد نے اپنے بیان میں کہا کہ نرخ ناموں کی دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ 2 لاکھ درہم تک کیا جاسکتا ہے، وزارت خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے جاری کرے گی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں انڈوں اور مرغیوں کے نرخ نامے کی پابندی کروانے کے لیے تفتیشی مہم چلائی جائے گی، رمضان کے دوران اور عید کے بعد 300 تفتیشی کارروائیوں کا پروگرام ہے۔

    وزارت کےم طابق تجارتی مراکز، کوآپریٹو سوسائٹیوں، مرغیوں اور انڈوں کے ڈیلروں اور پرچون کی دکانوں پر چھاپے مارے جاچکے ہیں۔

    درآمد کنندگان اور ریٹیل کے تاجروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پولٹری مصنوعات مقررہ نرخ سے زیادہ پر فروخت نہ کریں، 13 فیصد اضافے کی اجازت ہے تاہم اس سے زیادہ نرخ نہیں بڑھا سکتے اور اس کی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا۔

  • مہنگائی سرکار کے 300 روز مکمل، شہری قیمتوں کے بوجھ تلے دب گئے

    مہنگائی سرکار کے 300 روز مکمل، شہری قیمتوں کے بوجھ تلے دب گئے

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے تین سو دن مکمل ہونے پر ادارہ شماریات نے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق مہنگائی سرکار کے 300 روز مکمل ہو گئے ہیں، اور اس دوران شہری اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں کے بے انتہا بوجھ تلے پوری طرح دب چکے ہیں۔

    ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق تین سو دنوں میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1567 روپے تک مہنگا ہوا، انڈے فی درجن اوسط 169 روپے 56 پیسے مہنگے ہوئے، اور بیف فی کلو اوسط 76 روپے 28 پیسے اور مٹن 181 روپے 89 پیسے مہنگا ہوا۔

    دستاویز کے مطابق اتحادی حکومت میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 920 روپے 38 پیسے بڑھی، پیاز اوسطاً 184 روپے 51 پیسے مہنگا ہوا، لہسن کی قیمت میں اوسطاً 123 روپے 90 پیسے کا اضافہ ہوا۔

    دال چنا 88 روپے 85 پیسے، دال مسور کی فی کلو قیمت 58 روپے 35 پیسے، دال مونگ کی فی کلو قیمت میں 107 روپے 28 پیسے اضافہ ہوا۔

    اتحادی حکومت کے 300 روز میں فی کلو گھی 44 روپے 64 پیسے مہنگا ہوا، چائے 190 گرام کی قیمت میں 154 روپے 73 پیسے کا اضافہ ہوا، تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت 33 روپے 37 پیسے بڑھی، دہی کی فی کلو قیمت میں 38 روپے 81 پیسے کا اضافہ ہوا۔

    زندہ مرغی کی قیمت میں اوسطاً 121 روپے 17 پیسے کا اضافہ ہوا، چینی فی کلو 6 روپے 71 پیسے، گڑ 7 روپے 15 پیسے مہنگا ہوا، آلو کی فی کلو قیمت اوسطاً 3 روپے 66 پیسے بڑھی۔

  • 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد

    10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی۔

    وزیر صحت کا کہنا ہے کہ سیاسی کارکن ہوں، غریبوں کی خدمت میرا نصب العین ہے، غریب عوام پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں قطعاً اضافہ نہیں کریں گے، جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک میں بخار سمیت 40 سے زائد ادویات ویسے ہی نایاب ہیں، ادویہ ساز کمپنیوں نے اہم ادویات کی پیداوار روک دی ہے۔

    بخار اور درد کے لیے استعمال ہونے والی دوا مارکیٹ سے غائب ہے، یہ دوا سرکاری اسپتالوں اور میڈیسن مارکیٹ میں بھی دستیاب نہیں۔

    ذہنی تناؤ، جوڑوں کے درد، دمہ، کینسر، دل کا دورہ روکنے، پھیپھڑوں کے انفیکشن، خون پتلا کرنے والی دوا، ذیابیطس، سینے میں جلن، بلڈ پریشر، اور ہیپاٹائٹس کی ادویات مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔

    فارما سیوٹیکل مینو فیکچررز کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کی وجہ سے خام مال کی امپورٹ رک گئی ہے، سیلز ٹیکس کے باعث پیداواری لاگت میں اضافہ ہوا، جس کے ختم ہونے پر ہی دواؤں کی پیداوار ممکن ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

    ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا، بچوں کے دودھ، پتی اور مصالحہ جات کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز نے روز مرہ استعمال کی متعدد اشیا مہنگی کردیں، مختلف برانڈز کی 900 گرام چائے کی قیمت 400 روپے اضافے کے بعد 905 روپے سے بڑھ کر 1305 روپے ہوگئی۔

    ٹی وائٹنر کی قیمتوں میں 100 روپے کا اضافہ کر دیا گیا، 200 گرام چھوارے کی قیمت میں 40 روپے، بچوں کا 800 گرام دودھ کا پیکٹ 260 روپے اور 1 کلو اچار کا پیکٹ 57 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔

    100 گرام سرخ مرچ کی قیمت 84 روپے، 100 گرام گرم مصالحے کی قیمت میں 42 روپے، 50 گرام کے مختلف مصالحہ جات کی قیمت میں 50 روپے اور شہد کی 300 گرام کی بوتل میں 100 روپے اضافہ کردیا گیا۔

    دلیہ، سیریل، نوڈلز، نمکو، کسٹرڈ اور مشروبات سمیت کئی اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا طوفان آگیا

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا طوفان آگیا

    اسلام آباد: ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا طوفان آگیا، اسٹورز پر برانڈڈ چائے، دودھ، مصالحہ جات، شہد، ٹوتھ پیسٹ، شیمپو اور دیگر اشیا مہنگی ہوگئیں۔

    یوٹیلٹی اسٹورز پر 950 گرام برانڈڈ چائے کی قیمت میں 198 روپے تک اضافہ ہوگیا جس کے بعد چائے 697 روپے سے بڑھ کر 895 روپے کی ہوگئی۔

    دودھ کی قیمت 177 روپے سے بڑھا کر 197 روپے، 260 گرام شہد کے جار کی قیمت میں 310 روپے سے بڑھا کر 425 روپے اور بچوں کے خشک دودھ کی قیمت 1360 روپے سے بڑھا کر 1450 روپے کر دی گئی۔

    مختلف برانڈز کے شیمپو کی قیمتوں میں بھی 30 روپے تک کا اضافہ کردیا گیا۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی قیمتوں میں ردو بدل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، اضافی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کرنے والوں کیلئے نئی مشکل

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر خریداری کرنے والوں کیلئے نئی مشکل

    اسلام آباد : یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ ،ڈیش واش اور ماچس و دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ، مصالحہ جات،ٹوتھ پیسٹ ،ڈیش واش،ماچس ودیگراشیا کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

    اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے اور اضافے ک اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایک کلو مکس اچارکی قیمت میں55روپےاضافہ کیا گیا ، جس کے بعد مکس اچارکی فی کلوقیمت278سےبڑھ کر 333 روپے ہوگئی۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر مکس مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا جبکہ ماچس کےپیکٹ میں بھی 10روپے تک اضافہ کردیا ، جس کے بعد ماچس کا پیکٹ 40 روپے سےبڑھ کر50 روپے ہوگیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق برتن دھونے والے سپونج کی قیمت میں66 روپے اضافہ اور ٹشو پیپر173سے بڑھ کر198 روپے کا ڈبہ ہوگیا۔

    نوٹیفکیشن نے کہا کہ برانڈڈ ٹوتھ برش کی قیمت میں20 روپے تک کا اضافہ ہوا اور قیمت 97 روپے سے بڑھ کر 117 روپے کی ہوگئی۔

  • ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

    ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ

    واشنگٹن: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، سیکریٹری خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر بھی شامل تھے۔

    میٹنگ کے بعد وفاقی وزیر خزانہ نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے، مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی میٹنگ میں سبسڈی ختم کرنے پر رضا مندی ظاہر کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام ڈی ریل ہوچکا تھا جسے ٹریک پر واپس لائیں گے۔

    بعد ازاں وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کیا، انہوں نے پاکستان میں نئی حکومت کے اقتصادی ایجنڈے پر روشنی ڈالی۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالیاتی استحکام لانا اور کاروبار دوست ماحول پیدا کرنا ہے، حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے مرحلہ وار اقدامات کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ فن ٹیک اور ڈیجیٹل معیشت کو مزید سہولت فراہم کی جائے گی، پاکستان اور امریکا کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی شراکت داری ہے۔

  • یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹا کی قیمت میں بڑا اضافہ

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، گھی اور آٹا کی قیمت میں بڑا اضافہ

    اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے 3 اشیائے خورد و نوش مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں چینی، گھی اور آٹے کی نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے چینی، گھی اور آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے، اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت میں 17 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

    گھی کی قیمت میں 90 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، جب کہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 150 روپے، اور دس کلو تھیلے کی قیمت میں 75 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے سے بڑھا کر 85 روپے مقرر کی گئی ہے، 170 روپے والے فی کلو گھی کی قیمت میں 90 روپے اضافے کے بعد گھی فی کلو اب 260 روپے دستیاب ہوگا۔

    20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے کے اضافے ساتھ اب 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 کی بجائے 950 میں ملے گا، جب کہ آٹے کا دس کلو کا تھیلا 400 روپے سے بڑھا کر 475 روپے فی کلو کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب میں ماسک کی قلت، قیمتوں میں اضافہ

    سعودی عرب میں ماسک کی قلت، قیمتوں میں اضافہ

    ریاض: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سعودی عرب میں ماسک کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ بعض مقامات پر اس کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد طبی ماسک کی قلت پیدا ہوگئی ہے جبکہ قیمتوں میں اضافہ بھی ہوگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق فارمیسیوں اور دکانوں میں شیلف حفاظتی ماسک سے خالی پڑے ہیں، بعض دکانوں اور فارمیسیوں میں یہ بورڈ بھی چسپاں کردیا گیا ہے کہ ہمارے یہاں حفاظتی ماسک ختم ہوچکے ہیں۔

    دکانداروں کا کہنا ہے کہ حفاظتی ماسک کا ذخیرہ ختم ہوگیا ہے، فی الوقت مارکیٹ میں جو ماسک دستیاب ہیں وہ مہنگے ہیں۔

    ایک دکاندار 35 ریال میں ماسک کا ایک پیکٹ فروخت کرتے ہوئے یہ بھی کہہ رہا تھا کہ دوسری دکانوں پر یہی پیکٹ 50 ریال سے کم میں نہیں ملے گا۔

    ایک فارماسسٹ کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں ماسک کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے البتہ این 95 ماسک دستیاب ہیں، ان کی قیمت 150 سے 200 ریال کے درمیان ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ میرا مشورہ ہوگا کہ عام لوگ یہ ماسک نہ خریدیں، یہ عام لوگوں کے لیے نہیں بلکہ ڈاکٹروں اور خصوصی طبی عملے کے لیے ہیں، عام آدمی کو اس طرح کے ماسک استعمال کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

    ایک اور فارمیسی نے ایسے حفاظتی ماسک دکھائے جن پر خوبصورت نقوش بنے ہوئے تھے، اس کی قیمت 15 تا 30 ریال بتائی گئی۔ ایک اور فارمیسی پر 5 ماسک 10 ریال میں بیچے جارہے ہیں۔

    کئی صارفین نے تاجروں پر الزام لگایا کہ وہ من مانی قیمت کے لیے ماسک مارکیٹ پر اجارہ داری کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ایک شہری کا کہنا تھا کہ اسے ایک دکان سے ماسک کا کارٹن 40 ریال میں مل گیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہر ایک اس سلسلے میں من مانی کررہا ہے۔