Tag: قیمتی پتھر

  • سعودی بچے کو کھیلتے ہوئے لاکھوں ریال مالیت کے قیمتی پتھر مل گئے

    سعودی بچے کو کھیلتے ہوئے لاکھوں ریال مالیت کے قیمتی پتھر مل گئے

    ریاض: سعودی عرب میں ایک کم عمر بچے کو ساحل پر کھیلتے ہوئے قیمتی پتھر مل گئے جن کی مالیت لاکھوں ریال ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق تبوک کے علاقے الوجہ کے جنوبی سمندری ساحل پر ایک بچے کو کھیلتے ہوئے قیمتی عنبر مل گیا جس کا وزن 15 کلو ہے۔

    محمود ابو سالم کے مطابق ان کے بیٹے عبد الرحمٰن کو سمندری ساحل سے تیرتا ہوا قیمتی عنبر ملا ہے جو پتھروں سے مشابہہ ہے، اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہیں جو 3 رنگوں سیاہ، سرمئی اور سرخ رنگ کے ہیں۔

    انہوں نے جب ان ٹکڑوں کے بارے میں تحقیق شروع کی تو انہیں پتہ چلا کہ یہ قیمتی عنبر کے ٹکڑے ہیں۔

    والد کا مزید کہنا تھا کہ وہ عنبر کو تاجروں کے پاس بیچنے کے لیے لے گئے تھے جنہوں نے اس کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

    مارکیٹ میں سرخ عنبر کی قیمت 170 ہزار ریال فی کلو ہے، مٹیالے رنگ کے عنبر کی قیمت 145 ہزار ریال فی کلو اور سیاہ رنگ کا عنبر 110 ہزار ریال فی کلو ہے۔

  • آئرلینڈ کے ایک قلعے میں موجود جادوئی صفت والا پتھر

    آئرلینڈ کے ایک قلعے میں موجود جادوئی صفت والا پتھر

    آئر لینڈ میں واقع ایک قلعے میں نصب ایک پتّھر سے ایک جادُوئی صفت منسوب کی جاتی ہے۔ وہ یہ کہ جو بھی اُس پتّھر کو چُوم لے، اس کی زبان میں بَلا کی تاثیر، فَصاحت و بلاغت پیدا ہو جاتی ہے۔

    روایتوں کے مطابق شاہ رابرٹ بروس نے 1314 عیسوی میں کارمک میکّارتھی کو تحفے میں یہ پتھر دیا تھا اور پھر سن 1446 عیسوی میں قلعے کے ایک بُرج میں نصب کِیا گیا۔

    اَنگریزی میں جب کسی کو فَصیح و بلیغ کہنا ہوتا تو یوں کہتے کہ وہ تو ایسی عمدگی سے کَلام کرتا ہے کہ لگتا ہے اس نے بلیرنی پتّھر کو چُوم رکھا ہو۔

    He seems to have kissed the blarney stone , that’s why he talks so impressively

    یہ بالکل ایسے ہی ہے کہ جیسے ہم کہتے ہیں کہ اُس کی زبان تو میرٹھ کی قَینچی کی طرح چلتی ہے۔

    (تفہیمِ محاورہ ہائے زبانِ فرنگیہ از شِبلی)

  • مرجان: وہ پتھر جس کا ذکر قرآن اور دیگر آسمانی صحیفوں میں بھی ملتا ہے

    مرجان: وہ پتھر جس کا ذکر قرآن اور دیگر آسمانی صحیفوں میں بھی ملتا ہے

    قرآن میں جن نہایت عمدہ اور خوب صورت اشیا کا ذکر ملتا ہے ان میں سے ایک مرجان بھی ہے جسے بیش قیمت پتھر کہہ سکتے ہیں۔ توریت اور انجیل جیسی آسمانی کتب میں بھی اس پتھر کا ذکر آیا ہے۔

    کہتے ہیں ایک زمانے میں فلسطین کا شہر طائر اس پتھر کی تجارت کے لیے شہرت رکھتا تھا۔ اس کے حصول کے لیے بحرِ روم، بحرِ قلزم اور ہند ایک زمانے میں مشہور تھے۔ بیش قیمت اور نادر پتھروں کے علاوہ خوب صورت اور جاذبِ نظر پتھروں سے بھی زمانۂ قدیم میں بادشاہ اور امرا اپنے تخت و تاج مزین کرتے اور گھروں میں ان کا استعمال کیا جاتا تھا۔

    اس حوالے سے ماہر کاری گروں کی خدمات حاصل کی جاتی تھیں جو اس پتھر کی تراش خراش کے ساتھ اسے مہارت سے جڑنے کا کام کرتے اور اس کی قیمت کے ساتھ اپنے کام میں نفاست اور چابک دستی کی داد بھی پاتے تھے۔ اس سے زیورات تیار کرنے کے علاوہ نشست و پلنگ اور شاہانِ وقت کے زیرِ استعمال دیگر مصنوعات میں جڑا جاتا تھا۔

    یہ مختلف رنگوں کا ہوتا ہے۔ گہرا سرخ رنگ کا مرجان عمدہ و نفیس سمجھا جاتا ہے جب کہ گلابی، سفید اور دیگر رنگوں میں بھی مرجان پایا جاتا ہے۔ اس نگینے سے متعلق جہاں مستند مذہبی حوالے ملتے ہیں، وہیں اس کے بارے میں عجیب و غریب باتیں اور قصے بھی مشہور ہیں۔ یہ قدیم زمانے سے ہی داستانوں کا حصّہ رہا ہے اور اس سے پراسرار باتیں بھی منسوب کی جاتی ہیں۔ تاہم مسلمانوں کے نزدیک یہ اس لیے پاکیزہ و مقدس ہے کہ قرآن میں اس کا ذکر کیا گیا ہے۔

    مرجان کو اس کے خواص اور اس کے بعض اوصاف کی وجہ سے طبیب اور حکما نے مفید بھی بتایا اور کہتے ہیں کہ زمانۂ قدیم میں اسے مختلف امراض میں استعمال بھی کیا جاتا تھا۔

    طبِ یونانی میں خاص طور پر مرجان کو مفید بتایا گیا ہے اور اس حوالے سے کتب میں اس پتھر کے خواص اور امراض سے متعلق ذکر ملتا ہے۔

    طبِ یونانی میں مرجان کو جلا کر اس کی راکھ کو مخصوص طریقے سے بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی جاتی تھی۔

  • دنیاکا سب سے وزنی نیلا ڈائمنڈ  57 ملین ڈالر  میں فروخت

    دنیاکا سب سے وزنی نیلا ڈائمنڈ 57 ملین ڈالر میں فروخت

    جنیوا: کان کنی کے ٹائیکون "فلپ اوپن ہیمر” کی زیرِ ملکیت اب تک کے سب سے وزنی،قیمتی اور مہارت سے تراشے ہوئے "شاندار نیلے ڈائمنڈ” کو ریکارڈ قیمت 57 ملین ڈالر میں نیلام کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلپ اوپن ہیمر جو کان کنی کی دنیا کے ٹائیکون سمجھے جاتے ہیں 1995 میں انتقال کر گئے تھے،اُن کے انتقال کے بعد ان کے زیر ملکیت نایاب و کمیاب اور اب تک نکالے گئے سب سے بڑے و وزنی شفاف و چمکدار نیلے رنگ کے ہیرے کو نیلام کردیا گیا،ہیرہ 15 قیرات کا تھا۔

    محض 20 منٹ میں دنیا کےمہنگا ترین، اور مہارت و صفائی سے تراشے گئے ہیرے کی نیلامی مکمل ہو گئی،نیلامی کے وقت ہال میں 500 سے زائد افراد موجود تھے۔

     نیلامی کی تقریب سے ماہرین نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آج کی ہونے والی نیلامی میںممکنہ طور پر ہانگ کانگ کے ارب پتیکا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا جس نے 48 ملین ڈالر کی مالیت کا کم یاب ہیرا خرید کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

    اس سے قبل منفرد ’’فینسی پنک ڈائمنڈ‘‘ ہیرا 31 ملین ڈالر میں فروخت ہوا تھا،جس پر ہیرا فروخت کرنے والے ’’کورا انٹرنیشنل‘‘ کے صدر نے اطمینان ک اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ ایک قیمتی ہیرا خریدتے ہیں تو اس کی بھاری قیمت ادا کرتے ہیں مگر آپ کو معلوم ہوتا ہے کہ جب آپ اسے فروخت کرنے جارہے ہوں گے کہ تو اس سے زیادہ کمائیں گے۔

    حال میں نایاب ہیروں کی ریکارڈ قیمتوں میں فروخت سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ قیمتی ہیروں کو نہ صرف پسند کرتے ہیں بلکہ اس کے حصول کے لیے بھاری رقوم تک دینے کے لیے تیار رہتے ہیں، جس کے باعث یہ ’’انڈسٹری‘‘ تیزی سے ترقی کے منازل طے کر رہی ہے۔

    اس موقع پر کان کنی سے منسلک ادارے اور قیمتی پتھروں کے تاجر، قیمتی پتھروں کی بڑھتی مقبولیت اور ان سے حاصل ہونے ریکارڈ قیمت پر مسرت کا اظہار کررہے تھے،جب کہ خریدار اپنے ذوق کی تسکین پر نہال نظر آرہے تھے۔