Tag: قیمتی گھڑی

  • توشہ خانہ کیس: نیب کی تفتیشی ٹیم تحقیقات کے لیے دبئی پہنچ گئی

    توشہ خانہ کیس: نیب کی تفتیشی ٹیم تحقیقات کے لیے دبئی پہنچ گئی

    اسلام آباد: عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کے لیے نیب کی تفتیشی ٹیم دبئی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب ڈائریکٹر رضوان احمد کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم دبئی پہنچ گئی ہے، یہ ٹیم سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں نیب ٹیم نے قیمتی گھڑی کی فروخت سے متعلق اہم معلومات اکٹھی کر لی ہیں، نیب ٹیم نے تحفے کی گھڑی خریدنے کے دعوے دار عمر فاروق کے گھر کا بھی دورہ کیا۔ نیب کی ٹیم نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے اور کچھ دکانوں کا بھی دورہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو گراف کعبہ ایڈیشن گھڑی اور دیگر تحائف کی فروخت کی تحقیقات کر رہا ہے، یہ گھڑی سعودی ولئ عہد نے عمران خان کو تحفے میں دی تھی۔

    توشہ خانہ کیس : عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے

    واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے عمران خان کو کل طلب کر رکھا ہے۔

  • یو اے ای میں 8.3 ملین درہم مالیت کی گھڑیاں چوری کرنے والا بھارتی گرفتار

    یو اے ای میں 8.3 ملین درہم مالیت کی گھڑیاں چوری کرنے والا بھارتی گرفتار

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں 8.3 ملین درہم مالیت کی گھڑیاں چوری کرنے والا بھارتی ملازم گرفتار ہوگیا۔

    اماراتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں بھارتی شہری جس جیولری شاپ میں ملازمت کرتا تھا وہیں سے اس نے مبینہ طور پر 86 کے قریب قیمتی گھڑیاں چرائیں جس کی مالیت لگ بھگ 8.3 ملین درہم بنتی ہے۔

    پولیس نے 26 سالہ بھارتی شہری کو متحدہ عرب امارات کی عدالت میں پیش کردیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیمتی گھڑیوں کی چوری میں دو پاکستانیوں کے ملوث ہونے کا بھی الزام ہیں جو دبئی سے فرار ہوچکے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔ دبئی کی عدالت میں جیولری شاپ کے مالک کا کہنا تھا کہ ملزم چال بازی سے دکان سے گھڑیاں چراتا تھا۔

    دکان مالک نے بتایا کہ 25 دسمبر کو مبینہ چور نے دکان میں ہی میری توجہ ایک گھڑی کی جانب مبذول کرائی جو کچرا دانی میں پڑی تھی جسے اٹھا کر دوبارہ دکان میں سجا دیا، مجھے لگا ہوسکتا ہے کہ حادثاتی طور پر اس میں گر گیا ہوا۔

    یو اے ای میں چوری کی انوکھی واردات

    بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے دیکھا گیا کہ ملزم نے ازخود بھاری مالیت کی گھڑی کو کچرا دانی میں پھینکا تاکہ بعد میں وہ آسانی سے وہاں سے اٹھا کر آگے فروخت کرسکے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ملازم جن پاکستانیوں کو سستے داموں چوری شدہ گھڑیاں فروخت کرتا تھا وہ تاحال لاپتہ ہیں۔

  • قیمتی گھڑی کی خاطر طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    قیمتی گھڑی کی خاطر طالب علم کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    لندن: برطانوی پولیس نے عمانی طالب علم کے قاتل کو گرفتار کرلیا جس نے قیمتی گھڑی چھیننے کی خاطر نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں قتل ہونے والا طالب علم عمانی نژاد تھا اور اس کے قاتل کا تعلق کویت سے ہے۔ جبکہ پولیس نے مبینہ قاتل کو گرفتار کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قیمتی گھڑی کی مالیت 48 ہزار کویتی دینار تھی جس کے عوض ملزم نے چاقو کے پے درپے وار کرکے طالب علم کو ابدی نیند سلایا اور گھڑی ہاتھ سے اتار کرفرار ہوگیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ 20 سالہ عمانی طالب علم محمد العریمی لندن میں زیر تعلیم تھا جب کہ اس کے قتل کا واقعہ گزشتہ ماہ اس وقت پیش آیا جب یہ اپنے ایک بحرین کے دوست کے ساتھ مقامی ہوٹل پر کھانا کھارہا تھا، اس دوران اس پر حملہ ہوگیا۔

    اس واقعے کے نتیجے میں طالب علم کا دوست بھی شدید زخمی ہوا تھا۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید اہم پیش رفت سامنے آئیں گے جبکہ مبینہ قاتل کا تعلق کسی گروہ سے ہے یا نہیں اس سے متعلق بھی پولیس تحقیق کررہی ہے۔

  • مصرکے بادشاہ کی قیمتی گھڑی کی نیلامی دبئی میں ہوگی

    مصرکے بادشاہ کی قیمتی گھڑی کی نیلامی دبئی میں ہوگی

    مصر کے معروف بادشاہ فاروق کی قیمتی گھڑی کو دبئی میں ہونے والی نیلامی میں پیش کیا جائے گا بولی کے ذریعے لگائی جانے والی قیمت چار لاکھ سے 8 لاکھ ڈالرز کے درمیان ہو سکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں وال کلاک اور کلائی پر باندھنے والی تاریخی اور نادر گھڑیوں کی نیلامی کے لیےتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس کے شیڈول کا اعلان مارچ میں کیا جائے گا، اس نمائش میں دنیا بھر کی نادر و نایاب اور قدیم گھڑیوں کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا جہاں گھڑیوں کے دلدادہ افراد کی بڑی تعداد کی شرکت کی امید کی جارہی ہے۔

    نیلامی کا انعقاد کرانے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ اس بار ہونے والی نادر و قیمتی گھڑیوں کی نیلامی میں مصر کے شاہی خاندان کے دسویں بادشاہ محمد فاروق کی قیمتی گھڑی لوگوں کی توجہ کامرکز ہو گی ، گھری کی نیلامی کا آغاز 4 لاکھ امریکی ڈالر سے کیا جائے گا جب کہ گھڑی کے 8 لاکھ امریکی ڈالر میں فروخت ہونے کے امکانات کافی روشن ہیں۔

    مصری شاہی خاندان کے دسویں بادشاہ فاروق گھڑیوں کے انتخاب میں اور اُ ن کے کلیکشن کے لیے کافی شہرت رکھتے ہیں، وہ 1965 میں اس دار فانی سے کوچ کر گئے تھے لیکن اب بھی ان سے جڑی اشیاء دنیا بھر میں خصوصی اہمیت رکھتی ہیں یہی وجہ ہے کہ اُن کے زیر استعمال دستی گھڑی کی نیلامی کا سُن کر کئی نامور شخصیات نے اسے خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل بھی مصر کے سابقہ بادشاہ کے زیر استعمال اشیاء کی نیلامی کی جا چکی ہے جسے تاریخ، تہذیب اور ورثے میں دلچسپی رکھنے والوں نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ نئی آنے والی نسل کو تاریخ سے وابستہ رکھنے کے لیے اس قسم کی اشیاء کو نیلام کرنے کے بجائے قومی ورثہ قرار دے کر میوزیم میں رکھا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔