Tag: قیمتی گھڑیاں

  • گھڑی چرانے والے نوجوان کو لمبا عرصہ جیل میں گزارنا ہوگا!

    گھڑی چرانے والے نوجوان کو لمبا عرصہ جیل میں گزارنا ہوگا!

    جاپان میں دن دہاڑے قیمتی گھڑیوں کے شو روم میں ڈکیتی کرنے والا مجرم پولیس کی گرفت میں آگیا۔ نوجوان کو لمبے عرصے کے لیے جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

    مئی میں وسطی ٹوکیو میں قیمتی گھڑیوں کی دکان کو لوٹ لیا گیا تھا، ٹوکیو کی ضلعی عدالت نے اس جرم میں ملوث ایک نوجوان کو چار سال چھ ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ 18 سالہ مذکورہ ملزم سمیت، نقاب پوش نوجوانوں کا ایک گروپ، گنزا کے علاقے میں ایک دکان میں گھسا اور 74 گھڑیاں اٹھا لے گیا۔

    عدالت کو استغاثہ نے بتایا کہ نوجوانوں کے گروہ نے جو سامان لوٹا اس کی مالیت تقریباً 20 لاکھ ڈالرز کے قریب بنتی ہے۔

    جج کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ ڈکیتی بہت خطرناک اور بدنیتی پر مبنی جرم ہے، ایک مصروف علاقے میں دن دہاڑے شیشے کے شوکیس توڑنے کے لیے لوہے کے باراستعمال کیے گئے اور خوف پھیلایا گیا۔

    تمام مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے اور ملزم کا دکان کے عملے سے سمجھوتہ ہو گیا ہے تاہم اس کے اس کے باوجود جج کی جانب سے نوجوان کو سزا سنائی گئی ہے۔

    جج کے مطابق معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ملزم کے نابالغ ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی اس کے لیے قید کی سزا ضروری ہے۔

  • قیمتی گھڑیاں چرانے کے لیے 2 خواتین نے امیر زادے کو بے وقوف بنا دیا

    قیمتی گھڑیاں چرانے کے لیے 2 خواتین نے امیر زادے کو بے وقوف بنا دیا

    واشنگٹن: امریکی شہر لاس اینجلس میں دو خواتین ایک امیر شخص کو بیوقوف بنا کر اس کے گھر سے 2 قیمتی گھڑیاں لے اڑیں، پولیس نے دونوں کی تلاش شروع کردی۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ خواتین کی متاثرہ شخص اور اس کے دوست سے ایک ریستوران میں ملاقات ہوئی، بعدا زاں چاروں افراد متاثرہ شخص کے گھر پہنچے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین نے دونوں مردوں کے مشروبات میں کچھ شامل کیا۔ ان میں سے ایک خاتون نے سرخ بالوں کی وگ پہنی ہوئی تھی۔

    تھوڑی دیر بعد سرخ بالوں والی خاتون اور متاثرہ شخص کا دوست گھر سے باہر چلے گئے، تاہم تھوڑی ہی دیر بعد وہ خاتون ریسٹ روم استعمال کرنے کا کہہ کر گھر کے اندر واپس چلی گئیں۔

    جب کافی دیر تک وہ واپس نہ آئی تو دوست گھر کے اندر آیا، اس نے دیکھا کہ دونوں خواتین وہاں موجود نہیں تھی۔ تھوڑی دیر بعد اس نے اپنے دوست کو کمرے کے اندر بے ہوش حالت میں پایا۔

    ایمبولینس کے آنے کے بعد متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کے بے ہوش ہونے کی وجہ کیا بنی۔

    بعد ازاں علم ہوا کہ مذکورہ شخص کے کمرے سے 2 نہایت قیمتی گھڑیاں بھی غائب ہیں، پولیس نے گھڑیوں کی مالیت ظاہر نہیں کی۔

    دونوں خواتین کی عمریں 20 سے 30 برس کے درمیان بتائی جارہی ہیں، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔