Tag: قیمت میں اضافہ

  • پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

    کراچی: پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں آج اضافہ ہوا ہے۔

    پاکستان جیمز اینڈ جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی قیمتوں میں آج اضافہ ہوا ہے اور  سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 42 ہزار 300 روپے کا ہو گیا۔

    جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 10 گرام سونے کا بھاؤ 686 روپے اضافے سے 2 لاکھ 7 ہزار 733 روپے کا ہوگیا، اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں 21 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2345 ڈالر کا ہوگیا۔

  • چکی کے آٹے کی قیمت میں اضافہ

    چکی کے آٹے کی قیمت میں اضافہ

    حیدرآباد : سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں چکی کے آٹے کی قیمت میں اضافہ سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں چکی کا فی کلو آٹا 10 سے 12 روپے کلو مہنگا کردیا گیا، دس کلو کا تھیلا 1350 سے بڑھ کر 1470 روپے کا ہوگیا ہے۔

    اس حوالے سے چکی مالکان کا کہنا ہے کہ 100 کلو گندم کی بوری پر 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، 100 کلو گندم کی بوری 8500 سے 11500 روپے کی کردی گئی ہے۔

    چکی مالکان نے مزید کہا کہ مارکیٹ میں گندم مہنگی ہونے کے پیش نظر آٹے کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں 100 کلو گندم 12000 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

  • ایک روز میں ایک ٹن سریے کی قیمت 2 لاکھ سے ساڑھے 3 لاکھ ہوگئی

    ایک روز میں ایک ٹن سریے کی قیمت 2 لاکھ سے ساڑھے 3 لاکھ ہوگئی

    کراچی: ملک میں ایک روز کے دوران اسٹیل کی قیمت میں 30 ہزار روپے اضافہ ہوگیا جس کے بعد ایک ٹن سریے کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار سے 3 لاکھ 50 ہزار پر پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز میں اسٹیل کی قیمتوں میں 30 ہزار روپے فی ٹن اضافہ ہوگیا۔

    آئرن اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اسٹیل کی قیمتیں مزید اضافے کے بعد 3 لاکھ 50 ہزار فی ٹن ہوگئی ہے، اصل وجوہات ناقص پالیسیاں، ایل سی نہ کھلنا اور امپورٹ دستاویزات کا کلیئر نہ ہونا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی اسٹیل کی قیمت میں اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ایک ٹن سریا 2 لاکھ 80 ہزار روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوگیا تھا۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد بلڈرز اور ڈیولپرز نے سریا نہ خریدنے کا اعلان کردیا جس کے نتیجے میں تعمیراتی کام رک گئے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق اسٹیل ملز کی بندش سے لوہے کی مقامی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے اور لوہے کی امپورٹ نہ ہونے سے تعمیراتی انڈسٹری مکمل خسارے میں ہے۔

    ایسوسی ایشن کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ تعمیراتی انڈسٹری مکمل بند ہو جائے گی، کیوں کہ تمام انڈسٹری کو اپنی پروڈکشن کے لیے لوہا درکار ہے۔

  • یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ

    یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ

    اسلام آباد: ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا بھی مہنگی کردی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، یوٹیلٹی اسٹورز پر دالیں 48 روپے تک فی کلو مہنگی کردی گئیں۔

    قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد کالے چنے کی قیمت 172 سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو ہوگئی۔

    دال مسور کی فی کلو قیمت 270 روپے سے بڑھ کر 310 روپے، سرخ لوبیا کی فی کلو قیمت 235 سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو اور ثابت مسور دال کی فی کلو قیمت 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے ہوگئی۔

    دال مونگ کی فی کلو قیمت بھی 30 روپے اضافے کے بعد 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہوگئی۔

  • سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوگیا، منگل کو 1 گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال تک جا پہنچی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں منگل کو سونے کے نرخ بڑھ گئے، عالمی سطح پر سونے کے نرخوں سے سعودی مارکیٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔

    سعودی عرب میں سب سے زیادہ 21 قیراط سونے کی مانگ رہتی ہے، خلیج کے علاقے میں بھی یہی صورتحال ہے۔

    منگل کو 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال رہی جبکہ 24 قیراط ایک گرام سونا 208.94 ریال میں دستیاب رہا۔

    18 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 156.71 ریال ریکارڈ کی گئی جبکہ 14 قیراط سونے کی قیمت 121.88 ریال رہی۔

    سعودی مارکیٹ میں ایک اونس سونا 6 ہزار 502.50 ریال میں فروخت ہوتا رہا جبکہ 21 قیراط 8 گرام سونے کا بسکٹ 1 ہزار 462.58 ریال میں فروخت ہوا۔

    عالمی مارکیٹ میں پیر کو سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوا تھا۔ اس کی وجہ امریکی قانون کی منظوری کے بعد افراط زر میں اضافے کو بتایا جارہا ہے تاہم امریکی بانڈز کے منافع میں اضافے کا سونے پر اثر امریکی سینٹرل بینک کی وفاقی کونسل کی میٹنگ سے قبل ہی پڑ گیا تھا۔

  • سعودی عرب: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، سعودی آرامکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے جولائی کے لیے پیٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، اس سے قبل یکم جولائی کو 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد بھی ایک ہفتے کے لیے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

    جولائی کے لیے پیٹرول 91 کی نئی قیمت اب ایک ریال 29 ہللہ ہوگی، یکم جولائی کو 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بعد اس کی قیمت 98 ہللہ فی لیٹر تھی جبکہ 95 پیٹرول کی نئی قیمت ایک ریال 44 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    یکم جولائی کو پیٹرول 95 کی قیمت 1 ریال 18 ہللہ تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی 70 ہللہ فی لیٹر ہوگی، ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 70 ہللہ فی لیٹر ہوگی۔

    سعودی آرامکو کے اعلامیہ کے مطابق نئے نرخ ہفتہ 11 جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔

    آرامکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں، عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں رد و بدل کیا جا تا ہے۔

    خیال رہے کہ آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظرثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی 11 تاریخ سے ہوگا۔

  • ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    بیجنگ: ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 34 ڈالر 16 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت میں 67 سینٹس فی بیرل کا اضافہ ہوگیا۔

    خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 34 ڈالر 16 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں بھی 1.96 فیصد کا اضافہ دیکھا جارہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں 70 سینٹ اضافے کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 36 ڈالر 45 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    ایک بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مختلف ممالک اپنے تیل کے ذخائر میں اضافہ کر رہے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تیل درآمد کرنے والے ایشیائی ممالک بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر اپنے خام تیل کے اسٹاک کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ

    نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بدترین کمی کے بعد اب اضافہ دیکھا جارہا ہے، امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر تک ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافہ قیمتوں پر ممکنہ معاہدے کی امید پر ہوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور سعودی عرب میں قیمتوں پر معاہدہ جلد متوقع ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں اس وقت خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر ہے، روس اور سعودی عرب نے پیداوار بڑھانے کے ساتھ قیمتوں میں بھی کمی کی ہے۔

    مجموعی طور پر کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی طلب اور اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں مہنگائی کی لہر، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

    سعودی عرب میں مہنگائی کی لہر، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں مختلف وجوہات کی بنا پر کچھ اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، مرغی کے بعد چاول بھی مہنگے کردیے گئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں چاولوں کے نرخ 10 سے 15 فیصد تک بڑھ گئے۔ ایک ٹن چاول اکتوبر 2019 میں 3 ہزار 372 یا ساڑھے 3 ہزار ریال میں دستیاب تھا، اب اس کی قیمت بڑھ کر 3 ہزار 747 تا 4 ہزار 122 ریال ہوگئی ہے۔

    مارکیٹ ماہرین کے مطابق چاول مہنگے ہونے کی بنیادی وجہ اکتوبر کے مقابلے میں جنوری 2020 کے دوران چاول کی رسد کم ہونا ہے۔ دوسری جانب چاول اضافی مقدار میں خریدنے کا رجحان بھی بڑھتا جا رہا ہے۔

    چاول برآمد کرنے والی بھارتی کمپنیوں نے بھی فی ٹن 100 تا 150 ڈالر کا اضافہ کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی مارکیٹ میں انڈین چھوٹی الائچی کی قیمت بھی 90 فیصد بڑھ گئی ہے۔ انڈین چھوٹی الائچی 90 ریال فی کلو میں فروخت ہو رہی تھی۔ اب اس کی قیمت 160 ریال ہوگئی ہے اور یہ سعودی مارکیٹ میں بہت کم دستیاب ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے بھی پیر 20 جنوری سے مرغی کے گوشت کے نرخ 10 سے 12.5 فیصد تک بڑھا دیے ہیں۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے جس کے بعد چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے بھی اپنی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔

  • آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی

    آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی

    کراچی: آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی، شہر قائد میں فی کلو چینی 3 روپے مہنگی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آٹے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی، کراچی کی ہول سیل مارکیٹ میں 100 کلو چینی کی بوری 300 روپے مہنگی ہوگئی۔

    قیمت میں اضافے کے بعد ایکس مل چینی کی 100 کلو کی قیمت 7 ہزار سے بڑھ کر 7 ہزار 300 ہوگئی، ہول سیل میں فی کلو چینی 3 روپے مہنگی ہوگئی۔

    جمعے سے اب تک ہول سیل میں چینی کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے اور شہر میں چینی 76 سے 78 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

    خیال رہ کہ شہر قائد سے لے کر خیبر پختونخواہ تک آٹے کے بحران نے ملک کو جکڑ لیا ہے، غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں۔ سندھ اور پختونخواہ میں آٹا نایاب ہو گیا۔

    کراچی، حیدر آباد، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی قیمت 70 روپے تک جا پہنچی ہے۔ آٹا بحران کے بعد نان بائی ایسوسی ایشن نے بھی قیمتوں میں اضافے کا عندیہ دے دیا ہے۔

    پشاور میں نان بائیوں نے آج ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، ان کا مطالبہ ہے کہ روٹی کی قیمت 15 روپے کی جائے۔