Tag: قیمت

  • سعودی عرب کی جانب سے معاشی مدد: ڈالر کی قیمت میں کمی

    سعودی عرب کی جانب سے معاشی مدد: ڈالر کی قیمت میں کمی

    کراچی: سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کی منظوری کے بعد روپے پر دباؤ کم ہوا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت کم ہو کر 173 روپے پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 42 پیسے سستا ہوگیا، قیمت میں کمی کے بعد ڈالر 175 روپے 27 پیسے سے کم ہو کر 173 روپے 85 پیسے کا ہوگیا۔

    یاد رہے کہ ڈالر کی قیمت میں یہ کمی سعودی عرب کے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دینے کی منظوری کے بعد ہوئی ہے، سعودی عرب 1.20 ارب ڈالر تیل کی تاخیر سے ادائیگی کی سپورٹ میں بھی دے رہا ہے۔

    پاکستان کو سعودی عرب سے 4.20 ارب ڈالر کی سپورٹ ملنے پر روپے پر دباؤ کم ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ ڈالر کی قدر گزشتہ کچھ روز سے مستقل بڑھ رہی تھی اور گزشتہ روز ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 175 روپے 27 پیسے پر پہنچ گیا تھا۔

  • ڈالر 172 روپے کا ہوگیا

    ڈالر 172 روپے کا ہوگیا

    کراچی: ہفتے کے پہلے کاروباری روز ڈالر نے اڑان بھری اور 172 روپے 10 پیسے کی نئی سطح پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں 92 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی نئی قیمت 172 روپے 10 پیسے ہوگئی۔

    جمعے کو کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 171 روپے 18 پیسے پر بند ہوا تھا۔

    گزشتہ کاروباری ہفتے میں ڈالر 65 پیسے مہنگا ہوا تھا، یورو 50 پیسے مہنگا ہو کر 199 روپے پر بند ہوا تھا۔

    ایک ہفتے کے دوران برطانوی پاؤنڈ 2 روپے مہنگا ہو کر 236 روپے، امارتی درہم 40 پیسے مہنگا ہو کر 48.30 روپے اور سعودی ریال 30 پیسے مہنگا ہو کر 45.70 روپے کا ہوگیا تھا۔

  • ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    ایک ماہ میں تیسری بار بجلی کی قیمت میں اضافہ

    اسلام آباد: گزشتہ ہفتے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 95 پیسے اضافے کے بعد اس ہفتے پھر بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا ہے، 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی، وفاقی کابینہ نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت توانائی کی جانب سے بھجوائی گئی تھی۔

    یہ اس ماہ بجلی کی قیمت میں کیا جانے والا تیسرا اضافہ ہے۔

    کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی، نیا سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ یکم اکتوبر سے لاگو ہوگا۔

    یاد رہے کہ بجلی کی قیمت میں صرف چند روز قبل 8 اکتوبر کو ہی اضافہ کیا گیا تھا، 1 روپے 95 پیسے اضافہ نیپرا کی جانب سے تجویز کیا گیا تھا۔ منظوری اگست کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی تھی۔

  • آئی فون کی قیمت میں کمی کا اعلان

    آئی فون کی قیمت میں کمی کا اعلان

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی فونز کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیا، ایپل نے اپنے نئے آئی فونز 14 ستمبر کو متعارف کروائے ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایپل نے 14 ستمبر کو اپنے نئے آئی فون 13 منی، آئی فون 13، آئی فون 13 پرو اور آئی فون 13 پرو میکس متعارف کرائے، نئے آئی فونز کے متعارف کروانے کے ساتھ کمپنی کی جانب سے پرانے ماڈلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا بھی اعلان کیا گیا۔

    ایپل کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12 اور آئی فون 11 کی قیمتوں میں 100 ڈالرز کی کمی کی گئی ہے۔

    سو ڈالرز کمی کے بعد 2020 کا آئی فون 12 منی اب 599 ڈالرز (81 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، آئی فون 12 699 ڈالرز جبکہ 2019 کا آئی فون 11 تاریخ کی کم
    ترین قیمت 499 ڈالرز (97 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

    یعنی ایپل کا 2020 کا مقبول ترین آئی فون اب اس کے سستے ترین آئی فون ایس ای (2020) سے کچھ زیادہ مہنگا نہیں رہا جو 399 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

    اس کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 پرو اور آئی فون 12 پرو میکس کو ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    خیال رہے کہ آئی فون 13 منی کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 699 ڈالرز جبکہ آئی فون 13 کا 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 799 ڈالرز میں دستیاب ہوگا۔

    آئی فون 13 منی اور آئی فون 13 پری آرڈر میں 17 ستمبر جبکہ صارفین کو 24 ستمبر سے دستیاب ہوں گے۔

    اسی طرح آئی فون 12 پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہوگا۔ اس فون کے پری آرڈر 17 ستمبر سے شروع ہوں گے اور ایک ہفتے بعد 24 ستمبر کو صارفین کو دستیاب ہوں گے۔

    آئی فون 12 پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے شروع ہوگی جو 128 جی بی والا ماڈل ہوگا۔

  • ایلن مسک کا ایک اور ٹویٹ، بٹ کوائن کی قدر و قیمت پھر بڑھ گئی

    ایلن مسک کا ایک اور ٹویٹ، بٹ کوائن کی قدر و قیمت پھر بڑھ گئی

    کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا اور اس کی وجہ ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کی ایک اور ٹویٹ ہے، ان کی ٹویٹ نے ایک بار پھر اس کرنسی کی قدر میں اضافہ کردیا۔

    بین الاقومی ویب سائٹ کے مطابق ٹیسلا کے بانی ایلن مسک کی ٹویٹس کے بعد ایک مرتبہ پھر بٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ سامنے آیا ہے اور اس کی قیمت دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    ٹیسلا کی جانب سے فروری میں ڈیڑھ ارب ڈالر کے عوض بٹ کوائن کی خریداری اور ادائیگی کے لیے کرپٹو کرنسی کے اعلان کے بعد سے اس حوالے سے کی جانے والی کوئی بھی ٹویٹ بٹ کوائن کی قیمت میں اضافے اور کمی پر اثر انداز ہوتی ہے۔

    گاڑیوں کی خریداری کے لیے بٹ کوائن کے استعمال کے اعلان کے بعد ایلن مسک نے یہ بھی کہا تھا کہ الیکٹرک گاڑیاں بٹ کوائن قبول نہیں کریں گی اور ان کا یہ بیان بھی اس کی قیمت پر اثر انداز ہوا تھا۔

    گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کی گئی ایک ٹویٹ میں ایلن مسک نے کہا کہ جب مائنرز کی جانب سے مستقبل کے مثبت رجحان کی حامل صاف توانائی کے استعمال کی تصدیق ہوگی تو ٹیسلا کمپنی بٹ کوائن ٹرانزیکشنز کو بحال کردے گی۔

    ایلن مسک کے اس بیان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس کی قیمت 39 ہزار 8838 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی۔

    کرپٹو اینالیٹکس ویب سائٹ کوائن جیکو کے شریک بانی بوبی اونگ نے کہا کہ مارکیٹ کو سافٹ ویئر کمپنی نے بھی سپورٹ کیا اور بٹ کوائن کی حمایت کرنے والے مائیکرو اسٹریٹیجی نے بھی بٹ کوائن خریدنے کے لیے نصف ارب ڈالر جمع کیے۔

    رواں برس بٹ کوائن کی قیمت میں تقریباً 33 فیصد اضافہ ہوا تھا اور 60 ہزار ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کے بعد چین کی جانب سے کریک ڈاؤں اور ایلن مسک کے بدلتے بیانات سے اس کی قیمت میں بڑی کمی آئی تھی۔

  • خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر

    خام تیل کی قیمت ایک سال کی بلند ترین سطح پر

    ویانا: بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، 3 فیصد اضافے کے بعد تیل کی قیمت 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کی جانب سے خام تیل کی پیدوار میں کٹوتی جاری رکھنے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں جمعے کو تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    اوپیک پلس کی جانب سے اپریل میں تیل کی پیداوار نہ بڑھانے کے فیصلے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گزشتہ ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    برینٹ خام تیل (فیوچر) کی قیمت 2.23 ڈالر فی بیرل یا 3 فیصد اضافے کے بعد 68.97 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، یہ قیمت اپریل 2019 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔

    امریکی ویسٹ ٹیکسس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 2 ڈالر فی بیرل یا 3.1 فیصد اضافے کے بعد 65.83 ڈالر ہوگئی۔

    خیال رہے برینٹ اور ویسٹ ٹیکسس کی قیمتوں میں جمعرات کو اس وقت 4 فیصد تک اضافہ ہوا جب اوپیک پلس نے پیداوار میں کٹوتی کے فیصلے کو اپریل تک بڑھانے کا اعلان کیا۔

    امریکی تجزیہ کار گیووانی سٹیوانو کا کہنا تھا کہ اوپیک پلس نے محتاط طرز عمل کا مظاہرہ کیا اور فیصلہ کیا کہ اپریل میں پیداوار میں صرف 1 لاکھ 50 ہزار بیرل کا اضافہ کیا جائے گا۔

    سرمایہ کاروں کو سعودی عرب کی جانب سے رضا کارانہ طور پر پیداوار میں 10 لاکھ بیرل کٹوتی کو اپریل تک بڑھانے کے فیصلے پر حیرت ہوئی کیونکہ گزشتہ 2 مہینوں سے تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    سعودی عرب کے فیصلے کے بعد گولڈ مین ساش نے برینڈ کروڈ کی دوسرے سہ ماہی کے لیے قیمت کی پیش گوئی 5 ڈالر سے بڑھا کر 7 ڈالر فی بیرل کر دی اور تیسرے سہ ماہی میں 80 ڈالر فی بیرل کی پیش گوئی کر دی۔

    یو بی ایس نے برینٹ کروڈ کی دوسری سہ ماہی کے لیے قیمت کی پیش گوئی 75 ڈالر فی بیرل کر دی۔

  • بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

    بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ

    ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت 25 ہزار ڈالرز سے تجاوز کر گئی، اتوار کو اس کی قیمت 28 ہزار ڈالر عبور کر گئی تھی تاہم بعد میں وہ نیچے آگئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے معروف کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 25 ہزار ڈالرز کی حد عبور کر گئی ہے اور 28 ہزار ڈالرز تک پہنچنے کا ریکارڈ بھی بنا لیا۔

    اتوار کو بٹ کوائن کی قدر 28 ہزار ڈالرز عبور کرگئی تھی تاہم 28 دسمبر کو کم ہوکر 26 اور 27 ہزار ڈالرز کے درمیان ہے۔

    اس وقت دنیائے انٹرنیٹ کی اس کرنسی کے ایک یونٹ یا یوں کہہ لیں کہ ایک روپے کی قیمت 26 ہزار 700 ڈالرز سے زائد (لگ بھگ 43 لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ چکی ہے۔

    اس ڈیجیٹل کرنسی کی مارکیٹ ویلیو پہلی بار اتوار کو 500 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی تھی۔

    بٹ کوائن نے 12 روز قبل ہی پہلی بار 20 ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا تھا اور ایسا لگتا ہے اس ہفتے 30 ہزار ڈالرز کا ہدف بھی حاصل کرلے گا۔ رواں برس کے دوران اس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھی ہے جو ممکنہ طور پر فوری منافع کے لیے اسے خرید رہے ہیں۔

    سرمایہ کاروں کی جانب سے بٹ کوائن اور دیگر کرپٹو کرنسیوں پر کووڈ 19 کی وبا کے دوران سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

    بٹ کوائن کی قیمتوں میں اس طرح کا اتار چڑھاؤ نیا نہیں، سنہ 2017 میں بھی ایسا دیکھنے میں آیا تھا، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اس بار قیمت مستحکم رہنے کا امکان زیادہ ہے۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق کمپنیوں کی سطح پر زیادہ سرمایہ کاروں کی جانب سے اس کرپٹو کرنسی کو خریدا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار اس لیے بھی کرپٹو کرنسی میں دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ انہیں مستقبل میں اس شعبے میں زیادہ مواقع نظر آرہے ہیں۔

    سنہ 2017 میں اس کرنسی کی قدر میں 900 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا اور وہ 20 ہزار ڈالرز کے قریب پہنچ گئی تھی، مگر اس موقع پر مالیاتی ماہرین نے انتباہ کیا تھا کہ یہ قیمت بہت تیزی سے نیچے جا سکتی ہے۔

    پھر ایسا ہوا اور فروری 2018 میں قیمت 7 ہزار ڈالرز سے بھی نیچے چلی گئی۔

    بٹ کوائن کی قیمت میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کچھ ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں بھی یہ سلسلہ برقرار رہ سکتا ہے۔

    کچھ ماہرین کے خیال میں بٹ کوائن سونے کا متبادل بھی ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ پے پال جیسی بڑی کمپنیوں کی جانب سے اسے قبول کیا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے گئے، 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 44 ہللہ اور 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 55 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے جمعرات کی شب پیٹرول کے نئے نرخ جاری کیے ہیں، پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعہ 11 دسمبر سے کیا جائے گا۔

    ماہ دسمبر کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 44 ہللہ ہوگی، آرامکو کے مطابق 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 55 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہللہ اور 70 ہللہ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی آرامکو کی جانب سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کا نفاذ اگلے دن سے ہوتا ہے۔

    رواں برس جولائی میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کی وجہ سے پیٹرول کے نرخوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا جسے بعد میں بتدریج کم کیا گیا۔

    اندرون ملک پیٹرول کے نرخ، سعودی عرب سے بین الاقوامی منڈیوں کے لیے تیل کی برآمد کے نرخوں میں تبدیلی کے حوالے سے بھی کم اور زیادہ کیے جاتے ہیں۔

  • سونے کی قیمتیں‌ پھر آسمان کو چھونے لگیں، ڈالر بھی مہنگا ہوگیا

    سونے کی قیمتیں‌ پھر آسمان کو چھونے لگیں، ڈالر بھی مہنگا ہوگیا

    کراچی : ملک میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں 1600 روپے کا حیران کن اضافہ ہوگیا، جبکہ ڈالر بھی 64 پیسے مہنگا ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان جیولرز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن محمد ارشد کا کہنا ہے کہ ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 1600 روپے اضافے کے بعد 110700 روپے ہوگئی۔

    فی تولہ قیمت میں اضافے کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت 1372 روپے اضافے کے بعد 94907 روپے ہوگئی۔

    عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت آسمان کو چھونے لگی، جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں 33 ڈالر اضافے کے بعد 1831 ڈالر فی اونس پر ٹریڈنگ جاری رہی۔

    ڈالر کی قدر میں اضافہ

    دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کو پھر پَر لگ گئے جس کے باعث ڈالر 64 پیسے مہنگا ہوگیا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ انٹر بینک میں ڈالر 159.82 سے بڑھ کر 160.46 روپے پر بند ہوا۔

    اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی تیزی کا رجحان رہا، آج 100 انڈیکس میں 362 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 0.87 اضافے سے 42027 کی سطح پر بند ہوا۔

  • سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا، 24 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 233.18 ریال تک پہنچ گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں سونے کے نرخ بڑھ گئے، 24 قیراط 233.18 ریال تک پہنچ گیا۔ اس سے ایک روز قبل تک 24 قیراط کا ایک گرام سونا 232.93 میں دستیاب تھا۔

    21 قیراط کا ایک گرام سونا 203.82 ریال سے بڑھ کر جمعے کو 204.03 ریال ہوگیا۔

    18 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 174.89 ریال رہی جبکہ جمعرات کو یہ 174.7 ریال میں دستیاب تھا۔

    16 قیراط کا ایک گرام سونا 155.45 ریال تک پہنچ گیا، 14 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 136.02 ریال رہی۔ اسی طرح 12 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 116.59 ریال جبکہ 10 قیراط کے ایک گرام سونے کی قیمت 97.16 ریال ریکارڈ کی گئی۔

    سونے کی قیمتوں میں یہ اضافہ عالمی منڈی میں جمعے کو سونے کی قیمتیں بڑھنے سے ہوا ہے، عالمی حصص اور امریکی بانڈز کے منافع کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں۔