Tag: قیمت

  • سعودی عرب: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: پیٹرول کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا، سعودی آرامکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے جولائی کے لیے پیٹرول کے نئے نرخ جاری کردیے ہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، اس سے قبل یکم جولائی کو 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد بھی ایک ہفتے کے لیے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔

    جولائی کے لیے پیٹرول 91 کی نئی قیمت اب ایک ریال 29 ہللہ ہوگی، یکم جولائی کو 15 فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بعد اس کی قیمت 98 ہللہ فی لیٹر تھی جبکہ 95 پیٹرول کی نئی قیمت ایک ریال 44 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    یکم جولائی کو پیٹرول 95 کی قیمت 1 ریال 18 ہللہ تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی 70 ہللہ فی لیٹر ہوگی، ڈیزل کی نئی قیمت 52 ہللہ اور مٹی کے تیل کی نئی قیمت 70 ہللہ فی لیٹر ہوگی۔

    سعودی آرامکو کے اعلامیہ کے مطابق نئے نرخ ہفتہ 11 جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔

    آرامکو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں، عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں رد و بدل کیا جا تا ہے۔

    خیال رہے کہ آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظرثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی 11 تاریخ سے ہوگا۔

  • خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

    خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوگیا

    بیجنگ / نیویارک: گزشتہ ہفتے میں خام تیل کی قیمت میں 1.79 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد خام تیل کی قیمت 40.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے میں خام تیل کی قیمت میں 1.79 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد کاروباری ہفتے کے اختتام پر فی بیرل خام تیل کی قیمت 40.28 ڈالر ہوگئی۔

    گزشتہ ہفتے کے دوران خام تیل کی بلند ترین قدر 40.75 جبکہ کم ترین 37.52 ڈالر فی بیرل رہی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران خام تیل کی قدر 3.23 بینڈ میں رہی۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تیل کی طلب، رسد سے کم ہوگئی جس کے بعد تیل کی قیمت منفی میں چلی گئی تھی تاہم اس کے بعد تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جاتا رہا۔

    گزشتہ ماہ امریکی خام تیل کی قیمت 33 ڈالر 16سینٹس فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 35 ڈالر 8 سینٹس فی بیرل ہوگئی تھی۔

    ایک بین الاقوامی رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مختلف ممالک نے اپنے تیل کے ذخائر میں اضافہ شروع کردیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق تیل درآمد کرنے والے ایشیائی ممالک بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر اپنے خام تیل کے اسٹاک کو بڑھانے کی کوششیں شروع کردی تھیں۔

  • سونا پھر مہنگا، فی تولہ قیمت میں650 روپے اضافہ

    سونا پھر مہنگا، فی تولہ قیمت میں650 روپے اضافہ

    کراچی: ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران عالمی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے بعد صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 650 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کے اضافے سے 1736 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی، جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 650 روپے اور 557 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔

    جیولر ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں 650 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونا 98200 روپے کا ہوگیا،جبکہ 10گرام سونا 557 روپے اضافے سے 84190 روپے کا ہوگیا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل فی تولہ سونا 800 روپے اضافے سے 97500 روپے اور 10گرام سونا 686 روپے اضافے کے بعد 83590روپے تک پہنچ گیا تھا۔

  • ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی

    ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی

    کراچی: ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ امریکی خام تیل کے ذخائر میں اضافہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔خام تیل کی قیمت میں ڈیڑھ فیصد سے زائدکی کمی ریکارڈ کمی کی وجہ خام تیل کی رسد طلب سے زائد ہونا ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت33 ڈالر16سینٹس فی بیرل ہوگئی برینٹ خام تیل کی قیمت35 ڈالر8سینٹس فی بیرل ہوگئی سونے کی فی اونس قیمت17سو 18 ڈالر 70سینٹس ہوگئی۔

    انڈسٹری تجزیہ کاروں کے مطابق خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ امریکی خام تیل ذخائر میں اضافہ ہے۔دوسری جانب ایشیائی منڈیوں میں سونےکی فی اونس قیمت میں چار ڈالر پچانوے سینٹس کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے عالمی تجارت پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی حالیہ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی ایک وجہ دنیا بھر میں نافذ لاک ڈاؤن بھی ہے۔

  • عالمی منڈی: خام تیل اور سونے کی قیمت میں کمی

    عالمی منڈی: خام تیل اور سونے کی قیمت میں کمی

    واشنگٹن: عالمی منڈی میں خال تیل اور سونی کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خام تیل کی قیمت 19ڈالر کی کمی کے بعد قیمت 18سال کی کم ترین سطح پر آگئی۔ امریکی خام تیل کی قیمت 18ڈالر18سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    امریکی خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.82فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 28ڈٖالر34سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔

    ادھر عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت میں37ڈالر کی کمی دیکھی گئی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 3روپے38پیسے سستا ہونے کے بعد 163روپے 50پیسے پر فروخت ہورہا تھا۔ 10روز میں انٹربینک میں ڈالر 4روپے 32پیسےکم ہوکر 163.57 کا ہوگیا ہے۔

  • خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ

    خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ

    نیویارک: کرونا وائرس کے پیش نظر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے، خام تیل کی قیمت میں 9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 45 سینٹس فی بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 45 ڈالر 54 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔

    اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر 29 سینٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 41 ڈالر 61 سینٹس ہوگئی۔

    خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ اوپیک ارکان اور روس میں پیداوار میں کمی کا معاہدہ نہ ہونا ہے، کرونا وائرس کے باعث بھی خام تیل کی طلب میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے۔

    کرونا وائرس کے عالمی حصص بازاروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، صرف 9 دن میں عالمی حصص بازاروں میں 90 کھرب ڈالر کا سرمایہ ڈوب گیا۔

    انٹرنیشل میڈیا کے مطابق 1 ماہ میں ڈاؤ جونز انڈیکس میں 3 ہزار 305 پوائنٹس کی کمی اور نیسڈیک میں 940 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی۔

    اسی طرح برطانوی مارکیٹ میں 239 پوائنٹس، فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 222 پوائنٹس اور جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 402 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔

  • دودھ کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوگیا

    دودھ کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوگیا

    حیدرآباد: غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرگیا، دودھ کی فی کلو قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ڈیری فارمرزایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی، اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دودھ کی فی کلو قیمت میں10روپے اضافے کی منظوری مل گئی ہے۔

    دودھ کی فی کلو قیمت میں 10سے12روپے اضافی کی منظوری دی گئی، حیدرآباد میں یکم فروری سے فی کلو دودھ 108روپے میں دستیاب ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت معاملے کا نوٹس لے۔

    خیال رہے کہ گیس، پیٹرول، بجلی، آٹا، چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد اب ڈیری فارمر ایسوسی ایشن نے بھی دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب عوام پر مسلسل مہنگائی کا بم گرایا جارہا ہے۔

    ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر ان کو درپیش مسائل کو حل کرائے، بصورت دیگر موجودہ صورتحال میں ہم دودھ کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    سعودی عرب میں مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں ہوا؟

    ریاض: سعودی عرب میں چارے پر حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی ختم کیے جانے کے بعد مرغی کی قیمت میں اضافہ ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مرغی کمپنیوں نے مرغی پر 10 سے 12.5 فیصد تک نرخ بڑھا دیے۔ اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہیں ہے۔

    مرغی کمپنیوں نے یہ اضافہ قومی چارہ فیکٹریوں کی جانب سے مصنوعات کی قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد اضافے پر کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ حکومت نے یکم جنوری 2020 سے چارے پر سبسڈی ختم کردی ہے، چارہ تیار کرنے والی فیکٹریوں نے سبسڈی ختم ہونے پر قیمتوں میں 20 سے 30 فیصد تک اضافہ کیا ہے۔

    مرغی کمپنیوں کے ذرائع کے مطابق ایک ٹن چارے کی قیمت میں 200 تا 400 ریال اضافے پر ایک مرغی کی پیداواری لاگت 60 تا 65 ہللہ بڑھے گی۔

    کمپنیوں کے مطابق مرغیوں کے نرخوں پر نظر ثانی مارکیٹ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ چارے کے نرخوں میں غیر متوقع اضافے نے صورتحال بدل دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرغیوں کے نرخ ایک ریال سے ڈیڑھ ریال تک بڑھیں گے اور یہ اضافہ وزن کے لحاظ سے ہوگا۔ نئے نرخ کچھ اس طرح ہوں گے:

    800 گرام والی مرغی ساڑھے 8 ریال کے بجائے 10 ریال، 900 گرام والی مرغی 10 ریال کے بجائے ساڑھے 11 ریال، 1 کلو والی مرغی ساڑھے 10 ریال کے بجائے 12 ریال، 11 سو گرام والی مرغی ساڑھے 11 ریال کے بجائے 13 ریال اور 12 سو گرام والی مرغی 13 ریال کے بجائے ساڑھے 14 ریال میں دستیاب ہوگی۔

  • کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر سبزی منڈی پہنچ گئے

    کراچی: پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے 13 کنٹینروں پر مشتمل ٹماٹروں کی کھیپ سبزی منڈی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایران کے ٹماٹر سے لدے 13 کنٹینر کراچی کی سبزی منڈی پہنچ گئے جس کے بعد سبزی منڈی میں ٹماٹر کی قیمت میں سو روپے فی کلو کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    سبزی منڈی میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 180 روپے تک آگئی، گزشتہ روز ٹماٹر کی فی کلو قیمت 290 سے 352 روپے تک تھی۔ سبزی منڈی کی انتظامیہ کے مطابق ایک کنٹینرمیں 356 ٹن ٹماٹرموجود ہیں۔

    ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے ملک میں ٹماٹر کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔

    سندھ کے ضلع بدین میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت 320 روپے تک پہنچ چکی ہے، قیمتوں میں اضافے کے بعد چوروں نے کھیتوں سے ٹماٹر چوری کرنا شروع کردیا ہے۔ وارداتوں میں اضافے کے بعد کسانوں نے کھیتوں میں اسلحہ بردار پہرے دار تعینات کردیے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہیں، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آپ جائیں جا کر چیک کریں۔

  • کراچی: آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، شہری پریشان

    کراچی: آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ، شہری پریشان

    کراچی: شہر قائد میں آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، فائن آٹے کی قیمت 55 روپے فی کلو اور چکی کے آٹے کی قیمت 62 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک سندھ اور فلور ملز کے درمیان گندم اٹھانے کا معاملہ حل نہ ہوا لیکن آٹا مہنگا کر دیا گیا۔ کراچی میں فائن آٹے کی قیمت 55 روپے فی کلو اور چکی کے آٹے کی قیمت 62 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ کمشنرکراچی کی جاری فہرست میں فائن آٹے کی ہول سیل میں قیمت 42 اور ریٹیل میں 44 روپے فی کلو ہے۔

    محکمہ خوراک سندھ نے فلور ملز کو پاسکو سے براہ راست گندم اٹھانے کی ہدایت کر دی۔ فلور ملز مالکان نے پاسکو سے براہ راست گندم اٹھانے کی صورت میں کرائے کی مد میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

    خیال رہے کہ محکمہ خوراک نے 28 اکتوبر کو سندھ فلور ملز اور آٹا چکیوں کے لیے سرکاری گندم جاری کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔ سندھ حکومت نے سندھ کے 6 اضلا ع کو 41000 ہزار ٹن گندم اکتوبر کے کوٹے میں جاری کی تھی۔

    سندھ حکومت کا 4لاکھ ٹن گندم خریدنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیرخوراک سندھ ہری رام کا کہنا تھا کہ 3 لاکھ ٹن گندم اوپن مارکیٹ سے خریدی جائے گی جبکہ ایک لاکھ ٹن گندم وفاقی ادارے پاسکو سے خریدی جائے گی۔