Tag: قیمت

  • مرغی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ

    مرغی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ

    ملک بھر میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا۔ مرغی کے ساتھ ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے۔ قیمتوں میں ہوش ربا اضافے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ملک بھر میں ناجائز منافع خوروں نے مرغی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔ حکومتی نرخ 190 روپے مقرر ہونے کے باوجود مختلف شہروں میں مرغی کی قیمت ساڑھے 3 سو روپے فی کلو تک وصول کی جارہی ہے۔

    مرغی کے ساتھ سبزیاں بھی مہنگی کردی گئی ہیں۔ قلت کے سبب ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ ادارہ برائے شماریات کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں انسٹھ فیصد اضافہ ہوا۔

    مزید پڑھیں: گزشتہ ماہ مہنگائی میں اضافہ

    مختلف شہروں میں ٹماٹر 115 روپے سے لے کر 150 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن، ادرک، آلو، پیاز اور ہری مرچ کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

    وزیر اعظم نے ہوش ربا مہنگائی کا نوٹس لیا ہے تاہم عوام ابھی بھی قیمتوں میں کمی کے منتظر ہیں۔

  • بنگلہ دیشی بخوشی مہنگی چائے خریدنے پر راضی

    بنگلہ دیشی بخوشی مہنگی چائے خریدنے پر راضی

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں معیاری چائے کی طلب میں اضافے کے بعد چائے کی قیمتوں میں یکلخت اضافہ ہوگیا تاہم اس کی فروخت میں کوئی کمی نہیں آئی، اور بنگلہ دیشیوں نے معیاری چائے پینے کے لیے اضافی رقم دینا بھی گوارا کرلیا۔

    دو ہفتوں قبل بنگلہ دیش میں چائے (پتی) کی قیمت 118 ٹکا تھی۔ تاہم ملک میں اچانک معیاری چائے کی طلب میں اضافہ ہوگیا۔ طلب میں اضافے کے ساتھ ہی چائے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا لیکن اس کی فروخت پر کوئی اثر نہیں پڑا۔

    tea-1

    بنگلہ دیشیوں نے بہترین چائے کے لیے زائد قیمت بھی خوشی خوشی ادا کردی اور جلد ہی چائے کی رسد میں کمی واقع ہوگئی۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش چائے کی پیداوار کرنے والے اہم ممالک میں سے ایک ہے اور یہاں کی کئی ریاستوں میں لوگوں کا ذریعہ معاش چائے کی پیداوار اور اس کی برآمدات سے منسلک ہے۔

    چائے کی تجارت بنگلہ دیش کی سب سے زیادہ زرمبادلہ کمانے والی دوسری بڑی تجارت ہے۔ بنگلہ دیشیوں کی اکثریت پٹ سن کی زراعت اور اس کی تجارت سے وابستہ ہے اور یہ بنگلہ دیش کی سب سے بڑی نقد آور فصل ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 روپے 71 پیسے تک اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پھر عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی۔

    وزارت پیٹرولیم ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

    مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافے کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 16 روپے 71 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل 12 روپے 53 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے نافذ العمل کی جائیں گی۔ حتمی قیمتوں کا اعلان آج رات کیا جائے گا۔

  • کراچی میں دودھ کی قیمت میں اضافہ

    کراچی میں دودھ کی قیمت میں اضافہ

    کراچی: شہر قائد میں دودھ فروشوں کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ دودھ فروشوں نے دودھ کی قیمت میں از خود اضافہ کر دیا۔ قیمتوں کے اس اضافے پر انتظامیہ نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیری فارمرز نے ایک بار پھر من مانی کرتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا جس کے بعد دودھ کی ہول سیل قیمت 75 روپے جبکہ ریٹیل میں 85 روپے ہوگئی۔

    عوام کا کہنا ہے کہ گراں فروش دودھ عوام کی پہنچ سے دور کرنا چاہتے ہیں۔

    دوسری جانب دودھ فروشوں کا کہنا ہے کہ کاروباری لاگت بڑھنے کے باعث قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    دودھ فروشوں کی اس من مانی پر انتظامیہ تاحال خاموش ہے اور ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

  • ملک بھر میں انڈوں اور مرغی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ

    ملک بھر میں انڈوں اور مرغی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ

    اسلام آباد: سردیوں کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں انڈوں اور مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ حکومت مرغی اور انڈے مقررہ قیمتوں پر فروخت کروانے میں ناکام ہوگئی۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت 300 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔ انڈوں کی قیمت میں بھی ہوش ربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    حکومت نے مرغی کے گوشت کی قیمت 240 روپے فی کلو مقرر کی ہے تاہم اس ریٹ پر کہیں مرغی دستیاب نہیں۔ انڈوں کی قیمت بھی 130 روپے فی درجن جا پہنچی ہے۔ ریٹیلرز کی من مانیاں جاری ہیں۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق مرغی اور انڈوں کی قیمت میں اضافہ ربیع الاول اور سردیوں کے باعث کیا گیا ہے۔

  • بجلی کی قیمت میں 2 روپے کمی

    بجلی کی قیمت میں 2 روپے کمی

    اسلام آباد: نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 2 روپے 77 پیسے کم کردی۔

    نیپرا نے بجلی کی ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر سماعت کے بعد فی یونٹ بجلی 2 روپے 77 پیسے سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے ستمبر کے لیے بجلی سستی کرنے کی درخواست کی تھی۔

    چیئرمین نیپرا طارق سدوزئی نے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر حکام سے استفسار کیا کہ ملک میں بجلی ہونے کے باوجود 6 سے 8 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کیوں کی جا رہی ہے۔ چیف انجینیئر نیشنل پاور کنٹرول امان اللہ نے بتایا کہ لوڈ شیڈنگ حکومت کی پالیسی ہے۔

    چیئرمین نیپرا نے کہا کہ آپ بجلی کی مجموعی صلاحیت کا 51 فیصد پیدا کر رہے ہیں۔ بجلی موجود ہونے کے باوجود خواہ مخواہ عوام کو تکلیف میں رکھا ہوا ہے۔ ملک میں گیس اور فرنس آئل پر پاور پلانٹ کو پوری صلاحیت پر چلانے کے بجائے ڈیزل پر کیوں چلایا جارہا ہے، اس کا تحریری جواب دیا جائے۔

    چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور پلانٹ کے ٹیرف سے متعلق ہم نظر ثانی کی تمام درخواستیں مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ حکومت اس کا ٹیرف کیوں جاری نہیں کرتی۔

  • کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافہ

    کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافہ

    کراچی: نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافہ کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواست کی تھی۔ سماعت کے بعد نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 36 پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔

    اضافہ جون کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار مہنگی پڑی ہے۔ اضافہ صارفین سے ستمبر کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کے الیکٹرک نے قیمت میں 45 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی۔

  • کوئٹہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا

    کوئٹہ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا

    کوئٹہ: ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث کوئٹہ میں سبزیوں کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔

    ملک کے مختلف شہروں میں جاری سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات بڑے شہروں میں بھی نظر آنے لگے، مختلف شہروں میں سبزیاں اور پھل بھی نایاب ہو گئے۔

    کوئٹہ میں بھی سبزیوں کی ترسیل متاثر ہونے سے ان کی قلت پیدا ہوگئی ہے، جس کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں تیس سے پچاس فیصد اضافہ ہوگیا ہے، قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان دکھائی دیتے ہیں۔

    سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے سبزیوں کی ترسیل میں پچاس فیصد کمی ہوئی ہے، اگر قلت برقرار رہی تو قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں گی۔

  • ایل این جی درآمد کا معاملہ، قیمتوں کا تعین تاحال نہ ہوسکا

    ایل این جی درآمد کا معاملہ، قیمتوں کا تعین تاحال نہ ہوسکا

    کراچی: درآمدی ایل این جی کو آئے پچاس دن ہوگئے مگر اس کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار تاحال طے نہیں ہوسکا، پاور اور فرٹیلائزر سیکٹر نے ترسیلی کمپنیوں کو سیکیورٹی ڈیپازٹ دینے سے انکار کر دیا ۔

     انڈسٹرر زرائع کے مطابق پی ایس او، سوئی نادرن اور سوئی سدرن گیس کمپنی مائع گیس کی درآمد اور ترسیل کی ذمہ دار ہیں اور وہ یہ ذمہ داری بنا کسی لیگل کور کے انجام دے رہے ہیں۔

     فرٹیلائزر سیکٹر اور نجی پاور پلانٹس کو ایل این جی کی فراہم کی گئی، مگر سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی کیلئے صاف منع کر دیا گیا۔

     گیس کی قیمتوں کا تعین نہ ہونے کے باعث پاور اور فرٹیلائزر سیکٹر اپنی مصنوعات کی قیمتوں کے دروبدل کے بارے میں تذبذب کا شکار ہیں اور صورت حال کے پیش نظر ان سیکٹرز نے گیس سپلائی کمپنیوں سیکیورٹی ڈیپازٹ جمع کروانے سے انکار کر دیا ہے۔

     اعداد وشمار کے مطابق لوکل گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو کی قیمت چار دالر جبکہ درآمدی ایل این جی کی قیمت تیرہ ڈالر تک ہوگی ۔

  • ایل این جی کی درآمد،معاملات تاحال طے نہ ہوسکے

    ایل این جی کی درآمد،معاملات تاحال طے نہ ہوسکے

    کراچی: ایل این جی کا معاملہ حل نہ ہوسکا ،وزیر خزانہ نے تین بجلی گھروں کو فوری ایل این جی فراہمی کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

     ایل این جی کو نیشنل سسٹم میں شامل کرنے اور اس کی خریداری کا معاملہ تاحال طے نہیں ہوسکا ہے،ایل این جی لانے والے جہاز کے پورٹ قاسم پر کھڑے ہونے سے پورٹ پر بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔

     پی ایس او کے مطابق جہاز کو دوبارہ ایل این جی لانے کیلئے روانہ کرناہوگا، پی ایس او نے ایل این جی ٹرمینل سے جہاز خالی کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

    دوسری جانب وزیر خزانہ نے مزید نقصانات سے بچنے کیلئے وزارت پانی و بجلی اور منصوبہ بندی کمیشن کو قصور، جھنگ اور شیخوپورہ میں چھتیس سومیگاواٹ کے پاور پلانٹس کو ایل این جی کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل ایک ہفتہ میں تیارکرنے ہدایت کر دی ہے ۔