Tag: ق لیگ

  • اتحادیوں میں اختلاف کی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی، پرویز الہیٰ

    اتحادیوں میں اختلاف کی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی، پرویز الہیٰ

    لاہور: حکمران جماعت کی اتحادی مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ اتحادیوں میں اختلاف کی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ ہم حکومتی اتحادی ہیں اوررہیں گے،کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کر سکتا۔

    یہ بھی پڑھیں: ملک کے موجودہ حالات کو عمران خان کے سوا کوئی اور بہتر نہیں کرسکتا، پرویز الہیٰ

    انہوں نے کہا کہ سیاسی حقیقتوں کوسامنے رکھتےہوئےہمیشہ درست بات کی، نوازشریف کے معاملے پربھی جوکہاعمران خان کےفائدےکیلئےکہا۔

    پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے دوران بھی ٹکراؤ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے، سیاسی انتشارسے بچنے کیلئے مولاناسےرابطے درست ثابت ہوئے جب کہ امن وامان برقراررکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم اوروزیرداخلہ کوجاتاہے۔

    انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ مسلم لیگ(ق) حکومتی اتحاد سے باہر آرہی ہے۔

  • پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا وِژن ہے: قائم مقام گورنر پنجاب

    پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا وِژن ہے: قائم مقام گورنر پنجاب

    گجرات: قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا وِژن ہے، اس پر عمل کر کے ہی پاکستان ترقی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں شیف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام چودھری سجاد حیدر میموریل اسپتال کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز الہیٰ نے کہا کہ عمران خان غریبوں کا درد رکھتے ہیں، ہماری سوچ ایک ہے۔

    قائم مقام گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی ہی ہم سب کی ترقی ہے، تاجر برادری عمران خان کے وژن میں تعاون کرے۔

    چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پورا ملک اجاڑ دیا، یہ اب اور کیا چاہتے ہیں، شریف خاندان ملکی معیشت کو دیوالیہ کرنے کے بعد اب اپنی مظلومیت کا رونا رو رہا ہے، آج عوام ان سے حساب مانگ رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر آباد کارڈیالوجی اسپتال شروع نہ کرنے پر جو قیمتی جانیں ضایع ہوئیں، آج انھی کے لواحقین کی بد دعائیں شہباز شریف کا پیچھا کر رہی ہیں، اب وزیر اعلیٰ پنجاب نے اسپتال کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    قائم مقام گورنر پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ چیئرمین ایف بی آر نے تاجروں کے مسائل پر غور کا یقین دلایا ہے۔

    قبل ازیں، پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے شیف انٹرنیشنل کے زیر اہتمام چودھری سجاد حیدر میموریل اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔

  • چوہدری شجاعت کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلی فون، حمایت کی یقین دہانی

    چوہدری شجاعت کا چیئرمین سینیٹ کو ٹیلی فون، حمایت کی یقین دہانی

    لاہور: مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ٹیلی فون کر کے حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ق لیگی رہنما چوہدری شجاعت نے صادق سنجرانی کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی، انھوں نے کہا کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کا کوئی جواز نہیں۔

    چوہدری شجاعت حسین نے چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ میری اور پرویز الہٰی کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، آپ کے خلاف عدم اعتماد کی کوئی تحریک کام یاب نہیں ہوگی۔

    حمایت کی یقین دہانی پر صادق سنجرانی نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہٰی کا شکریہ ادا کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین سینیٹ کے خلاف ممکنہ تحریک، حکومت اور اتحادی بھرپور مقابلے کے لیے تیار

    خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہیں، اس سلسلے میں انھوں نے اے پی سی میں فیصلہ کیا اور چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے متعلق رہبر کمیٹی تشکیل دی۔

    دوسری طرف حکومت اور اتحادی جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی ممکنہ تحریکِ عدم اعتماد سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

    اس سلسلے میں آج چیئرمین سینیٹ کی رہایش گاہ پر اہم اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، سینیٹر اعظم خان سواتی، زبیدہ جلال اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے سینیٹرز کی بڑی تعداد بھی اظہار یک جہتی کے لیے صادق سنجرانی کی رہایش گاہ پہنچی۔

  • چیئرمین نیب کے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے: پرویز الہیٰ

    چیئرمین نیب کے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے: پرویز الہیٰ

    لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال کے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ نیب کے چیئرمین کے خلاف مہم چلانے والے دراصل ممتاز قومی ادارے اور ملک سے دشمنی کر رہے ہیں۔

    پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب با اصول، ایمان دار، با وقار اور مضبوط شخصیت کے مالک ہیں، ان کے خلاف مہم چلانے والے غلط فہمی میں نہ رہیں۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال قومی احتساب بیورو کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے ہر قومی ذمہ داری میں عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے واقعے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے: خواجہ آصف

    پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ مادر وطن اور قومی اداروں کے دشمن ماضی کی طرح نا کام ہوں گے اور منہ کی کھائیں گے۔

    خیال رہے کہ چیئرمین نیب کے خلاف ایک آڈیو ویڈیو ریلیز کی گئی تھی، جس کے ذریعے انھیں بلیک میل کیا جا رہا تھا، احتساب عدالت میں ملزمان فاروق نول اور طیبہ گل کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز سابق وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے واقعے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

  • ق لیگ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

    ق لیگ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ نے حکومتی اتحاد میں دراڑوں کی خبروں کو جھوٹ قرار  دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرہاؤسنگ طارق بشیرچیمہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی، ق لیگ میں دراڑ کی خبریں100 فی صد جھوٹ ہیں، نقطہ نظرالگ الگ ہو، تو قیادت مل بیٹھ کرفیصلے کرلیتی ہے.

    مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پی ٹی آئی، وزیر اعظم سےعزت، خلوص اور احترام کا رشتہ ہے، وزیر اعظم عثمان بزدارکی حمایت کرتے ہیں تو ہم بھی کرتے ہیں.

    انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے، اللہ کرے کہ عثمان بزدار کامیاب وزیراعلیٰ ثابت ہوں، وزیراعظم نے ان کا انتخاب کیا ہے، تو ہم ایمان داری سے تعاون کریں گے، اس وقت پنجاب میں مزید تجربات برداشت نہیں کر سکتے.

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ سے تمام تر رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت

    طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ 50 لاکھ گھر منصوبے کو مکمل ہونے سے کوئی نہیں روک سکے گا، منصوبہ 5 سال میں ضرور مکمل ہوگا.

    وفاقی وزیرطارق بشیر چیمہ نے مزید کہا کہ اگر 4 سے 5 لاکھ گھر رہ بھی گئے، تو نئی حکومت پراجیکٹ‌ کو کسی صورت روک نہیں سکے گی.

    خیال رہے کہ ایک عرصے سے پنجاب میں اتحادی جماعت مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی خبریں گردش کر رہے ہیں، جن کی اتحاد کی جانب سے متعدد بھی تردید کی جاچکی ہے.

  • احتساب عدلت میں چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس کی خریداری کا کیس بند

    احتساب عدلت میں چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس کی خریداری کا کیس بند

    لاہور: احتساب عدالت نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی درخواست منظور کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے لاہور کی احتساب عدالت کو بتایا کہ پلاٹس ملازم نے خریدے، چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی کا پلاٹس سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔

    نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پلاٹس کی خریداری سے چوہدری برادران کا کوئی تعلق نہیں ہے، چوہدری برادران کے خلاف کسی قسم کے ثبوت نہیں ملے۔

    خیال رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف احتساب عدالت میں ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس غیر قانونی طور پر خریدنے کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: پلاٹس کی فروخت : چوہدری برادران کیخلاف نیب انکوائری بند کرنے کی منظوری

    رواں سال جنوری میں قومی احتساب بیورو نے احتساب عدالت کو سفارش کی تھی کہ چوہدری برادران کے خلاف پلاٹس خریدنے کا کیس بند کر دیا جائے۔

    نیب نے کہا تھا کہ چوہدری پرویز الہٰی اور چوہدری شجاعت حسین کے خلاف اس کیس میں کوئی دستاویزی یا زبانی شواہد نہیں ملے۔

    واضح رہے کہ نیب چوہدری برادران کو نا جائز اثاثہ جات کیس میں بھی طلب کر چکا ہے، چوہدری برادران اپنے اور اہل خانہ کے تمام اثاثہ جات کی تفصیلات نیب کو جمع کرا چکے ہیں۔

    یاد رہے کہ چوہدری برادران کے خلاف مذکورہ کرپشن کیس نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز میں شامل ہیں جنھیں 2015 میں دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس کے مطابق چوہدری برادران پر 2.428 ارب کے غیر قانونی اثاثہ جات، آمدن سے زائد اخراجات اور نا جائر بھرتیوں کے الزامات ہیں۔

  • عثمان بزدار، پرویز الہیٰ ملاقات، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی تردید

    عثمان بزدار، پرویز الہیٰ ملاقات، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں اختلافات کی تردید

    لاہور: وزیر اعلیٰ‌ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر  پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں‌ مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا.

    تفصیلات کے مطابق ملاقات کے بعد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں.

    پرویز الٰہی نے کہا کہ پہلے دن سے وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑےتھے اور کھڑے رہیں گے.  دعا کریں کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اتحاد کو نظر نہ لگے.

    پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے حوالے سے میٹنگ ہوئی ہے، امید ہے، پنجاب اسمبلی کااجلاس اب نئی عمارت میں ہوگا.

    مسلم لیگ ق کے رہنما نے کہا کہ ایم پی اے ہاسٹلزکی تعمیر رواں سال مکمل کرلی جائے گی، اتحادی جماعتوں میں اختلاف نہیں، ساتھ آگے بڑھیں گے.

    مزید پڑھیں: عثمان بزدار کو میرٹ پر وزیر اعلیٰ لگایا گیا: صمصام بخاری

    خیال رہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے وفاقی کابینیہ میں‌تبدیلی کے بعد یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ پنجاب میں‌بھی بڑی تبدیلی متوقع ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کو تبدیلی کیا جاسکتا ہے، البتہ بعد میں ان خبروں‌ کی تردید کرتے ہوئے واضح‌کیا گیا کہ وزیر اعظم کو وزیر اعلیٰ پنجاب میں مکمل اعتبار ہے.

  • بینک آف پنجاب کی سربراہی کس کو ملے گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رسہ کشی

    بینک آف پنجاب کی سربراہی کس کو ملے گی، پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رسہ کشی

    لاہور : چئیرمین بینک آف پنجاب کی تعیناتی کے معاملہ پر پی ٹی آئی اور ق لیگ میں رسہ کشی کے باعث بیورو کریسی کو مشکل میں پڑگئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین بینک آف پنجاب کی تعیناتی کے معاملہ پر پی ٹی آئی اور ق لیگ اپنے اپنے امیدوار کیلئے سرگرم ہیں دونوں جماعتوں میں سے کون اپنے امیداور کو چئیرمین بناسکے گا۔

    اس سلسلے میں رسہ کشی جاری ہے۔ جوس کی وجہ سے بیورو کریسی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے، وزیر اعلی پنجاب اپنے امیدوارکو چئیرمین کی کرسی پر بٹھانے کے خواہش مند ہیں تو دوسری جانب ق لیگ اپنے امیدوارکے نام پر بضد ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ بینک آف پنجاب کےچیئرمین کی تعیناتی کے لیے کمیٹی نے آٹھ امیدواروں کےانٹرویوز کیے، وزیراعلیٰ آفس سے ساتویں نمبر کے امیدوار کو پہلے نمبر پر لانے کیلئے دباؤ کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مسلم لیگ ق آٹھویں پوزیشن کے امیدوارکو چئیرمین بنانے کے لیے بضد ہے۔

    تعیناتی کمیٹی وزیراعلیٰ کے پسندیدہ امیدوار کو بی کیٹگری کا امیدوارقرار دے چکی ہے چوتھی پوزیشنز کے امیدوار نامعلوم وجوہات کے باعث چیئرمین شپ کی دوڑ سے الگ ہوگئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ آفس کی خواہش پوری نہ ہونے پر وزیر قانون پنجاب کی زیرصدارت نئی کمیٹی نے پانچویں سے آٹھویں نمبر کے امیدواروں کو طلب کرلیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے سیکریٹری خزانہ اوربیوروکریٹس کی جانب سے کمیٹی سے الگ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

  • ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں: چودھری شجاعت حسین

    اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے اور ریاست کی بقا و سلامتی کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے، ریاست کی بقا اور سلامتی کے لیے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر کوئی تنازع نہیں ہے۔

    سابق وزیر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مجھ سمیت، آصف علی زرداری، میاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمن اور دیگر پارٹی سربراہوں نے دستخط کیے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایوان کو بریفنگ دے: اپوزیشن کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے جو رہنما آج فوجی عدالتوں کی مخالفت کر رہے ہیں انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ نیشنل ایکشن پلان پر ان کے لیڈروں نے بھی دستخط کیے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہا کہ 18 ویں ترمیم نے آنے والی نسلوں کے ساتھ ظلم کیا، تعلیم کو صوبوں کے حوالے کر کے بڑی زیادتی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب ہمارے بچوں اور پاکستان کی ضرورت ہے، ہمیں عصبیت اور نفرتوں سے پاک ایک ایسے قومی نصاب کی ضرورت ہے جو تمام صوبوں میں یکساں پڑھایا جا سکے اور اس سے قومی یک جہتی کو فروغ ملے۔

  • لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی سے نعیم الحق کی اہم ملاقات

    لاہور:اسپیکر پنجاب اسمبلی سے نعیم الحق کی اہم ملاقات

    لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے ملاقات کی، جس میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ پنجاب میں مشاورت سے معاملات دیکھے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر پرویز الہٰی سے خصوصی ملاقات کی۔

    ملاقات میں پنجاب کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشاورت سے چلنے پر اتفاق ہوا، پرویز الہٰی کی وزیرِ اعظم سے گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات بھی اہم قرار دی گئی۔

    ق لیگی رہنما اور نعیم الحق ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، انھوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    یاد رہے کہ دو دن قبل اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں‌ پنجاب میں قانون سازی، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بات چیت ہوئی اور پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق میں رابطوں‌ کو مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

    اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ترقیاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے رابطے بڑھائیں، وزیر اعظم نے قانون سازی میں پنجاب اسمبلی کے کردار اور کارکردگی کو سراہا۔