Tag: لائسنس فیس

  • وزیراعظم کا بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان

    وزیراعظم کا بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاور اسمارٹ موبائل ایپ ’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے کا باضابطہ اجرا باعث اطمینان ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالانہ 500 ارب کی بجلی چوری اور پیدوار کے مقابلےکھپت میں کمی توانائی کے شعبے کے سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اصلاحات کے عمل کو مزید تیز کرنا ہے، میٹر ریڈنگ سے متعلق بہت شکایات موصول ہورہی تھیں، بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات اہم ترجیح تھی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں تمام کٹیگریز کے بجلی صارفین سے ہر ماہ 35 روپے پی ٹی وی فیس وصول کی جارہی ہے، تاہم حکومت نے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لٰئے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تقریبا 4 کروڑ سے زائد صارفین سے صرف پی ٹی وی فیس کی مد میں تقریبا ڈیڑھ ارب روپے تک وصول کیے جارہے تھے، یہ ریلیف گھریلو، کمرشل، اور تمام کیٹگریز کے صارفین کے لیے ہوگا۔

  • عمان میں آن لائن بزنس کے لیے نئے قواعد لاگو کردیے گئے

    عمان میں آن لائن بزنس کے لیے نئے قواعد لاگو کردیے گئے

    مسقط: سلطنت عمان کے حکام نے واضح کیا ہے کہ انفرادی طور پر یا کمپنی کے تحت آن لائن کسی بھی قسم کی سروسز یا پروڈکٹس کی تشہیر کے لیے فی الحال کوئی فیس عائد نہیں۔

    عمان کی وزارت برائے کامرس، انڈسٹری اور سرمایہ کاری نے وضاحت کی ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز یا کمپنیوں کو پروڈکٹس کی تشہیر کے لیے کسی قسم کا کوئی لائسنس درکار نہیں اور نہ ہی اس پر کوئی فیس عائد ہے۔

    وزارت کی ڈائریکٹر برائے کمرشل افیئرز اور ای کامرس عزہ بنت ابراہیم کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کو اپنی پروڈکٹس یا سروسز کی آن لائن تشہیر کے لیے کوئی لائسنس درکار نہیں لیکن اگر وہ کسی اور کی پروڈکٹس کی تشہیر کر رہے ہیں تب ان کے پاس لائسنس ہونا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تشہیر کے لیے سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی خدامات لینے پر بھی کوئی ٹیکس یا فیس عائد نہیں۔

    حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی کمپنی اور کوئی بھی تاجر عمان آ کر اپنی آن لائن تجارتی سرگرمیاں شروع کر سکتا ہے لیکن پہلے اسے اپنی کمپنی کی شاخ یہاں کھولنی ہوگی اور تمام ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرنی ہوگی۔

    خیال رہے کہ عمان میں سوشل میڈیا کے ذریعے تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے نئے قواعد 24 مارچ سے نافذ العمل ہوں گے۔

    ان قواعد کا مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے تمام مصنوعات، اشیا اور خدمات کی مارکیٹنگ اور تجارت کو ریگولیٹ کرنا ہے اور ان کے ذریعے تاجر اور صارف کا تحفظ، ای کامرس کی ٹرانزیکشنز کا تحفظ اور ڈیلرز کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے۔

    حکام کے مطابق ان قواعد کا اطلاق اسٹریٹ وینڈرز یا گھریلو پیمانے پر کام کرنے والے تجارتی افراد پر نہیں ہوگا۔