Tag: لائیو اسٹریمنگ

  • یوٹیوب نے صارفین کیلئے آمدنی کا نیا ذریعہ متعارف کرادیا

    یوٹیوب نے صارفین کیلئے آمدنی کا نیا ذریعہ متعارف کرادیا

    دنیا بھر میں مقبول سوشل میڈیا ویب سائٹ یوٹیوب نے لائیو اسٹریمنگ کرنے والے صارفین کو آمدنی میں اضافے کیلئے ایک بڑی سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔

    یوٹیوب جلد ہی اپنا نیا "جیولز” تخلیق کار فیچر متعارف کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جو لائیو اسٹریمنگ کرنے والے صارفین کو ڈیجیٹل اسٹیکرز خریدنے کی اجازت دے گا جنہیں وہ کسی لائیو اسٹریم کے دوران استعمال کر سکیں گے۔

    یوٹیوب جیولز نامی نیا اور دلچسپ خصوصی فیچر ورٹیکل لائیو اسٹریمز کے دوران کریٹیرز کو مزید آمدنی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، ان اسٹیکرز کی خریداری سے حاصل ہونے والی رقم کا ایک حصہ اسٹریمرز کو دیا جائے گا۔

    youtube

    سوشل میڈیا ٹوڈے نامی ویب سائٹ کے مطابق ’جیولز‘ ایک ایسی ڈیجیٹل کرنسی ہے جسے آپ پسندیدہ کریٹیرز کو گفٹ کے طور پر بھیج سکیں گے۔ یہ گفٹ انیمیشن کی شکل میں لائیو زسٹریمرز کی اسکرین پر نظر آئے گا۔

    یہ فیچر بنیادی طور پر یوٹیوب کے "سپر چیٹ” اسٹیکرز اور تبصرے کے آپشنز جیسا ہی ہے لیکن جیولز خریدنے میں زیادہ آسانی فراہم کرتے ہیں۔

    اس حوالے سے یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب ناظرین ’جیولز‘ کو استعمال کرتے ہوئے گفٹ ارسال کریں گے تو کریٹیرز کو روبیز موصول ہوں گی۔ ایک روبی کے بدلے ایک امریکی سینٹ ملے گا، یعنی 100 روبیز کے بدلے ایک ڈالر ملے گا۔

    Live Streaming

    رپورٹ کے مطابق صارفین جیولز خرید کر اسٹیکرز پر خرچ کریں گے اور تخلیق کار کو اس سے روبیز حاصل ہوں گے جو بعد میں رقم میں تبدیل ہو جائیں گے اور اگلے تین ماہ تک اہل قرار پانے والے کریٹیرز ان ’جیولز‘ سے ہونے والی آمدنی پر 50 فیصد بونس بھی حاصل کر سکیں گے۔

    جیولز کا آغاز صرف امریکی چینلز کے لیے ہوگا۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام (وائی پی پی ) میں شامل تمام امریکی تخلیق کاروں کو یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔

    فی الحال صرف امریکی ناظرین جیولز خرید سکیں گے اور گفٹس بھیج سکیں گے، لیکن گفٹس کو دیگر ممالک کے ناظرین بھی لائیو اسٹریمز پر دیکھ سکیں گے۔ یہ فیچر صرف یوٹیوب موبائل ایپ کے عمودی لائیو اسٹریمز پر کام کرے گا۔

  • اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے

    اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے

    لاہور: اے آر وائی نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے، بانی اور چیف ایگزیکٹو اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز نے ایک بار پھر پی سی بی کے ٹینڈر میں سب سے بڑی بولی لگائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کیمونیکشنز نے جون میں کھیلے جانے والے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف شیڈول 7 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کی پاکستان میں لائیو اسٹریمنگ کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔

    اے آر وائی کیمونیکشنز نے یہ حقوق ٹینڈر کے ایک شفاف عمل کے ذریعے حاصل کیے ہیں۔

    چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین کا کہنا ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ سیریز کی لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی فروخت پر بہت خوش ہیں، اس معاہدے کے تحت لائیو اسٹریمنگ کے حقوق کی مد میں ہونے والا اضافہ بحیثیت ایک برانڈ، پاکستان کرکٹ کی مارکیٹ ویلیو کی عکاسی کرتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ وہ ٹینڈر کے تحت لائیو اسٹریمنگ رائٹس جیتنے پر اے آر وائی کیمونیکشنز کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، اس تازہ ترین معاہدے سے دونوں فریقوں کی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔

    بانی اور چیف ایگزیکٹو اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کے وائٹ بال میچز کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا آفیشل لائیو اسٹریمنگ پارٹنر بننے پر فخر محسوس کرتا ہے، خوشی ہے کہ اے آر وائی کیمونیکشنز نے ایک بار پھر پی سی بی کے ٹینڈر میں سب سے بڑی بولی لگائی ہے۔

    سلمان اقبال نے کہا کہ براڈ کاسٹ انڈسٹری کے علم بردار کی حیثیت سے انھوں نے فینز کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھنے کو ترجیح دی، ناظرین کو اب اپنے موبائل فون سے خبروں، حالات حاضرہ، تفریح، اور کھیلوں سمیت وسیع مواد کی بہ آسانی رسائی ممکن ہے۔

    انھوں نے کہا وہ پر امید ہیں کہ رواں سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم سنسنی خیز کرکٹ کھیلے گی۔

  • عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ، لیکن کون سے معاملات براہ راست نشر نہیں ہوں گے؟

    عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ، لیکن کون سے معاملات براہ راست نشر نہیں ہوں گے؟

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے عدالتی کارروائیوں کی لائیو اسٹریمنگ اور ریکارڈنگ متعارف کرا دی ہے، عدالتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام مقدمات کی سماعت میں زیادہ شفافیت اور انصاف تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کمرۂ عدالت نمبر 1 کی کارروائی کو لائیو اسٹریمنگ سے لیس کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ میں قانونی چارہ جوئی کے حقوق شامل ہیں، یعنی اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی عام لوگوں کے لیے اسے قابل رسائی بنایا جا سکتا ہے، کیوں کہ ہر مدعی نہیں چاہے گا کہ کارروائی کو براہ راست نشر کیا جائے۔

    عدالت سے جاری اعلامیے کے مطابق ازدواجی معاملات، شواہد کی ریکارڈنگ اور مراعات یافتہ مواصلات وغیرہ لائیو اسٹریمنگ سے خارج ہو سکتے ہیں۔

    اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ہائی کورٹ کے معزز ججوں کی سربراہی میں ایک ای کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، جس میں پاکستان بار کونسل، اسلام آباد بار کونسل، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن، ہائی کورٹ کے پریس میڈیا رپورٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

    ہائیکورٹ کا غیر معمولی اقدام، مقدمات کی سماعت کو براہ راست دیکھا جاسکے گا

    یہ کمیٹی مدعیان کے حقوق اور مفادات کے حوالے سے اراکین منتخب کر سکتی ہے، ای کمیٹی عام لوگوں سے تجاویز بھی طلب کر سکتی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پہلی بار ایک غیر معمولی قدم اٹھایا، چیف جسٹس اطہر من اللہ کی کورٹ میں عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا گیا، گزشتہ روز ٹرائل کے طور پر عدالتی کارروائی کو محدود پیمانے پر براہ راست دکھایا گیا۔

    عدالتی کارروائیاں اب ویب سائٹ پر کوئی بھی لائیو دیکھ سکے گا، لائیو اسٹریمنگ کا یہ سسٹم اسلام آباد کے عمر رشید ڈار ویب سائٹ پروگرامر نے نصب کیا ہے۔

  • ہائیکورٹ کا غیر معمولی اقدام، مقدمات کی سماعت کو براہ راست دیکھا جاسکے گا

    ہائیکورٹ کا غیر معمولی اقدام، مقدمات کی سماعت کو براہ راست دیکھا جاسکے گا

    اسلام آباد: پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے مقدمات کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہائیکورٹ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نےچیف جسٹس کی عدالت میں سسٹم نصب کر دیا۔

    ٹرائل کے طور پر آج سے عدالتی کارروائی کو محدود پیمانے پر براہ راست دکھایا جائے گا، ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی براہ راست عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ ہائیکورٹ کا مقدمات کو براہ راست دکھانے فیصلہ درست ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کورٹ بھی اسلام آباد ہائیکورٹ کی تقلید کرے اور شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کو براہ راست دکھایا جائے، ان کی ضمانت کی تاریخ آنے والی ہے اس پر ہی اس فیصلے پر عملدرآمد ہونا چاہیئے۔

  • لائیو اسٹریمنگ سے متعلق چین کا اہم فیصلہ

    لائیو اسٹریمنگ سے متعلق چین کا اہم فیصلہ

    بیجنگ: چین نے لائیو اسٹریمنگ سیکٹر کے ضابطوں کو مزید سخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سائبر اسپیس ایڈمنسٹریشن آف چائنا، اسٹیٹ ٹیکسیشن ایڈمنسٹریشن اور اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ لائیو اسٹریمنگ اکاؤنٹ رجسٹریشن کے انتظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

    سرکلر کے مطابق لائیو اسٹریمرز کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو صارفین میں افواہیں پھیلانے، خود کو فائدہ پہنچانے یا جھوٹی تشہیر کے ذریعے مصنوعات کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پلیٹ فارمز اور متعلقہ اداروں کو انفرادی انکم ٹیکس کی ادائیگی طے شدہ شرائط کے مطابق ادا کرنے کی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہوگا، اور جو کوئی بھی ٹیکس چوری یا ٹیکس سے متعلق کسی دوسرے جرم کا ارتکاب کرے گا اسے قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    سرکلر میں یہ بھی بتایا گیا کہ اداروں کی جانب سے پلیٹ فارمز، اداروں اور لائیو اسٹریمرز کے قانونی حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

  • رومانیہ: لائیو اسٹریمنگ کے دوران گلوکار ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک

    رومانیہ: لائیو اسٹریمنگ کے دوران گلوکار ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک

    رومانیہ: رومانیہ کے ابھرتے ہوئے گلوکار ٹیوے پستیو لائیو اسٹریمنگ کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق رومانیہ میں 29 سالہ گلوکار ٹیوے پستیو کار میں اپنی اہلیہ کے ساتھ لائیو اسٹریمنگ کر رہے تھے اس دوران ان کی کار ٹرین کی زد میں آکر حادثے کا شکار ہوگئی۔حادثے میں نوجوان گلوکار ہلاک جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں۔

    مقامی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے گلوکار کی اہلیہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے ریلوے کراسنگ پر تیز رفتار ٹرین کو آتے نہ دیکھ سکیں جس کے باعث کار حادثے کا شکار ہوگئی۔

    حادثے کے لمحے کی فوٹیج میں نوجوان گلوکار کے چہرے پر گھبراہٹ کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 29 سالہ گلوکار جو کار کی فرنٹ سیٹ پر موجود تھے، حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی 24 سالہ بیوی شدید زخمی ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل گلوکار نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر مداحوں کے نام پیغام میں کہا تھا کہ ایک دن غلط ٹرین آپ کو صحیح منزل تک لے جائے گی۔